Tag: Menu

  • برطانوی دور کا جیل مینو تبدیل، اب کھانے میں‌ مزے مزے کے پکوان ملیں گے

    برطانوی دور کا جیل مینو تبدیل، اب کھانے میں‌ مزے مزے کے پکوان ملیں گے

    ڈھاکا : 19 ویں صدی میں برطانوی سامراج کی جیلوں میں قیدیوں کو روٹی کے ساتھ گُڑ دیا جاتا تھا، نئے مینیو میں روٹی کے ساتھ سبزی، پھل، مٹھائیاں اور دال میں پکے چاول دیئے جائیں گے۔

    تفصیلا ت کے مطابق بنگلہ دیش کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو ٹھونسے جانے پر ڈھاکہ حکومت کو عالمی سطح پر تنقید کا سامنا رہتا ہے، لیکن حال ہی میں بنگالی حکومت نے گزشتہ 200 سال سے قیدیوں کو دیا جانے والا ناشتہ تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کی جیلوں میں گزشتہ 200 سالوں قیدیوں کو ایک ہی طرح کا ناشتہ دیا جارہا تھا جو برطانوی سامراج نے رائج کیا تھا۔

    بنگلہ دیش میں جیل امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر بزلور رشید نے کہا ہے کہ ملک کی تمام جیلوں میں قیدیوں کی تعداد 81 ہزار ہے، ان کے ناشتے کا مینیو تبدیل کردیا گیا، نئے ناشتے میں متنوع اشیاء کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 19 ویں صدی میں برطانوی سامراج کی جیلوں میں قیدیوں کو روٹی کے ساتھ گُڑ دیا جاتا تھا، اس کے سوا قیدیوں کو اور کوئی چیز میسر نہیں تھی۔ بنگالی حکومت بھی دو سو سال تک اسی پر عمل پیرا رہی ہے اور اب اس نے قیدیوں کے ناشتے میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے مینیو میں روٹی کے ساتھ سبزی، پھل، مٹھائیاں اور دال میں پکے چاول دیئے جائیں گے، ماضی میں قیدیوں کو 116 گرام روٹی اور 14 اعشاریہ 5 گرام گڑ دیا جاتا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو ڈالنے پر انسانی حقوق کی تنظیمیں ڈھاکا پر شدید تنقید کرتی رہتی ہیں، بنگالی جیلوں میں 35 ہزار سے زاید افراد کو رکھنے کی گنجائش نہیں مگر وہاں پر بعض اوقات 60 سے 80 ہزار تک قیدیوں کو ٹھونس دیا جاتا ہے۔

    بزلور رشید کا کہنا ہے کہ قیدیوں کے ناشتے کے ’مینیو‘ میں تبدیلی جیل خانوں اور قیدیوں کے حوالے سے اصلاحات کے عمل کا حصہ ہے۔

  • دنیا کے مہنگے ترین پکوان

    دنیا کے مہنگے ترین پکوان

    اگر آپ کا شمار کھانے پینے کے شوقین افراد میں ہوتا ہے تو آپ مختلف مقامات کے ٹیسٹنگ مینیوز کھانے کا شوق بھی رکھتے ہوں گے جو بہت تھوڑی مقدار میں سرو کیے جاتے ہیں۔

    آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ صرف چکھنے کے لیے کافی یہ کھانے بعض مقامات پر اتنے بیش قیمت ہیں کہ ان کی قیمت ہزاروں ڈالر یعنی پاکستانی لاکھوں روپے کے قریب ہے۔

    کچھ عرصے قبل ایسے ہی دنیا کی چند مہنگی ترین ٹیسٹنگ ڈشز کی ایک فہرست جاری کی گئی جن میں سے کچھ مزیدار ڈشز کے بارے میں ہم آپ کو بتارہے ہیں۔

    جدید اور خوبصورت کھانا

    اسپین کے جزیرہ ابیزا کے ہارڈ روک ہوٹل میں دستیاب سی فوڈ پر مشتمل یہ کھانا دنیا کی مہنگی ترین ٹیسٹنگ ڈش ہے جس کی قیمت 32 ہزار ڈالرز یعنی پاکستانی 44 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    ہوٹل میں 3 گھنٹے اور 25 باورچیوں کی جانب سے تیار کیے جانے والے اس مینیو میں نہ صرف بہترین کھانے شامل ہیں بلکہ انہیں پیش کرنے کا انداز بھی نہایت جدید اور انوکھا ہے اور یہی اس کے بیش قیمت ہونے کی وجہ ہے۔

    وائن کے ساتھ جاپانی ڈش

    امریکی شہر نیویارک کے نیویارک ریسٹورنٹ کی مشہور اور مہنگی ترین ڈش دراصل جاپانی ڈش ہے۔ اس کھانے میں وائن کی تھوڑی سی مقدار بھی شامل کی جاتی ہے اور اگر آپ نے اس کو آرڈر کیا ہے تو آپ بذات خود اسے تیار ہوتا دیکھ سکتے ہیں۔

    اس کی قیمت 11 سو 90 ڈالرز یعنی پاکستانی 1 لاکھ 66 ہزار روپے ہے۔

    جاپان کی روایتی ڈش

    جاپان کے شہر کیوٹو کے معروف ریستوران میں سرو کی جانے والی یہ ٹیسٹنگ ڈش جاپان کے روایتی طریقہ کار یعنی پتوں کی پلیٹوں میں پیش کی جاتی ہے۔

    نہ صرف اس ڈش کو کھانا بلکہ اس مقام پر وقت گزارنا بھی ایک بہترین تجربہ ہے کیونکہ یہ ریستوران نہایت خوبصورت مقام پر واقع ہے جس کی کھڑکیوں سے آپ کو حسین و دلفریب نظارے دیکھنے کو ملیں گے۔

    اس خوش رنگ ڈش کی قیمت 9 سو 78 ڈالرز یعنی پاکستانی 1 لاکھ 37 ہزار روپے سے بھی زائد ہے۔

    فرانس کا شاہی کھانا

    فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے ریستوران میں پیش کیا جانے والا یہ بیش قیمت کھانا ایک زمانے میں وارسائی کے شاہی محلات میں مقیم شاہی خاندن کے افراد کھایا کرتے تھے۔

    اس کھانے کی قیمت 8 سو 28 ڈالر یعنی پاکستانی 1 لاکھ 16  ہزار روپے سے زائد ہے۔

    جامنی کیکڑا

    سوئٹزر لینڈ کے ایک چھوٹے سے قصبے کے ہوٹل میں دستیاب یہ انوکھی ڈش کیکڑے، سبزیوں اور انڈے کی سفیدی پر مشتمل ہے۔ اس کھانے کی قیمت 7 سو 84 ڈالر یعنی پاکستانی 1 لاکھ 9 ہزار 967 روپے ہے۔

    موناکو کا شاہی کھانا

    فرانس اور اٹلی کی سرحد پر واقع ایک خود مختار شاہی ریاست موناکو کے مونٹی کارلو ہوٹل کی سب سے مہنگی ٹیسٹنگ ڈش 7 سو 8 ڈالر یعنی پاکستانی 99 ہزار روپے میں دستیاب ہے جو مختلف اقسام کی ڈشوں، میٹھوں، کریم اور شراب کو ملا کر بنائی جاتی ہے۔

    جاپان کا مشہور کھانا

    روایتی جاپانی سوشی پر مشتمل یہ کھانا امریکی شہر نیویارک کے ایک ریستوران میں دستیاب ہے جس کا مالک ایک جاپانی شخص ہے۔ اس کھانے کی قیمت 600 ڈالرز یعنی پاکستانی 84 ہزار روپے ہے۔

    مٹر اور دال

    اٹلی کے دارالحکومت روم میں مٹر اور دالوں سے تیار کی جانے والی اس لذیذ اور خوش رنگ ڈش کی قیمت 5 سو 26 ڈالرز یعنی پاکستانی 73 ہزار روپے ہے۔

    پنیر سے بنا اطالوی کھانا

    اٹلی کے شہر موڈینا میں واقع ایک ریستوران اوشتریا فرانچسکانا کو دنیا کا بہترین ریستوران ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

    یہاں پر دستیاب پنیر کو 5 مراحل میں مختلف اشیا سے پکا کر بنائے جانے والے ایک مزیدار کھانے کی قیمت 4 سو 78 ڈالرز یعنی پاکستانی 67 ہزار روپے ہے۔