Tag: MESSAGE

  • یوم پاکستان: شاہ سلمان کا نیک تمناؤں کا اظہار

    یوم پاکستان: شاہ سلمان کا نیک تمناؤں کا اظہار

    ریاض: یوم پاکستان کے موقع پر برادر ملک سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے صحت، مسرت اور ترقی کی دعا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی تہنیتی پیغامات ارسال کیے ہیں۔

    شاہ سلمان نے یوم پاکستان کی مناسبت سے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو تہنیتی پیغام ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور برادر ملک پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے صحت، مسرت اور ترقی کی دعا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    اسی طرح سعودی ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی اس موقع پر صدر پاکستان کے نام اپنا تہنیتی پیغام ارسال کیا ہے۔

    شہزادہ محمد بن سلمان نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے کہ برادر ملک پاکستان کی حکومت اور عوام ترقی کی مزید منازل طے کریں گے۔

  • آزاد وہ ہے جس کی روح انمول ہے: وزیر اعظم کا نوجوانوں کے نام پیغام

    آزاد وہ ہے جس کی روح انمول ہے: وزیر اعظم کا نوجوانوں کے نام پیغام

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد اور لبرل انسان وہ ہے جس کی روح کی کوئی قیمت نہیں ہوتی، آزاد وہ ہے جو مادی قیمت سے بالاتر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آزاد اور لبرل انسان وہ ہے جس کی روح کی کوئی قیمت نہیں ہوتی۔ آزاد وہ ہے جو مادی قیمت سے بالاتر ہے۔

    وزیر اعظم نے شاعر اور اسکالر رومی کا ایک قول ٹویٹ کیا اور اسے نوجوانوں کے لیے اپنا پیغام قرار دیا۔

    رومی کے اس قول میں پیغام ہے کہ اپنی روح کسی قیمت پر فروخت مت کرو، یہ واحد چیز ہے جو تم اس دنیا میں اپنے ساتھ لائے ہو اور یہی چیز ساتھ لے کر جاؤ گے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اور آج کل قرنطینہ میں وقت گزار رہے ہیں۔ وہ اکثر و بیشتر قوم کے نام اس طرح کے حوصلہ افزا پیغامات جاری کرتے رہتے ہیں۔

    علاوہ ازیں وہ اسلامی تعلیمات پر مبنی کتب پڑھنے اور ڈرامے دیکھنے کی بھی ترغیب دیتے رہتے ہیں۔

  • کیا ملکہ برطانیہ نے واقعی اس ویڈیو میں رقص کیا ہے؟

    کیا ملکہ برطانیہ نے واقعی اس ویڈیو میں رقص کیا ہے؟

    برطانوی چینل 4 نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ملکہ برطانیہ کی ہمشکل اپنا ویڈیو پیغام دیتی ہیں، اس ویڈیو میں وہ بہت سے متنازعہ موضوعات پر گفتگو کر رہی ہیں جبکہ انہیں رقص کرتے ہوئے بھی دکھایا جاتا ہے۔

    برطانوی چینل 4 نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ وہ رواں برس کرسمس پر برطانوی ملکہ کا ایک متبادل پیغام پیش کریں گے جو ڈیجیٹل طور پر تیار کیا گیا ہے۔

    اب کرسمس کے موقع پر یہ ویڈیو جاری کردی گئی ہے، اس ویڈیو میں اداکارہ ڈیبرا سٹیفنسن ملکہ کی نقل کرتی دکھائی دی دیں جنہیں ڈیپ فیک سافٹ ویئر کی مدد سے بالکل ملکہ کا ہمشکل بنا دیا گیا۔

    چینل 4 کے مطابق ان کے اس ویڈیو بنانے کا مقصد اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے خطرات کو اجاگر کرنا ہے کہ کس طرح کسی بھی شخص کا چہرہ استعمال کر کے غلط اور گمراہ کن معلومات پھیلائی جاسکتی ہیں اور کوئی بھی بیان کسی سے بھی منسوب کیا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو میں جعلی ملکہ بھی اسی پر بات کرتی دکھائی دیتی ہیں کہ اسمارٹ فونز کی اسکرین پر دکھائی دینے والے مواد پر بھروسہ کرنا بے حد مشکل ہے کہ آیا وہ اصل ہے یا جعلی۔

    ویڈیو میں ملکہ کی ہمشکل کہتی دکھائی دیتی ہیں کہ وہ لاک ڈاؤن کے عرصے میں نیٹ فلکس دیکھنے کے بجائے ٹک ٹاک ویڈیوز پر رقص کی پریکٹس کرتی رہی ہیں، بعد ازاں وہ رقص بھی کرتی ہیں۔

    ویڈیو کے آخر میں چند جھلکیاں اصل منظر کی بھی ہیں جس میں اس ویڈیو کی تیاری کا سیٹ اپ دیکھا جاسکتا ہے۔

    دوسری جانب شاہی محل نے اس حوالے سے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

  • قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے عوام میں آگاہی ضروری ہے: عثمان بزدار

    قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے عوام میں آگاہی ضروری ہے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے عوام میں آگاہی بے حد ضروری ہے، کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں مؤثر رسپانس میکنزم ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے قدرتی آفات سے آگاہی اور بچاؤ کے دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کا زلزلہ پاکستان کی تاریخ کا تباہ کن زلزلہ تھا، 15 سال بعد بھی بدترین زلزلے کی تباہی کو لوگ نہیں بھول سکے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ زلزلے کے بعد پاکستانی قوم نے متاثرین کی بھرپور مدد کی، پاکستانی قوم نے ثابت کیا آزمائش کی ہر گھڑی میں ہم ایک ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا، قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے عوام میں آگاہی بے حد ضروری ہے، کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں مؤثر رسپانس میکنزم ضروری ہے، تربیت یافتہ ہیومن ریسورس ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ پیشگی اقدامات سے قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے، یہ دن منانے کا مقصد عوام کو احتیاطی تدابیر، بچاؤ کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔

  • نیول چیف کا   خون کے آخری قطرے تک دفاعِ وطن کے عزم کا اعادہ

    نیول چیف کا خون کے آخری قطرے تک دفاعِ وطن کے عزم کا اعادہ

    اسلام آباد : پاک بحریہ کےسربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے خون کے آخری قطرے تک دفاع وطن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن دوارکا ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 8 ستمبر یوم بحریہ پر پاک بحریہ کےسربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج بحریہ کےشہدا،غازیوں کی قربانیوں وجذبے کو سراہنے کا دن ہے، یہ دن ہمیں اپنے اسلاف کےکارناموں،کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے۔

    نیول چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن دوارکا ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے، پاک بحریہ کے جہازوں نے بھارتی بندرگاہ پر حملہ کیااور ریڈار اسٹیشن تباہ کرنےکےساتھ دشمن کا غرور بھی خاک میں ملایا ، پاک بحریہ کی واحدآبدوزغازی نے بھارتی نیوی کو بندرگاہوں میں مقید رکھا۔

    ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے خون کے آخری قطرے تک دفاع وطن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا آج بحریہ کے افسران اور  جوان  کشمیری بھائیوں سےاظہاریکجہتی کرتےہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ خطےمیں مضبوط بحری قوت کےطورپرپہچانی جاتی ہے، پاک بحریہ عالمی پانیوں میں امن واستحکام یقینی بنارہی ہے۔

    نیول چیف نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں پاک بحریہ اہم کردار نبھانے کیلئے تیار ہے اور ملک و قوم کو میری ٹائم سیکٹر، بلیواکانومی فوائد پہنچانے کیلئے پُرعزم ہیں۔

    ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی سمندری تحقیق میں تعاون کر رہی ہے، ہائیڈروکاربن وسائل کی تلاش میں مددبھی فراہم کی جارہی ہے۔

    خیال رہے جنگ ستمبرمیں پاک بحریہ نےبھارت کی بندرگاہ دوارکا کوتباہ کر کے نہ صرف اپنی حربی قوت ثابت کی بلکہ بھارت کی پوری نیوی کو مفلوج کر کے رکھ دیا تھا، بھارت کے خلاف اس شاندار آپریشن کی کامیابی کی خوشی میں آج ملک بھر میں یوم پاک بحریہ منایا جا رہا ہے۔

  • 6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے: سربراہ پاک بحریہ

    6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے: سربراہ پاک بحریہ

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہمارے شہدا اور غازیوں کی بے مثال بہادری و قربانیوں کا غماز ہے، اس دن ہم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، یہ دن پاکستانی قوم اور افواج کے غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتا ہے۔

    نیول چیف کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمارے شہدا اور غازیوں کی بے مثال بہادری و قربانیوں کا غماز ہے، دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے۔ 6 ستمبر کے دن دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

    انہوں نے کہا کہ بحریہ کی جراتمندانہ جنگی حکمت عملی نے دشمن کو بچاؤ پالیسی اپنانے پر مجبور کیا، پاک بحریہ کے جہازوں نے دوارکا میں بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کیا۔

    نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی آبدوز غازی نے بھارتی بحری جنگی بیڑے کو بندرگاہ تک مقید رکھا، پاک بحریہ آج بھی دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ افسران و جوان ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنے عزم کو دہراتے ہیں، آئندہ نسلوں کے لیے ترقی یافتہ اور پر امید مستقبل مہیا کیا جا سکے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش و جذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت و عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے، یوم دفاع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

    نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں اور شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

  • پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہوگیا جو وینٹی لیٹرز خود تیار کر رہے ہیں: فواد چوہدری

    پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہوگیا جو وینٹی لیٹرز خود تیار کر رہے ہیں: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہوگیا جو وینٹی لیٹرز خود تیار کر رہے ہیں، وینٹی لیٹرز کی تیاری کا مرحلہ پیچیدہ عمل ہے، ہمارے انجینیئرز نے کمال کر دکھایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مقامی سطح پر وینٹی لیٹر کی تیاری کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہو گیا جو وینٹی لیٹرز خود تیار کر رہے ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وینٹی لیٹرز کی تیاری کا مرحلہ ایک پیچیدہ عمل ہے، بہت سے ممالک یہ پیچیدہ مشینیں بنانے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ ہمارے انجینیئرز نے کمال کر دکھایا، وینٹی لیٹرز کا پہلا بیچ تیار ہو چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے 8 سے 10 وینٹی لیٹرز نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حوالے کر دیے جائیں گے، مزید 3 ڈیزائنز پر کام جاری ہے اور پروڈکشن آخری مرحلے میں ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نہ صرف خود اپنی ضرورت پوری کرے گا بلکہ وینٹی لیٹرز ایکسپورٹ بھی ہوں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں بنے وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ تیار ہوگئی ہے جو رواں ہفتے این ڈی ایم اے کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ آئندہ 3 ڈیزائن بھی آخری مراحل میں ہیں، تمام مشینیں یورپی معیار کے مطابق ہیں۔

  • ذہنی امراض کو اجاگر کرنے کے لیے صبا قمر کا منفرد انداز

    ذہنی امراض کو اجاگر کرنے کے لیے صبا قمر کا منفرد انداز

    کراچی: معروف اداکارہ صبا قمر نے اپنی نئی ویڈیو میں ذہنی امراض اور اس کے بارے میں معاشرے کے رویے کو منفرد انداز سے اجاگر کیا ہے جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    صبا قمر نے حال ہی میں اپنا یوٹیوب چینل شروع کیا ہے جس میں انہوں نے چند ہی ویڈیوز پوسٹ کی ہیں تاہم ان ویڈیوز کے منفرد موضوعات کی وجہ سے انہیں بہت پسند کیا جارہا ہے۔

    اب وہ اپنی نئی ویڈیو میں نہایت تخلیقی انداز میں ڈپریشن اور سماجی رویوں کو اجاگر کرتی نظر آئیں۔

    اپنی ویڈیو میں صبا نے لوگوں کی شکل و صورت اور جسمانی ساخت کو موضوع گفتگو یا مذاق بنا لینے پر بات کی۔ انہوں نے ڈپریشن کے ہاتھوں زندگی ہار جانے والے افراد انعم تنولی، روشان فرخ اور بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کا بھی ذکر کیا۔

    انہوں نے بار بار سوال اٹھایا کہ ہم کب تک لوگوں کے ظاہر کو مذاق کا نشانہ بنا کر انہیں تکلیف میں مبتلا کرتے رہیں گے، یہ جانے بغیر کہ ہمارے لفظ اس شخص کو کتنی تکلیف میں مبتلا کردیتے ہیں۔

    انہوں نے اس بات پر بھی تنقید کی کہ کیوں کسی کی زندگی میں دخل اندازی کی جاتی ہے اور لوگوں کو اپنی جاگیر سمجھا جاتا ہے، ہم لوگوں کو سائیکو، ملنگ، پاگل جیسے الفاظ سے پکارتے ہیں لیکن ان کی مدد نہیں کرتے۔

    صبا نے کہا کہ ہم بچپن سے ہی پڑھتے آئے ہیں کہ کسی کو حقیر مت جانو، کسی کو نفرت سے نہ دیکھو لیکن ہم نے اس پر کبھی عمل نہیں کیا، کیونکہ یہ نفرت ہماری تربیت میں شامل ہے، ہمیں اپنے گھر سے ہی نفرت کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔

    صبا قمر کی نئی ویڈیو کو ان کے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

  • کرونا وائرس کے حوالے سے ہمارے ہاں عوامی تعاون کا فقدان دکھائی دے رہا ہے: وزیر خارجہ

    کرونا وائرس کے حوالے سے ہمارے ہاں عوامی تعاون کا فقدان دکھائی دے رہا ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ہمارے لوگ صورتحال کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، ہمارے ہاں عوامی تعاون کا فقدان دکھائی دے رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کو اس وقت ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے، حکومت جو ہدایات دے رہی ہے وہ آپ کی بہتری کے لیے ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بہت سے یورپی ممالک کی صورتحال عدم احتیاط سے تشویشناک ہے۔ اٹلی، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور امریکا کی صورتحال آپ کے سامنے ہے۔ کل میری جرمن وزیر خارجہ سے بات ہوئی۔ جرمن وزیر خارجہ نے بتایا 20 ہزار سے زائد لوگ وبا کا شکار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں انتہائی محتاط رویہ اختیار کرنا ہوگا، سماجی اور معاشرتی فاصلہ ہی اس وبا سے بچاؤ کا واحد راستہ ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اپیل کی تھی 3 دن از خود آئسولیشن کریں۔ لوگوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کی اپیل کو بھی سنجیدگی سے نہیں لیا، سکھر میں لوگ قرنطینہ سینٹر سے احتجاج کرتے باہر آگئے۔

    وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے ابھی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، وزیر اعظم روزانہ صورتحال کا جائزہ لے کر اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔ ہم صوبوں سے الگ نہیں، ہمیں قومی پالیسی کو اپنانا ہے۔ بدقسمتی سے لوگ صورتحال کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، بعض اوقات پڑھے لکھے لوگوں کا ردعمل بھی ایسا نہیں جو آنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ چین سے ہم نے یہی سیکھا ہے ایک مربوط حکمت عملی ضروری ہے، چین نے نمٹنے کے لیے ٹارگٹڈ اپروچ اپنائی مگر وہ عوام کے تعاون سے پروان چڑھی، ہمارے ہاں عوامی تعاون کا فقدان دکھائی دے رہا ہے۔ یہ اس صدی کا سب سے بڑا وبائی چیلنج ہے۔ 12 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں، 188 ممالک متاثر ہیں معمولی بات نہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دوحہ، ابو ظہبی، روم و دیگر جگہوں پر ہمارے لوگ پھنسے ہوئے ہیں، اس وقت 2 لاکھ لوگ پاکستان آنا چاہتے ہیں، ہمارے پاس اتنی سہولتیں نہیں کہ اتنے لوگوں کو قرنطینہ کر سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ آج چین میں مقیم پاکستانی طلبا بھی ہمارے فیصلے کی داد دے رہے ہیں، پاکستانی طلبا سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے تجربات شیئر کر رہے ہیں۔ پاکستان علما کونسل نے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے۔ علما نے لوگوں سے کہا ہے عبادت کریں مگر احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔

  • اسلام کے احکامات پر عمل کیا جائے تو ہر دن خواتین کا دن ہے: نیلم منیر

    اسلام کے احکامات پر عمل کیا جائے تو ہر دن خواتین کا دن ہے: نیلم منیر

    معروف اداکارہ نیلم منیر نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ اگر اسلام کے احکامات پر عمل کیا جائے تو ہر دن خواتین کا دن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ نیلم منیر نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ڈوپٹہ اوڑھے ہوئے خوبصورت تصویر شیئر کی۔

    اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میرے لیے ہر دن عورت کا دن ہے، اگر ہم اسلام کے احکامات پر عمل کریں۔

    نیلم منیر کا کہنا تھا کہ یہ وہ دن ہے جب ہمیں ان خواتین کی کامیابی کو منانا چاہیئے جنہوں نے اپنی زندگی کی تمام مشکلات پر قابو پایا۔

    انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ہمارا معاشرہ اسلام کی صحیح روح کو سمجھے اور خواتین کو وہ تمام حقوق فراہم کرے جو اسلام نے انہیں دیے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز خواتین کا عالمی دن منایا گیا، اس موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین نے مارچ کر کے ایک ہونے کا ثبوت دیا۔