Tag: Mexico

  • میکسیکو میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتوں کی تصدیق

    میکسیکو میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتوں کی تصدیق

    میکسیکو سٹی: شمالی امریکا کے ملک میکسیکو میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کی شمالی ریاست نوویو لیون کے ڈیلنارٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب ایک چھوٹا طیارہ گرنے سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ریاست کے شہری تحفظ کے حکام نے جمعرات کو حادثے کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹا طیارہ سینیگا ڈی فلورس کی میونسپلٹی میں ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کے اندر گر کر تباہ ہوا، طیارے میں 6 افراد سوار تھے۔

    طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور 3 مرد شامل تھے، یہ طیارہ 1972 کا پائپر پی اے 32 چیروکی سکس تھا، جو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر لاریڈو سے رجسٹرڈ تھا۔

    امریکا میں‌ طیارہ گر کر تباہ، ہلاکت کی تصدیق

    ٹرانسپورٹ کمپنی کے اندر طیارہ کریش ہونے کے سبب کمپنی کا ایک ملازم بھی زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    شہری ڈیفنس کے مطابق ٹرانسپورٹ لائن کے لیے کام کرنے والا شخص ایک ٹریکٹر ٹریلر آپریٹر تھا، جب جہاز ٹریکٹر پر آ کر کریش ہوا تو اس وقت وہ ٹریکٹر میں سوار تھا۔

  • عملے کی غفلت کے باعث تفریحی پارک میں ہولناک حادثہ

    عملے کی غفلت کے باعث تفریحی پارک میں ہولناک حادثہ

    شمالی امریکی ملک میکسیکو میں تفریحی پارک میں پیش آنے والے ہولناک حادثے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا، 13 سالہ بچے کی موت کے بعد باپ نے پارک کی انتظامیہ کو عدالت میں گھسیٹ لیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق پارک میں پیش آنے والے اس حادثے میں ایک 13 سالہ بچہ مصنوعی دریا میں رائڈ لیتے ہوئے واٹر فلٹر سسٹم میں پھنس گیا اور پانی میں دم گھٹنے کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔

    بچہ اپنی فیملی کے ساتھ وہاں سیر و تفریح کے لیے آیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فلٹر سسٹم غلطی سے کھلا رہ گیا تھا جس کے باعث تیزی سے گزرتی رائڈ جب وہاں پہنچی تو بچہ فلٹر سسٹم میں پھنس گیا۔

    بچے کے باپ نے جو خود بھی ڈاکٹر ہے، تیزی سے وہاں پہنچ کر دیگر افراد کی مدد سے بچے کو نکالا لیکن تب تک اس کے پھیپھڑوں میں پانی بھر چکا تھا۔

    باپ نے بچے کو سی پی آر بھی دی لیکن بچہ ہوش میں نہیں آیا، باپ کا کہنا ہے کہ اس موقع پر پارک کا عملہ بدحواس نظر آیا جسے ابتدائی طبی امداد دینے کا بھی علم نہیں تھا۔

    پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فلٹر سسٹم کے گرد لوہے کی جالی ہوتی ہے جسے مرمتی کام کے باعث ہٹایا گیا تھا اور بدقسمتی سے عملہ اسے واپس بند کرنا بھول گیا۔

    پولیس کے مطابق یہ واضح طور پر پارک انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت ہے تاہم مزید تفتیش بھی جاری ہے۔

    دوسری جانب باپ نے بھی سوشل میڈیا پر پارک انتظامیہ کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ بچے کو جس اسپتال میں لے جایا گیا وہاں بھی اسے صحیح توجہ نہیں دی گئی۔

    ان کے مطابق وہاں ناکافی سہولیات تھیں لہٰذا انہوں نے درخواست کی کہ انہیں بچے کو دوسرے اسپتال لے جانے دیا جائے تاہم ڈاکٹرز نے انہیں اس کی اجازت نہیں دی، اگلے روز بچہ دم توڑ گیا۔

    باپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ بچے کی موت کے بعد پارک انتظامیہ کی جانب سے ان سے زبردستی ایک فارم پر سائن کروایا گیا جس میں کہا گیا کہ وہ پارک کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کریں گے، ان کے انکار پر انہیں کہا گیا کہ بچے کی لاش نہیں دی جائے گی جس پر مجبوراً انہوں نے اس فارم پر دستخط کردیے۔

    پولیس اور مقامی حکام معاملے کی مزید تفتیش کر رہے ہیں۔

  • مسلح افراد نے میکسیکو کو خون میں نہلا دیا، مقامی لوگ دہشت زدہ

    مسلح افراد نے میکسیکو کو خون میں نہلا دیا، مقامی لوگ دہشت زدہ

    میکسیکو: میکسیکو کے دارالحکومت میکسیکو سٹی کے مضافات میں مسلح افراد کے اچانک حملے میں 13 پولیس اہل کار ہلاک ہوگئے، اس حملے نے مقامی لوگوں کو بے پناہ دہشت زدہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے علاقے کیٹی پیک ہیرینیس میں گشت پر مامور پولیس قافلے پر اچانک مشتبہ گینگ ممبرز نے حملہ کر کے گولیاں برسا دیں، جس میں 13 اہل کار ہلاک ہو گئے، جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔

    یہ واقعہ جمعرات کو دن دہاڑے پیش آیا تھا، مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں جو سرسبز پہاڑوں اور مکئی کے کھیت سے گھرا ہوا ہے، جرائم عام ہیں، تاہم جمعرات کا حملہ مقامی لوگوں کے لیے بہت زیادہ دہشت انگیز تھا، اتنی گولیاں برسائی گئی تھیں کہ وہ علاقے کے کئی گھروں میں بھی جا کر گریں۔

    ایک پولیس اہل کار نے میڈیا کو بتایا کہ حملہ آوروں نے زخمی پولیس اہل کاروں کو ایک جگہ جمع کیا اور پھر بے دردی سے گولیاں برسا دیں، اور اس طرح انھیں ختم کر دیا۔

    جمعے کو میکسیکو کے سلامتی کے وزیر نے اس حملے کو میکسیکو کی ریاست پر حملہ قرار دیا، انھوں نے کہا ہم پوری قوت سے اس کا جواب دیں گے۔

    حملہ آوروں کا تعلق ڈرگ مافیا سے بتایا جا رہا ہے، ملزمان خوں ریز واردات کے بعد جائے وقوع سے فرار ہونے میں بہ آسانی کامیاب ہو گئے تھے، سیکیورٹی اہل کاروں نے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    واضح رہے شمالی امریکی ملک میکسیکو منظم جرائم اور منشیات کے کاروبار سے منسلک مسلح گروہوں کے حوالے سے مشہور ہے، دارالحکومت کے متعدد مقامات پر بھی جرائم پیشہ گروہوں کا قبضہ ہے، ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس صرف پولیس پر حملوں کے نتیجے میں 500 اہل کار ہلاک ہوگئے تھے۔

  • سنہرے مستقبل کا خواب سجائے بیرون ملک جانے والوں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    سنہرے مستقبل کا خواب سجائے بیرون ملک جانے والوں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    وارسا : روزگار کے سلسلے میں پولینڈ سے میکسیکو جانے والے نوجوانوں کے دھوکے سے جسمانی اعضاء نکال لیے گئے، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

    پولینڈ کے دارالحکومت وارسا سے گزشتہ روز ملنے والی رپورٹ کے مطابق ان جرائم کی اطلاع پولستانی نیوز ویب سائٹ نے دی اور ملکی وزارت خارجہ نے بھی ایک شہری کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ نوجوان رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں روزگار کے لیے میکسیکو گئے تھے اور ان کی عمریں20 اور22سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق میکسیکو میں ان پولش باشندوں کے جسمانی اعضاء نکال لیے گئے جس کے نتیجے میں ایک نوجوان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ دوسرا نوجوان اسپتال میں کوما میں ہے۔

    متعلقہ حکام نے اس سارے معاملے کی مزید کوئی تفصیلات بتائے بغیر یہ بھی کہا ہے کہ ان دونوں نوجوانوں کے ساتھ میکسیکو  جانے والا ان ہی کا ایک ہم عمر تیسرا نوجوان واپس پولینڈ آچکا ہے۔

    اس واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد میکسیکو حکومت کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ نیوز ویب سائٹ کے مطابق پولینڈ کے جس نوجوان شہری کا میکسیکو میں انتقال ہو گیا، اس کے اہل خانہ کو اس کی موت کی اطلاع گزشتہ ہفتے ملی تھی۔

    واضح رہے کہ میکسیکو براعظم شمالی امریکا کا ایک ایسا ملک ہے جہاں جان لیوا جرائم کی شرح بہت زیادہ ہے۔ اس ملک کی آبادی 126ملین کے قریب ہے اور وہاں روزانہ تقریبا 100 افراد قتل کر دیئے جاتے ہیں۔

    اس ملک میں منظم جرائم پیشہ گروہوں کی تعداد کافی زیادہ ہے اور حالیہ برسوں میں یہ جرائم پیشہ گروہ منشیات کے اپنے روایتی غیر قانونی کاروبار کے ساتھ ساتھ پیوند کاری کے لیے استعمال ہونے والے انسانی جسمانی اعضاء کا غیر قانونی کاروبار بھی کرتے ہیں۔

  • میکسیکو : آتش فشاں پھٹنے سے خوفناک منظر سامنے آگیا، تصویر وائرل

    میکسیکو : آتش فشاں پھٹنے سے خوفناک منظر سامنے آگیا، تصویر وائرل

    میکسیکو : اپنے پیاروں کو یاد کرنے کیلئے میکسیکو میں مرنے والوں کا دن ہر سال منایا جاتا ہے، اس موقع پر ایک اجتماع منعقد ہوتا ہے جس میں کو اپنے چہروں پر پینٹنگ کرکے اسے کھوپڑی نما بنالیتے ہیں۔

    اس موقع پر مرنے والے کے لواحقین اور دوست مرنے والے عزیزوں کو یاد رکھنے اور ان کے لئے دعا کے لئے جمع ہوتے ہیں بعض لوگ اپنے پیاروں کی قبروں کو اس امید پر سجاتے ہیں کہ انہیں روحانی سکون ملےگا۔

    مذکورہ تہوار وسطی اور جنوبی امریکہ کے مختلف ممالک میں بھی منایا جاتا ہے لیکن خصوصی طور پر میکسیکو کے لوگ اسے بہت جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ فوت شدگان کے سالانہ دن کا یہ تہوار یکم اور2نومبر کو منایا جاتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس سال ایک عجیب واقعہ پیش آیا، فوت شدگان کے سالانہ دن سے قبل میکسیکو کے پہاڑی علاقے میں ایک آتش فشاں پھٹا، اس سے قبل بھی یہاں آتش فشاں پھٹتے رہے ہیں لیکن بار لوگوں ایک عجیب منظر دیکھا۔

    اس منظر کو دیکھ حیرت زدہ ہونے سے ساتھ ساتھ خوفزدہ بھی ہوئے کیونکہ آتش فشاں پھٹنے کے بعد پہاڑ کی چوٹی پر جو شبیہ ابھری وہ ایک کھوپڑی سے ملتی جلتی تھی۔

    وسطی میکسیکن کی ریاستوں پیبلا، موریلوس اور میکسیکو کے مابین واقع پاپوکپیٹل میں آتش فشاں پھٹنے کی یہ نایاب تصویر بدھ کے روز لی گئی تھی۔ یہ تصویر ایک مقامی شہری نے بنائی تھی جسے اس نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا تھا جو بہت وائرل ہوئی۔

    دھماکے کے بعد بننے والی اس بادل کی شکل کو اس کردار سے تشبیہ دی گئی تھی جسے کیترینہ کھوپڑی بھی کہا جاتا ہے یعنی وہ بہروپ جو وہاں کے لوگ سالانہ تہوار میں دھارتے ہیں۔

  • ناسا کے خلا بازوں کی سمندر میں کامیابی کے ساتھ تاریخی لینڈنگ

    ناسا کے خلا بازوں کی سمندر میں کامیابی کے ساتھ تاریخی لینڈنگ

    میکسیکو : دو امریکی خلا باز ڈگ ہرلے اور بوب بینکن کامیابی کے ساتھ زمین پر پہنچ گئے ہیں جب ان کا ڈریگن کیپسول انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے جدا ہو کر زمین کی طرف روانہ ہوا اور عالمی وقت (جی ایم ٹی) کے مطابق شام تقریباً سات بجے امریکی شہر فلوریڈا کے نزدیک خلیجِ میکسیکو میں اتر گیا۔

    ناسا اور اسپیس ایکس کا ڈریگن کریو اینڈیور نے اتوار کی شام خلیج میکسیکو میں لینڈ کر کے نئی تاریخ رقم کردی، یہ 45 سال میں پہلا موقع ہے جب کوئی امریکی خلائی عملے نے پانی میں لینڈ کیا ہو۔

    اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈریگن کریو اینڈیور کی محفوظ واپسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تمام لوگوں کا شکریہ! ناسا کے خلاباز دو ماہ کے مشن کے بعد زمین پر واپس آئے ہیں۔

    ناسا کے ایڈمنسٹریٹر جم برڈین اسٹائن نے ٹویٹ کیا کہ اس دوران موسم شاندار تھا۔ یہ واقعی ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔ اس سے پہلے وہ زمین کی فضا میں داخل ہونے کے ساتھ ہی پیراشوٹ استعمال کرنے میں کامیاب رہا تھا۔

    خلاباز ڈگ ہرلے نے کہا کہ یہ ان کے لیے بہت عزت کی بات ہے کہ انہیں اس مشن پر جانے کا موقع ملا، ڈگ ہرلے کے پیغام پر اسپیس ایکس کے کنٹرول ٹاور نے انھیں خوش آمدید کہا اور پیغام دیا کہ ‘سپیس ایکس اڑانے کا بہت شکریہ۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جنہوں نے دو ماہ قبل اس راکٹ کے خلا میں بھیجے جانے کی تقریب میں شرکت کی تھی، نے بھی اپنی ٹویٹ میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

  • میکسیکن فوجیوں نے تیز رفتار تعاقب کے دوران مجرم گروہ کو کیسے ٹھکانے لگایا؟ ویڈیو دیکھیں

    میکسیکن فوجیوں نے تیز رفتار تعاقب کے دوران مجرم گروہ کو کیسے ٹھکانے لگایا؟ ویڈیو دیکھیں

    میکسیکو: شمالی امریکی ملک میکسیکو میں جمعے کے روز ایک فوجی کانوائے پر حملہ کرنے والے مسلح گروہ کو میکسیکن فوجیوں نے کس طرح ہلاک کیا، اس کی ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے، جس میں مقابلے کے ڈرامائی لمحات دیکھے جا سکتے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق میکسیکن فوج کی جانب سے قاتلوں کے ایک مسلح گروہ کے ساتھ ہونے والے مقابلے کی ایک حیرت انگیز ویڈیو جاری کی گئی ہے، اس ویڈیو میں وہ ڈرامائی لمحات دیکھنے کو ملتے ہیں جب میکسیکو کے فوجیوں نے فرار ہوتے ہٹ اسکواڈ کارٹیل کا نہایت تیزر رفتاری سے تعاقب کرتے ہوئے بکتر بند کی چھت پر سے ان پر گولیاں برسائیں۔

    یہ واقعہ گزشتہ جمعہ کی صبح کو اس وقت پیش آیا جب 16 ویں موٹرائزڈ کیولری کے قافلے پر بدنام زمانہ ہِٹ اسکواڈ ٹروپا ڈیل انفرنو (جہنم کا گینگ) نے میکسیکو کی ریاست ٹامولیپس کے شہر نیوو لاریڈو میں حملہ کیا اور پھر فرار ہونے کی کوشش کی، بتایا گیا ہے کہ اس ہٹ اسکواڈ کا تعلق شمالی مشرقی میکسیکو کے بڑے جرائم پیشہ گروہ ڈیل نورسٹ سے تھا۔

    میکسیکن فوج کا کہنا تھا کہ اس مقابلے میں ‘جہنمی گروہ’ کے کم از کم 16 ممبر ہلاک ہوئے، جب کہ کوئی فوجی زخمی نہیں ہوا۔

    فوج کا کہنا تھا کہ وہ امریکا اور میکسیکو کو ملانے والے بین الاقوامی حوریز لنکن پُل سے دس میل دوری پر فریسنوس کے علاقے کی نگرانی کر رہے تھے، جب مسلح گینگ نے ان پر فوجی ہتھیاروں کے ساتھ حملہ کر دیا۔

    فوجیوں نے گینگ کے پک اپ ٹرک کا تیز رفتار تعاقب کرتے ہوئے حملے کا جواب دیا، اس دوران سڑک پر دیگر گاڑیاں بھی گزرتی رہیں، فوج کی بکتر بند گاڑی کی چھت پر دو دھاتی حفاظتی پینلز کے مابین رکھی گئی ایک اسالٹ رائفل نے مسلح گروہ پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔ تعاقب کے دوران ایک موقع پر ‘جہنمی گروہ’ نے اچانک ہائی وے پر یو ٹرن بھی لے لیا۔

    اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر بھی گردش کر رہی ہے جس میں جہنمی گروہ کے ارکان سڑک پر مرے ہوئے پڑے ہیں، اور ان کے جسموں پر فوجی لباس ہے۔ چند اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر لیک ہوئیں جن میں کارٹیل کے 12 ارکان کی لاشیں ایک پک اپ ٹرک کے پیچھے پڑی نظر آتی ہیں۔

    فوجی حکام کا کہنا تھا کہ اس جنگ جیسے مقابلے میں کوئی اہل کار زخمی نہیں ہوا، تاہم تین ملٹری گاڑیوں کو حملے کے دوران نقصان پہنچا۔ مسلح قاتل گروہ سے فوجیوں نے 12 اسالٹ رائفلز ، 2 بیریٹ رائفلز، 50 کیلیبر اسنائپر رائفلز اور 8 عدد AR-15 رائفلز قبضے میں لیے۔

    میکسیکو کا گروہ ڈیل نورسٹ کا قیام 2014 میں عمل میں آیا تھا جو اس وقت کی طاقت ور جرائم پیشہ تنظیم لاس زیٹس کے تحت تھا، اس تنظیم کی جڑیں میکسیکو کے کئی شہروں میں پھیلی ہوئی ہیں، اور اس کے سرغنہ جوآن گیرارڈو شاویز کے سر کی قیمت 1 لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔

  • میکسیکو : دو گروہوں میں مسلح تصادم، 19افراد ہلاک ایک زخمی

    میکسیکو : دو گروہوں میں مسلح تصادم، 19افراد ہلاک ایک زخمی

    میکسیکو : جرائم پیشہ افراد کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم میں 19 افراد ہلاک ہوگئے، پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کی شمالی ریاست چہواہوا میں دو مبینہ جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ ہوا، فائرنگ کی تڑتڑاہٹ سے علاقہ گونج اٹھا، گولیاں لگنے کے نتیجے میں 19 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

    اس دوران ایک شکص بھی زخمی ہوا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسٹیٹ اٹارنی جنرل کے دفتر نے واقعے کی اطلاع دی، ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ گزشتہ روز شام کے وقت کے مطابق 06:35 منٹ پر چہواہوا میں پیش آیا۔

    جہاں سے پولیس کو فائرنگ کی اطلاع ملی۔ اٹارنی جنرل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کے بعد موقع پر پہنچے سیکورٹی اہلکاروں کو جائے وقوعہ سے18 افراد کی لاشیں ملیں۔

    انہوں نے کہا کہ لاشوں اور دو زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

  • بحری جہازوں کا آپس میں تصادم، 6 مسافر زخمی، ویڈیو وائرل

    بحری جہازوں کا آپس میں تصادم، 6 مسافر زخمی، ویڈیو وائرل

    میکسیکو سٹی : میکسیکو میں دیوہیکل کروز شپ کی ڈاک پر لنگرانداز دوسرے کروز شپ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم امریکا کے ملک میکسیکو میں دیوہیکل کروز شپ دوسری کروز شپ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں کروز شپ کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ شپ میں سوار مسافر بھی زخمی ہوگئے۔

    میکسیکو کے ساحل پر دو مسافر بردار بحری جہازوں کے آپس میں ٹکرانے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    کارنیول نامی مسافر بردار کروز شپ کا دوسرے کروز شپ سے ٹکرانے کے باعث شپ کے مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ میکسیکو کے ساحل پر یہ بے قابو بحری جہاز بروقت رُک نہ سکا اور مسلسل آگے بڑھتا چلا گیا اور یوں ڈاک پر کھڑے دوسرے بحری جہاز سے ٹکرا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اس زور دار تصادم کی وجہ سے بحری جہاز کو شدید نقصان پہنچا جبکہ واقعے میں کروز شپ میں سوار 6 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

  • ہوا کو صاف کرنے کے لیے مصنوعی درخت

    ہوا کو صاف کرنے کے لیے مصنوعی درخت

    فضا کو صاف رکھنے کے لیے درخت بے حد ضروری یں جو تازہ ہوا فراہم کرتے ہیں، تاہم میکسیکو میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے مصنوعی درخت بنا لیا گیا۔

    میکسیکن اسٹارٹ اپ بائیموٹیک نامی کمپنی کی طرف سے بنائے گئے اس مصنوعی درخت کے ذریعے ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔

    یہ مصنوعی درخت 368 زندہ درختوں کے برابر ہوا سے کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دوسرے مضر اجزا جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    یہ کاربن اور دیگر زہریلے اجزا صاف کرنے کے لیے مائیکرو الجی استعمال کرتا ہے اور آکسیجن سے بھری صاف ہوا واپس فضا میں پھینکتا ہے۔

    اب تک اس طرح کے تین درخت میکسیکو، کولمبیا اور پاناما میں نصب کیے جاچکے ہیں۔