Tag: Merck

  • جاپان: امریکی کمپنی کی کرونا ٹیبلٹ استعمال کے لیے منظور

    جاپان: امریکی کمپنی کی کرونا ٹیبلٹ استعمال کے لیے منظور

    ٹوکیو: جاپان میں امریکی کمپنی کی کرونا ٹیبلٹ کو ہنگامی استعمال کی منظوری مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کو جاپان کے ہیلتھ پینل نے امریکی دوا ساز کمپنی مرک کی کرونا انفیکشن کے لیے تیار کردہ اینٹی وائرل گولی مولنوپراویر (Molnupiravir) کے استعمال کی منظوری دے دی۔

    جاپانی وزارت صحت کے پینل کی جانب سے یہ منظوری جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا کے اس سال کے آخر تک نئے طریقہ علاج کے شروع کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے، کیوں کہ اومیکرون ویرینٹ کے بارے میں خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔

    ہیلتھ پینل کے اس فیصلے نے اس ہفتے کے آخر سے ملک بھر میں 2 لاکھ خوراکوں کی ترسیل کے مرحلے کے لیے راہ ہموار کر دی ہے، جس سے متعلق وزیر اعظم کشیدا کی طرف سے اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔

    امریکا میں کرونا کے علاج کے لیے ایک اور ٹیبلٹ منظور

    جاپان کے وزیر صحت شیگیوکی گوٹو نے میڈیا کو بتایا کہ اس دوا کی تقسیم ہماری قوم کے کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، کچھ طبی ادارے اور فارمیسیاں اگلے پیر تک یہ گولیاں وصول کرنا شروع کر دیں گے۔

    جاپانی حکومت نے گزشتہ ماہ مرک کمپنی کو ان کی دوائی مولنوپِراویر کے 16 لاکھ کورسز کے لیے تقریباً 1.2 ارب ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

    جاپان کرونا کے سنگین انفیکشن اور اس سے اموات کی شرح کو ختم کرنے کے لیے منہ کے ذریعے کھائی جانے والی دوا پر بہت زیادہ توجہ دے رہا ہے، کیوں کہ کرونا وبا کی چھٹی لہر کا خدشہ سر پر ہے۔

    مزید برآں، وزیر اعظم کشیدا نے گزشتہ ہفتے فائزر کی تیار کردہ ایک الگ اینٹی وائرل گولی کی 20 لاکھ خوراکیں خریدنے کے معاہدے کا بھی اعلان کیا تھا، توقع ہے کہ جاپان کی شیونوگی کمپنی جلد ہی اپنی تیار کردہ دوا کی منظوری کے لیے درخواست دے گی، اور اگلے سال کے اوائل تک مزید 1 ملین خوراکیں فراہم کرے گی۔

  • کرونا وبا کے خلاف بڑی کامیابی، امریکی کمپنی میدان میں آگئی

    کرونا وبا کے خلاف بڑی کامیابی، امریکی کمپنی میدان میں آگئی

    نیویارک: کرونا وبا کے خلاف عالمی لڑائی میں اہم موڑ آگیا، امریکا کی معروف ادویات ساز کمپنی نے بڑا فیصلہ کرلیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کی معروف ادویات ساز کمپنی نے نگران ادارے سے کووڈ 19 کا علاج (اورل) کرنے کی اجازت طلب کرلی ہے۔

    مرک کے سائنسدانوں نے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے ‘مولنُوپی راوِیر’ کے ہنگامی استعمال کی اجازت طلب کی ہے, ان کے مطابق یہ دوا وائرس کی افزائش کو روکنے کے لیے اس کی جنیاتی کوڈ میں گمراہ کن کوڈ داخل کرتی ہے۔

    مرک کمپنی کی اس دوائی کا نام مولن اپیراویر رکھا ہے، یہ ایک انتہائی اہم پیشرفت ہے کیونکہ کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کی یہ پہلی دوا ہے، جو منہ کے ذریعے مریض نگل سکے گا۔

    سائنسدانوں کے مطابق اس طریقہ علاج سے بیماری کے ابتدائی مراحل سے مریض کی علامات شدت اختیار نہیں کرتیں، بے اثر دوائی کے مقابلے میں اس دوائی کے استعمال سے اسپتال داخل ہونے یا موت واقع ہونے کا خطرہ تقریباً 50 فیصد کم ہوا ہے، جسے کرونا وبا کے خلاف عالمی لڑائی میں ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈبلیو ایچ او کا کرونا ویکسین کی تیسری ڈوز سے متعلق اہم مشورہ

    ماہرین کا کہنا ہے کہ انتظامی اداروں کی طرف سے منظوری کے بعد یہ دوا کووڈ کے علاج کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی گولی ہوگی جو پہلے سے موجود ان ادویات کا حصہ بن جائے گی جو ویکسین کی شکل میں موجود ہیں۔

    امریکی دوا ساز ادارے مرک نے واضح کیا کہ اس دوا کی باضابطہ منظوری کے بعد یہ دس ملین دوا کے کورسز تیار کر سکے گا۔