Tag: mianwali

  • میانوالی میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، 6 فرار ہوگئے

    میانوالی میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، 6 فرار ہوگئے

    میانوالی(8 اگست 2025): سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ 6 فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق میانوالی میں کندیاں کے علاقے میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 خطرناک دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

    ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی، اس دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں سے رائفلز، 2 دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے، فرار ہونیوالے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے کندیاں کے قریب ناکہ بندی کرلی، دہشت گرد پولیس ودیگر اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔

  • میانوالی : تھانہ مکڑوال پردہشت گردوں کا حملہ ناکام، خصوصی ٹیم تشکیل

    میانوالی : تھانہ مکڑوال پردہشت گردوں کا حملہ ناکام، خصوصی ٹیم تشکیل

    میانوالی : پنجاب کے شہر میانوالی میں پولیس نے دہشت گردوں کی جانب سے تھانہ مکڑوال پر کیا جانے والاحملہ ناکام بنا دیا، واقعے کی تحقیقات کیلئے آئی جی پنجاب نے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔

    اس حوالے سے ڈی پی او میانوالی محمد نوید نے میڈیا کو بتایا کہ تھانہ مکڑوال پر15سے20دہشت گردوں نےحملہ کیا تاہم حملے میں تمام اہلکار محفوظ رہے۔

    ڈی پی اومیانوالی کے مطابق دہشت گردوں نے حملے میں جدید آتشیں اسلحے کا استعمال کیا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے چند دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

    دہشت گرد اپنے زخمی ساتھیوں کو لےکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے کے بعد پولیس نے تمام علاقے کو گھیرےمیں لے کرسرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

    خصوصی ٹیم تشکیل

    واقعے کے بعد آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے میانوالی میں تھانے پر حملے کے پیش نظر خصوصی ٹیم تشکیل دیدی ہے، 4رکنی ٹیم میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ،اسپیشل برانچ،آپریشنز اور ڈی آئی جی آئی ٹی شامل ہیں۔

    مذکورہ کمیٹی آرپی او سرگودھا سے مل کر دہشت گردوں کیخلاف سرچ و کومبنگ آپریشنز پلان کرے گی، آئی جی پنجاب کی تھانہ مکڑوال اور ملحقہ علاقوں میں سرچ و کومبنگ آپریشنزکی ہدایت دی گئی ہے۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کا کہنا ہے کہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر میانوالی میں بھرپور سرچ آپریشن کئےجائیں، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو زیروٹالرنس کے تحت کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

  • میانوالی میں ٹرین حادثہ، آمدورفت معطل

    میانوالی میں ٹرین حادثہ، آمدورفت معطل

    میانوالی: کراچی سے میانوالی جانے والی مال بردار ٹرین کو حادثہ پیش آیا ہے، جس کے باعث ریلوے نظام میں تعطل پیدا ہوگیا ہے۔

    ریلوے ذرائع کے مطابق میانوالی میں پپلاں ریلوے اسٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کی 8 بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں، مال بردار ٹرین کراچی سے داؤ خیل کوئلہ لے کر آرہی تھی۔

    ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے لائنز کمزور ہونےکی وجہ سے بوگیاں پٹڑی سے اتریں، واقعے کے بعد امدادی کرین اور عملہ کندیاں جنکشن سےروانہ کردیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: سکھر ریجن میں ایک اور ٹرین حادثے کا شکار

    حکام کا کہنا ہے کہ بوگیوں کے الٹنے سے کندیاں، ملتان سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے ٹریک کی جلد از جلد بحالی کے لئے عملے کو فوری ہدایات جاری کی گئیں ہیں، ٹریک بحال ہونے میں 12 گھنٹے لگ سکتے ہیں ۔

    اس سے قبل رواں سال ستمبر میں بھی کراچی سے ساہیوال آنے والی کارگو ٹرین کی پانچ بوگیاں روہڑی اور پنوعاقل کے درمیان اسٹیشن منڈو ڈیرو کے قریب پٹری سے اتر گئیں تھیں، جس کے باعث اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدروفت معطل ہوئی تھی۔

    مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سےاترنے کے باعث قراقرم، پاکستان ایکسپریس اوردیگرٹرینوں کے شیڈول بُری طرح متاثر ہوئے تھے۔

  • میانوالی میں 13 سالہ بچہ زیادتی اور تشدد کے بعد قتل

    میانوالی میں 13 سالہ بچہ زیادتی اور تشدد کے بعد قتل

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں 13 سالہ بچے کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میانوالی کے علاقے بالا شریف میں 13 سالہ بچے کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے، بچے کو بظاہر زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کی ہے اور قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ ملزمان کو گرفتار کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے، لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔

    انہوں نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔

    آئی جی پنجاب نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیاد پر یقینی بنائی جائے۔

  • میانوالی میں 3 بچوں سے زیادتی، مقدمات درج

    میانوالی میں 3 بچوں سے زیادتی، مقدمات درج

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں 3 بچوں سے زیادتی کا واقعہ سامنے آگیا، ملزمان نے ویڈیو بنائی بعد ازاں ایک سال تک بلیک میل کرتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں 3 بچوں سے زیادتی کی ایف آئی آرز سامنے آگئیں، ملزمان زیادتی کی ویڈیوز بھی بناتے رہے۔

    پہلی ایف آئی آر کے مطابق ملزمان سرفراز اور خرم نے گھر لے جا کر زیادتی کی، ملزمان نے ویڈیو بنائی بعد ازاں ایک سال بلیک میل کرتے رہے۔

    دوسری ایف آئی آر میں درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ 10 سالہ بیٹے سے ذیشان، حسن اور حمزہ نے زیادتی کی کوشش کی، ملزمان نے بیٹے کو برہنہ کر کے ویڈیو بھی بنائی۔

    تیسری ایف آئی آر میں 9 سالہ لڑکے سے 2 ملزمان پر زیادتی کا الزام لگایا گیا، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ملزمان حسن اور ذیشان نے 9 سالہ بیٹے سے زیادتی کی۔

    پولسی کا کہنا ہے کہ زیادتی کے تینوں واقعات تھانہ موچھ کی حدود میں پیش آئے، 2 واردتوں میں حسن اور ذیشان نامی ملزم نامزد ہیں، مذکورہ دونوں وارداتیں ذیشان اور حسن کی بیٹھک پر ہوئیں۔

  • وزیراعظم میانوالی میں  موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز کریں گے

    وزیراعظم میانوالی میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان میانوالی میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے آغاز  اور  غازی بروتھا میں نوجوانوں کیلئے کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان میانوالی اور غازی بروتھا کا دورہ کریں گے ، جہاں وہ 10بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت پودے لگا کر شجر کاری مہم کے آغاز کے ساتھ ساتھ منعقدہ تقریب سےخطاب بھی کریں گے۔

    دورے کے دوران وزیراعظم غازی بروتھا میں نوجوانوں کیلئے کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کریں گے۔

    وزیر اعظم نمل یونیورسٹی میانوالی کا بھی دورہ کرکے یونیورسٹی کے مخیر حضرات سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ میانوالی میں اسپورٹس سٹی کا افتتاح بھی کریں گے جو پہلے منسوخ ہوچکا ہے۔

    وزیراعظم کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ انتظامی افسران وزیر اعظم کے دورے سے قبل صفائی مہم پر پہنچ گئے ہیں۔

    یاد رہے 2 روز قبل اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے موسم بہارکی شجرکاری مہم میں پودا لگایا تھا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ ین اسلم اور ماحولیاتی تبدیلی کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، ہم زمین پر اور سوچ میں ایک تبدیلی لے کر آرہے ہیں، آئندہ نسلوں کیلئے ضروری ہے کہ اپنے طرز زندگی کو بدلیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سوچنا ہوگا کہ آئندہ 20سالوں میں ہماری نسلوں کو کیا فائدہ کیا نقصان ہوگا، درخت کاٹنے اور جنگلات ختم کرنے کے نقصانات لاہور میں واضح ہیں، پشاور اور لاہور گارڈن سٹی کہلائے جاتے تھے اور آج لاہور،پشاور میں آلودگی بچوں ،بزرگوں کیلئے بہت نقصان دہ ہے۔

  • خوشاب: دلخراش ٹریفک حادثہ، 7 جانیں نگل گیا

    خوشاب: دلخراش ٹریفک حادثہ، 7 جانیں نگل گیا

    خوشاب: صوبہ پنجاب کے ضلع خوشاب میں دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جہاں مسافر وین اور ٹرک کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسافروں سے بھری وین میانوالی سے خوشاب جارہی تھی کہ بوتالہ کے قریب مخالف سمت سے آنے والے منی ٹرک سے ٹکراگئی، جس کے نتیجے میں سات افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ نو زخمی ہوگئے۔

    واقعے کے اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو جوہرآباد منتقل کیا،جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے، امدادی ٹیموں کے مطابق حادثہ شدید دھند کے باعث پیش آیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خوشاب ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مسافروں کے لواحقین سے ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے، سردار عثمان بزدار نے نےافسوسناک حادثے سے متعلق فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    گوجرانوالہ: دھند کے باعث متعدد گاڑیاں ٹکرا گئیں

    دوسری جانب گوجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں دھند کے باعث چودہ گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں، حادثے میں بارہ افراد زخمی ہوئے، امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فیروزوالا میں رستم پورہ اسٹاپ نارووال روڈپر دھند کے باعث بس الٹ گئی، حادثے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ اٹھارہ زخمی ہوئے، بس لاہور سے نارووال جارہی تھی۔

    موٹر وے کئی مقامات پر بند

    لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے، جس کے باعث موٹروےایم3،لاہور سے عبدالحکیم تک دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے، موٹروےایم 4،پنڈی بھٹیاں سےچراغ آباد تک دھند کےباعث بند کردیا گیا ہے۔

    ترجمان موٹر وے کے مطابق قومی شاہراہ پر دھند سے متاثرہ علاقوں میں حدنگاہ20میٹر رہ گئی ہے، شاہ کوٹ اورگردونواح میں شدید دھند،حد نگاہ 5میٹررہ گئی ہے۔

  • میانوالی میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ شہید

    میانوالی میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ شہید

    میانوالی : پاک فضائیہ کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں طیارے ایف ٹی سیون میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق میانوالی کے قریب چاہ میانہ کے مقام پر پاک فضائیہ کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔


    اس حوالے سے ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے ایف ٹی سیون میں سوار دونوں پائلٹ موقع پرشہید ہوگئے، جن کے نام اسکواڈرن لیڈر حارث بن خالد اور فلائنگ آفیسر عبادالرحمان ہیں۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئرہیڈ کوارٹرز نےاعلیٰ سطح بورڈ تشکیل دے دیا ہے، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، ٹیموں کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • دورہ میانوالی ، وزیراعظم نے صحت اور تعلیم  سمیت مختلف منصوبوں کا  سنگ بنیادرکھ دیا

    دورہ میانوالی ، وزیراعظم نے صحت اور تعلیم سمیت مختلف منصوبوں کا سنگ بنیادرکھ دیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے میانوالی میں صحت،تعلیم سمیت مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، عمران خان عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے، اس موقع پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اپنے آبائی حلقے میانوالی پہنچے، جہاں انھوں نے صحت، تعلیم سمیت مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ، عمران خان کو منصوبوں سے بریفنگ دی گئی ، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد بھی موجود تھے۔

    وزیراعظم عمران خان عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے اور مستقبل کے لیے نئے ترقیاتی پیکج میں مزید منصوبوں اور تعمیری ترقی کا اعلان کریں گے۔

    وزیراعظم کے دورے کیلئے میانوالی میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ، میانوالی دورہ کے دوران عمران خان نمل کالج تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

    یاد رہے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے ہزارہ موٹروے کا افتتاح کیا تھا ، ہزارہ موٹروے منصوبہ 3 حصوں پر مشتمل ہیں ، 180 کلومیٹر ہزارہ موٹروے کے 2 حصے مکمل جبکہ تیسرے حصے کو مارچ 2020 تک مکمل کیا جائے گا۔ 34 ارب روپے کی لاگت سے مانسہرہ تک تیار ہونے والے ہزارہ موٹروے پر کل 47 پل اور 6 سرنگیں تعمیر کی گئی ہیں۔

    خیال رہے میانوالی عمران خان کا آبائی علاقہ ہے، انہوں نے الیکشن 2018 میں میانوالی سے الیکشن لڑ کر کامیابی حاصل کی تھی۔ بعدازاں انہوں نے یہی سیٹ اپنے پاس رکھی تھی جبکہ عمران خان نے اپنی ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز بھی شہر میانوالی ہاکی اسٹیڈیم سے کیا تھا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ 2002ء میں اگر میانوالی کے عوام میرا ساتھ نہ دیتے تو شاید آج میں سیاست نہ کررہا ہوتا، علاقے کے لوگوں نے ہی مجھے پہلی بار قومی اسمبلی کا رکن منتخب کیا اور میانوالی کے نوجوانوں کی اسی محنت کی بدولت پی ٹی آئی آج ملک کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔

  • امیدواروں کو ٹکٹ میرٹ پر دیئے گئے، اقتدار میں آکر ملک کو بدل دیں گے، عمران خان

    امیدواروں کو ٹکٹ میرٹ پر دیئے گئے، اقتدار میں آکر ملک کو بدل دیں گے، عمران خان

    میانوالی : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں ٹکٹ میرٹ پر دیئے گئے ہیں، جن امیدواروں کوٹکٹ نہیں ملا ان سے معذرت چاہتا ہوں، اقتدار میں آکر پورے ملک کو بدل دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میانوالی میں انتخابی مہم کے پہلے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا پودا میانوالی میں لگا تھا اسی لیے الیکشن 2018کی انتخابی مہم میانوالی سے شروع کررہاہوں، میانوالی تب میرے ساتھ کھڑا تھا جب کوئی ساتھ نہ تھا،2002کےالیکشن میں ایک سیٹ جیتا تھا جو کبھی نہیں بھول سکتا، ساتھ کھڑے رہنے پرمیانوالی کےکارکنوں کا شکریہ ادا کرتاہوں۔

    عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی وہ جماعت بننے جارہی ہے جہاں صرف میرٹ پر ٹکٹ ملیں گے، ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر بہت دباؤ تھا، میرے گھر کے لوگ بھی کہہ رہے ہیں کہ ہمیں ٹکٹ نہیں ملے، ہم نے پوری کوشش کی کہ پارٹی ٹکٹ میرٹ پر دیئےجائیں، ابھی بھی ٹکٹوں کے معاملے پر نظرثانی کررہے ہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ ٹکٹ نیک نیتی سے دیئے گئے جن کو نہیں مل سکے اس نے معذرت خواہ ہوں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے شریف برادران پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یاد ہے ناں کس نے کہا تھا کہ لوڈشیڈنگ 3ماہ میں ختم نہ ہوئی تو میرانام بدل دینا، نوازشریف جہاں جاتا تھا کہتا تھا میں موٹر وے بنادوں گا، شہبازشریف کہتا ہے بجلی بنادی ہے اب نگراں حکومت جانے اورآپ جانیں، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کیا بجلی بنا کر جاتے ہوئے اپنے ساتھ شاپنگ بیگ میں ڈال لے کر گئے؟

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں نے کرپشن چھپانے کیلئے40ارب روپے کے اشتہار دیئےگئے، اشتہاروں میں بجلی بن رہی ہے اور وہی ترقی ہورہی ہے، اشتہاروں میں قائداعظم سولرپارک، نندی پور بن گیا، ملک پر کبھی اتنا قرضہ نہیں چڑھا جتنا ان دو بھائیوں کے دور میں چڑھا دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ،2013میں پاکستان کا قرضہ 13ہزار ارب روپے تھا جو اب بڑھ کر5سالوں میں27ہزار ارب روپے پر پہنچ گیا ہے جبکہ پچھلے60سالوں میں پاکستان پر قرضہ 6ہزار ارب روپے تھا، اسحاق ڈار، نوازشریف اور شہبازشریف کے بچے اربوں پتی بن گئے جبکہ ہر پاکستانی پر قرضہ چڑھ گیا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ جون 2013میں ایک ڈالر 100روپے کا تھا، آج2018میں ایک ڈالر 125روپے پرپہنچ گیا ہے، اگرآپ کے بینک میں 125روپے پڑے تھے تو وہ آج صرف100روپیہ رہ گیا ہے، گزشتہ پانچ سال میں ملک کا36ہزارارب روپے کا نقصان کیا گیا، یہ 36ہزار ارب کی قیمت عوام مہنگائی اور غربت سے ادا کرے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔