Tag: meray pass tum ho

  • ’میرے پاس تم ہو‘ عمر اکمل نے دھوم مچادی

    ’میرے پاس تم ہو‘ عمر اکمل نے دھوم مچادی

    کراچی: قومی کرکٹر عمر اکمل بھی ریکارڈ توڑ ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کے رنگ میں رنگ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹر عمر اکمل جو ٹیم سے اکثر باہر رہتے ہیں لیکن دیگر سرگرمیوں میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہے، گزشتہ روز ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ مقبول ترین ڈراما سیریل میرے پاس تم ہو کا ٹائٹل سانگ گاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

    ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو مقبولیت کی بلندیوں کو چھونے کے بعد گزشتہ روز اختتام پذیر ہوا، آخری قسط میں دانش (ہمایوں سعید) کی موت واقع ہوئی، دانش کی موت نے مداحوں کے آنکھیں اشکبار کردیں۔

    ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ شوبز ستاروں کے ساتھ ساتھ سیاست دان بھی اس کے کریز میں مبتلا دکھائی دئیے، ایسے میں عمر اکمل کہاں پیچھے رہنے والے تھے انہوں نے ایک ویڈیو بنائی جس میں میرے پاس تم ہو کا ٹائٹل سانگ گارہے ہیں۔

    عمر اکمل ہی نہیں سابق کرکٹر دانش کنیریا کی بھی پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، لوگ ڈرامے کے کردار دانش کو دانیش کنیریا سے جوڑ کر مختلف میمز بنارہے ہیں، ایک صارف نے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ دانش کنیریا کی موت کا سن کر بہت افسوس ہوا۔

    یہ ایک مزاحیہ پوسٹ تھی لیکن سابق کرکٹر جو قائم علی شاہ کی ان میمز سے ناواقف تھے سخت غصے میں آگئے اور بولے یہ کیا بکواس ہے، میں زندہ ہوں، مجھے معلوم نہیں ہے یہ پوسٹ کیوں شیئر کی گئی ہے۔

     

  • اداکارہ عائزہ خان کی تصاویر وائرل

    اداکارہ عائزہ خان کی تصاویر وائرل

    کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ عائزہ خان کے نئے فوٹو شوٹ کی تصاویر وائرل ہوگئی۔

    عائزہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ تصاویر اپنے مداحوں سے شیئر کی، تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عائزہ نے کالے رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے جس میں بہت خوبصورت دکھائی دے رہی ہیں۔

    عائزہ نے تصاویر شیئر کرنے کے ساتھ کیپشن لکھا کہ ’گزشتہ رات کی تصاویر‘، عائزہ نے یہ نہیں بتایا کہ یہ تصاویر کس ایونٹ کی ہیں لیکن مداحوں کی جانب سے تصاویر کو بہت پسند کیا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے عائزہ خان نے شوہر دانش تیمور اور بچوں کے ساتھ اپنی 29 ویں سالگرہ منائی تھی جس کی تصاویر وائرل ہوگئی تھیں۔

    حال ہی میں منعقدہ ایک پروگرام میں جب عائزہ خان سے فلموں میں کام کرنے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا ، "میں نے کبھی فلموں میں کام کرنے کے بارے میں نہیں سوچا۔”

    یاد رہے کہ عائزہ خان کے مشہور ڈرامے میرے پاس تم ہو کی آخری قسط کل شب 8 بجے اے آر وائی ڈیجیٹل، اے آر وائی زیپ اور ملک بھر کے سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

    عائزہ خان ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کے علاوہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے ایک اور ڈرامے ’تھوڑا سا حق‘ میں اداکار عمران عباس کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

  • ’میرے پاس تم ہو‘ ڈائریکٹر نے آخری قسط کے حوالے سے کیا کہا؟

    ’میرے پاس تم ہو‘ ڈائریکٹر نے آخری قسط کے حوالے سے کیا کہا؟

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمر نے آخری قسط سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کا مقبول ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ اختتام کی جانب گامزن ہے اور آئندہ ہفتے اس کی آخری قسط نشر کی جائے گی، جاندار کہانی اور ہمایوں سعید، عائزہ خان، عدنان صدیقی کی شاندار اداکاری کی بدولت ڈرامے کی ہر قسط سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ رہی۔

    ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمان قمر نے آخری قسط سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدا گواہ ہے کہ آخری سین لکھتے ہوئے میرے ہاتھ کانپ رہے تھے اور میں رو رہا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ آپ دیکھتے جائیے آگے کیا تماشا ہونے والا ہے، ڈرامے کی آخری قسط سب کی اسی طرح جان لے گی جس طرح اس نے میری جان لی ہے، ڈرامے کی ہر قسط پچھلی قسط سے زیادہ اچھی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ عورت کے ہاتھوں برباد ہوئے مرد پر میں ترس کھاتا ہوں، جب میں نے یہ ڈراما لکھنے کا ارادہ کیا تھا تو خود بخود میرے ذہن میں مکالمے آنا شروع ہوگئے اور میں انہیں سنبھالتا گیا اور لکھتا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ یاد رکھیں خدا نے میرے قلم سے وہ چیز آپ کے پاس بھیج دی جو بہت ساری عورتوں کو سنبھلنے کا موقع دے گی اور بہت سارے مردوں کو یہ سوچنے کا موقع دے گی کہ ایسی عورتوں کے منہ پر تھپڑ مارنے کی ضرورت نہیں وہ بدقسمت تو اپنے منہ پر خود تھپڑ مارچکی، بس انہیں دعا دیجئے اور رخصت کیجئے اور کہیے آپ ہمارے نہیں جناب تو ہم بھی آپ کے نہیں۔

  • ’میرے پاس تم ہو‘ کمزور دل افراد اگلی قسط دل تھام کر دیکھیں

    ’میرے پاس تم ہو‘ کمزور دل افراد اگلی قسط دل تھام کر دیکھیں

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمر نے کہا ہے کہ کمزور دل افراد ڈرامے کی اگلی قسط دل تھام کر دیکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ اختتام کی جانب گامزن ہے، ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمان قمر نے ایک ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کمزور دل افراد ڈرامے کی اگلی قسط دل تھام کر دیکھیں۔

    خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ عورت کے ہاتھوں برباد ہوئے مرد پر میں ترس کھاتا ہوں، جب میں نے یہ ڈراما لکھنے کا ارادہ کیا تو خود بخود میرے ذہن میں مکالمے آنا شروع ہوگئے اور میں انہیں سنبھالتا گیا اور لکھتا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ڈرامے کی اگلی قسط 60 سے 65 منٹ کی ہوگی اور میں سب سے درخواست کروں گا کہ اس دن ذرا دل تھام کر بیٹھئے گا جو کمزور دل حضرات ہیں ان سے میری بہت گزارش ہے کہ اپنی دوائیاں پاس لے کر بیٹھیں کیونکہ ڈرامہ دیکھے بغیر تو ان سے رہا نہیں جائے گا۔

    خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ یاد رکھیں خدا نے میرے قلم سے وہ چیز آپ کے پاس بھیج دی جو بہت ساری عورتوں کو سنبھلنے کا موقع دے گی اور بہت سارے مردوں کو یہ سوچنے کا موقع دے گی کہ ایسی عورتوں کے منہ پر تھپڑ مارنے کی ضرورت نہیں وہ بدقسمت تو اپنے منہ پر خود تھپڑ مارچکی، بس انہیں دعا دیجئے اور رخصت کیجئے اور کہیے آپ ہمارے نہیں جناب تو ہم بھی آُپ کے نہیں۔

    واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی اگلی قسط ہفتے کی رات 8 بجے نشر کی جائے گی۔

  • ڈرامہ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی نئی قسط، اقرا یاسر کا بڑے سرپرائز کا اعلان

    ڈرامہ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی نئی قسط، اقرا یاسر کا بڑے سرپرائز کا اعلان

    کراچی : اداکارہ اقراء عزیزحسین اور یاسر حسین نے ڈرامہ سیریل’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی آنے والی قسط میں مداحوں کے لیے سرپرائز کا اعلان کرتےہوئے کہا ہےکہ ڈرامے کی نئی قسط ضرور دیکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ”میرے پاس تم ہو“ ہر قسط کے ساتھ ایک نیا ریکارڈ بناتا جارہا ہے، صارفین ہر ہفتے شدت سے ڈرامے کی اگلی قسط نشر ہونے کا انتظار کرتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے معروف ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ نے ریٹنگ میں ’گیمز آف تھرونز‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، ڈرامہ کو نہ صرف ناظرین بڑی تعداد میں دیکھ رہے ہیں بلکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی ڈرامے کے حوالے سے مختلف مزاحیہ پوسٹس شیئر کرتے اور ڈرامے کی کہانی اور مکالموں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔

    حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھے اقرا عزیز اور یاسر حسین اپنے تمام مداحوں کے لئے سرپرائز کا اعلان کیا ہے تاہم یہ سرپرائز ان تمام مداحوں کے لئے ڈبل ٹریٹ ثابت ہوگی ، جو ڈرامہ میرے پاس تم ہو دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

    اے وائی ڈیجیٹل کے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں اقرا عزیز اور یاسر حسین نے پیغام میں کہا ہے کہ وہ ڈرامہ سیریل’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی نئی قسط میں اپنے مداحوں کے لیے ایک سرپرائز لا رہے ہیں، اس لیے ناظرین ڈرامے کی یہ قسط ضرور دیکھیں۔

    یاد رہے معروف اداکار اقرا عزیز اور یاسر حسین 28 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے ، دونوں کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

    خیال رہے کہ اقرا عزیز نے چند ہی ڈراموں سے بہت جلد اداکاری میں اپنا لوہا منوا لیا ہے جبکہ ان کے مداحوں کی تعداد بھی دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔

    یاسر حسین نے رواں برس ایک ایوارڈ کی تقریب میں اقرا کو شادی کی پیشکش کی تھی جسے کچھ لوگوں نے پسند کیا جبکہ کچھ نے اسے پبلسٹی اسٹنٹ قرار دیتے ہوئے اس پر خاصی تنقید کی تھی۔

  • میرے پاس تم ہو کے ’رومی‘ کا اصل نام کیا ہے؟‌ چائلڈ اسٹار کا انٹرویو

    میرے پاس تم ہو کے ’رومی‘ کا اصل نام کیا ہے؟‌ چائلڈ اسٹار کا انٹرویو

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے معروف ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں رومی کا کردار ادا کرنے والے چائلڈ اسٹار شیس سجاد گل نے شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے دلچسپ تجربات شیئر کردیے۔

    میرے پاس تم ہو سے ڈرامہ انڈسٹری میں ڈیبیو کرنے والے چائلڈ اسٹار نے اداکاری کے جوہر دکھا کر پہلے ہی مرحلے میں کامیابی کی بلندی کو چھو لیا اور اُن کا مستقبل مزید روشن نظر آرہا ہے۔

    اپنے حالیہ انٹرویو میں شیس سجاد کا کہنا تھا کہ ’ہمایوں سعید اور میرے والد آپس میں دوست ہیں، میری اُن سے ملاقات آڈیشن کے روز ہوئی اور انہوں نے بہت سپورٹ کیا‘۔ سجاد گل نے کارڈ گیم کھیلتے ہوئے شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے خوش گوار واقعات بھی سنائے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمایوں انکل میرے لیے کھلونے اور عائزہ خان میرے لیے چاکلیٹس لاتی تھیں۔

    انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ کے بعد وہ اسکول جاتے تھے، انہیں ایک آئی پیڈ دیا ہوا تھا جس پر وہ فارغ وقت میں نیٹ فلکس کے ڈرامے دیکھتے اور گیمز کھیلتے تھے۔

    مزید پڑھیں: ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

    شیس نے بتایا کہ ڈائیلاگ یاد کروانے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے بہت زیادہ ساتھ دیا، مجھے رومن میں لکھے ڈائیلاگز ملتے تھے جنہیں یاد کرنا آسان رہتا تھا۔

    رومی نے بتایا کہ اُن کا بہترین ڈائیلاگ وہ تھا کہ جب مہوش اُن سے ملاقات کے لیے اسکول پہنچیں اور وہ اپنے والد دانش کے ساتھ بورڈنگ اسکول پہنچے تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ گھر سے نکلوں تو لوگ پاس آکر تصاویر بنوانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں، اسی وجہ سے مجھے ٹوپے والی جرسی پہن کر نکلنا پڑتا ہے تاکہ کوئی پہچان نہ سکے۔

    انٹرویو کے دوران اینکر نے متعدد بار ڈرامے کی اگلی قسط اور اختتام کے حوالے سے پوچھنے کی کوشش کی تو رومی نے بتایا کہ انہوں نے اگلی قسطوں کے بارے میں ابھی تک اپنے والدین کو بھی نہیں بتایا اور نہ وہ قسط نشر ہونے سے پہلے کسی کو بتائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: ’میرے پاس تم ہو‘ کا ٹائٹل سانگ کم عمر طالب علموں کی خوبصورت آواز میں، ویڈیو وائرل

    سیش سجاد گل ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سجاد گل کے صاحبزادے ہیں جو اس سے قبل کئی کمرشل میں کام کرچکے جبکہ اُن کے یوٹیوب چینل پر 72 ہزار سے زائد فالوورز ہیں اور وہ ابھی تیسری جماعت میں پڑھ رہے ہیں۔

  • ‘میرے پاس تم ہو‘ کا اختتام کیسا ہو؟ صبور علی نے رائے دیدی

    ‘میرے پاس تم ہو‘ کا اختتام کیسا ہو؟ صبور علی نے رائے دیدی

    کراچی: معروف اداکارہ سجل علی کی بہن اداکارہ صبور علی نے مقبول ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے اختتام سے متعلق مشورہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ صبور علی نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    انسٹا گرام شیئر کی جانے والی تصور میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صبور علی کو اداکارہ سویرا ندیم (ماہم) نے گود میں اٹھایا ہوا ہے اور دونوں خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں۔

    صبور علی نے لکھا کہ ’ڈرامے میں میرا کردار بھی شامل کرلیا جائے جو شہوار اور ماہم کی بیٹی کا ہوگا، ان کی بیٹی لندن میں پڑھ رہی ہے اور وہ دانش اور مہوش کے بیٹے رومی کے جوان ہونے کے بعد اس سے محبت کرنے لگتی ہے۔

    واضح رہے کہ سویرا ندیم ڈرامے میں شہوار (عدنان صدیقی) کی اہلیہ کا کردار ادا کررہی ہیں گزشتہ دنوں ان کی ڈرامے میں انٹری ہوئی تھی اور شہوار مہوش سے دوسری شادی کرنے جارہا تھا جس کے بعد ماہم نے مہوش کو زور دار ٹھپر دے مارا تھا۔

    https://www.facebook.com/arydigital.tv/videos/1367302163452498/

    یاد رہے کہ ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کی ہر قسط نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن جاتی ہے اور مداح مختلف میمز بنا کر اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہوتے ہیں۔

    گزشتہ دنوں نشر ہونے والی قسط میں عائزہ کی جانب سے رومی کی ٹیچر حرا مانی پر طنز کیا تھا جس پر مداح کا کہنا تھا کہ ’سدھری نہیں ہے ابھی بھی مہوش۔‘

  • ’ابھی بھی نہیں سدھری مہوش‘

    ’ابھی بھی نہیں سدھری مہوش‘

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو میں آج کی قسط نے بھی ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا، شہوار کی بیوی ماہم نے مہوش کو آئینہ دکھادیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے سپر ہٹ ڈرامے میرے پاس تم ہو میں در در کی ٹھوکریں کھانے والی عائزہ خان (مہوش) سے لوگوں کو ہمدردی ہونے لگی ہے، شہوار احمد کی بیوی ماہم نے بھی 20ویں قسط میں مہوش کو ڈھائی کروڑ کا چیک پیش کردیا۔

    ہر ہفتے کی طرح آج بھی ڈرامہ ختم ہوتے ہوئی سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور صارفین نے مختلف طریقے سے میمز بنا کر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    ایک صارف ایم کے نے ٹویٹر پر راحت فتح علی خان کی آواز میں میرے پاس تم ہو کا ٹائٹل سونگ شیئر کیا۔

    ایک اور صارف عمیمہ نے لکھا کہ ڈرامے کے آخر میں یہ جملہ بہت اچھا تھا ’شرک تو خدا بھی معاف نہیں کرتا۔‘


    زینب نے ٹویٹر پر ہنسی بناتے ہوئے لکھا کہ ’گرل فرینڈ لوٹس آف لو‘ ابھی بھی نہیں سدھری مہوش۔

    ایک اور صارف حمزہ بھٹہ نے لکھا کہ بچے ’الف‘ دیکھ رہے ہیں۔ آدمی ’عہد وفا‘ دیکھ رہے ہیں اور لیجنڈ جو ہیں وہ ’میرے پاس تم ہو‘ دیکھ رہے ہیں۔

    عدنان فاروق نے لکھا کہ ’یہ سین بہت اچھا تھا کہ جس میں داش اور مہوش کی دوست دانش کو سمجھا رہی ہے کہ ایک بار اپنی بیوی کی بے وفائی معاف کرنے کی ہمت تو کرو، کوئی تو ہو جو عورت کو بھی معاف کردیتا ہو۔‘

    میرے پاس تم ہو کی 21ویں قسط ہفتہ کی رات 8:00 بجے اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کی جائے گی۔

  • عائزہ خان سے پہلے ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ کس اداکارہ کو آفر کیا گیا؟

    عائزہ خان سے پہلے ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ کس اداکارہ کو آفر کیا گیا؟

    کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ عائزہ خان مقبول ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو میں شاندار اداکاری کا مظاہرہ کررہی ہیں لیکن بہت کم لوگ ہی جانتے ہوں گے کہ وہ ڈرامے کی پہلی چوائس نہیں تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو میں عائزہ خان ڈائریکٹر کی پہلی پسند نہیں تھی پہلے اس رول کے لیے معروف پاکستانی اداکارہ کو منتخب کیا گیا تھا لیکن انہوں نے مصروفیت کے سبب ڈرامہ کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    نامور اداکارہ سونیا حسین نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں ڈرامہ کرنے کی وجہ اور شوبز میں پیش آنے والے اتار چڑھاؤ کے بارے میں گفتگو کی۔

    سونیا حسین نے کہا کہ اپنے کیریئر کی ابتدا میں جب وہ اپنا نام بنانے کی کوشش کررہی تھیں تو اس وقت اداکار بہروز سبزواری کا رویہ ان کے ساتھ بالکل اچھا نہیں تھا اور سیٹ پر انہوں نے بری طرح جھڑک دیا تھا جس پر وہ رونے لگی یہاں تک کہ انہوں نے اداکاری ترک کرنے کا ارادہ بھی کردیا تھا۔

    سونیا حسین کے مطابق جب وہ نئی نئی انڈسٹری میں آئی تھیں تو ایک مشہور برانڈ کے لیے انہیں بطور ماڈل کاسٹ کیا گیا، بعدازاں دیر رات اس ایجنسی کے مالک نے انہیں میسج کیا کہ شوٹ کے حوالے سے ڈسکس کرنی ہے آجاؤ ڈرائیور پر چلتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

    انہوں نے بتایا کہ میں نے کہا کہ ڈرائیور پر کیسے میٹنگ ہوگی جس کے جواب میں کہا گیا کہ آپ ایسے نہ بنیں آپ کا تعلق انڈسٹری سے ہے جس پر سونیا نے کہا کہ اس شخص کو کوئی جواب نہ دیا دوسرے دن کمرشل کی شوٹ تھی لیکن انہیں معلوم ہوا کہ راتوں رات انہیں پراجیکٹ سے نکال دیا گیا ہے۔

    اداکارہ نے کہا کہ انہیں میرے پاس تم ہو ڈرامے میں پہلے عائزہ کے کردار کے لیے انہیں منتخب کیا گیا تھا لیکن انہیں اس کردار کے حوالے سے کچھ تحفظات تھے اور دوسرے پروجیکٹ میں مصروف تھی اس لیے انکار کردیا۔

    سونیا حسین نے کہا کہ ڈرامے کی مقبولیت دیھتے ہوئے کبھی اس بات پر افسوس نہیں ہوا کہ ڈرامہ میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا، عائزہ نے اس کردار کو بخوبی نبھایا ہے۔

  • ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

    ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل نے مقبول ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے، ڈرامے کی گزشتہ قسط بھی سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی تھی۔

    ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو نے ریٹنگ کے اعتبار سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور 105 جی آر پی ریٹنگ حاصل کرلی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈرامے کی کاسٹ ہمایوں سعید، عائزہ خان اور حرا مانی ڈولمین مال کلفٹن پہنچے تھے جہاں مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    اداکار ہمایوں سعید نے ڈرامے کا ٹائٹل سانگ گنگنایا تھا جسے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا گیا تھا۔

    ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کی 18 قسطیں نشر ہوچکی ہیں اور ہر قسط کو ناظرین کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔

    گزشتہ قسط میں شہوار کے جیل جانے اور مہوش کو ماہم کی جانب سے گھر سے نکالے جانے پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے گئے تھے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھایا تھا کہ ’کیا یہ ممکن ہے کہ دانش مہوش کو دوبارہ قبول کرلے گا۔

    ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو شاندار کہانی، عدنان صدیقی، عائزہ خان اور ہمایوں سعید کی جاندار اداکاری کی بدولت شہرت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے، مداح ہفتے کی رات 8 بجے ڈرامہ دیکھنے کے لیے بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔