Tag: MESSAGE

  • تیل بردار جہازوں پر حملہ کر کے ایران نے پیغام دیا ہے، سعودی عرب

    تیل بردار جہازوں پر حملہ کر کے ایران نے پیغام دیا ہے، سعودی عرب

    نیویارک/ریاض : اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبداللہ العلمی کا کہنا ہے کہ ’یہ بات خارج از امکان نہیں کہ امریکا کے پاس حملے میں ملوث افراد سے متعلق معلومات ہوں‘۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں تعینات سعودی سفیر عبداللہ المعلمی کا کہنا ہے کہ ایران نے اماراتی سمندری حدود سے پرے چار بحری تیل بردار ٹینکروں پر حملہ کر کے معنی خیز پیغام پہنچانے کی کوشش کی، تاہم ایران جنگ میں دلچسپی نہیں رکھتا۔

    عرب ٹی وی کے مطابق ایک انٹرویو میں عبداللہ المعلمی نے کہا کہ سعودی عرب کو اس بات کا یقین ہے کہ فجیرہ کے نزدیک بین الاقوامی سمندر میں جہازوں پر حملے میں ایران ملوث ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات خارج از امکان نہیں کہ امریکا کے پاس حملے میں ملوث افراد سے متعلق معلومات ہوں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایران نے حملہ کے ذریعے پیغام دینے کی کوشش کی۔۔۔ تہران جنگ نہیں چاہتا ہے۔

    ادھر اقوام متحدہ میں اس واقعہ سے متعلق پیش کردہ رپورٹ میں حملے کے فنی پہلووں پر بات کی گئی ہے، اس کے سیاسی مضمرات رپورٹ کا حصہ نہیں تھے۔

    امریکا نے ایران کے ساتھ مذاکرات کیلئے 12 شرائط عائد کر دیں

    واضح رہے کہ ایران کے جوہری توانائی معاہدے کی بعض شقوں سے دستبردار ہونے اور خلیجی ممالک سے تیل کی سپلائی روکنے کی دھمکی دینے کے بعد 12 مئی کو خلیج عمان میں 4 تیل بردار بحری جہازوں پر حملہ کیا گیا تھا جن میں سے دو سعودی جہاز تھے تاہم ایران نے اس حملے میں ملوث ہونے کے الزام کو مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔

  • ذوالفقار علی بھٹو کی 91 ویں سالگرہ پر بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا پیغام

    ذوالفقار علی بھٹو کی 91 ویں سالگرہ پر بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا پیغام

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 91 ویں سالگرہ کے موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 91 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہید بھٹو کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

    بلاول بھٹو ذوالفقار بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید بھٹو کے نظریے پر کاربند رہنا میرا نصب العین ہے، جوہری پروگرام کی بنیاد شہید بھٹو نے رکھی تھی۔ شہید بھٹو نے ملک میں معاشی انقلاب برپا کیا۔

    سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے پر ثابت قدم ہیں، قائد عوام نے کچلے ہوئے طبقات کو طاقت دی۔ بھٹو نے عوام کو عزت اور وقار سے جینے کا ڈھنگ سکھایا۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ قائد عوام نے ملک کی دوبارہ تعمیر کی۔ پیپلز پارٹی قائد عوام کے ہر خواب کی تعبیر کرے گی۔ پیپلز پارٹی جمہوریت کمزور کرنے والوں کے سامنے مضبوط رکاوٹ ہے۔

  • معذوروں کو بااختیار بنانے اور رکاوٹیں ہٹانے کا بل تیار ہے، وزیراعظم عمران خان

    معذوروں کو بااختیار بنانے اور رکاوٹیں ہٹانے کا بل تیار ہے، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا معذروں کے عالمی دن پر اس عزم کو دہراتے ہیں کہ معذور افراد کو تعلیم اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے، معذوروں کو با اختیار بنانے کا بل تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معذور افراد کے عالمی دن پر وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی وہب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ معذروں کے عالمی دن پراپنی حکومت کے اس عزم کو دہراتے ہیں کہ معذورافراد کو تعلیم اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے، معذور افراد کو بااختیار بنانے اور تمام رکاوٹیں ختم کرنے کے لئے بل تیار ہے۔

    خیال رہے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج معذورافراد کا دن منایا جارہا ہے ، اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا مقصد معذور افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انھیں کسی بھی طرح کے احساس کمتری کا شکار ہونے سے بچا کر ان کو زندگی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔

    معذور افراد کے عالمی دن کو منانے کا آغاز انیس سو بانوے میں معذور افراد کی داد رسی کے لئے اقوام متحدہ میں قرارداد پاس کرکے کیا گیا۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق دنیا میں اس وقت چھ سو ملین افراد معذور ہیں یعنی دنیا میں ہر دس میں ایک شخص معذور ہے۔ ترقی پزیر ممالک میں اسی سے نوے فیصد خصوصی افراد کو زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع میسر نہیں، جب کہ ترقی یافتہ ممالک میں اس کا تناسب پچاس سے ستر فیصد ہے جبکہ ان میں سے اسی فیصد کا تعلق ترقی پزیر ممالک سے ہے۔

  • آئیں نئی قیادت کے سائے تلے متحد ہو جائیں: خاتون اول کا پیغام

    آئیں نئی قیادت کے سائے تلے متحد ہو جائیں: خاتون اول کا پیغام

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ آئیں نئی قیادت کے سائے تلے متحد ہو جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے عید الاضحیٰ پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اللہ پاکستان کو کامیابیاں، خوشیاں اورخوشحالی عطا فرمائے۔

    انہوں نے کہا کہ آئیں نئی قیادت کے سائے تلے متحد ہو جائیں۔

    بشریٰ بی بی کا مزید کہنا تھا کہ آئیں نئے پاکستان کے لیے پر امید رہیں۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان بشریٰ بی بی کے پاس روحانی رہنمائی کے لیے جایا کرتے تھے اور وہ ان سے اسی سال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

  • دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں دینے والے شہدا اور اہل خانہ کو سلام: آرمی چیف

    دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں دینے والے شہدا اور اہل خانہ کو سلام: آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں دینے والے شہدا اور اہل خانہ کو سلام، بہادری سے لڑ کر دہشت گردی کا شکار افراد اور خاندان والوں کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دہشت گردی سے متاثر ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے بہادری اور کامیابی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے متحد ہو کر دہشت گردی کو شکست دی۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں دینے والے شہدا اور اہل خانہ کو سلام، ملک دشمن عناصر کو ہر صورت میں شکست دے کر دم لیں گے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، تمام فورسز کی امن و استحکام کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دیرپا امن اور سلامتی کے لیے تمام قوتوں کی حمایت کرتا ہے، بہادری سے لڑ کر دہشت گردی کا شکار افراد اور خاندان والوں کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کو اندھیروں میں جھونکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف لڑیں گے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم کے عزم اور حوصلے کے ساتھ مخالف قوتوں کو شکست دیں گے، دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے جس سے مل کر لڑنا ہوگا۔ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے ناسور کا شکار رہا ہے۔

  • اللہ پاکستان کوسلامت رکھے،ترکی  پاکستان دوستی زندہ باد،ترک سفیر

    اللہ پاکستان کوسلامت رکھے،ترکی پاکستان دوستی زندہ باد،ترک سفیر

    اسلام آباد : ترک سفیر احسان مصطفیٰ نے پاکستان کی جشن آزادی پر پیغام میں کہا ترک عوام پاکستانیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، اللہ پاکستان کوسلامت رکھے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 71 ویں جشن آزادی پر ترک سفیراحسان مصطفیٰ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اردوزبان میں ویڈیو پیغام میں پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔

    ترک سفیر نے کہا ترک عوام پاکستانیوں کی خوشیوں میں برابرکے شریک ہیں، اللہ پاکستان کو سلامت رکھے، ترکی پاکستان دوستی زندہ باد۔

    پاکستان بھرمیں آج 71 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس ، اکیس توپوں کی سلامی سے کیا گیا اور ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں کی گئی۔


    مزید پڑھیں : ملک بھرمیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے


    اسلام آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہوئی، جس میں صدر مملکت ممنون حسین اورنگران وزیراعظم جسٹس(ر)ناصر الملک نے سبز ہلالی پرچم لہرایا، پرچم فضا میں بلند ہوا تو شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا۔

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور جوانوں نے قومی پرچم کو سلامی دی۔

  • پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی ریاست بنا کردم لیں گے،سراج الحق

    پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی ریاست بنا کردم لیں گے،سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی ریاست بناکردم لیں گے، خوشی کے لمحات میں ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولنا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں میڈیا سے بات چیت میں جشن آزادی پر اپنے پیغام میں کہا
    پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی ریاست بنا کردم لیں گے۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک کوآئی ایم ایف اورورلڈ بینک سے آزادی دلانا ضروری ہے، پاکستان میں کرپشن کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ خوشی کے لمحات میں ہمیں اپنےکشمیری بھائیوں کو نہیں بھولنا، سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ملک کے مستقبل اور ترقی کے لیے ایک ہیں۔


    مزید پڑھیں : ملک بھرمیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے


    گذشتہ روز امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اراکین قومی اسمبلی کی حلف برداری کا خیر مقدم کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ متحدہ مجلس عمل اصولوں کی سیاست کرے گی۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی ڈکٹیشن کا حصہ نہیں بنیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ھاندلی کے الزامات کی سیاست کو یوم آزادی کے ساتھ نہیں جوڑا جاسکتا، یوم آزادی بھر پور طریقے سے منائیں گے۔

    یاد رہے ملک بھر میں اکہتر واں یوم آزادی ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے، یوم جشن آزادی کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس ، اکیس توپوں کی سلامی سے کیا گیا اور ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں کی گئی۔

  • سندھ اورکراچی کےعوام گھروں سےنکلیں، مزار قائد پہنچیں، عمران خان

    سندھ اورکراچی کےعوام گھروں سےنکلیں، مزار قائد پہنچیں، عمران خان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپیل کی سندھ اورکراچی کےعوام گھروں سے نکلیں، مزار قائد پہنچیں، سب سے زیادہ تباہی پاکستان میں سندھ کی ہوئی، مزار قائد پر اس دلدل سے نکلنے کا حل قوم کوبتاؤں گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 22 جولائی کو مزار قائد پر جلسے سے متعلق ویڈیو پیغام میں سندھ خصوصاً کراچی کے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا اتوار کی شام کراچی میں عظیم جلسہ عام منعقد کریں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ تباہی پاکستان میں سندھ کی ہوئی، سندھ کے ادارے بری طرح برباد کئے گئے اور صوبے کے وسائل نہایت بے دردی سے لوٹے گئے۔

    ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ سندھ کی 75فیصد آبادی خط غربت سے نیچے سسک رہی ہے، تھر پارکر میں 87 فیصد لوگ خط غربت سے نیچے ہیں، صوبہ کھنڈراورگندگی کاڈھیر بن چکا ہے۔

    سربراہ تحریک انصاف نے اپیل کی سندھ اورکراچی کےعوام گھروں سے نکلیں، مزار قائد پہنچیں، 22 جولائی کو مزارقائد پر اس دلدل سے نکلنے کا حل قوم کوبتاؤں گا۔


    مزید پڑھیں :  عمران آج بہاولپوراورملتان میں جلسہ عام سےخطاب کریں گے


    خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان آج بہاولپور اورملتان میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔

    گزشتہ روزلاہور میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئےپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ میرا دل کہہ رہا ہے ایک ہی گیند سے آصف زرداری اور شہباز شریف کی وکٹیں گریں گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو ہمیشہ کے لیے ان کی سیاست اور ظلم کا خاتمہ ہوجائے گا، آپ کی کپتانی کر رہا ہوں، ہمیں چوروں کو شکست دینی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • محنت کشوں کا عالمی دن، صدر مملکت کا خصوصی پیغام

    محنت کشوں کا عالمی دن، صدر مملکت کا خصوصی پیغام

    اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ یکم مئی قومی ترقی کے لیے نیک نیتی سے کام کرنے کے عہد کا دن ہے اور آجر کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ وہ مزدوروں کے حقوق کی ادائیگی یقینی بنائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے جاری کردہ خصوصی پیغام میں کیا، ممنون حسین کا کہنا تھا کہ قومی ترقی میں محنت کشوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے، اور اس دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم قومی ترقی کے لیے نیک نیتی سے کام کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کے فرمان کے مطابق محنت کش اللہ کا دوست ہے، حدیث کے مطابق مزدور کا حق پسینہ خشک ہونے سے قبل ادا کرنا چاہیئے، اسلام نے محنت کشوں کو جو حقوق دیئے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔

    دنیا بھرمیں مزدوروں کا عالمی دن آج منایا جائے گا

    صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ مزدوروں کے لیے تمام حکومتی پالیسیاں اسلام کے سنہری اصول پر استوار ہیں اور حالیہ بجٹ میں محنت کشوں کے معاوضوں میں معقول اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ یکم مئی مزدوروں کا عالمی دن ہے، یہ دن منانے کا مقصد مزدوروں، محنت کشوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے آواز اٹھانا ہے۔

    یہ دن 1886 میں شکاگو کے مقام پر مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہونے والے احتجاج کا نتیجہ ہے، اس موقع پر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیاں منعقد ہوتی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ’ہمارا پاکستان، پیارا پاکستان‘ وزرائے اعلیٰ یک زبان

    ’ہمارا پاکستان، پیارا پاکستان‘ وزرائے اعلیٰ یک زبان

    راولپنڈی: یوم پاکستان 23 مارچ کی مناسبت سے پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے حب الوطنی سے سرشار نغمے ’امن کا نشان ، ہمارا پاکستان‘ کا ایک اور ٹریلر جاری کردیا جس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ نے مبارک باد کے پیغامات ریکارڈ کرائے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان (قرار داد پاکستان) کی نسبت سے رواں سال بھی 23 مارچ کو سرکاری سطح پر شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا، اس ضمن میں ملک بھر میں جذبہ حب الوطنی سے سرشار تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ پریڈ گراؤنڈ میں چاروں مسلح افواج کے دستے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کریں گے۔

    جہاں ایک طرف اسلام آباد میں پریڈ کی ریہرسل جاری ہیں وہیں قوم کے جذبے کو مزید بڑھانے کے لیے پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے نئے نغمے ’امن کا نشان، ہمارا پاکستان‘ کی مختلف ویڈیوز حصوں میں ریلیز کی جارہی ہیں جنہیں دیکھ کر قوم کا وطن سے عقیدت و محبت کا والہانہ اظہار کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: یومِ پاکستان، پاکستانی خاتون نےملکی پرچم آسمانوں میں لہرا دیا

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم پاکستان کے حوالے سے بنائے جانے والے نغمے کی ویڈیو کا دوسرا حصہ جاری کیا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، شہباز شریف (پنجاب)، پرویز خٹک (خیبرپختونخواہ)، مراد علی شاہ (سندھ)، عبدالقدوس بزنجو (بلوچستان) کے علاوہ  گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کا پیغام شامل ہے۔

    چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے منتخب وزرائے اعلیٰ نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارک باد پیش کی اور وطن کی اہمیت و افادیت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاکہ ملک کی ترقی کے لیے ہم سب کو مل کر چلنا ہوگا۔

    قبل ازیں آئی ایس پی آر کی جانب سے نغمے کی پہلی ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں ملک کے نامور صحافیوں نے اپنے پیغامات ریکارڈ کرائے تھے، ان نامور صحافیوں میں اے آر وائی کے نامور صحافی ارشد شریف نے بھی وطن سے محبت کا اظہار کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔