Tag: Mexico

  • تیز ہواؤں نے اسٹیج پر قیامت ڈھا دی، 9 ہلاک، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    تیز ہواؤں نے اسٹیج پر قیامت ڈھا دی، 9 ہلاک، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    میکسیکو میں انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ ایک ریلی کے دوران اچانک اسٹیج پر قیامت ٹوٹ پڑی، حادثے میں ایک بچے سمیت 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسکو میں انتخابی ریلی کے دوران تیز ہواؤں کے باعث اچانک اسٹیج گر گیا، نو افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تاہم اسٹیج پر تقریر کرنے والے صدارتی امیدوار جارج الواریز مائنیز بال بال بچ گئے۔

    یہ حادثہ شمالی میکسیکو کے شہر سان پیڈرو گارزا گارسیا میں بدھ کے روز پیش آیا، جہاں اسٹیج پر صدارتی امیدوار خطاب کر رہے تھے کہ اچانک تیز ہوا کے باعث بڑی اسکرین اسٹیج پر گری، اور اس کے باعث اسٹیج تباہ ہو گیا۔

    حادثے میں 50 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں، جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں اسٹیج پر اسکرین گرتے دیکھا جا سکتا ہے جس سے کہرام مچ گیا اور لوگ چیخ و پکار کرنے لگے۔

  • میکسیکو میں مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم، 19 افراد ہلاک

    میکسیکو میں مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم، 19 افراد ہلاک

    امریکی ریاست میکسیکو میں مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 19 افراد موقعے پر ہی ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق  میکسیکو کے شمالی ریاست سینالوا میں مسافر بس اور ٹرک میں خطرناک تصادم کے نتیجے میں 19 افراد موقعے پر ہی ہلاک جبکہ 18 افراد زخمی ہو گئے۔

    رپورٹ کے مطابق بس میں کل 37 افراد سوار تھے، پولیس نے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیات شروع کر دی ہیں۔

  • میکسیکو میں خواتین تارکین وطن کو لے جانے والا ٹرک ناگہانی حادثے کا شکار ہو گیا

    میکسیکو میں خواتین تارکین وطن کو لے جانے والا ٹرک ناگہانی حادثے کا شکار ہو گیا

    میکسیکو سٹی: شمالی امریکی ملک میکسیکو میں خواتین تارکین وطن کو ایک اور بڑا حادثہ پیش آیا ہے، ٹرک اچانک الٹنے سے کیوبا کے 10 تارکین وطن ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپاس میں ایک ہائی وے پر ٹرک الٹنے سے کم از کم 10 کیوبن تارکین وطن ہلاک ہو گئے، جو کارگو ٹرک میں چھپے ہوئے تھے۔

    مقامی سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ حادثہ گوئٹے مالا کی سرحد کے قریب پیش آیا، حادثے میں 25 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں، خوف ناک حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک کم سن بچہ بھی شامل تھا، جب کہ باقی تمام خواتین تھیں۔

    میکسیکو پولیس کے مطابق تارکینِ وطن سے بھرا ٹرک تیز رفتاری کے سبب موڑ کاٹتے ہوئے اُلٹ گیا تھا، کیوبا سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن غیر قانونی طریقے سے امریکا جانا چاہتے تھے۔

    نیشنل مائیگریشن انسٹی ٹیوٹ (INM) نے ایک بیان میں کہا کہ ٹرک اتنے لوگوں کو لے جانے کے لیے ڈیزائن نہیں کیا گیا تھا، جب کہ ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہو گیا۔ ایک ہفتے کے دوران خفیہ طور پر امریکا پہنچنے والے تارکین وطن کے ساتھ یہ دوسرا حادثہ ہے۔

    واضح رہے کہ میکسیکو میں تارکین وطن پر مشتمل سڑک حادثات بہت عام ہیں، جہاں بہت سے لوگ غیر قانونی اور خراب گاڑیوں میں میکسیکو سے گزرتے ہیں۔ چند قبل بھی تارکین وطن کو لے جانے والا ایک اور ٹرک الٹ گیا تھا جس میں 2 تارکین وطن ہلاک ہو گئے تھے۔ اگست کے آخری عشرے میں بھی ایک ٹرک الٹنے سے 16 تارکین وطن ہلاک ہوئے تھے۔ مختلف ممالک سے ہزاروں تارکین وطن میکسیکو کے راستے بسوں، ٹرالرز اور مال بردار ٹرینوں میں سفر کرتے ہیں تاکہ امریکا پہنچ سکیں۔

  • وائرل ویڈیو: پکنک پارٹی میں اچانک بھوکے ریچھ کی انٹری، ماں بیٹے کی حالت غیر

    وائرل ویڈیو: پکنک پارٹی میں اچانک بھوکے ریچھ کی انٹری، ماں بیٹے کی حالت غیر

    میکسیکو: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں ایک بھوکا ریچھ اچانک ایک فیملی کی پکنک پارٹی میں آ دھمکا اور دعوت اڑانے لگا۔

    ریچھ ایک جنگلی خوں خوار جانور ہے اور یہ انسان کو چیر پھاڑ کر رکھ دیتا ہے، لیکن آپ فیملی کے ساتھ کہیں پکنک منا رہے ہوں اور ایسے میں ایک کالا ریچھ کہیں سے آ دھمکے اور میز پر چڑھ کر آپ کا کھنا چٹ کرنے لگے، تو آپ کی کیا حالت ہوگی؟

    ایسی ہی حالت اس فیملی کی ہوئی جب ایک ریچھ میز پر چڑھ کر ان کا کھانا کھانے لگا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے بھوکے ریچھ کی انٹری پر ماں نے بیٹے کو لپٹا کر دم سادھ لیا ہے۔

    یہ واقعہ میکسیکو میں پیش آیا، جس میں بھوک سے نڈھال ریچھ پکنک منانے والی فیملی کا کھانا کھانے پہنچ گیا تھا، فیملی دَم سادھے بیٹھی رہی اور ریچھ پارٹی اڑاتا رہا، جب ریچھ کا پیٹ بھر گیا تو خاموشی سے جنگل کی طرف چلا گیا۔

  • میکسیکو پولیس نے شیطانی گڑیا ’چکی‘ کو ہتھکڑیاں پہنا دیں

    میکسیکو پولیس نے شیطانی گڑیا ’چکی‘ کو ہتھکڑیاں پہنا دیں

    میکسیکو سٹی: ڈراؤنی فلموں میں ناظرین کو اپنی دہشت کی اسیر بنانے والی شیطانی گڑیا ’چکی‘ حقیقت میں گرفت میں آ گئی، میکسیکو پولیس نے چکی کو گرفتار کر کے ہتھکڑیاں پہنا دیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چکی نامی خونی گڑیا قانون کی گرفت میں آ گئی، میکسیکو پولیس نے چکی کو گرفتار کر لیا ہے، نارنجی بالوں والی ڈراؤنی گڑیا چکی کو ہتھکڑیاں پہنا کر بطور ملزم تصویر بھی لی گئی۔

    گرفتاری کے وقت گڑیا کے کپڑوں میں ایک چاقو بھی چھپا ہوا تھا، گڑیا کے ساتھ ایک شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو مبینہ طور پر لوگوں کو ڈرانے اور پیسوں کا مطالبہ کرنے کے لیے اس خونی گڑیا کا استعمال کر رہا تھا۔

    گڑیا اور اس کے مالک پر امن و امان میں خلل اور دوسروں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ گڑیا کی گرفتاری کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں۔

    امریکا میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ چکی اور اس کے مالک کوبدھ کو شمالی میکسیکو کی ریاست کوہویلا کے ایک قصبے مونکلووا میں گرفتار کر کے تھانے میں بند کیا گیا ہے، گڑیا کے مالک کی شناخت صرف کارلوس ’این‘ کے نام سے جاری کی گئی ہے، مقامی محکمہ پولیس کی ایک خاتون افسر کو اُس وقت ہنستے ہوئے دیکھا گیا جب اس نے چکی سے لیا ہوا لمبا چاقو اٹھایا۔

    دل چسپ امر یہ ہے کہ میکسیکن میڈیا کے مطابق چکی کو ہتھکڑیاں لگانے پر خاتون افسر کو بعد میں اس کی نوکری کو سنجیدگی سے نہ لینے پر سرزنش کی گئی، جب کہ کارلوس ’این‘ کو بعد میں رہا کردیا گیا، تاہم چکی گڑیا کا کیا گیا اس کا کوئی پتا نہیں چلا۔ خاتون افسر کا کہنا تھا کہ اس نے مقامی میڈیا کی درخواست پر گڑیا کو ہتھکڑی لگائی۔

  • میکسیکو میں اسقاط حمل غیر مجرمانہ عمل قرار

    میکسیکو میں اسقاط حمل غیر مجرمانہ عمل قرار

    میکسیکو: شمالی امریکی ملک میکسیکو میں سپریم کورٹ نے اسقاط حمل کو آئینی طور پر غیر مجرمانہ عمل قرار دے دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کی سپریم کورٹ نے بدھ کے روز ایک بڑے فیصلے میں ملک بھر میں اسقاط حمل کو غیر مجرمانہ عمل قرار دے دیا، اس سے قبل ریاستوں کو اسقاط حمل پر فیصلے کا اختیار حاصل تھا۔

    میکسیکو میں اسقاطِ حمل کرانے والی خواتین کو 3 برس قید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، تاہم اب سپریم کورٹ نے یہ حکومتی اقدام غیر آئینی قرار دے دیا، اور اسقاط حمل کو جرم قرار دینے والے وفاقی پینل کوڈ کو ختم کر دیا۔

    عدالت نے پینل کوڈ کو ’’غیر آئینی‘‘ قرار دیتے ہوئے ملک بھر کے تمام وفاقی صحت کے اداروں میں اسقاط حمل کو قانونی طور پر قابل رسائی بنا دیا۔ عدالتی حکم میں اس سلسلے میں دائیوں اور دیگر طبی خدمات فراہم کرنے والوں پر پابندی کا بھی خاتمہ کر دیا گیا۔

    امریکی سپریم کورٹ نے اسقاط حمل پر پابندی لگا دی

    میکسیکو کی سپریم کورٹ نے سب سے پہلے 2021 میں اسقاط حمل کو جرم قرار دینے کو غیر آئینی قرار دیا تھا، لیکن اس فیصلے کا اطلاق صرف ٹیکساس کی سرحد سے متصل ریاست کوہویلا پر ہوتا تھا۔

  • پارٹی میں اچانک طیارہ آ کر تباہ ہو گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    پارٹی میں اچانک طیارہ آ کر تباہ ہو گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    میکسیکو: شمالی امریکی ملک میکسیکو کے شہر سینالووا میں والدین بننے کی ایک اطلاعی پارٹی میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں پائلٹ کی جان چلی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 ستمبر کو میکسیکو کے علاقے سینالووا میں ایک خوش و خرم جوڑے نے اپنے خاندان اور دوستوں کو پارٹی میں بلا کر یہ انکشاف کرنا تھا کہ ہونے والا بچہ لڑکا ہوگا یا لڑکی، کہ اس سلسلے میں ان کا ہائر کردہ چھوٹا طیارہ ہول ناک حادثے کا شکار ہو گیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میاں بیوی خوشی سے نہال ہیں، اور ان کے سروں پر طیارے نے گلابی رنگ چھڑکا جس کا مطلب تھا کہ بچہ ایک لڑکی ہوگی، تاہم وہ بے خبر رہے کہ ان کے سروں پر سے گزر کر طیارے بھیانک حادثے کا شکار ہو گیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ میاں بیوی نے یہ جیٹ طیارہ کرائے پر لیا تھا جس نے پارٹی کے اوپر گلابی پاؤڈر کا چھڑکاؤ کرنا تھا، رنگ پھینکنے کے بعد پائپر طیارہ اچانک اوپر کی طرف بلند ہو گیا اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسی لمحے طیارے کا پر ٹوٹ کر جھولنے لگا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق طیارے میں صرف 32 سالہ پائلٹ لوئس اینجل این موجود تھا، جو حادثے کے بعد شدید زخمی حالت میں ملبے میں پڑا پایا گیا تھا، ایوی ایشن سیفٹی نیٹ ورک کے مطابق اسے اسپتال لے جایا گیا لیکن جاں بر نہ ہو سکا۔

    اس المناک لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

  • میکسیکو میں تارکین وطن کو لے جانے والی بس ٹریلر سے ٹکرا گئی، 16 ہلاک

    میکسیکو میں تارکین وطن کو لے جانے والی بس ٹریلر سے ٹکرا گئی، 16 ہلاک

    میکسیکو سٹی: میکسیکو میں تارکین وطن کو لے جانے والی ایک بس کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں 16 افراد ہلاک 36 زخمی ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی صبح وسطی میکسیکو میں ایک سڑک حادثے میں پندرہ میکسیکن اور ایک وینزویلا شہری ہلاک ہو گئے، حادثے میں بس ایک مال بردار ٹریلر سے ٹکرا گئی تھی۔

    مقامی حکام کے مطابق میکسیکو کی ہائی وے پر بس میں سفر کرنے والے 52 مسافروں میں وینزویلا کے 10 مسافر شامل تھے، جن کے پاس امریکا میں قانونی طور پر داخل ہونے کے سلسلے میں کاغذات موجود تھے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ وسطی میکسیکو کی اس ہائی وے پر پیش آیا ہے جسے اسمگلر تارکین وطن کی نقل و حمل کے لیے اکثر استعمال کرتے ہیں۔ جب تارکین وطن شمال کی طرف امریکا جاتے ہیں تو انھیں اکثر بس کے ذریعے گوئٹے مالا کے ساتھ میکسیکو کی جنوبی سرحد سے منتقل کیا جاتا ہے۔

  • میکسیکو میں ریت کا طوفان، شہر کی فضا سرخ ہو گئی

    میکسیکو میں ریت کا طوفان، شہر کی فضا سرخ ہو گئی

    سونورا: میکسیکو کی ریاست سونورا میں ریت کے طوفان نے تباہی مچا دی، تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے سے درخت اکھڑ گئے اور بجلی کے تاروں میں آگ بھڑک اٹھی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 20 جولائی کی شام کو میکسیکو کے علاقے سونورا میں اس وقت شہر کی فضا سرخ ہو گئی اور ہر شے گرد آلود ہو گئی، جب ایک دل دہلا دینے والے ریت کے طوفان نے اسے گھیر لیا۔

    سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریت کا طوفان کتنا ہولناک تھا، تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے سے درخت اکھڑ گئے، بجلی کے تاروں میں آگ لگنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، جب کہ گرد و غبار کے طوفان سے ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہوا۔

    سونورا میں طوفان کے بعد متعدد ہائی ویز کو بند کر دیا گیا، لوگوں کی نقل و حرکت رک گئی، ریت کا یہ طوفان سونورا کے دو شہروں گائماس اور ایمپلمے میں آیا، جس کی وجہ سے تقریباً 80 فی صد آبادی کی بجلی فراہمی کو متاثر کیا۔ طوفان نے ہائی وولٹیج کے کھمبوں، پبلک لائٹنگ کے کھمبوں اور ٹیلی فون کے کھمبوں کو بھی خاصا نقصان پہنچایا۔

  • میکسیکو : پہاڑی سے 6 مسخ شدہ لاشیں برآمد

    میکسیکو : پہاڑی سے 6 مسخ شدہ لاشیں برآمد

    کرنا واکا : میکسیکو میں ایک پہاڑی کی جانب جانے والے راستے میں ایک عورت سمیت 6 افراد کی مسخ شدہ لاشیں ملی ہیں، لاشیں ناقابل شناخت حالت میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے صوبہ موریلس میں کرنا واکا شہر میں واقع سانٹا کلارا پہاڑ کے راستے میں ایک عورت سمیت 6 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

    صوبائی اٹارنی جنرل دفتر کی تفتیش کے بعد لاشوں کو مقامی طبّی مرکز میں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے، مذکورہ لاشیں ناقابل شناخت حالت میں ہیں، واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    مقامی حکام کے مطابق لاشوں کے گمشدگی کی شکایت کے ساتھ پولیس کو مطلوب افراد کے حوالے سے اس واقعے کی تفتیش بھی کی جاسکتی ہے۔