Tag: Michael Jackson

  • امیتابھ بچن نے مائیکل جیکسن سے اپنی ملاقات کا دلچسپ قصہ سُنادیا

    امیتابھ بچن نے مائیکل جیکسن سے اپنی ملاقات کا دلچسپ قصہ سُنادیا

    ممبئی: بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے عالمی شہرت یافتہ امریکی پاپ گلوکار مائیکل جیکسن سے اپنی ملاقات کا قصہ سُنادیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنے ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی ‘ کے سیزن 16 کی حالیہ قسط میں انکشاف کیا ہے کہ جب اُنہوں نے پہلی بار مائیکل جیکسن کو اپنے سامنے دیکھا تھا تو وہ بےہوش ہونے لگے تھے۔

    امیتابھ بچن نے کہا کئی سال پُرانی بات ہے، میں نیویارک کے ایک ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا کہ ایک دن میرے کمرے کے دروازے پر دستک ہوئی، جب میں نے دروازہ کھولا تو باہر مائیکل جیکسن کھڑے تھے۔

    اداکار نے کہا کہ میں پہلی بار مائیکل جیکسن کو اپنے سامنے دیکھ کر دنگ رہ گیا تھا اور میں تقریباً بے ہوش ہونے لگا تھا کیونکہ مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ مائیکل جیکسن میرے سامنے کھڑے ہیں لیکن پھر میں نے خود کو پُرسکون کیا اور ان سے ہیلو کیا۔

    اُنہوں نے کہا کہ مائیکل جیکسن نے مجھ سے پوچھا کہ کیا یہ میرا (مائیکل جیکسن) کمرہ ہے؟، جب میں نے اُنہیں بتایا کہ یہ آپ کا نہیں بلکہ میرا کمرہ ہے تو اُنہیں احساس ہوا کہ وہ غلطی سے غلط کمرے میں آگئے ہیں۔

    امیتابھ بچن نے کہا کہ بعدازاں، مائیکل جیکسن نے اپنے کمرے میں جاکر کسی کے ہاتھ مجھے ملاقات کا پیغام بھیجا، پھر ہم نے بیٹھ کر کافی بات چیت کی۔

    اداکار نے مائیکل جیکسن کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ بے پناہ شہرت کے باوجود ناقابل یقین حد تک عاجز اور مہربان شخصیت کے مالک تھے۔

    واضح رہے کہ مائیکل جیکسن 25  جون 2009 کو مداحوں سے بچھڑ گئے تھے۔

  • مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان

    مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان

    کنگ آف پاپ کہلائے جانے والے شہرہ آفاق آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم بننے جارہی ہے جس کی پروڈکشن رواں برس شروع کردی جائے گی۔

    آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی کو فلمانے والے لائنس گیٹ اسٹوڈیو کا کہنا ہے کہ بائیوپک میں مائیکل جیکسن کا کردار ان کے 26 سالہ بھتیجے جعفر جیکسن نبھائیں گے۔

    لائنس گیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلم مائیکل میں اس پیچیدہ آدمی کو فلمایا جائے گا جو پاپ کا بادشاہ بن گیا۔ فلم میں ان کی زندگی کے تمام پہلو اور ان کی سب سے قابل ذکر پرفارمنس شامل ہوں گی جنہوں نے اسے موسیقی کی دنیا کا آئکن بنا دیا۔

    ہالی ووڈ کے اینٹون فوکا فلم کی ہدایتکاری کے فرائض نبھائیں گے جبکہ گراہم کنگ فلم کو پروڈیوس کریں گے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Antoine Fuqua (@antoinefuqua)

    فلم کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کے مطابق مائیکل جیکسن کے کردار کو نبھانے کے لیے جعفر جیکسن کا انتخاب اس لیے کیا گیا کہ ان میں اپنے چچا کے کردار کو زندہ کرنے کی فطری صلاحیت تھی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ واضح تھا کہ یہ کردار بہتر انداز میں ادا کرنے والے وہ واحد شخص ہیں، فلم کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ وہ انتظار نہیں کر سکتے کہ دنیا جعفر جیکسن کو مائیکل جیکسن کے طور پر بڑی اسکرین پر دیکھے۔

    خیال رہے کہ جعفر جیکسن مائیکل کے بڑے بھائی جرمین جیکسن کے بیٹے ہیں، جو ایک گلوکار اور پروڈیوسر بھی ہیں۔

    یاد رہے کہ مائیکل جیکسن نے اپنے خاندان کے پاپ گروپ جیکسن 5 کے ساتھ بطور چائلڈ اسٹار کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد جوانی میں انہوں نے ایک کے بعد ایک ہٹ سولو البم دے کر موسیقی کی دنیا میں پاپ گلوکاری اور پاپ ڈانس کو جنم دیا، اسی لیے انہیں کنگ آف پاپ کہا جاتا ہے۔

    مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم: گلوکار کا کردار کون نبھائے گا؟

  • ایلوس پریسلے کی بیٹی، مائیکل جیکسن کی سابق اہلیہ چل بسیں

    مشہور امریکی گلوکار اور راک اینڈ رول میوزک کے بانی ایلوس پریسلے کی بیٹی، اور کنگ آف پاپ کہلائے جانے والے آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی سابق اہلیہ لیزا میری پریسلے 54 سال کی عمر میں چل بسیں۔

    لیزا میری پریسلے امریکی گلوکار کی اکلوتی بیٹی تھیں جن کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، رپورٹس کے مطابق کیلی فورنیا میں واقع ان کے گھر میں انہیں بے ہوشی کی حالت میں ملنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    لیزا کو اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد ان کی والدہ پریسیلا پریسلے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میری پیاری بیٹی کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا بھرپور خیال رکھا جارہا ہے۔

    انہوں نے مداحوں سے دعاؤں میں یاد رکھنے اور پرائیوسی کی درخواست کی۔

    گلوکارہ نے بدھ کو گولڈن گلوب ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کی تھی جبکہ اتوار کو انہوں نے اپنے آنجہانی والد کی سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

    لیزا 50 کی دہائی کے شہرہ آفاق، راک اینڈ رول میوزک کے بانی ایلوس پریسلے اور اداکارہ پریسیلا پریسلے کی اکلوتی بیٹی تھیں۔

    سنہ 1994 میں انہوں نے کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن سے شادی کی تھی تاہم یہ شادی صرف 2 ہی برس چل سکی اور سنہ 1996 میں دونوں علیحدہ ہوگئے۔

    لیزا، مائیکل جیکسن کے ساتھ ان کی ایک میوزک ویڈیو یو آر ناٹ الون میں بھی جلوہ گر ہوئی تھیں۔

  • مائیکل جیکسن کی آخری رہائش گاہ اربوں روپے میں فروخت

    مائیکل جیکسن کی آخری رہائش گاہ اربوں روپے میں فروخت

    شہرہ آفاق گلوکار مائیکل جیکسن کا کیلی فورنیا میں واقع عالیشان گھر نیور لینڈ رینچ ان کے ساتھی ارب پتی بزنس مین رون برکلے نے خرید لیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آنجہانی گلوکار کے سنٹا باربرا کے قریب لاس اولیوس میں 27 سو ایکڑ رقبے پر پھیلے اس عالیشان گھر کو بالآخر فروخت کردیا گیا۔

    مائیکل کی یہ جائیداد 22 ملین ڈالر (2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر، ساڑھے 3 ارب پاکستانی روپے سے زائد) میں ان کے ایک سابق ساتھی اور ایک سرمایہ کار فرم یوکیپیا کمپنیز کے شریک بانی رون برکلے کو فروخت کر دی گئی ہے۔

    مائیکل جیکسن کے اس گھر کے لیے 2016 میں 100 ملین ڈالر طلب کیے گئے تھے جبکہ اس کے ایک سال بعد اس کی قیمت کا 67 ملین ڈالر کا اندازہ لگایا گیا تھا۔

    اس جائیداد میں 12 ہزار 500 مربع فٹ مرکزی رہائش گاہ ہے اور 3 ہزار 700 مربع فٹ پول ہاؤس موجود ہے، علاوہ ازیں 50 سیٹوں والا مووی تھیٹر اور ڈانس سٹوڈیو کے ساتھ ایک علیحدہ عمارت بھی تیار کی گئی ہے۔

    فارم کی دیگر خصوصیات ڈزنی اسٹائل ٹرین اسٹیشن، فائر ہاؤس اور گودام ہیں۔

    خریدار برکلے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کچھ ارب پتی افراد کی یہاں موجود زیکا جھیل پر نظر ہے، یہ جھیل اس گھر سے ملحق ہے۔

    برکلے نے جائیداد کے فضائی جائزے کے بعد اسے خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • مائیکل جیکسن کی بیٹی والد کے نقش قدم پر

    مائیکل جیکسن کی بیٹی والد کے نقش قدم پر

    عالمی شہرت یافتہ گلوکار مائیکل جیکسن کی بیٹی پیرس جیکسن نے اپنا پہلا میوزک البم ریلیز کردیا، پیرس نے اپنے والد سے بالکل مختلف موسیقی کی اصناف پر طبع آزمائی کی ہے۔

    آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی بیٹی پیرس 15 برس کی عمر سے ماڈلنگ اور اداکاری کر رہی ہیں اور اب انہوں نے گلوکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by (@parisjackson)

    والد کی موت کے وقت وہ صرف 10 برس کی تھیں اور تب سے وہ شدید ذہنی مسائل سے دوچار رہی ہیں۔

    اب انہوں نے اپنا پہلا میوزک البم ویٹڈ ریلیز کیا ہے، انہوں نے والد کی طرح پاپ موسیقی کے بجائے مختلف صنف میں گانے گائے ہیں جس سے مائیکل جیکسن کے مداح کافی ناخوش بھی ہیں۔

    تاہم پیرس کا کہنا ہے کہ جنہیں ان کے گانے پسند نہیں وہ نہ سنیں، انہوں نے لوگوں کو خوش کرنا چھوڑ دیا ہے۔

    اس البم میں 11 گانے ہیں جن میں بعض گانوں میں پیرس نے اپنی زندگی کے حالات کو بھی بیان کیا ہے جیسے کم عمری میں والد سے جدائی کا دکھ، ڈپریشن اور مائیکل جیکسن کے بعد ان کے حوالے سے سامنے آنے والے تنازعات جنہوں نے مائیکل کے بچوں کو خاصا متاثر کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by (@parisjackson)

    پیرس کے علاوہ مائیکل جیکسن کے 2 اور بیٹے بھی ہیں جن کی عمریں 23 اور 18 سال ہیں۔ دنیا کو اپنی موسیقی اور رقص سے دیوانہ بنانے والے مائیکل جیکسن 25 جون 2009 کو نہایت پراسرار حالات میں چل بسے تھے۔

  • مائیکل جیکسن کو مداحوں سے بچھڑے 10 برس بیت گئے

    مائیکل جیکسن کو مداحوں سے بچھڑے 10 برس بیت گئے

    عالمی شہرت یافتہ، کنگ آف پاپ امریکی آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کو مداحوں سے بچھڑے 10 برس بیت گئے، مائیکل جیکسن کو تاریخ کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے موسیقار کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

    مائیکل جیکسن کو بیسویں صدی کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے، جیکسن کا فن 40 سالوں تک مرکز نگاہ رہا اور اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ایک نہیں کئی حوالوں سے درج ہے۔

    مائیکل جوزف جیکسن 29 اگست سنہ 1958 کو امریکی ریاست انڈیانا میں پیدا ہوئے۔ 6 سال کی عمر میں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا اور پھر مائیکل جیکسن نے جو گایا کمال گایا۔ اپنے پہلے ہی البم آئی وانٹ یو بیک سے مائیکل جیکسن کی شہرت کا سفر شروع ہوگیا۔

    سنہ 1982 میں مائیکل جیکسن کا البم ’تھرلر‘ ریلیز ہوا اور دنیائے میوزک میں تہلکہ مچا دیا، اس البم کو آج بھی دنیا میں سب سے زیادہ بکنے والی میوزک البم کا اعزاز حاصل ہے اور اب تک اس کی ساڑھے 6 کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں۔

    تھرلر کو 8 گریمی ایوارڈز ملے جو ایک ریکارڈ ہے۔

    مائیکل جیکسن نے تھرلر البم کے گیت ’بلی جین‘ پر رقص میں ایک نئی حرکت متعارف کروائی جسے دیکھ کر لوگ ششدر رہ گئے۔ اس حرکت کو بعد ازاں ’مون واک‘ کا نام دیا گیا۔

    تھرلر کے بعد مائیکل جیکسن کا البم ’بیڈ‘ سامنے آیا جس کی 20 ملین کاپیاں فروخت ہوئیں۔ بیڈ کے بعد جیکسن کا ایک اور البم ڈینجرس بھی کامیاب ترین البم ثابت ہوا۔

    مائیکل کی زندگی زندگی دکھوں اور تنازعات سے بھرپور رہی۔ مائیکل نے اپنا بچپن والد کے ہاتھوں تشدد برداشت کرتے اور غربت سہتے ہوئے گزارا تھا۔ یہ کٹھن وقت مائیکل کو ہمیشہ کے لیے ذہنی عارضوں اور نفسیاتی پییدگیوں کا تحفہ دے گیا۔

    وہ اپنے گانوں میں سیاہ فاموں سے کیے جانے والے سلوک کے خلاف آواز تو اٹھاتا رہا تاہم اس احساس کمتری سے نجات نہ پا سکا جو اس کمتر اور ذلت آمیز سلوک کی وجہ سے اس کے اندر پیدا ہوا جو مغرب میں تمام سیاہ فاموں کی زندگی کا حصہ ہے۔ یہی وجہ تھی کہ دولت اور شہرت حاصل کرنے کے بعد مائیکل نے پلاسٹک سرجری کا سہارا لیا اور اپنی سیاہ جلد کو سفید سے بدل ڈالا۔

    جیکسن ساری زندگی طبی مسائل اور مختلف بیماریوں کا بھی شکار رہا جس کی وجہ سے اکثر وہ اپنا منہ ڈھانپ کر باہر نکلتا تھا۔ اس پر بچوں سے بدسلوکی کے الزامات بھی لگے اور ان کی وجہ سے اسے عدالتوں میں بھی پیش ہونا پڑا۔

    اس نے اپنی دولت کا بڑا حصہ فلاحی کاموں پر خرچ کیا، گنیز بک میں اس کا نام ’سب سے زیادہ فلاحی منصوبوں کی معاونت کرنے والے اسٹار‘ کے طور پر بھی درج ہے۔

    مائیکل نے سنہ 1994 میں آنجہانی امریکی گلوکار ایلوس پریسلے کی بیٹی لیزا میری پریسلے سے شادی کی، جو صرف 19 ماہ چل سکی۔ بعد ازاں اس نے ایک نرس ڈیبی رو سے بھی شادی کی جو 3 سال بعد اختتام پذیر ہوگئی۔

    وہ 3 بچوں کا والد بھی بنا جن میں سے سب سے بڑی بیٹی پیرس جیکسن اس وقت ماڈلنگ کی دنیا میں اپنا نام بنا رہی ہے۔

    10 برس قبل سنہ 2009 میں مائیکل جیکسن 25 اور 26 جون کی درمیانی شب حرکت قلب بند ہونے سے اس دنیا کو چھوڑ گیا۔ ہر مشہور شخصیت کی طرح اس کی موت پر بھی طرح طرح کی قیاس آرئیاں کی گئی۔ اس کی موت کو قتل قرار دیا گیا۔

    یہ بھی کہا گیا کہ وہ معاشی مشکلات کا شکار ہوگیا تھا لہٰذا اس نے خودکشی کی، تاہم اس کے ڈاکٹر کے بیان کے مطابق جیکسن نے مرنے سے قبل دوائیوں کی بھاری مقدار لی تھی جس کی وجہ اسے ہونے والی مختلف تکالیف تھیں۔

    مائیکل جیکسن کی موت کی خبر منظر عام پر آتے ہی کروڑوں افراد نے گوگل کا رخ کیا اور گوگل کا سرچ انجن بیٹھ گیا، دنیا بھر کی بڑی نیوز ویب سائٹس بھی بھاری ٹریفک کی وجہ سے سست روی کا شکار ہوگئیں۔

    7 جولائی کو ادا کی جانے والی مائیکل جیکسن کی آخری رسومات کو 1 ارب افراد نے ٹی وی پر براہ راست دیکھا۔

    موت کے بعد آنجہانی گلوگار کے البمز ایک بار پھر دھڑا دھڑ فروخت ہونے لگے۔ مائیکل جیکسن کی موت سے قبل ریکارڈ کیا گیا گانا دس از اٹ ان کی موت کے بعد ریلیز کیا گیا جس نے مائیکل کی ساری زندگی کمائی گئی دولت کا ریکارڈ توڑ دیا۔

    مرنے کے بعد بھی مائیکل جیکسن کا نام سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والے گلوکاروں میں سرفہرست ہے۔ ان کے مداحوں کی تعداد ان کی موت کے بعد بھی دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔

  • آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی جیکٹ کب نیلام ہوگی؟

    آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی جیکٹ کب نیلام ہوگی؟

    لاس اینجلس: پاپ میوزک کی دنیا کے نامور آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کے زیر استعمال جیکٹ 10 نومبر کو نیلامی کے لیے پیش کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق میوزک کی دنیا میں پاپ موسیقی کو تخلیق دینے والے امریکی گلوکار مائیکل جیکسن اپنے ہر پروگرام میں سیاہ رنگ کی جیکٹ پہن کر پرفارم کرتے تھے جسے اب نیلامی کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

    خاندانی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق آنجہانی گلوکار کی جیکٹ 10 نومبر کو نیلامی کے لیے پیش کی جائے گی اور بولی کی رقم ایک لاکھ ڈالر سے شروع ہوگی۔

    جولین آکشن ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مائیکل جیکسن کی جیکٹ کے پشت پر سلور مارکر سے گلوکار کے دستخط موجود ہیں۔

    مزید پڑھیں: میرے والد کو قتل کیا گیا ، مائیکل جیکسن کی بیٹی کا انکشاف

    پاپ گلوکار کے گزر جانے کے بعد ٹیکساس کے تاجر اور مائیکل جیکسن کے مداح نے اُن کے زیر استعمال دو جیکٹوں کو بطور نشانی بھاری رقم کے عوض خرید لیا تھا۔

    اب تاجر اس جیکٹ کو فروخت کر کے حاصل ہونے والی رقم فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے نیلامی کی تقریب 10 نومبر کو ٹائمز اسکوائر نیویارک کے کیفے ہارڈراک میں منعقد کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ کنگ آف پاپ امریکی تاریخ کے کامیاب ترین موسیقار  تھے جس کا فن چالیس سالوں تک مرکز نگاہ رہا اور اُن کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ایک نہیں کئی حوالوں سے درج ہوا۔

    مائیکل جوزف جیکسن 29 اگست 1958 کو امریکی ریاست انڈیانا میں پیدا ہوئے، 6 سال کی عمر میں انہوں نے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا اور پھر ایسا لوہا منوایا کہ جو گانا گایا کمال ہی کردیا۔

    یہ بھی پڑھیں: مائیکل جیکسن کا قدیم مصری مجسمہ

    ما ئیکل جیکسن اپنے منفرد انداز کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہیں، اپنے پہلے البم آئی وانٹ یو بیک سے ہی مائیکل جیکسن دنیا بھر میں مشہور ہوگئے۔

    انیس سوبیاسی میں مائیکل جیکسن کا البم تھرلر ریلیز ہوا اور دنیائے میوزک میں تہلکہ مچا دیا تھا،اس البم کو آج بھی دنیا میں سب سے زیادہ بکنے والی میوزک البم کا اعزاز حاصل ہوا۔

    تھرلر کی صرف امریکا میں ہی تیس کروڑ کیسٹس فروخت ہوئیں جبکہ پوری دنیا میں اس کی سوکروڑ سے زیادہ کاپیاں فروخت ہوئیں، مائیکل جیکسن کے البم ’تھریلر‘ کو آٹھ گریمی ایوارڈ ملے ہیں جو کہ ایک بڑا ریکارڈ ہے۔

    مائیکل جیکسن نے تھرلر البم کے گیت ‘بلی جین’ پر رقص میں ایک نئی حرکت متعارف کروائی جسے دیکھ کر لوگ ششدر رہ گئے۔ اس حرکت کو بعد ازاں ‘مون واک’ کا نام دیا گیا۔

    تھرلر‘ کے بعد مائیکل جیکسن کا البم ’بیڈ‘ سامنے آیا، جس کی بیس لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں، ‘بیڈ‘ کے بعد جیکسن کا البم ’ڈینجرس‘ بھی سپر ہٹ ہوا۔

    اسے بھی پڑھیں: مائیکل جیکسن اورمیڈونا کیا واقعی دجال کے پیروکار ہیں؟

    مائیکل نے 1994 میں آنجہانی امریکی گلوکار ایلوس پریسلے کی بیٹی لیزا میری پریسلے سے شادی کر لی، جو صرف انیس ماہ چل سکی۔

    انیس سو ستانوے میں مائیکل جیکسن کو راک اینڈ رول ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا اور انہوں نے غیر متوقع طور پر ایک نرس ڈیبی رو سے شادی کر لی، جس سے ان کا بیٹا پرنس مائیکل پیدا ہوا، 1998 میں ان دونوں کی ایک بیٹی پیرس مائیکل کیتھرین پیدا ہوئی جبکہ سنہ 1999 میں مائیکل اور ڈیبی میں طلاق ہوگئی جبکہ بچے مائیکل کے پاس ہی رہے۔

    موسیقی کی دنیا میں نئے رجحانات متعارف کرانے والے مائیکل جیکسن 25 جون 2009 ء کو گولیوں کی زائد مقدار لینے کی وجہ سے دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

    اسے بھی پڑھیں: مائیکل جیکسن کے انوکھے ڈانس اسٹیپ کا راز

    مرنے کے بعد بھی مائیکل جیکسن کا نام سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والے گلوکاروں میں سرفہرست رہا، ان کی موت کے بعد ادھورا گانا دس ازاٹ ریلیز ہوا، جس نے اتنا بزنس کیا جتنا مائیکل جیکسن اپنے دور عروج میں حاصل کرتے رہے۔

  • مائیکل جیکسن کے والد چل بسے

    مائیکل جیکسن کے والد چل بسے

    لاس اینجلس: آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کے والد جو جیکسن 89 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ وہ طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔

    مائیکل جیکسن کی بہن لاٹویا جیکسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے والد کے انتقال کی خبر شیئر کی۔

    لاٹویا کے علاوہ جیکسن خاندان کے دیگر افراد نے بھی مداحوں کو اس افسوس ناک خبر کی اطلاع دی تاہم ان کی جانب سے زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

    ہالی ووڈ ویب سائٹس کے مطابق جو جیکسن ٹرمینل پینکریاٹک کینسر میں مبتلا تھے۔

    اس سے قبل صرف 2 دن پہلے جو جیکسن نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ کیا تھا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہیں اپنی موت کا علم ہوگیا تھا۔

    اپنے آخری ٹویٹ میں جو جیکسن نے لکھا تھا، ’جب سورج کے طلوع ہونے کا وقت ہوتا ہے تو وہ طلوع ہوجاتا ہے، اور چاہے آپ پسند کریں نہ یا نہ کریں، اپنے غروب ہونے کےوقت پر سورج بھی غروب ہوجاتا ہے‘۔

    جو جیکسن ایک سخت گیر والد تھے۔ ان کے آنجہانی بیٹے مائیکل جیکسن نے کئی بار انٹرویوز میں بتایا تھا کہ بچپن میں ان کے والد انہیں بیلٹ سے تشدد کا نشانہ بنایا کرتے تھے۔

    والد کی سخت گیر طبیعت اور تشدد نے مائیکل کو ذہنی عارضوں اور نفسیاتی پیچیدگیوں کا شکار بنا دیا تھا جس میں وہ تاعمر مبتلا رہے۔

    جو جیکسن کی 11 اولادیں ہیں جو تقریباً سب ہی گلوکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ شہرت مائیکل جیکسن کو حاصل ہوئی جو اپنی موت کے بعد بھی دنیا کے مقبول ترین گلوکاروں میں سے ایک ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مائیکل جیکسن کے انوکھے ڈانس اسٹیپ کا راز

    مائیکل جیکسن کے انوکھے ڈانس اسٹیپ کا راز

    معروف پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کو کون نہ جانتا ہوگا۔ ہم سب ان کے گانے، بامقصد ویڈیوز اور ڈانس سے لطف اندوز ہوچکے ہیں۔

    مائیکل جیکسن اپنے ایک گانے سموتھ کرمنل میں ایک نہایت ہی انوکھا ڈانس اسٹیپ کرتے دکھائی دیتے ہیں جس میں وہ بغیر لڑکھڑائے اور گرے خاصا نیچے جھک جاتے ہیں۔

    تاہم اب اس انوکھے ڈانس اسٹیپ کا راز سامنے آگیا ہے۔

    گانے میں تو اس ڈانس کو مختلف تکنیکوں سے انجام دیا گیا تاہم اس کے مقبول ہونے کے بعد مائیکل نے اسے لائیو کنسرٹس میں بھی پیش کرنے کا سوچا اور یہیں سے اصل کام کا آغاز ہوا۔

    اس ڈانس اسٹیپ کو کرنے کے لیے مائیکل جیکسن نے اپنے مخصوص جوتے بنوائے تھے۔

    پرفارمنس سے قبل اسٹیج پر بھی کچھ مخصوص مقامات پر تاریں نصب کی جاتیں جو مخصوص وقت پر اسٹیج سے اوپر آ کر مائیکل کے جوتوں کو جکڑ لیتی تھیں جن کے باعث وہ گرنے سے محفوظ رہتے تھے۔

    تاہم بعض اوقات یہ تاریں ٹوٹ جاتیں یا ڈھیلی پڑ جاتیں جن کے باعث مائیکل جیکسن گرتے گرتے بھی بچے، لیکن وہ اس لڑکھڑاہٹ کو بھی مہارت سے ڈانس کا ہی حصہ بنا دیتے اور دیکھنے والے بدستور ان کے سحر میں جکڑے رہتے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • مائیکل جیکسن اورمیڈونا کیا واقعی دجال کے پیروکار ہیں؟

    مائیکل جیکسن اورمیڈونا کیا واقعی دجال کے پیروکار ہیں؟

    کیا آپ جانتے ہیں کہ گلوکاروں کی بھی اقسام ہوتی ہیں اور ان کی کتنی قسمیں پائی جاتی ہیِں؟ اگر ان گلوکاروں پر تحقیقی کی جائے تو معلوم ہوگا کہ دنیا میں دو اقسام کے گلوکار پائے جاتے ہیں اوّل وہ جو لوگوں کو محض اپنی موسیقی اور اپنی مسحور کن آواز سے لطف اندوز کر کے انہیں تسکین فراہم کرتے ہیں اور دوئم وہ جو اس موسیقی کے منفی نتائج چاہتے ہیں۔

    یہ لوگ نہیں چاہتے کہ موسیقی کے ذریعے اچھا پیغام پھیلے، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ رکاوٹ بننے والے فنکاروں کی جگہ ان کے پسندیدہ گلوکار آگے لائے جائیں۔

    دنیا بھر میں شیطانی تنظیم کے نام سے شہرت رکھنے والی فری میسن سوسائٹی کی شناختی علامت کو اگر غور سے دیکھا جائے تو اس میں بنی ایک آنکھ واضح طورپر پہچان میں آجائے گی۔

    اس کے علاوہ جب کچھ مخصوص موسیقاروں کے البمز اور تصاویر پر بنے نشانات پر غور کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ یہ لوگ بھی اسی شیطانی گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔

    مائیکل جیکسن اورمیڈونا‘ شیطان کے پیروکار کیسے بنے؟

    تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ پاپ موسیقی کی ملکہ میڈونا کا تعلق ایک یہودی فرقے قبالہ سے ہے۔ یہ فرقہ فری میسن کی بنیاد سمجھا جاتا ہے، میڈونا المناٹی گروپ کی مضبوط نمائندہ بن کر موسیقی کی دنیا میں سامنے آئی ہے۔

    اس کے علاوہ شہرہ آفاق گلوکار مائیکل جیکسن بھی اسی گروپ کے زیر اثر تھا، تمام گلوکاروں کواس تنظیم کا ممبر نہیں کہا جا سکتا مگر گلوکاروں کی ایک بہت بڑی تعداد المناٹی اور دجال کی پیرو کار بن چکی ہے۔

    گلوکاروں کی اکثریت اس گروپ کے مقاصد اور کارروائیوں سے آگاہ نہیں ہے لیکن بیشتر گلوکاروں کو حقیقت معلوم ہو چکی ہے۔،

    شیطانی گروہ اپنا پیغام نوجوان نسل کو پہنچا رہا ہے

    تحقیق کے مطابق میوزک انڈسٹری کے کرتا دھرتا انٹرٹینمنٹ کو برین واشنگ کے لئے استعمال کررہے ہیں، اس کا مظاہرہ پاپ میوزک میں صاف نظر آسکتا ہے، جہاں مقبول ترین گانوں کی موسیقی و شاعری ترتیب دینے والے اسی گروپ کے زیر اثر ہیں۔

    در اصل یہ لوگ کٹھ پتلی ہیں، یہ وہی کرتے ہیں جو ان کو کہا جاتا ہے، میوزک انڈسٹری کو المناٹی گروپ لیڈ کرتا ہے اور دنیا بھر میں سنے جانے والے سپر ہٹ گانے اسی گروپ کی مرہون منت ہیں۔


    مزید پڑھیں : شیطانی تنظیمیں کس طرح آپ کو کنٹرول کررہی ہیں ؟ جانیئے


    یہ گروپ ان ہی مشہور گلوکاروں کے ذریعے ہی یہ گروپ اپنا پیغام پھیلا رہا ہے اور لوگوں بالخصوص نوجوان نسل کے ذہنوں کو متاثر کرتا ہے۔