Tag: MESSAGE

  • مقبوضہ کشمیر کا لاک ڈاؤن عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے: وزیر خارجہ

    مقبوضہ کشمیر کا لاک ڈاؤن عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کا ایک بھی مزید لمحہ عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے، پاکستان کا پختہ عزم ہے، استصواب رائے کے حصول تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کے 5 اگست کے اقدامات اقوام متحدہ قرارداوں کی خلاف ورزی ہے، بھارت نے خود اپنے دستور کی پامالی کا بھی ارتکاب کیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیروں کی شناخت اور کشمیریات کے تصور کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، عالمی برادری سمیت سب ظلم کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے لیے تمام بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، اقوام متحدہ اور دنیا کے بڑے ممالک نے بھارت کی مذمت کی۔ سلامتی کونسل نے 6 ماہ میں 3 بارمقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر غور کیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن پر ایک بھی مزید لمحہ عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے، عالمی برادری انسانی حقوق کے تحفظ کی حمایت میں ٹھوس کردار ادا کرے۔

    انہوں نے کہا کہ یو این فیکٹ فائنڈنگ مشن کو زیر قبضہ جموں و کشمیر جانے کی اجازت دے تاکہ انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے حقائق کو وہ بذات خود جان سکیں۔ بھارت چھپانا نہیں چاہتا تو عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے اس پختہ عزم کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کرنا چاہتا ہوں، استصواب رائے کے حصول تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

  • بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر قیدی بنا رکھا ہے: وزیر اعظم

    بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر قیدی بنا رکھا ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر قیدی بنا رکھا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ اور غیر قانونی اقدام ختم کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا دن ہے، بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر قیدی بنا رکھا ہے، کشمیریوں پر ظلم و جبر نے بھارتی حکومت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ اور غیر قانونی اقدام ختم کرے، بھارت زیر حراست کشمیریوں اور حریت رہنماؤں کو رہا کرے۔ کشمیریوں کو 6 ماہ سے غیر انسانی لاک ڈاؤن کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کشمیری عوام پر لگائی گئی طویل پابندیوں کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان، عالمی برادری اور امت مسلمہ نے بھارت کے نظام قانون کو مسترد کیا۔ تاریخ میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی چند مثالیں ہی موجود ہیں۔ ہزاروں بے گناہ افراد کو زبردستی حراست میں لیا گیا۔ ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر قید کردیا گیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کا حقیقی مظہر ہیں۔ عالمی برادری، میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی کارروائیوں کی مذمت کر رہی ہیں۔ ہندوستان انسانی حقوق کی پامالی کرنے والے ملک کے طور پر بے نقاب ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے، آج کے دن کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی جائیں گی اور تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

    یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر اور جارحیت مسلط کیے ہوئے ہے۔ کشمیریوں کے حقوق غصب کر کے طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جا رہا ہے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ وادی کشمیر کو جیل میں تبدیل کر کے لاکھوں کشمیریوں کو قید کر دیا گیا ہے، کشمیری اقوام متحدہ سے اپنا حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں۔ مرد، خواتین، بوڑھے اور بچے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔ پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں۔

  • جدوجہد آزادی میں کشمیری اکیلے نہیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں: آرمی چیف کا پیغام

    جدوجہد آزادی میں کشمیری اکیلے نہیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں: آرمی چیف کا پیغام

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ آزادی کی جدوجہد میں کشمیری اکیلے نہیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصان کے پیش نظر صبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر اور جارحیت مسلط کیے ہوئے ہے۔ کشمیریوں کے حقوق غصب کر کے طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جا رہا ہے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ وادی کشمیر کو جیل میں تبدیل کر کے لاکھوں کشمیریوں کو قید کر دیا گیا ہے، کشمیری اقوام متحدہ سے اپنا حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں۔ مرد، خواتین، بوڑھے اور بچے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہندوستانی جبر کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں کو سلام، اس جدوجہد میں کشمیری اکیلے نہیں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔ پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں کر رہی ہیں، جان بوجھ کر آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ جوانوں اور شہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد آزادی کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں مستعد ہے، پاک فوج ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور استعداد رکھتی ہے۔ امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصان کے پیش نظر صبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

  • بھارتی قیادت نہرو کا کشمیریوں کے ساتھ کیا وعدہ پورا کرے: وزیر اعظم آزاد کشمیر

    بھارتی قیادت نہرو کا کشمیریوں کے ساتھ کیا وعدہ پورا کرے: وزیر اعظم آزاد کشمیر

    مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ ہندوستان اپنے شیطانی مقاصد سے باز آجائے، بھارتی قیادت نہرو کا کشمیریوں کے ساتھ کیا گیا وعدہ پورا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں لوگ آج یوم یکجہتی کشمیر منا رہے ہیں، یہ دن مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ حکومت پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

    راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام مظلوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑے ہیں، کشمیری خود کو اکیلا نہ سمجھیں۔ 5 اگست کے بھارتی اقدام کو ریاست کے عوام نے مسترد کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو 9 لاکھ بھارتی فوج کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں، کامل یقین ہے ہماری جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ ہندوستان اپنے شیطانی مقاصد سے باز آجائے۔ بھارتی قیادت نہرو کا کشمیریوں کے ساتھ کیا گیا وعدہ پورا کرے۔

    راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارتی یکطرفہ اقدامات سے اقوام متحدہ کی قراردادیں پرانی نہیں ہوں گی، انشا اللہ فتح حق کی ہوگی۔

    خیال رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے، آج کے دن کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی جائیں گی اور تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

    یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر قیدی بنا رکھا ہے، بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ اور غیر قانونی اقدام ختم کرے، بھارت زیر حراست کشمیریوں اور حریت رہنماؤں کو رہا کرے۔

  • شہید بینظیر بھٹو کا مشن مکمل ہونے تک جدوجہد جاری رکھوں گا: بلاول بھٹو

    شہید بینظیر بھٹو کا مشن مکمل ہونے تک جدوجہد جاری رکھوں گا: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو کا مشن مکمل ہونے تک جدوجہد جاری رکھوں گا، تاریخ شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ شہید بینظیر بھٹو کی برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو وفاقی پاکستان کی سب سے مضبوط زنجیر تھیں۔ بینظیر کے قاتلوں نے درحقیقت اس زنجیر کو توڑنے کی سازش کی تھی۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر سازشیوں کے عزائم کو ناکام بنایا تھا، عوام بہادر قائد کو ہمیشہ یاد رکھیں گے جس نے سب کچھ قربان کر دیا۔ شہید بینظیر بھٹو نظریات کے لیے بڑی بہادری سے لڑیں۔ انہوں نے جیالوں کو متحد کیا اور آمر ضیا کے خلاف جدوجہد کی قیادت کی۔

    انہوں نے کہا کہ نظریات کی خاطر ہی ذوالفقار بھٹو نے پھانسی کا پھندہ گلے لگایا تھا۔ شہید بینظیر بھٹو کو قید تنہائی اور جلا وطنی کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں۔ انہوں نے آمریت کو شکست سے ہمکنار کیا۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے وزیر اعظم بننے کے بعد سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ بطور وزیر اعظم ملک و عوام کے لیے ترقیاتی پروگرامز شروع کیے۔ صحت، تعلیم، غربت کے خاتمے، خواتین کی بہبود اور دفاع جیسے پروگرامز کا آغاز کیا۔ بیلسٹک میزائل پروگرام نے ہمارے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ وہی جوہری پروگرام جس کی بنیاد شہید بھٹو نے عدالتی قتل سے پہلے رکھی تھی۔

    بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو کا مشن مکمل ہونے تک جدوجہد جاری رکھوں گا، تاریخ شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

  • پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کے لیے متعدد ٹھوس اقدامات کیے ہیں: عثمان بزدار

    پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کے لیے متعدد ٹھوس اقدامات کیے ہیں: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کے لیے متعدد ٹھوس اقدامات کیے ہیں، ملازمتوں میں خصوصی افراد کے کوٹے پر عملدر آمد یقینی بنایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خصوصی افراد کے حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ خصوصی افراد نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کے لیے متعدد ٹھوس اقدامات کیے ہیں، خصوصی تعلیم کے 4 نئے ادارے تعمیر اور 8 اداروں کو اپ گریڈ کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے لیے 9 کروڑ روپے سے 14 نئی بسیں فراہم کی گئیں۔ ملازمتوں میں خصوصی افراد کے کوٹے پر عملدر آمد یقینی بنایا گیا ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عدم استحکام کی سازشیں کرنے والوں کے عزائم پورے نہیں ہوں گے، وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان کو کرپشن سے پاک کریں گے۔

  • بچوں کو بہتر تعلیم و علاج کی سہولتیں دینا ریاست کی ذمے داری ہے: بلاول بھٹو

    بچوں کو بہتر تعلیم و علاج کی سہولتیں دینا ریاست کی ذمے داری ہے: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بچوں کو بہتر تعلیم و علاج کی سہولتیں دینا ریاست کی ذمے داری ہے، پاکستانی بچے بہت سی سہولتوں سے محروم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ انسانوں کا سب سے قیمتی اثاثہ بچے ہوتے ہیں، بچوں کو بہتر تعلیم و علاج کی سہولتیں دینا ریاست کی ذمے داری ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستانی بچے بہت سی سہولتوں سے محروم ہیں، بہبود اطفال پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل رہے گی۔

    اس سے قبل ایک موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہر جیالے کا یہ کام ہے کہ وہ عام آدمی کے معیار زندگی کی بہتری کے لیے کام کرے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ جب تک آزاد جمہوریت نہیں ہوگی تو مسائل کا حل کیسے ممکن ہوگا، اسمبلیوں میں عوامی نمائندے نہیں ہوں گے تو مسائل کیسے حل ہوں گے۔

    بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو آئین دیا ہے، ان کو اپنے ہی ملک کی عدالتوں نے تختہ دار پر لٹکا دیا، شہید بینظیر بھٹو کو بھی انصاف نہ ملے تو عام آدمی کہاں جائے گا۔

  • کربلا کی طرح کشمیر بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال ہے: وزیر اعظم

    کربلا کی طرح کشمیر بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کربلا کی طرح کشمیر بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال ہے۔ کشمیریوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنت امام حسینؓ کو زندہ رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج حرمت والے مہینے محرم الحرام کی 10 تاریخ ہے، دنیا بھر کے مسلمان حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی کی یاد تازہ کرتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ تاریخ اسلام میں یوم عاشور کی الگ اور خاص اہمیت ہے۔ یہ رفعت و بلندی امام عالی مقام کی شہادت اور واقعہ کربلا کی بدولت حاصل ہوئی۔ کربلا کا معرکہ یاد دلاتا ہے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جاسکتا۔ بچوں جوان بیٹوں اور بھائیوں کو راہ خدا میں نچھاور کرنا سر بلندی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جذبہ شبیری ایمان و یقین، سچائی اور اصول پرستی کی روایت کو جلا بخشتا ہے۔ واقعہ کربلا اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی آبیاری کا سر چشمہ ہے۔ میرے نزدیک اسوہ حسینؓ کا پیغام ہر قلب سلیم کے لیے ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انسان جان جان آفریں کے سپرد کر کے قرآن کے الفاظ کی عملی تصویر بن جائے، قرآن میں ہے کہ اے نفس مطمئنہ اپنے رب کی طرف لوٹ آ کہ تو اس سے راضی ہو۔ جذبے سے سرشار ہو کر ہی ہم اقوام عالم میں قابل ذکر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر میں بھارتی سامراج سے برسرِ پیکار عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنت امام حسینؓ کو زندہ رکھا۔ کربلا کی طرح کشمیر بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال ہے۔

  • کشمیر میں مظالم کی نئی لہر سے یوم عاشور کی اہمیت مزید بڑھ گئی: بلاول بھٹو

    کشمیر میں مظالم کی نئی لہر سے یوم عاشور کی اہمیت مزید بڑھ گئی: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ امام حسینؓ کی پیروی کر کے ناانصافی اور ظلم کے خلاف کامیابی سے ہمکنار ہوں گے، آج کے دن ہم کربلا کے شہدا کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور کا درس ہے ظلم و جبر اور جھوٹ کے خلاف مزاحمت کرنی چاہیئے، مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی نئی لہر سے یوم عاشور کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ کی پیروی کر کے ناانصافی اور ظلم کے خلاف کامیابی سے ہمکنار ہوں گے، جبر کرنے والے انتہا پسند غلط تصورات کو مذہب سے جوڑتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو متعصب اور جنونیوں کے عزائم سے خبردار رہنا چاہیئے، جب ظلم کسی بھی شکل میں سر اٹھائے تو اسے جذبے سے مٹانا چاہیئے۔ آج کے دن ہم کربلا کے شہدا کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

    اس سے قبل انہوں نے گلگت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مودی سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھے، خود ہی حقیقت سامنے آجائے گی۔ میں گجرات کے قسائی سے کہتا ہوں، اگر تم جہموری لیڈر ہو تو سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھو۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مودی تم لاکھوں مسلمانوں کے قاتل ہو، گرفتار کشمیریوں کو رہا کرو، احتجاج ان کا حق ہے۔ تاریخ تمہیں مودی قاتل کے نام سے ہی یاد رکھے گی۔

  • عام آدمی کو انصاف مہیا کرنا ہمارا نصب العین ہے: عثمان بزدار

    عام آدمی کو انصاف مہیا کرنا ہمارا نصب العین ہے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ معاشرے میں ہر فرد کو انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمے داری ہے۔ عام آدمی کو انصاف مہیا کرنا ہمارا نصب العین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عالمی یوم انصاف کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کسی بھی ریاست کی بنیاد انصاف پر ہوتی ہے، انصاف کرنے والی اقوام ہی عالم میں اپنا مقام بناتی ہیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی سماجی و معاشی ترقی انصاف سے جڑی ہے، معاشرے میں ہر فرد کو انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمے داری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی کو انصاف مہیا کرنا ہمارا نصب العین ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر طبقے کی زندگی میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ مشکل وقت ختم ہونے کو اور اچھا وقت دستک دے رہا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ادارے خود مختار ہیں، احتساب بلا امتیاز ہو رہا ہے۔