Tag: Members National Assembly

  • اراکین اسمبلی اپنے حلقوں کے عوام سے رابطے اور مسائل حل کریں، عمران خان

    اراکین اسمبلی اپنے حلقوں کے عوام سے رابطے اور مسائل حل کریں، عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں عوام سے رابطے کرکے ان کے مسائل حل کریں، حکومتی پالیسی سے متعلق فواد چوہدری کو اہم ہدایات بھی دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی نعیم الحق و دیگرشریک تھے، ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو علاقائی مسائل سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر پارٹی سے متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو حلقوں میں بجلی، گیس، صحت اور تعلیم کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

    وزیراعظم عمران خان نے مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ ارکان قومی اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سےرابطےمیں رہیں اور عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرکے انہیں ترجیحی بنیاد پر جلد حل کیا جائے۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے علیحدہ ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی اور سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال اور سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے پیش نظرمعاملات پر بھی مشاورت کی گئی۔

    اس موقع پر جعلی اکاؤنٹس کیس اوربلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنےکے عدالتی فیصلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، فواد چوہدری نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی، بعد ازاں وزیراعظم نے وزیر اطلاعات کو حکومتی پالیسیوں سے متعلق ہدایات جاری کیں۔