Tag: Memorandum

  • روس نے یوکرین کے ساتھ امن کے لیے ’میمورنڈم‘ تیار کر لیا، پیوٹن کے کیا شرائط ہیں؟

    روس نے یوکرین کے ساتھ امن کے لیے ’میمورنڈم‘ تیار کر لیا، پیوٹن کے کیا شرائط ہیں؟

    ماسکو: روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ماسکو نے یوکرین کی جنگ کے خاتمے کے لیے وعدہ پورا کرتے ہوئے ’’امن میمورنڈم‘‘ کا مسودہ تیار کر لیا ہے، جس میں شرائط کی تفصیل دی گئی ہے۔

    روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ ’پیس میمورنڈم‘ 2 جون کو استنبول میں ہونے والے براہ راست مذاکرات کے نئے دور میں کیف کو پیش کریں گے، اس سے قبل روس نے پائیدار امن تصفیے کے لیے 2 جون کو استنبول میں یوکرین کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے اگلا دور کی تجویز پیش کی تھی۔

    لاوروف کے بیان پر یوکرین نے کہا کہ وہ روس کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لیے تیار ہے، لیکن ماسکو کیف کو اپنی امن شرائط پیشگی فراہم کرے تاکہ براہ راست ملاقات کے نتائج برآمد ہوں۔

    روئٹرز کے مطابق صدر ولادیمیر پیوٹن کی شرائط میں یہ مطالبہ بھی شامل ہے کہ مغربی رہنما تحریری طور پر وعدہ کریں، کہ وہ نیٹو کو مشرق میں توسیع دینا بند کر دیں گے، یعنی یوکرین، جارجیا اور مالڈووا اور دیگر سابق سوویت جمہوریہ کی رکنیت کو باضابطہ طور پر مسترد کیا جائے، یوکرین غیر جانب دار رہے، اور روس پر سے کچھ پابندیاں بھی اٹھائی جائیں۔ مغرب میں روسی خودمختار اثاثوں کو منجمد کرنے کے معاملے کا حل اور یوکرین میں روسی بولنے والوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

    امریکی صدر نے روس یوکرین جنگ کو دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے مہلک یورپی تنازعہ قرار دیا ہے، انھوں نے بارہا کہا کہ وہ اسے ختم کرنا چاہتے ہیں، تاہم حالیہ دنوں میں انھوں نے پیوٹن سے مایوسی کا اظہار بھی کیا، اور منگل کو متنبہ کیا کہ روسی رہنما کیف کے ساتھ جنگ ​​بندی مذاکرات میں شامل ہونے سے انکار کر کے ’’آگ سے کھیل رہے ہیں۔‘‘

    گزشتہ ہفتے ٹرمپ سے 2 گھنٹے سے زیادہ بات چیت کرنے کے بعد، پیوٹن نے کہا تھا کہ انھوں نے یوکرین کے ساتھ ایک میمورنڈم پر کام کرنے پر اتفاق کر لیا ہے، جو جنگ بندی کے وقت سمیت امن معاہدے کو ایک صورت دے گا۔

  • تحریک انصاف کے وفد کی اقوام متحدہ کے مبصر مشن سے ملاقات، کشمیر سے متعلق یادداشت پیش

    تحریک انصاف کے وفد کی اقوام متحدہ کے مبصر مشن سے ملاقات، کشمیر سے متعلق یادداشت پیش

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے اقوام متحدہ کے مبصر مشن سے ملاقات میں کشمیر سے متعلق یادداشت پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے میں کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے اقوام متحدہ کے مبصر مشن سے ملاقات کی، وفد میں عامر کیانی، افتخار درانی اور فیصل جاوید شامل تھے۔

    وفد کی جانب سے یوم سیاہ پر مبصر مشن کو خصوصی یادداشت پیش کی گئی۔ یادداشت میں کہا گیا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت کا وادی نیلم میں کلسٹر بم کا استعمال کھلی جارحیت ہے۔ جموں کشمیر کا حتمی فیصلہ مقامی افراد کی رائے کے بغیر نہیں ہو سکتا۔

    اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو پیش کی گئی یادداشت میں کہا گیا کہ کشمیر عالمی سطح پر متنازعہ علاقہ تسلیم کیا گیا ہے، بھارت کی جانب سے غیر آئینی اقدام کشمیر کی عالمی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔ جموں و کشمیر میں موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، بھارت کی جانب سے بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی جاری ہے۔

    یادداشت میں کہا گیا کہ مقبوضہ وادی میں قتل عام جاری ہے، حریت قیادت کو نظر بند کردیا گیا۔ قید کیے گئے افراد کو کسی قسم کی قانونی معاونت بھی فراہم نہیں کی جارہی، وادی میں کرفیو لگا کر میڈیا پر بھی بد ترین سنسر شپ لگا دی گئی۔ وادی سے ایک بھی اخبار کے چھپنے پر مکمل پابندی ہے۔

    یادداشت میں مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کشمیری عوام کی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں کا نوٹس لے اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے میں کردار ادا کرے۔ کشمیر کے معاملے کو سنجیدہ نہ لیا گیا تو خطے کا امن داؤ پر لگ سکتا ہے۔