Tag: Mian ATeeq

  • لندن بات کرتا تھا اس لیے جلدی سینیٹر بنا، میاں عتیق

    لندن بات کرتا تھا اس لیے جلدی سینیٹر بنا، میاں عتیق

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون اور انصاف کے اجلاس میں سینیٹرز کے درمیان دلچسپ مکالموں کا تبادلہ ہوا، فاروق ایچ نائیک نے ایم کیو ایم کے میاں عتیق کو آہستہ آواز میں بات کرنے کا مشورہ دیا تو سعید غنی کہنے لگے یہ لندن بات کرتے تھے اس لیے اونچی آواز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون اور انصاف کے اجلاس میں فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ چاہتے ہیں اچھا قانون بنے تاکہ حکومت کو گالیاں نہ پڑیں۔

    ایم کیو ایم کے سینیٹر میاں عتیق نے بل کے حق میں اونچی آواز کے ساتھ دلائل دینے شروع کیے تو فاروق ایچ نائیک نے انہیں دھیمی آواز میں بات کرنے کا مشورہ دیا۔

    فارو ق ایچ نائیک کی بات سننے کے بعد سعید غنی نے متحدہ کے سینیٹر کو مخاطب کر کے کہا کہ ’’یہ فون پر لندن بات کرتے رہے ہیں اس لیے اونچی آواز میں بات کرنے کے عادی ہیں‘‘۔

    سعید غنی کی بات مکمل ہوتے ہی کمیٹی ارکان نے قہقے لگائے تو اسی دوران سینیٹر میاں عتیق نے مسکراتے ہوئے پی پی سینیٹر کو جواب دیا کہ ’’ہاں لندن بات کرتا تھا اس لیے جلدی سینیٹر بن گیا‘‘۔

    یاد رہے پنجاب سے تعلق رکھنے والے میاں عتیق کو دو سال قبل ایم کیو ایم نے سینیٹر نامزد کیا تھا۔

  • پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرنیوالوں سے لاتعلقی کا اظہارکرتے ہیں، سینیٹرمیاں عتیق

    پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرنیوالوں سے لاتعلقی کا اظہارکرتے ہیں، سینیٹرمیاں عتیق

    لاہور: متحدہ قومی موومنٹ پنجاب کے صدرو سینیٹر میاں عتیق نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں سے پنجاب کی تنظیم بھی لاتعلقی کا اظہار کرتی ہے۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، میاں عتیق نے کہا کہ ہمارے قائد الطاف حسین نہیں بلکہ فاروق ستار ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہیں لیکن اگر ان کے فیصلے سمندر پار سے آئے تو ہم ہرگز اسے تسلیم نہیں کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ دھرتی ماں کے خلاف کوئی لفظ کہنے والے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا ئے گا خواہ اس کا تعلق ہماری اپنی جماعت سے ہی کیوں نہ ہو ،ہم سب مل کر ان لفظوں سے اور نعروں سے نہ صرف لاتعلقی کا اظہار کر تے ہیں بلکہ سخت سے سخت الفاظ میں اس کی مذمت بھی کر تے ہیں۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمارے ساتھیوں کو وفاداری تبدیل کرکے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے لیے دھمکایا جا رہا ہے، پاک سرزمین پارٹی ہمارے لاہور اور ملتان کے دفاتر پر قبضہ کرنا چاہتی ہے لیکن یہ سازش ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    میاں عتیق کا کہنا تھا کہ اب سمندر پار یا کراچی سے کسی نے بھی دوبارہ کوئی سازش کی تو اس کیخلاف ہر اقدام کا ساتھ دیا جائے گا ۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ملک کے صرف اس نظام کیخلاف ہے جس میں امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا جارہا ہے۔ میاں عتیق نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے نومنتخب میئر وسیم اختر اور زیرحراست بے گناہ خواتین کارکنان کو رہا کیا جائے۔

     

  • ایم کیوایم میں تنظیمی تبدیلیاں: بیرسٹرسیف کے پی اورمیاں عتیق پنجاب کے صدرمنتخب

    ایم کیوایم میں تنظیمی تبدیلیاں: بیرسٹرسیف کے پی اورمیاں عتیق پنجاب کے صدرمنتخب

    کراچی: الطاف حسین کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم عوام کی نمائندہ جماعت ہے جو ہرمکتبۂ فکر کی نمائندگی کرتی ہے، اجلاس میں ایم کیو ایم پنجاب کا صدر میاں عتیق کو مقرر کیا گیا ، جبکہ بیرسٹرسیف کو ایم کیوایم خیبر پختونخواہ کا صدرمقررکیا گیا۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین لال قلعہ گراوٗنڈ میں منعقدہ جنرل ورکرز میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے اوران کا کہنا تھا کہ ایک گھرمیں چارکمرے بنا لینے سے گھر تقسیم نہیں ہوجاتا، عوام کی فلاح کے لئے انتظامی یونٹ بنانا پوری دنیا کی مجبوری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم غریبوں، مزدوروں، مجبوروں اورمظلوموں کی پارٹی ہے جو کہ عوام کی نچلی سطح تک سیاست کرتی ہے۔

    انہوں سندھیوں سے سندھی زبان میں مخاطب ہو کر کہا کہ ایم کیو ایم ان کی اپنی جماعت ہے جہاں جاگیر داراور وڈیرے نہیں بلکہ غریب اورعام لوگ اختیار حاصل کرتے ہیں۔

    اجلاس کےدوران خالد مقبول صدیقی نے تنظیمی تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رکن رابطہ کمیٹی میاں عتیق ایم کیو ایم پنجاب کے صدر ہوں گے اور سینٹرل ایگزیکیٹو کمیٹی کی رکن بیرسٹرمحمد علی سیف اب صوبہ خیبرپختون خواہ اورفاٹا کے صدرہوں گے

    دوسری جانب غازی صلاح الدین رابطہ کمیٹی کے معاون ہوں گے جبکہ حیدر آباد کی زونل کمیٹی میں دو سینئر ارکان سہیل مشہدی اوررفیق اجمیری کو شامل کیا گیا ہے۔