Tag: Meray Paas Tum Ho

  • میرے پاس تم ہو: اک شخص پورے پاکستان کو افسردہ کر گیا

    میرے پاس تم ہو: اک شخص پورے پاکستان کو افسردہ کر گیا

    پاکستان کی تاریخ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے اختتام نے پورے پاکستان کو رلا دیا، لوگ دانش کی موت پر نہایت غمگین ہوگئے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کا ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو، جو پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کا تاریخ ساز ڈرامہ ثابت ہوا، گزشتہ رات اختتام پذیر ہوگیا۔ ڈرامے کا اختتام مرکزی کردار دانش (ہمایوں سعید) کی موت پر ہوا جس نے تمام مداحوں کو سوگوار کردیا۔

    ڈرامہ شائقین کی ہمدردیاں پہلے دن سے دانش کے ساتھ تھیں جس کی بیوی مہوش (عائزہ خان) دولت کے لیے اسے چھوڑ کر چلی جاتی ہے اور وہ بے وفائی کے کرب اور دکھ سے گزرتا رہتا ہے۔

    ڈرامے میں دانش کے بیٹے رومی کی ٹیچر ہانیہ (حرا مانی) کی آمد سے نیا موڑ آیا اور امید کی جانے لگی کہ دانش اب ہانیہ سے شادی کرلے گا، تاہم ڈرامے کا اختتام نہایت غیر متوقع ہوا اور دانش مہوش سے ایک جذباتی اور دردناک مکالمے کے بعد بالآخر جان سے گزر گیا۔

    ڈرامہ شروع ہوتے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور اگلے ایک گھنٹے کے اندر تمام سوشل میڈیا سائٹس سے تمام موضوعات غائب ہوگئے اور صرف ڈرامے سے متعلق ٹرینڈز چھائے رہے۔

    دانش کی موت پر ڈرامہ شائقین نے مختلف انداز میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

    ایک صارف نے دانش اور مہوش کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وفا کرنے والے مر کر بھی ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، اور بے وفائی کرنے والے زندہ رہ کر بھی روزانہ مرتے ہیں۔

    ایک صارف نے مشہور شعر میں تبدیلی کرتے ہوئے لکھا کہ بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی، اک شخص پورے پاکستان کو افسردہ کر گیا۔

    ایک خاتون کا کہنا تھا کہ یہ محبت، نفرت، معافی اور شرمندگی کی کہانی تھی۔ دانش مر گیا لیکن جاتے ہوئے وہ مہوش کو احساس جرم میں مبتلا کرگیا۔

    ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ رومی سے خوابوں میں ملنے کا وعدہ کرنے والا منظر رلا گیا۔

    ایک صارف نے کہا کہ دانش کے کردار کی محبت، وفاداری، اور اس کا دھیما پن سب نہایت شاندار تھا۔ ایسے مرد صرف ڈراموں میں ہی ہوتے ہیں۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ دانش اپنی آخری سانسیں لے رہا تھا اور پورا پاکستان رو رہا تھا۔

    ڈرامے کے بارے میں مصنف خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ انہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے ہوتا ہوا دیکھا ہے، ڈرامے کا ٹائٹل سانگ اور آخری قسط لکھتے ہوئے وہ زار و قطار رو رہے تھے۔

    ڈائریکٹر ندیم بیگ کی ہدایت کاری اور ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی کی شاندار اداکاری نے اس ڈرامے کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور یہ پاکستانی تاریخ کا پہلا ڈرامہ ہے جس کی آخری قسط سنیما گھروں میں دکھائی گئی اور اسے دیکھنے کے لیے لوگوں کا جم غفیر سنیما گھروں کو پہنچا۔

  • ’میرے پاس تم ہو‘ حرا مانی نے آخری قسط کے بارے میں بتادیا

    ’میرے پاس تم ہو‘ حرا مانی نے آخری قسط کے بارے میں بتادیا

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو میں ہانیہ کا کردار ادا کرنے والی حرا مانی نے آخری قسط کے راز سے پردہ اٹھادیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کا ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کی آخری قسط ہفتہ کی شب نشر کی جائے گی لیکن شائقین کو اس کے اختتام کا بے صبری سے انتظار ہے، عائزہ خان، حرا مانی، ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے جاندار اداکاری نے ڈرامے کو چار چاند لگادئیے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ہر کوئی ڈرامے کا اختتام اپنے حساب سے بتا رہا ہے لیکن اب ڈرامے میں رومی کی ٹیچر کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ حرا مانی نے آخری قسط کے حوالے سے بتادیا۔

    انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ حرا مانی کی دوست ان سے آخری قسط کے بارے میں جاننا چاہ رہی ہیں لیکن وہ پہلے تو منع کرتی ہیں اور کہتی ہیں کہ اس سوال سے تنگ آچکی ہیں۔

    حرا مانی بعدازاں ویڈیو میں کہتی دکھائی دیتی ہیں کہ ’ڈرامے میں سب مر جائیں گے۔‘

    اداکارہ حرا مانی نے یہ بات اپنی دوست سے جان چھڑانے کے لیے کہی ہے یا واقعی میں ایسا ہی ہوگا یہ تو آخری قسط دیکھ کر ہی پتا چل سکے گا۔

    واضح رہے کہ ’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط پاکستان سمیت دبئی کے سنیما گھروں میں بھی پیش کی جائے گی، پاکستان میں سنیما گھروں میں مداح پہلے ہی ٹکٹ بکس کراچکے ہیں۔

  • میرے پاس تم ہو کا ’رومی‘ مستقبل میں کیا بننا چاہتا ہے؟

    میرے پاس تم ہو کا ’رومی‘ مستقبل میں کیا بننا چاہتا ہے؟

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کے ’رومی‘ نے اپنے مستقبل کے حوالے سے بتادیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کا مقبول ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ اختتام کی جانب گامزن ہے، 25 جنوری کو ڈرامے کی آخری قسط سنیما گھروں میں دکھائی جائے گی۔

    ڈرامے میں دانش اور مہوش کے بیٹے کا کردار ادا کرنے والے سیش سجاد (رومی) نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ مستقبل میں سائنسدان بننا چاہتے ہیں۔

    سیش سجاد نے کہا کہ ڈرامے میں والدین کا کردار ادا کرنے والے ہمایوں سعید اور عائزہ خان نے سیٹ پر ان کا بہت خیال رکھا۔

    رومی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ڈائیلاگز کی زیادہ پریکٹس نہیں کرتے تھے، بس ڈائیلاگز یاد کرنے کے بعد ڈرامے میں بول دیا کرتے تھے۔

    مزید پڑھیں: ‘میرے پاس تم ہو’ کی آخری قسط سنیماؤں کی زینت بنے گی

    ایک سوال کے جواب میں سیش سجاد کا کہنا تھا کہ ان کا بہترین ڈائیلاگ وہ تھا جب مہوش ان سے ملاقات کے لیے بورڈنگ اسکول پہنچیں اور وہ اپنے والد دانش کے ساتھ بورڈنگ اسکول پہنچے تھے۔

    ڈرامے کے اختتام کے حوالے سے پوچھنے پر سیش نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک اس بارے میں اپنے والدین کو بھی نہیں بتایا اور نہ وہ قسط نشر ہونے سے پہلے کسی کو بتائیں گے۔

    واضح رہے کہ سیش سجاد گل ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سجاد گل کے صاحبزادے ہیں جو اس سے قبل کئی کمرشل میں کام کرچکے ہیں جبکہ اُن کے یوٹیوب چینل پر 72 ہزار سے زائد فالوورز ہیں اور وہ ابھی تیسری جماعت میں پڑھ رہے ہیں۔

  • میرے پاس تم ہو: کیا ڈرامے کا اختتام دانش کی موت پر ہوگا؟

    میرے پاس تم ہو: کیا ڈرامے کا اختتام دانش کی موت پر ہوگا؟

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کا اختتام قریب آگیا ہے اور اس کے مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے اشارہ دیا ہے کہ ہوسکتا ہے ڈرامے کے اختتام پر ناظرین کو اپنے پسندیدہ کردار دانش کی موت کا صدمہ اٹھانا پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی اور پسندیدگی کے ریکارڈ توڑ دینے والے ڈرامے کے بارے میں گفتگو کی۔

    سب سے پہلے انہوں نے وضاحت کی کہ اگلی قسط دل تھام کر دیکھنے کا بیان انہوں نے ڈرامے کی آخری قسط کے لیے دیا تھا، ’کیونکہ اس ڈرامے کو مرد حضرات بھی بہت شوق سے دیکھ رہے ہیں تو ضروری ہے کہ وہ آخری قسط دیکھتے ہوئے احتیاط کریں اور اپنی دوائیاں قریب رکھیں‘۔

    خوبصورت ڈائیلاگز اور فقروں کے لیے مشہور خلیل الرحمٰن قمر نے اس موقع پر بھی فقرہ جڑا کہ عورت تو مسلسل جذبات کی حالت میں رہتی ہے لیکن مرد جب جذباتی ہوتا ہے تو عورت سے زیادہ جذباتی ہوجاتا ہے، لہٰذا اس موقع پر احتیاط ضروری ہے۔

    خلیل الرحمٰن قمر نے بتایا کہ اس ڈرامے کا ٹائٹل سانگ لکھتے ہوئے وہ زار و قطار رو رہے تھے، کیوں کہ یہ سب انہوں نے اپنی طرف سے نہیں گھڑا بلکہ بہت سے لوگوں کو اس کرب سے گزرتے دیکھا ہے۔

    آخری قسط لکھتے ہوئے مصنف پر کیا بیتی؟

    مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کرنے کے بعد اب چونکہ ڈرامہ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے اور رواں ہفتے اس کی سیکنڈ لاسٹ قسط پیش کی جائے گی تو ناظرین کو ڈرامے کے اختتام کے بارے میں بے حد تجسس ہے۔

    مارننگ شو کے میزبانوں شفقت اور مدیحہ نے بھی ڈرامے کی آخری قسط کے حوالے سے جاننے کی کوشش کی۔

    اس سے پہلے خلیل الرحمٰن قمر نے اس وقت کے بارے میں بتایا جب انہوں نے آخری قسط لکھی۔ ’میں نے ڈرامے کی آخری قسط زار و قطار روتے ہوئے لکھی، صبح ساڑھے 4 بجے مکمل لکھ کر بیٹی کو جگایا اور روتے ہوئے اسے سنایا جسے اس نے بھی روتے ہوئے سنا‘۔

    ’اس کے بعد ہدایت کار ندیم بیگ کو فون کر کے آخری قسط کا اسکرپٹ سنایا، وہ اس وقت گاڑی چلا رہا تھا اسے گاڑی روکنی پڑی کیونکہ وہ بھی رونے لگا تھا‘۔

    آخری قسط میں کیا ہوگا؟

    مدیحہ کے بے حد اصرار پر خلیل الرحمٰن قمر نے آخری قسط کے حوالے سے ایک ہنٹ دیا۔ انہوں نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ایک اور مقبول ترین ڈرامے ’پیارے افضل‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈرامے میں جب انہوں نے مرکزی کردار افضل کو ماردیا تھا، تو ایک بار ہوائی جہاز میں سفر کے دوران ایک خاتون نے یہ کہتے ہوئے انہیں تھپڑ جڑ دیا کہ آپ نے افضل کو کیوں مار دیا؟ ’شاید اس بار بھی آپ کو کچھ ایسا ہی دیکھنے کو ملے‘۔

    ہر گھر میں مہوش اور دانش ہیں

    خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ اس ڈرامے کی مقبولیت کا سبب یہی ہے کہ یہ لوگوں کی اپنی کہانی ہے، کسی گھر میں مہوش ہے اور کسی گھر میں دانش۔ لوگ اس ڈرامے کو دیکھتے ہوئے اس لیے کرب سے گزرتے ہیں کیونکہ یہ کہیں نہ کہیں ان کی اپنی زندگی میں بھی ہوچکا ہے۔

    انہوں نے ڈرامے کو ایک شعر میں سموتے ہوئے کہا،

    کون چاہے گا محبت کی تباہی لیکن
    تم جو چاہو تو خدا اس کو بھی برباد کرے

    گفتگو کو اختتام پر لاتے ہوئے خلیل الرحمٰن قمر سے پوچھا گیا کہ اس کہانی کو فلم کی صورت میں کیوں نہیں پیش کیا گیا؟ جس پر انہوں نے کہا کہ فلم کا دورانیہ 1 سے ڈیڑھ گھنٹے کا ہوتا ہے اور اتنے مختصر وقت میں اتنا کچھ نہیں کہا جاسکتا تھا، بات کہنے سے رہ جاتی۔

    فلم انڈسٹری میں موضوعات کی یکسانیت پر انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ فلم انڈسٹری ان پڑھوں کے ہاتھ میں تھی، آج پڑھے لکھوں کے ہاتھ میں ہے لیکن ان کے ہاں تکبر زیادہ ہے، ’تکبر سے فلم نہیں بن سکتی، جب تک ہمارے اندر سیکھنے کی صلاحیت پیدا نہیں ہوگی اور ہم موضوعات کے لیے مڑ مڑ کر سرحد پار دیکھتے رہیں گے ہماری فلموں کا یہی حال رہے گا‘۔

  • ڈرامہ ‘میرے پاس تم ہو’ عائزہ خان کے لباس کی اصل قیمت آپ کو دنگ کردے گی

    ڈرامہ ‘میرے پاس تم ہو’ عائزہ خان کے لباس کی اصل قیمت آپ کو دنگ کردے گی

    کراچی : اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈرامہ ‘میرے پاس تم ہو’ نے صرف تین ماہ میں بڑی مقبولیت حاصل کرلی، سوشل میڈیا پر مہوش کے لباس کا خوب چرچہ ہے لیکن اس لباس کی اصل قیمت کیا ہے ؟ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈراما سیریل ”میرے پاس تم ہو“ ہر قسط کے ساتھ ایک نیا ریکارڈ بناتا جارہا ہے، صارفین ہر ہفتے شدت سے ڈرامے کی اگلی قسط نشر ہونے کا انتظار کرتے ہیں۔

    گذشتہ قسط میں مہوش اور شہوار بالآخر شادی کے بندھن میں بننے جارہے ہوتے ہیں کہ اچانک شہوار کی بیوی (سویرا ندیم) کی ڈرامائی انٹری ہوتی ہے اور
    مہوش کو تھپڑ مارتی ہے، مہوش کو تھپڑ کی آواز پورے سوشل میڈیا پر گونجی لیکن سوشل میڈیا پر مہوش کے دلہن کے لباس کے اسکرین شاٹس بھی پوسٹ کیے اور پوچھا کہ یہ کس ڈیزائنر کا لباس ہے اور اسے کس طرح خریدا جا سکتا ہے۔

    2020 میں ہونے والی شادیوں میں مہوش (عائزہ خان) کے دلہن کے لباس مانگ بڑھ گئی ہے، عائزہ کو دلہن کا جوڑا پاکستانی ڈیزائنر زینب چوٹانی نے دیا لیکن انھیں کیا معلوم تھا ان کا جوڑا اتنا مشہور ہونے والا ہے۔

    پاکستانی ڈیزائنر زینب چوٹانی نے کہا معمول کا دن تھا، جب میری پاس تم ہو کی ٹیم شوٹنگ کے لئے اسٹوڈیو کا دورہ کرنے آئی اور شادی سے پہلے خریدای کت سین کو ہمارے اسٹوڈیو میں شوٹنگ کرنا چاہتے تھے، بعد میں انہوں ایک سین کے لئے لباس ادھار لیا۔

    زینب چوٹانی نے بتایا شوٹ کے دوران لباس کی قیمت پر تھوڑا سا تنازعہ پیدا ہوا تھا، ڈرامہ کی ٹیم نے اصرار کیا کہ وہ اس سین میں لباس کی قیمت 3 لاکھ روپے بتائیں گے ، کیونکہ ڈرامہ کو عوام دیکھتے ہیں، لیکن میں نے انکار کر دیا اور کہا اس کی قیمت 7 لاکھ 95 ہزار ہے، تاہم بعد میں دونوں نے ساڑھے چھ لاکھ روپے بتانے پر اتفاق کیا۔

  • ’تھپڑ کھانے کے بعد عائزہ خان کا ردعمل آگیا‘

    ’تھپڑ کھانے کے بعد عائزہ خان کا ردعمل آگیا‘

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ میں تھپڑ کھانے کے بعد مہوش (عائزہ خان) کا ردعمل سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو میں مہوش شہوار (عدنان صدیقی) سے نکاح کرنے جارہی ہوتی ہیں جب ڈرامے میں ماہم (سویرا ندیم) کی انٹری ہوتی ہے اور ماہم مہوش کے منہ پر زور دار تھپڑ مار دیتی ہیں۔

    مہوش کو تھپڑ پڑنے کے بعد سوشل میڈیا پر تو مختلف میمز بنانے کا سلسلہ جاری ہے تاہم اب عائزہ خان نے بھی اس تھپڑ پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ردعمل دیا ہے۔

    عائزہ خان نے سلیپ آف دی سنچری ہیش ٹیک استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’کبھی کبھی ہمیں لگتا ہے ہم جو کررہے ہیں بس وہی ٹھیک ہے پر بے وفا لوگوں سے جب زندگی خفا ہوجاتی ہے تو پھر کچھ بھی ٹھیک نہیں رہتا، میرے پاس سب ہوگا بس تم نہیں ہوگے۔‘

    واضح رہے کہ اس سے قبل ڈرامے میں دانش (ہمایوں سعید) نے شہوار کو تھپڑ مارا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو شاندار کہانی، عدنان صدیقی، عائزہ خان اور ہمایوں سعید کی جاندار اداکاری کی بدولت شہرت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے، مداح ہفتے کی رات 8 بجے ڈرامہ دیکھنے کے لیے بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔

  • ’دانش کی 80 لاکھ کی سرمایہ کاری نے اسٹاک مارکیٹ کو آسمان پر پہنچا دیا‘

    ’دانش کی 80 لاکھ کی سرمایہ کاری نے اسٹاک مارکیٹ کو آسمان پر پہنچا دیا‘

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں دانش کا کردار ادا کرنے والے ہمایوں سعید کی اسٹاک مارکیٹ میں بڑی سرمایہ کاری اور حقیقت میں اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے ہونے والی تیزی کے بعد سوشل میڈیا پر میمز بنانے کا سلسلہ چل نکلا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والا ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ اپنی مقبولیت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ گزشتہ قسط میں دانش کا کردار ادا کرنے والے ہمایوں سعید کو اسٹاک مارکیٹ میں بڑی سرمایہ کاری کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

    اتفاقاً اسی ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں بے تحاشہ تیزی دیکھی گئی جس کے بعد سوشل میڈیا پر دانش کی سرمایہ کاری کے حوالے سے طنز و مزاح کا طوفان امڈ آیا۔

    ڈرامے کی گزشتہ قسط میں دکھایا گیا کہ دانش کی سابقہ بیوی مہوش (عائزہ خان) اسے چھوڑ کر کروڑ پتی کاروباری شخص شہوار (عدنان صدیقی) کے پاس جا چکی ہے اور ابتدائی غم و صدمے کے بعد دانش اب زندگی کی طرف واپس لوٹ رہا ہے۔

    دانش پر بھی اب شہوار کی طرح دولت مند بننے کا بھوت سوار ہے جس کے لیے وہ سرکاری نوکری چھوڑ کر اور اپنا گھر بیچ کر کاروبار کرنا چاہتا ہے۔ تاہم ایک ہوٹل میں اتفاقاً شہوار کی کمپنی کے ملازمین کی گفتگو سننے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کرلیتا ہے۔

    وہ اپنے گھر کی فروخت سے حاصل ہونے والی 80 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے شہوار کی کمپنی کے تمام شیئرز خرید لیتا ہے جس کے دام ویسے ہی گر رہے ہوتے ہیں۔

    دانش کا دوست اسے اتنی بڑی سرمایہ کاری کرنے سے منع کرتا ہے تاہم دانش کا ارادہ اٹل ہے۔ دانش کی سرمایہ کاری کے چند گھنٹوں بعد ہی شہوار کمپنی کے شیئرز کے دام میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔

    حقیقت میں اتفاقاً اگلے ہی روز اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں بے تحاشہ اضافہ دیکھا گیا اور 100 انڈیکس 9 ماہ بعد 40 ہزار کی سطح عبور کرگیا۔

    اس کے بعد ٹویٹر پر میمز بنانے کا سلسلہ چل نکلا اور لوگوں نے ڈرامے میں دانش کی سرمایہ کاری کو اسٹاک مارکیٹ کی تیزی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ دانش کی ہی بدولت اسٹاک مارکیٹ آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والا ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ ہر ہفتے کی رات 8 بجے نشر کیا جاتا ہے۔ ڈرامے کے کرداروں اور ڈائیلاگز کو ناظرین کی بے تحاشہ پسندیدگی موصول ہورہی ہے۔

  • ’میرے پاس تم ہو‘ : ہمایوں سعید نے عدنان صدیقی کو تھپڑ مار کر خاموشی توڑ دی

    ’میرے پاس تم ہو‘ : ہمایوں سعید نے عدنان صدیقی کو تھپڑ مار کر خاموشی توڑ دی

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی ہر قسط ایک نیا ریکارڈ قائم کررہی ہے۔

    ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ یوٹیوب پر شیئر ہونے والی ڈرامے کی ہر قسط کو لاکھوں صارفین دیکھ چکے ہیں اور اُن کا تجسس ہر نئی قسط کے ساتھ بڑھتا جارہا ہے۔

    رواں ہفتے نشر ہونے والی 15ویں قسط میں ڈرامے کے دو اہم کردار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کے درمیان جھگڑا دکھایا گیا، جس میں دانش نے شہوار کے منہ پر تھپڑ مارا اور اُسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

    دانش اور شہوار کے درمیان تلخ کلامی اُس وقت شروع ہوئی جب دانش نے کہا کہ ’مہوش نے خودکو شہوار کے سامنے فروخت کردیا مگر یہ حیران کن ہے کہ اُس نےبیٹے رومی کو فروخت نہیں کیا‘۔

    مزید پڑھیں: ’ڈرامے میں ایک نہیں دو قتل ہوں گے‘

    ڈارمے کا یہ منظر اور دونوں کرداروں کی لڑائی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر زیر بحث رہی اور صارفین نے ویڈیوز شیئر کیں۔اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز نشر ہونے والی قسط کو اب تک 70 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

    https://www.facebook.com/arydigital.tv/videos/958542411195490/

    ہمایوں سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’ میں اس بات کا اعتراف کرتا ہوں کہ حیران کن سین عدنان صدیقی اور اُن کی اداکاری کی وجہ سے ہی ممکن ہوا‘۔

    https://www.facebook.com/arydigital.tv/videos/2614330102018560/