Tag: Mexico

  • قدرت کا کرشمہ، موسم گرما میں میکسیکو میں شدید برف باری،  لوگوں اور ماہرین موسمیات حیران

    قدرت کا کرشمہ، موسم گرما میں میکسیکو میں شدید برف باری، لوگوں اور ماہرین موسمیات حیران

    گواڈا لہارا : میکسیکو میں قدرت کا کرشمہ دیکھنے میں اٰیا ،  جون جولائی کی گرمی میں شدید برف باری ہوئی ، اچانک درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث متعدد افراد بیمار، 200 گھروں اور 50 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم امریکا کے ملک میکسیکو میں موسم گرما میں شدید برف باری نے لوگوں اور ماہرین موسمیات کو حیران کردیا، میکسیکو کے شہرگواڈا لہارا میں اتنی زیادہ برف باری ہوئی کہ سڑکیں بند ہوگئیں، مواصلاتی نظام درہم برہم اور گاڑیوں اور گھروں کو نقصان پہنچا۔

    شدید برف باری کے بعد شہری دفاع کا عملہ سڑکوں سے برف ہٹانےمیں مصروف ہے تاکہ ٹریفک بحال کی جا سکے۔

    شہری دفاع کے حکام کا کہنا تھا کہ اچانک درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث متعدد افراد بیمار ہوگئے، گواڈا لہارا اور تلاکیباکیہ بلدیہ کا کہنا تھا کہ حالیہ ایام میں پڑنے والے برف سے 200 گھروں اور 50 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق ہالیکو ریاست کے گورنر انریکہ الوارو نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ میں نے اس موسم میں برف باری پہلی بار دیکھی ہے، سچ یہ ہے کہ آج برف باری دیکھ کر یقین نہیں کیا جا سکتا، ایسے مناظر اس سے قبل کبھی نہیں دیکھے گئے، دیکھنے والا ہرشخص حیران ہے آج موسم کو کیا ہوگیا ہے۔

    گرمی کےموسم میں?برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    خیال رہے کہ شمالی میکسیکو کے علاقوں کو حالیہ ایام میں نسبتا زیادہ گرم قرار دیا گیا تھا، جہاں درجہ حرارت 31 درجے سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا گیا، سردیوں کے موسم میں میکسیکو میں برف باری معمول کی بات ہے مگر گرمی کےموسم میں جتنی برف باری پڑی ہے وہ حیران کن ہے۔

  • امریکا اور میکسیکو کے درمیان معاہدہ، ٹرمپ کا ڈیل پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور

    امریکا اور میکسیکو کے درمیان معاہدہ، ٹرمپ کا ڈیل پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور

    واشنگٹن: امریکا اور میکسیکو کے درمیان سرحد اور تجارت سے متعلق معاہدہ طے پاگیا، صدر ٹرمپ نے ڈیل پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو حکام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین کے درمیان جو ڈیل طے ہوئی ہے اس کے مکمل نفاذ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت وہاں کی حکومت امریکا کے ساتھ سرحد پر نگرانی میں اضافہ کرے گی اور غیرقانونی تارکین وطن کو امریکا میں داخلے سے روکے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ امید ہے میکسیکو ڈیل پر مکمل طور پر عمل کرے گا، اور غیرقانونی طور پر تارکین وطن کو امریکا داخلے سے روکے گی۔

    قبل ازیں صدر ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر میکسیکو کے ساتھ معاہدہ طے نہیں پاتا، تو واشنگٹن انتظامیہ میکسیکو کی مصنوعات پر پانچ فیصد درآمدی محصولات نافذ کر دے گی۔

    امریکا میکسیکو سرحدی دیوار، اپوزیشن ارکان کا ٹرمپ کو کرارا جواب

    دوسری جانب میکسیکو کے صدر مانویل لویپس ابراڈور نے کہا ہے کہ اگر امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات ناکام ہو جاتے، تو ان کا ملک بھی امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات کے نفاذ کے لیے تیار تھا۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر مہاجرین کے غیرقانونی طور پر امریکا داخلے پر سخت برہمی کا اظہار کرچکے ہیں، جبکہ وہ سرحد پر دیوار تعمیر کرانے پر زور دے چکے ہیں، لیکن امریکی کانگریس اس فیصلے سے انکاری ہیں۔

  • امریکا اور میکسیکو تجارتی اور سرحدی معاملات پر مذاکرات کریں گے

    امریکا اور میکسیکو تجارتی اور سرحدی معاملات پر مذاکرات کریں گے

    واشنگٹن: میکسیکو اور امریکا کے اعلیٰ اہلکار تجارتی اور سرحدی معاملات میں پائے جانے والے اختلافات کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کو میکسیکو کی وزیر اقتصادیات گارسیلا مارکیز نے بتایا کہ وہ امریکی وزیر تجارت ولبر راس کے ساتھ مذاکرات کا ارادہ رکھتی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، یہ بھی بتایا گیا کہ میکسیکو کا جو وفد امریکی دورے پر جائے گا، وہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے واشنگٹن میں ملاقات کرے گا۔

    میکسیکو اور امریکا کی جانب سے مذاکرات شروع کرنے کا فیصلے امریکی صدر کے اس ٹویٹ کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے عملی اقدامات کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میکسیکو سرحد پر دیوار کھڑی کرنا چاہتے ہیں، تاکہ امریکا میں مہاجرین کے داخلے کو روکا جاسکے، تاہم امریکی کانگریس ٹرمپ کے فیصلے کو ماننے سے انکاری ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں امریکی نائب صدر مائیک پینس نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ میکسیکوسرحد کو محفوظ بنانے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

    میکسیکوسرحد کومحفوظ بنانےکےلیےمزید اقدامات کرنا ہوں گے‘ مائیک پنس

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کانگریس کو دیوارکے لیے 5.7 ارب ڈالرزمنظورکرنا ہوں گے، مائیک پینس نے مطالبہ کیا تھا کہ 750 اضافی پٹرول ایجنٹس کے لیے 211 ملین ڈالرز منظور کیے جائیں، سرحد پر 2 ہزار اضافی اہلکاروں کے لیے 571 ملین ڈالرز منظور کیے جائیں۔

  • میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو سٹی : شمالی امریکی میکسیکو نے درجنوں سپورٹس اور پُرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے، جنہیں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران ضبط کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکن پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن دوران اپنے قبضے میں لی گئی گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ میکسیکو میں یہ فیصلہ صدر آندرے مینویل لوپز کے سادگی اپنانے سے متعلق پیغام کو عام کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے صدر آندرے مینویل لوپز نے کہا کہ ان 82 مہنگی ترین گاڑیوں کی نیلامی سے جمع ہونے والے رقم معاشرے کے گرے پڑے افراد کی بہبود پر لگائی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان مہنگی گاڑیوں میں لیمبورگینی، پورش سمیت دیگر سپورٹس کار اور بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیلامی کا اہتمام حکومت کی جانب سے ایک منفرد نام کے تحت تشکیل دیئے گئے ادارے نے کیا ہے۔ ادارے کا نام عوام سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی ہے۔

    میکسیکو کے صدر کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد سے ضبط کیا گیا تمام سامان پیچ کر اس سے حاصل ہونے والی آمدنی عوام بالخصوص غریب اور نادار افراد کی بہبود پر خرچ کیا جائے گا تاکہ ان کے معیار زندگی میں بہتری لائے جا سکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میکسیکو کے نو منتخب صدر نے دسمبر میں اپنی حلف برداری کے بعد سے ملک کو جرائم اور کرپشن کے ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا اعلان کیا تھا۔

  • میکسیکو میں اجتماعی قبر سے 35 لاشیں برآمد

    میکسیکو میں اجتماعی قبر سے 35 لاشیں برآمد

    میکسیکو سٹی : میکسیکو میں اجتماعی قبر سے 35 افراد کی باقیات ملی ہیں، زیادہ تر لاشیں ڈھانچہ بن چکی ہیں اور ناقابل شناخت ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کی ریاست جالیسکو میں اجتماعی قبر ملی ہے جس میں سے اب تک 35 افراد کی باقیات نکالی جا چکی ہیں، قدرے بہتر حالت میں موجود 27 لاشیں ہاتھ پاﺅں بندھی تھیں جن میں سے دو کی شناخت ہوگئی ہے۔

    اجتماعی قبر کے مقام پر تاحال کام جاری ہے اور اس دوران مزید لاشیں ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اورہوسکتا ہے کہ اس علاقے میں مزید اجتماعی قبریں بھی ہوں۔

    میکسیکو کی یہ ریاست جرائم کا گڑھ ہے جہاں منشیات فروش گروہ اور گینگ کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ملنے والی باقیات کا فرانزک لیب سے ٹیسٹ کیا جائے گا تاکہ شناخت، قتل کا وقت اور واردات قتل کا اندازہ لگایا جا سکے۔

    تحقیقاتی ٹیم اس علاقے میں مزید کچھ اور دن رکے گی اور اجتماعی قبر کی تلاش کا کام جاری رہے گا۔

    واضح رہے کہ میکسیکو میں 2006 کے آخر میں فوج کی جانب سے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا جس کے دوران 40 ہزار افراد لاپتہ ہوئے اور تب سے اب تک مختلف جھڑپوں اور واقعات میں ڈھائی لاکھ افراد مارے جاچکے ہیں۔

  • امریکا نے پاکستان، افغانستان کے لیے مختص فنڈ میکسیکو سرحد پرلگادیا

    امریکا نے پاکستان، افغانستان کے لیے مختص فنڈ میکسیکو سرحد پرلگادیا

    واشنگٹن: امریکا نے پاکستان اور افغانستان کے لیے مختص ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کا فنڈ میکسیکو – امریکا سرحد کی تعمیر کے لیے دے دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کے قائم مقام سیکریٹری دفاع پیٹرک شنہان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ہم نے ایک سو 20 میل طویل سرحد پر باڑ لگانے کے لیے ایک ارب 50 کروڑ ڈالرمختص کردئیے۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو مختص فنڈ اور مختلف کانٹریکٹ میں کمی سے اتنا فنڈ جمع کیا گیا ہے۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ افغان سیکیورٹی فورسز کے اکانٹ سے 60 کروڑ ڈالر کم کیے گئے ہیں جبکہ پاکستان کے لیے مختص فنڈ میں سے نامعلوم رقم واپس لے لی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ افغانستان میں بڑھتے ہوئے حملوں کے باوجود امریکا نے اس کا فنڈ روک دیا۔پنٹاگون نے اعلان کیا تھا کہ مختص رقم کی واپسی سے حاصل ہونے والی رقم کو میکسیکو – امریکا سرحد پر ایک سو 20 میل طویل سرحد پر باڑ لگانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

    امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات نہ صرف سست روی کا شکار ہوگئے ہیں بلکہ یہ عوام اور سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملوں میں کمی لانے میں بھی ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم افغان جنگ کو ختم کرنے کا فریم ورک تیار کرنے کے لیے آہستہ پر مستحکم پیش قدمی کر رہے ہیں، ہماری نظر میں تمام محرکات موجود ہیں۔زلمے خلیل زاد کا یہ بھی کہنا تھا کہ امن مذاکرات کافی نہیں ہیں کیونکہ تنازعات جنم لے رہے ہیں اور عام لوگ مارے جارہے ہیں، ہمیں مذاکرات میں تیزی لانا ہوگی۔

    واضح رہے کہ امریکا اور طالبان نمائندوں کے درمیان گزشتہ برس اکتوبر سے اب تک قطر کے شہر دوحہ میں مذاکرات کے 6 ادوار ہوچکے ہیں جس میں حالیہ دور 3 روز قبل 9 مئی کو ہوا تھا۔تاہم افغان حکومت ان مذاکرات کا حصہ نہیں ہے کیونکہ وہ کابل کو امریکا کی کٹھ پتلی قرار دیتی ہے۔

    حال ہی میں ہونے والے مذاکرات کے چھٹے دور سے متعلق طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ یہ مذاکرات مثبت رہے، اس میں پیشرفت ہوئی لیکن چند نکات کو حتمی شکل دینا باقی ہے۔

    مذکورہ بات چیت میں 2 نکات سب سے اہم ہیں جن میں ایک افغانستان سے مکمل طور پر غیرملکی افواج کا انخلا (طالبان کا مطالبہ) جس کے عوض یہ یقین دہانی کہ افغان سرزمین دوسرے ممالک کے خلاف دہشت گردی کی کارروائی میں استعمال نہیں ہوگی۔

  • میکسیکو کے جنگل میں لگنے والی آگ نے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

    میکسیکو کے جنگل میں لگنے والی آگ نے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

    میکسیکوسٹی: شمالی امریکا میں واقع ملک میکسیکو کے جنگل میں لگنے والی آگ نے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ آگ جنوبی میکسیکو کے جنگل میں لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے بڑے رقبے تک پھیل گئی، آگ بجھانے کے لیے ہیلی کاپٹر سے بھی مدد لی جارہی ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ جنوبی میکسیکو کے علاقے لاس چملپاس کے جنگل میں لگنے والی آگ سترہ ہزار ہیکٹر تک پھیل گئی ہے۔

    مقامی ریسکیو نے ہیلی کوپٹر سے آگ بجھانے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے، مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔

    جنگل کے اطراف آبادیوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، حکام کی ہدایت پر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے آگ بجھانے کے لیے ہیلی کاپٹر کی خصوصی مدد لی گئی ہے، جبکہ فائرفائٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 29 جولائی کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے دو فائر فائٹرز سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے تین ہزار چار سو فائر فائٹرز اور 17 ہیلی کاپٹر نے آپریشن میں حصہ لیا تھا۔

    کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 71 ہوگئی

    واضح رہے کہ 2012 سے کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ لگنے کا مسئلہ درپیش ہے، موسم گرما اور خشک سالی کی وجہ سے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

  • تارکین وطن کا مسئلہ، امریکی صدر کی میکسیکو کو دھمکی

    تارکین وطن کا مسئلہ، امریکی صدر کی میکسیکو کو دھمکی

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کو دھمکی دی ہے کہ اگر تارکین وطن کو روکا نہ گیا تو سرحدی علاقہ بند کردیا جائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق فلوریڈا کی ساحلی پٹی پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ میں کوئی گیم نہیں کھیل رہا ہوں، حقیقت پر مبنی بات کررہا ہوں۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر میکسیکو نے تارکین وطن کے قافلے کو امریکا داخلے سے نہیں روکا تو وہ طویل عرصے کے لیے ناصرف سرحدی علاقہ بند کریں گے بلکہ تجارتی لین دین بھی منطقع کرلیں گے۔

    اقتدار میں آنے کہ بعد سے ہی ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وسطی اور لاطینی امریکی باشندے میکسیکو کی سرحد کے ذریعے امریکا میں داخل ہوکر سیاسی پناہ حاصل کرتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھاکہ تارکین وطن سے مقامی افراد کے روزگار کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے اور جرائم کی وار داتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کردیا ہے کہ میکسیکو کی سرحد پر ہرصورت دیوار تعمیر کی جائے گی، دیوار کی فنڈنگ کے بغیر کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔

    ٹرمپ کے اس فیصلے کے خلاف امریکا کی مختلف ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے بھی ہوچکے ہیں، تاہم امریکی صدر اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹنا نہیں چاہتے۔

    میکسیکوکی سرحد پرہرصورت دیوارتعمیرکی جائے گی‘ ڈونلڈ ٹرمپ

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیوار کی تعمیر کے لیے 5.7 بلین ڈالرز منظور کرنے کا مطالبہ کررکھا ہے تاہم کانگریس میں ڈیموکریٹس دیوار کی فنڈنگ کی منظوری سے مسلسل انکاری ہیں، ڈیل میں کیا بات طے پائی اس سے متعلق مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

  • 8 سالہ میکسیکن بچی نے نیوکلیئر سائنس پرائز جیت لیا

    8 سالہ میکسیکن بچی نے نیوکلیئر سائنس پرائز جیت لیا

    شمالی امریکی ملک میکسیکو سے تعلق رکھنے والی 8 سالہ بچی کو نیوکلیئر سائنس پرائز سے نوازا گیا ہے جس نے کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے شمسی توانائی سے چلنے والا ہیٹر تیار کیا ہے۔

    8 سالہ سوشیل گوادا لوپے کروز کو نیشنل آٹو نومس یونیورسٹی آف میکسیکو کی جانب سے نیوکلیئر سائنس پرائز دیا گیا ہے۔ سوشیل نے ری سائیکل شدہ اشیا سے ایسا ہیٹر تیار کیا ہے جو پانی گرم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

    یہ ہیٹر شمسی توانائی سے کام کرتا ہے۔ بہت سے لوگوں کے لیے یہ ایک غیر ضروری ڈیوائس ہے، تاہم سوشیل کا کہنا ہے کہ اس نے کچھ سوچ کر ہی یہ ڈیوائس ایجاد کی۔

    اس کا کہنا ہے کہ لوگوں کے پاس وسائل کم ہیں، وہ الیکٹرونک ہیٹر نہیں خرید سکتے چنانچہ وہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے لکڑیاں کاٹتے ہیں۔ یہ ہیٹر کم قیمت ہے اور یہ درختوں کو بچانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

    سوشیل کے خاندان نے اسے یہ ڈیوائس چھت پر لگانے میں مدد دی جس کے بعد اب ان کے گھر میں پانی گرم کرنا نہایت آسان ہوگیا ہے۔ وہ بتاتی ہے، ’اپنی بنائی ہوئی ڈیوائس کے گرم کیے پانی سے نہانے میں مجھے بہت مزا آتا ہے‘۔

    مستقبل میں سوشیل سائنس کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، صرف 8 سال کی عمر میں اس کی ایجاد کو دیکھتے ہوئے اس کے روشن مستقبل کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔

  • میکسیکو کے نائٹ کلب میں فائرنگ‘ 15 افراد ہلاک

    میکسیکو کے نائٹ کلب میں فائرنگ‘ 15 افراد ہلاک

    میکسیکوسٹی: میکسیکو کے نائب کلب میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 15 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کی ریاست گوانا جواتو میں واقع نائٹ کلب میں فائرنگ سے 15 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    میکسیکو پولیس حکام کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مسلح افراد نے وسطی شہر سلامانکا میں واقع لاپلایا نائٹ کلب میں فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

    یاد رہے کہ میکسیکو کے شہر سلامانکا میں سرکاری آئل کمپنی پیٹرولیوس میکسیکانوس کی مرکزی پائپ لائن ہے جہاں تیل چوروں نے گزشتہ چند سالوں میں کمپنی کو 3 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔

    میکسیکو: وہاکا کا میئر حلف ا ٹھانے کے کچھ دیر بعد قتل

    واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں میکسیکو کی جنوبی ریاست وہاکا کے بد قسمت میئر کو حلف اٹھانے کے محض دو گھنٹے بعد ہی فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق میئر اپاریسیو حلف اٹھانے کے بعد مختلف سٹی آفسز کے دورے پر تھے، اور ان کے حامی ان کے گرد جمع تھے کہ ایسے میں قاتل نے ان پر فائرنگ کردی تھی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مشتبہ قاتل شمالی میکسیکو میں سابق پولیس اہل کار تھا۔