Tag: Mexico

  • امریکی حکام نے شہریوں پر بڑی پابندی عائد کردی

    امریکی حکام نے شہریوں پر بڑی پابندی عائد کردی

    امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے حکام نے سکیورٹی وجوہات کے باعث امریکی شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ موسمِ بہار کی تعطیلات میں میکسیکو جانے سے حتی الامکان گریز کیا جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹیکساس محکمہ عوامی سلامتی نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ میکسیکو میں منشیات فروش جتھوں کی وجہ سے ہونے والے پُر تشدد واقعات اس ملک کی سیاحت کرنے والے ہر شخص کے لئے شدید خطرہ ہیں۔

    محکمہ عوامی سلامتی کے منتظم ‘سٹیو میک کراو’نے میکسیکو کے پُر تشدد واقعات اور منشیات فروش جتھوں کی کاروائیوں کی طرف توجہ مبذول کروائی اور کہا ہے کہ "ہم، لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ان دنوں میکسیکو کی سیاحت سے پرہیز کیا جائے”۔

    واضح رہے کہ مذکورہ وارننگ گذشتہ ہفتے میکسیکو میں داخل ہونے سے مختصر مدت کے بعد اغوا کیے گئے 4 امریکی شہریوں کے واقعے کے بعد دی گئی ہے۔ مذکورہ مغویوں میں سے 2 مردہ اور 2 زندہ امریکہ واپس لوٹے تھے۔

    علاوہ ازیں ملبوسات فروخت کرنے کے لئے میکسیکو جانے والی 3 امریکی عورتیں بھی گزشتہ 2 ہفتوں سے لاپتہ ہیں۔

  • خبرشائع ہونے کے اگلے روز صحافی کا لرزہ خیز قتل

    میکسیکو میں ایک اور صحافی سچ لکھنے کی پاداش میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، مسلح افراد نے اس کے دفتر کے باہر گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔

    اس حوالے سے غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صحافی ہیبر لوپیز واسکیز نے گزشتہ روز اپنے فیس بک پیج پر مقامی سیاستدان سے متعلق ایک خبر شیئر کی جس میں اس کے خلاف مالی بدعنوانی کے ثبوت بیان کیے گئے تھے۔

    پولیس کے مطابق جمعرات10 فروری کو غروب آفتاب کے وقت ایک سفید پک اپ میں دو افراد جنوبی میکسیکو میں ہیبر لوپیز واسکیز کے ریڈیو اسٹوڈیو کے سامنے آئے۔ ان میں ایک شخص دفتر میں داخل ہوا اور 42 سالہ صحافی کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

    ملزمان واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، مقتول لوپیز کے بھائی نے میڈیا کو بتایا کہ لوپیز کا 12 سالہ بیٹا آسکر جو اس کے ساتھ ہی تھا وہ موقع دیکھ کر دفتر میں چھپ گیا تھا جس کی وجہ سے وہ فائرنگ سے بچ گیا۔

    رپورٹ کے مطابق مقتول لوپیز واسکیز نے ایک روز قبل فیس بک پر ایک خبر شائع کی تھی جس میں مقامی سیاستدان ارمینڈا ایسپینوسا کارٹاس پر بدعنوانی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے سفید پک اپ میں سوار دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا، گرفتار شدگان میں ایک ملزم سیاست دان ایسپینوسا کا بھائی ہے۔

    واضح رہے کہ مقتول لوپیز میکسیکو کے ان 13 صحافیوں میں سے ایک ہیں جنہیں اپنی صحافتی خدمات کی وجہ سے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، سال 2022ملک میں میڈیا کارکنان کے لیے سب سے خطرناک سال تھا۔ اس طرح ملک میں سال 2000 سے لے کر اب تک ہلاک کئے جانے والے صحافیوں کی تعداد 130 تک پہنچ گئی ہے۔

  • ویڈیو: میکسیکن ڈان کے بیٹے کی گرفتاری کا آپریشن خوں ریز ثابت ہو گیا، 29 ہلاک

    میکسیکو سٹی: شمالی امریکی ملک میکسیکو میں جرائم کی دنیا کے ڈان کے بیٹے کی گرفتاری کا آپریشن ایک خوں ریز مہم میں بدل گیا، اور 29 افراد کی لاشیں گر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے حکام کا کہنا ہے کہ میکسیکو کے منشیات کے سرغنہ ایل چاپو کے بیٹے کی گرفتاری کے لیے کیے گئے خوں ریز آپریشن کے دوران کم از کم 29 افراد ہلاک ہو گئے۔

    ڈان کے 32 سالہ بیٹے اوویڈیو گوزمین لوپیز پر اپنے والد کے بدنام زمانہ سینالوا کارٹیل کے ایک دھڑے کے لیڈر ہونے کا الزام ہے، یہ کارٹیل دنیا میں منشیات کی اسمگلنگ کی سب سے بڑی تنظیموں میں سے ایک ہے، ڈان کا بیٹا کُلیاکن میں پکڑا گیا اور جمعرات کو میکسیکو سٹی لے جایا گیا۔

    تاہم گرفتاری کے دوران اور بعد میں 10 فوجی اور ڈان کے بیٹے کے 19 باڈی گارڈ مارے گئے، گینگ کے مشتعل ارکان نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں، درجنوں گاڑیوں کو آگ لگا دی اور مقامی ایئرپورٹ پر کھڑے طیاروں کو نقصان پہنچایا۔

    میکسیکو کے وزیر دفاع لوئس کریسینسیو سینڈوول نے جمعہ کو کہا کہ جھڑپوں میں 35 فوجی اہل کار زخمی اور 21 مسلح افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    گوزمین لوپیز ’دی ماؤس‘ یعنی ’چوہا‘ کی عرفیت سے مشہور ہے، اسے گرفتار کر کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لے جایا گیا۔

    واضح رہے کہ میکسیکو کے ڈان جوکین ایل چاپو گوزمین 2019 میں منشیات کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے جرم میں قصوروار پائے جانے کے بعد امریکا میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔

  • میکسیکو میں جیل پر مسلح افراد کا حملہ، اہل کاروں سمیت 14 ہلاک، متعدد قیدی فرار

    میکسیکو: مسلح افراد نے میکسیکو میں ایک جیل پر حملہ کر کے پولیس اہل کاروں سمیت 14 کو ہلاک کر دیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق میکسیکو کے سرحدی شہر واریز کی جیل پر مسلح افراد نے حملہ کیا، جس میں چودہ افراد ہلاک اور 24 قیدی جیل سے فرار ہو گئے۔

    جیل پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والوں میں 10 پولیس اہل کار اور 4 قیدی شامل ہیں، جب کہ 13 اس حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔

    چیہواہوا ریاست کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ حملہ آور مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے کئی بکتر بند گاڑیوں میں جیل پہنچے اور محافظوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

    مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ جیل کے اندر کچھ فسادی قیدیوں نے مختلف اشیا کو آگ بھی لگائی اور جیل کے محافظوں سے جھڑپ کی، پولیس کے مطابق 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ وہ حملہ آور تھے یا قیدی۔

    ریاستی پراسیکیوٹر کے دفتر نے کہا کہ میکسیکو کے فوجیوں اور ریاستی پولیس نے اتوار کو بعد میں جیل کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا۔

    یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ فرار ہونے والے 24 قیدی کیسے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، اور فوری طور پر یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ حملہ کس نے کیا۔

    واضح رہے کہ میکسیکو کی جیلوں میں تشدد کے واقعات کثرت سے رونما ہوتے ہیں، ان جیلوں میں کچھ ایسے بھی ہیں جہاں حکام صرف برائے نام کنٹرول رکھتے ہیں۔ حریف گروہوں کے قیدیوں کے درمیان باقاعدگی سے جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، جو واریز جیسی جگہوں پر منشیات کے کارٹلز کے لیے پراکسی کا کام کرتے ہیں۔

  • سانپ سے مماثلت رکھنے والی 13 فٹ لمبی مچھلی ساحل پر آگئی، ویڈیو وائرل

    سانپ سے مماثلت رکھنے والی 13 فٹ لمبی مچھلی ساحل پر آگئی، ویڈیو وائرل

    میکسیکو : انتہائی نایاب اور سانپ سے مشابہت رکھنے والی مخلوق میکسیکو کے ساحل سمندر پر پائی گئی، اسے وہاں موجود پانچ افراد نے پکڑا۔

    میکسیکو کے ساحل پر ایک 13 فٹ لمبی مچھلی نے انٹرنیٹ پر طوفان برپا کردیا، اس سانپ نما مخلوق کو سب سے پہلے تفریح کیلئے آئے ہوئے ایک مقامی شہری نے دیکھا، عجیب الخلقت مچھلی سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ یہ مچھلی گہرے پانی سے ساحل کی طرف چلی آئی۔ ویڈیو بنانے والے ایک شخص کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ یہ مخلوق شارک کی طرح محسوس ہوتی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس مچھلی کی یہ نسل انتہائی نایاب ہے، دیو ہیکل سانپ نما مچھلی نیوزی لینڈ کے ساحل پر ملی ہے۔ سمندری حیاتیات کے ماہر نے اس نایاب مخلوق کی جانچ پڑتال کی۔

    اوٹاگو یونیورسٹی کے ڈاکٹر بریڈی ایلن نے اس پراسرار دریافت کی تحقیقات کیں اور بتایا کہ یہ ایک خاص قسم کی مچھلی ہے جو نیوزی لینڈ میں پانچویں مرتبہ دیکھنے میں آئی ہے۔

  • آسمان سے اچانک سینکڑوں پرندے پراسرار طور پر گرے اور مر گئے (ویڈیو نے دل دہلا دیے)

    آسمان سے اچانک سینکڑوں پرندے پراسرار طور پر گرے اور مر گئے (ویڈیو نے دل دہلا دیے)

    میکسیکو: شمالی امریکی ملک کے ایک شہر میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا، جس نے لوگوں کو دہشت زدہ کر دیا ہے، آسمان سے اچانک سینکڑوں پرندے پراسرار طور پر طوفان کی طرح‌ گرے اور مر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کی ریاست چیہواہوا کے ایک علاقے الوارو اوبریگان میں صبح سویرے پیلے سَروں والے بلیک برڈز سینکڑوں کی تعداد میں اڑتے اڑتے اچانک آسمان سے گرے اور اگلے لمحے ان کے مردہ اجسام سڑک اور فٹ پاتھ پر بکھرے ہوئے تھے۔

    اس پراسرار اور دہشت زدہ کردینے والے واقعے کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اچانک ایک سیاہ چادر کی طرح سینکڑوں پرندے زمین کی طرف تیزی سے آتے ہیں اور ان میں بہت سے دوبارہ اڑ نہیں پاتے، تاہم جو اڑنے میں کام یاب ہوئے، ان کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے کہ بہت سے زخمی حالت میں تھے، ان میں سے بھی بہت سارے پرندے دور جا کر گر کر مرے۔

    پرندے اچانک کیوں مرے، اور کیسے زخمی ہو گئے، اس بات کا کچھ بھی پتا نہیں چلا، لوگوں نے راستے میں جگہ جگہ دور تک پرندوں کے مردہ اجسام بکھرے ہوئے دیکھے تو پولیس کو اطلاع دی گئی، پولیس حکام کے مطابق انھیں 7 فروری کی صبح ساڑھے 8 بجے اطلاع دی گئی تھی، مقامی لوگوں کے مطابق یہ واقعہ صبح 5 بجے کے آس پاس پیش آیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق پیلے سَروں والے بلیک برڈ نامی پرندے دراصل نقل مکانی کرنے والے پرندے ہیں، یہ موسم سرما میں کینیڈا سے میکسیکو کے جنوب میں سفر کرتے ہیں، واقعے کے وقت ان کی پرواز اونچی بھی نہیں تھی، سوشل میڈیا پر وائرل، دہشت زدہ کر دینے والی فوٹیج میں پیلے سروں والے بلیک برڈز کے بادل کو اچانک زمین پر گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اسی دن لی گئی الگ ویڈیو فوٹیج میں بے حرکت پرندوں کو سڑک پر پڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جانوروں کے ایک ڈاکٹر نے مرے ہوئے پرندوں کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ غالباً یہ کسی ہیٹر سے نکلنے والے زہریلے دھوئیں کی وجہ سے مرے ہیں، یا ہو سکتا ہے کہ بجلی کی تاروں پر آرام کرنے کے دوران اچانک کرنٹ لگنے سے مر گئے ہوں گے۔

    پرندوں کے مرنے کی صحیح وجہ جاننے کے لیے ان کی باقاعدہ جانچ شروع کر دی گئی ہے۔

  • میکسیکو : خوفناک حادثہ میں53 غیرملکی ہلاک، قیامت خیز مناظر

    میکسیکو : خوفناک حادثہ میں53 غیرملکی ہلاک، قیامت خیز مناظر

    میکسیکو سٹی : چیاپاس کے علاقے میں موڑ کاٹتے ہوئے ٹرک اُلٹ گیا جس کے نتیجے میں 53 افراد جائے وقوعہ پر ہلاک ہوگئے جبکہ درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تمام ہلاک شدگان کا تعلق دوسرے ممالک سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست میکسیکو میں ٹرک الٹنے سے 53 تارکین وطن ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، حادثہ تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچی اور53 ہلاک شدگان کی لاشوں اور زخمی ہونے والے58افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    میکسیکو: ٹرک اُلٹنے سے 53 افراد ہلاک ،درجنوں زخمی

    مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق میکسیکوکے جنوبی علاقے میں حادثے کا شکار ہونے والے کارگو ٹرک میں 107پناہ گزین سوار تھے، حکام کا کہنا ہے کہ ٹرک تیزرفتاری کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گیا اور پیدل چلنے والوں کے لئے بنائے گئے پل سے ٹکرا گیا۔

    ٹرک میں سوارتارکین وطن کا تعلق وسطی امریکہ سے تھا، حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پرانسانی اسمگلروں کے ٹھکانوں پرچھاپے مارے جارہے ہیں۔

    حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کواسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ 40 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    حکام کی جانب سے تاحال  ان   افراد  کی  قومیتوں کی تصدیق نہیں کی گئی ، لیکن مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ٹرک  میں زیادہ تر افراد ہنڈوراس اور گوئٹے مالا کے تارکین وطن تھے۔

    واضح رہے کہ وسطی امریکہ میں غربت اور تشدد سے فرار ہونے والے لاکھوں تارکین وطن ہر سال میکسیکو کے راستے امریکہ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

  • میکسیکو : تیز رفتار بس کو خوفناک حادثہ، 19 مسافر ہلاک

    میکسیکو : تیز رفتار بس کو خوفناک حادثہ، 19 مسافر ہلاک

    میکسیکو : امریکہ  میں تیز رفتار بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر ایک گھر میں جا گھسی جس کی نتیجے میں 19 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو میں ایک تیز رفتار بس گھر میں گھس گئی جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

    وسطی میکسیکو میں بس کو حادثہ جوکوسنگو کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار بس بے قابو ہو کر ایک گھر کی دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہو گئی۔

    میکسیکو کے حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات کے بارے میں نہیں بتایا گیا تاہم مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ بس کو حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بس حادثے میں 19 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • میکسیکو : سمندر میں آگ لگنے کی عجیب وجہ سامنے آگئی

    میکسیکو : سمندر میں آگ لگنے کی عجیب وجہ سامنے آگئی

    میکسیکو سٹی : چند روز قبل میکسیکو کے کھلے سمندر میں لگنے والی پراسرار آگ کا معمہ حل ہوگیا، ماہرین نے آگ لگنے کی حیرت انگیز وجوہات کا پتہ لگا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے خلیج میں ہفتہ کے روز پانی کے اندر سے گزرنے والی گیس پائپ لائن میں لیکیج کے بعد آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ آگ بجھانے کی کوششوں کا ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی۔

    اس حوالے سے میکسیکو کی سرکاری آئل کمپنی پیٹرولیس میکسیکنس کا کہنا ہے کہ گیس کے اخراج کے وقت آسمانی بجلی گرنے سے گزشتہ ہفتے خلیج میکسکو میں آگ لگ گئی تھی۔

    واضح رہے کہ زیر سمندر پائپ لائنوں سے اخراج شدہ گیس سطح سمندر پر جمع ہوگئی جس پر آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی تھی جس پر کافی تگ و دو کے بعد قابو پا لیا گیا تھا۔

    اس معاملے پر پمیکس نام کی کمپنی کا کہنا ہے کہ پیٹرولیوس میکسیکونوز نے آگ پر قابو پانے کے لئے فائر کنٹرول کشتیوں کو موقع پر روانہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ میکسیکو کے خلیج میں لگے آگ پر قابو پانے میں پانچ گھنٹے لگے۔

  • زرعی زمین میں اچانک سینکڑوں فٹ چوڑا گڑھا نمودار

    زرعی زمین میں اچانک سینکڑوں فٹ چوڑا گڑھا نمودار

    شمالی امریکی ملک میکسیکو میں ایک گاؤں میں اچانک زمین میں ایک گہرا گڑھا بن گیا جو چند روز میں پھیلتے پھیلتے 300 فٹ تک پھیل گیا۔

    میکسیکو کے علاقے سانٹا ماریا زکاٹیپیک میں یہ سنک ہول چند روز قبل نمودار ہوا تھا اور اس وقت اس کی چوڑائی صرف 15 فٹ تھی، لیکن صرف ایک رات میں یہ مزید 100 فٹ تک پھیل گیا۔

    اس کے بعد دن بدن اس کی چوڑائی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب تک یہ 300 فٹ چوڑا اور 60 فٹ گہرا ہوچکا ہے، گڑھے کے اندر پانی بھرا ہوا ہے۔

    اب تک یہ گڑھا سینکڑوں میٹر زرعی زمین نگل چکا ہے، زرعی زمین کے کنارے پر ایک گھر موجود ہے اور اب خدشہ ہے کہ یہ گھر بھی گڑھے کی نذر ہوجائے گا۔

    گھر کے مالکان کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز انہیں ایک زوردار گڑگڑاہٹ سنائی دی جس کے بعد وہ خوفزدہ ہو کر باہر نکلے، شروع میں گڑھے کی چوڑائی کم تھی لیکن اگلے روز تک یہ کئی گنا پھیل چکا تھا جس کے بعد انہیں گھر خالی کرنا پڑا۔

    مالکان پریشانی کا شکار ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اگر گڑھا ان کا گھر بھی نگل گیا تو وہ بے گھر ہوجائیں گے، ان کا اس علاقے میں کوئی جاننے والا نہیں اور وہ بالکل اکیلے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سنک ہول بننے کی وجہ ارضیاتی فالٹ ہے جبکہ زمین کے نیچے پانی کی سطح میں بھی تبدیلی ہورہی ہے۔

    حکام کے مطابق اس مقام سے دور بھی زمین چٹخ رہی ہے جس کی وجہ پانی کا دباؤ ہے اور اس وجہ سے پورا علاقہ خطرے میں ہے۔