Tag: mental

  • ذہنی صحت اور تندرستی سے متعلق اہم مشورے

    ذہنی صحت اور تندرستی سے متعلق اہم مشورے

    ذہنی صحت  کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم نے  گھر میں رہتے ہوئے ذہنی صحت اور تندرستی  بحال رکھنے سے متعلق اہم تجاویز پیش کی ہیں۔

    اس وقت دنیا کی بڑی آبادی کووڈ کے آئے روز آتے نئے ویرینٹ، کورونا کے باعث بڑھتی ہوئی معاشی بدحالی،بدلتے معمولات زندگی سمیت دیگر بے شمار مسائل کے باعث ڈپریشن کی کیفیت میں ہے اور ذہنی تناؤ نے لوگوں کی زندگی کو مزید مشکل بنادیا ہے۔

    ذہنی صحت سے متعلق کام کرنے والی ایک  تنظیم  نے اس حوالے سے اہم تجاویز پیش کی ہیں جس پر عمل کرکے لوگ اپنی زندگی کو پریشان کن ماحول میں بھی پرسکون بناسکتے ہیں۔

    فاؤنڈیشن نے 6نکات پر مبنی تجاویز میں کہا ہے کہ اپنے دن کی منصوبہ بندی کریں، ہر روز متحرک رہیں، تفریح کے مواقع ڈھونڈیں، دوسروں سے رابطے میں رہیں، غوروفکر  کرنے پر وقت صرف کریں اور اپنی نیند کو بہتر بنائیں۔

    فاؤنڈیشن نے ان نکات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری شناخت، خوداعتمادی اور مقصد کے لیے روزمرہ کے معمولات ضروری ہوتے ہیں، ہر روز چہل قدمی کرنے، تفریح، سماجی میل جول اور غوروفکر کے لیے ایک وقت مقرر کریں۔

    متحرک رہنا ذہنی تناؤ کم کرتا ہے، اپنے روزانہ کے معمولات میں جسمانی نقل وحرکت اور مصروفیات کو شامل کرنے مختلف طریقے اپنائیں اور ایسے مشاغل دریافت کریں جو آپ کے لیے بہترین ثابت ہوں۔

    آرام کرنا اور موجودہ حالات پر توجہ دینا آپ کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے اور منفی احساسات کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، مراقبہ کرنے اور سانس لینے کی مشقیں آزمائیں، جب آپ پر تناؤ کا غلبہ ہو تو پٹھوں کو بتدریج ڈھیلا کرنے کا عمل آپ کو یہ جاننا سکھاتا ہے کہ پرسکون کس طرح سے ہونا ہے۔

    تنہا رہنے سے گریز کریں اگر اپ گھر میں اکیلے رہتے ہیں تو اپنے ساتھی کارکنوں، دوستوں رشتے داروں سے رابطے میں رہنے کی کوشش کریں چاہے یہ ڈاک کے ذریعہ ہو یا فون، سوشل میڈیا چیٹ اور ویڈیو کے ذریعے گفتگو سے ہو۔

    کیا کچھ اچھا جارہا ہے اس پر غور کریں تشکر کا ایک روزنامچہ رکھنے کی کوشش کریں جس میں اؔٓپ ہر رات سونے سے قبل کچھ چیزیں لکھ سکتے ہوں۔

    بے یقینی کی کیفیت اور روزمرہ زندگی میں تبدیلیوں کا مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپ کو نیند میں دشواری کا سامنا ہے، اپنی نیند کو بہتر بنانے کے لیے روز مقررہ وقت پر بستر پر جانے اور بیدار ہونے کو یومیہ معمولات میں شامل کریں، بستر پر جانے سے ایک گھنٹہ قبل اپنے فون، ٹیبلیٹ، کمپیوٹر اور ٹی وی کا استعمال بند کردیں۔

    سورج کی قدرتی روشنی حاصل کرنے کی کوشش کریں کیونکہ یہ آپ کی جسمانی گھڑی کو منظم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے جس سے بہتر نیند کے حصول میں آسانی ہوتی ہے۔

  • سعودی عرب میں قیدیوں کو جسمانی و ذہنی تشدد کا سامنا، برطانوی میڈیا

    سعودی عرب میں قیدیوں کو جسمانی و ذہنی تشدد کا سامنا، برطانوی میڈیا

    ریاض : برطانوی ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ ’سعودی عرب کے سیاسی قیدیوں کو دوران حراست جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی خبر رساں ادارے دی گارجین ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے حکام شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیے گئے دو سو سے زائد افرادکی گرفتاری کے حکم نامے کا جائزہ لینے کا حکم بھی دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی جیلوں میں قید افراد کو جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بنانے کے طبی معائنے کی رپورٹ شاہ سلمان کو پیش کی جائے گی۔

    برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ رپورٹ دیکھنے کے بعد امکان ہے کہ شاہ سلمان جسمانی تشدد کا نشانہ بنائے جانے والے قیدیوں کی رہائی کا حکم دے دیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جسمانی و ذہنی تشدد کا شکار 60 سے زائد قیدیوں کے طبی معائنے کا حکم شاہ سلمان کی جانب سے دیا گیا تھا۔

    اخبار کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کی جانب سے قیدیوں کے طبی معائنے پر اعتراض کیا گیا تھا لیکن شاہی عدالت نے پھر بھی طبی معائنے کی رپورٹ تیار کی۔

    غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جیلوں میں قید افراد شدید طبی مسائل کا شکار ہیں اور قیدیوں کو غذائی کمی کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

    گزشتہ دو برسوں سے سعودی عرب سے متعلق رپورٹس موصول ہوتی رہی ہیں جس میں سیاسی قیدیوں، سماجی کارکنوں کو ماورائے قانون گرفتار کیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : سعودیہ میں قید خواتین رضاکاروں کو جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

    خیال رہے کہ رواں برس جنوری کے اختتام پر برطانیہ کی انسانی حقوق کی غیر سرکاری تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سعودی عرب سے متعلق اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا تھا کہ ریاست سعودی عرب کے صوبے جدہ کی دھابن جیل میں قید انسانی حقوق کی عملبرداروں کو دوران حراست جنسی زیادتی، تشدد اور دیگر ہولناک زیادتیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : سعودیہ میں‌ قید خواتین رضاکاروں کی پہلی مرتبہ عدالت میں پیشی

    یاد رہے کہ سعودی عرب نے انسانی حقوق کی علمبردار متعدد خواتین کو ایک برس قبل سعودی حکومت کے خلاف اور خواتین کی آزادی کےلیے آواز اٹھانے پر گرفتار کیا تھا جن میں سے دس رضاکار خواتین کو 13 مارچ عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔