Tag: Microsoft

  • مائیکرو سافٹ کا ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان

    مائیکرو سافٹ کا ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان

    عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے دنیا بھر سے تقریباً 9 ہزار ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنے کا اعلان کردیا ہے، جو 2023ء کے بعد کمپنی کی سب سے بڑی برطرفی تصور کی جا رہی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی مارکیٹ میں کمپنی کو مزید مؤثر، چست اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، یہ برطرفیاں مائیکرو سافٹ کی مجموعی عالمی افرادی قوت کا تقریباً 4 فیصد حصہ ہیں۔

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ 2 جولائی 2025ء کو کیا گیا اور یہ حالیہ مہینوں کے دوران کمپنی کی جانب سے کی جانے والی تیسری مرحلہ وار چھانٹی ہے۔

    ترجمان کے مطابق ہم تنظیمی تبدیلیاں لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ کمپنی اور اس کی ٹیمیں جدید، متحرک اور مسابقتی مارکیٹ میں زیادہ بہتر طور پر کامیاب ہو سکیں۔

    مائیکروسافٹ کے گیمنگ ڈویژن کے سی ای او فِل اسپینسر کے مطابق ضروری ہوگیا ہے کہ ہم مخصوص علاقوں میں کام کو محدود کریں یا بند کر دیں اور انتظامی سطحوں کو کم کر کے چُستی اور کارکردگی میں اضافہ کریں۔

    مائیکروسافٹ کی جانب سے اس بڑے پیمانے پر عملے کو کم کرنے کا ایک اہم سبب کمپنی میں مصنوعی ذہانت (AI) کا تیزی سے بڑھتا ہوا رجحان بھی ہے۔

    کمپنی کے سی ای او ستیہ نڈیلا کی جانب سے پہلے ہی واضح کیا جاچکا ہے کہ مائیکروسافٹ کا تقریباً 20 سے 30 فیصد سافٹ ویئر کوڈ اب AI کے ذریعے تیار کیا جا رہا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مائیکروسافٹ AI انفراسٹرکچر میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں کمپنی کی کارکردگی میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔

    اے آئی ماڈلز جھوٹ بولنے کے ساتھ بلیک میلنگ اور سازشیں بھی کرنے لگے!

    واضح رہے کہ مائیکروسافٹ کے علاوہ، گوگل، ایمازون، میٹا اور دیگر بڑی ٹیک کمپنیاں بھی حالیہ ماہ کے دوران ہزاروں ملازمین کو فارغ کر چکی ہیں، یہ سب کمپنیاں اپنے آپریشنز کو زیادہ مؤثر بنانے اور AI ٹیکنالوجیز کے ذریعے خودکاری نظام اپنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

  • مائیکروسافٹ کا ہزاروں ملازمین کو برطرف کا اعلان

    مائیکروسافٹ کا ہزاروں ملازمین کو برطرف کا اعلان

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے دنیا بھر سے تقریباً 6 ہزار ملازمین کو نوکری سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جو کمپنی کے کُل ملازمین کا تقریباً 3 فیصد ہے۔

    اس حوالے سے کمپنی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام کا مقصد کمپنی آپریشنز کو زیادہ مؤثر اور منیجمنٹ اسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے، کمپنی کے تمام شعبوں سے کی جانے والی ان چھانٹیوں کے فیصلے کا اطلاق دنیا بھر کے ممالک میں ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی نے حال ہی میں اپنی مالی کارکردگی کے بہتر نتائج ظاہر کیے ہیں۔ مائیکروسافٹ نے گزشتہ سہ ماہی میں 25.8 ارب ڈالر کا خالص منافع حاصل کیا جبکہ اپریل کے آخر میں کمپنی نے مثبت مالی پیشگوئی بھی کی تھی۔

    جون کے آخر تک مائیکروسافٹ کے دنیا بھر میں 2 لاکھ 28ہزار ملازمین تھے۔ یہ مائیکروسافٹ کی 2023 کے بعد سب سے بڑی چھانٹی ہے، جب 10ہزار ملازمتیں ختم کی گئی تھیں۔

    جنوری 2025 میں بھی کچھ ملازمین کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر برطرف کیا گیا تھا، لیکن یہ کارروائی ملازمین کی کارکردگی کی وجہ سے نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ کمپنی نے گزشتہ چند ماہ کے دوران زائد منافع کے حصول کیلیے ایکس باکس کنسولز کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا جبکہ سب سے کم قیمت سرفیس لیپ ٹاپس کی تیاری ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • غزہ کے ہزاروں طلبہ کی موت میں مائیکروسافٹ اور اوپن اے آئی کے آلات نے کیا کردار ادا کیا؟

    غزہ کے ہزاروں طلبہ کی موت میں مائیکروسافٹ اور اوپن اے آئی کے آلات نے کیا کردار ادا کیا؟

    مائیکروسافٹ اور اوپن اے آئی کے مصنوعی ذہانت والے آلات نے کس طرح غزہ کے طلبہ کو جنگجو بتا کر موت کے حوالے کیا؟ امریکی نیوز ایجنسی نے ایک دل دہلا دینے والی رپورٹ اس کی تفصیل دے دی ہے۔

    خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق امریکی ٹیک کمپنیوں نے اسرائیلی فوج کو ایسی AI اور کمپیوٹنگ سروسز فراہم کیں، جس کی مدد سے اسرائیل نے غزہ اور لبنان میں مبینہ جنگجوؤں کا سراغ لگانے اور ان کو مارنے میں بڑی تیزی دکھائی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے اے آئی آلات نے غزہ کے طلبہ کو جنگجو کے طور پر غلط شناخت کیا، اور شہریوں کی ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے خدشہ پیدا کر دیا ہے کہ یہ آلات معصوم لوگوں کی ہلاکتوں میں معاون ثابت ہوئے ہیں۔

    اے پی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج مشتبہ گفتگو یا رویے کا پتا لگانے اور دشمنوں کی نقل و حرکت کو جاننے کے لیے انٹیلیجنس کے وسیع ذخیرے، پکڑے گئے پیغامات اور سرویلنس کو چھاننے کے لیے AI کا استعمال کرتی ہے۔ اور 7 اکتوبر کے حملوں کے بعد تو اسرائیلی فوج کی جانب سے مائیکروسافٹ اور اوپن اے آئی کے مصنوعاتی ذہانت کے ٹولز کا استعمال میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔

    مذکورہ اے آئی ٹولز میں Microsoft Azure اور Open AI’s Whisper شامل ہیں، تاہم اے پی کی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ جس طرح سے یہ AI سسٹم اہداف کو منتخب کرتا ہے، وہ غلط بھی ہو سکتا ہے، اور ناقص ڈیٹا یا غلط الگورتھم کی وجہ سے بھی ایسا ہو سکتا ہے۔

    اسرائیلی یرغمالیوں کی ذلت آمیز پریڈ پر اقوام متحدہ کے ماہرین کی شدید تنقید

    ایک کیس میں ایک اسرائیلی انٹیلیجنس افسر نے انکشاف کیا کہ فوج کے اہداف کے نظام نے ہائی اسکول کے طلبہ کی فہرست کو ممکنہ جنگجو کے طور پر غلط شناخت کیا۔ انھوں نے کہا کہ عربی میں ’’حتمی‘‘ (فائنل) کے عنوان سے متعدد لوگوں کے پروفائلز سے منسلک ایک ایکسل اسپریڈشیٹ میں غزہ کے ایک علاقے کے کم از کم 1,000 طلبہ کے نام بھی دیے گئے تھے جو دراصل امتحانی فہرست میں شامل تھے۔

    انٹیلیجنس افسر نے کہا کہ اگر اس نے غلطی نہ پکڑی ہوتی تو ان فلسطینیوں کو غلط طریقے سے نشان زد کر دیا جاتا اور انھیں نشانہ بنا دیا جاتا، افسر نے اے پی کو بتایا کہ وہ اس بات سے پریشان ہیں کہ دیگر افسران پر، جن میں سے کچھ ابھی محض 20 سال سے کم ہیں، AI کی مدد سے تیزی سے اہداف تلاش کرنے کا دباؤ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے وہ تباہ کن فیصلہ کر لیتے ہیں۔

  • صارفین کا ڈیٹا خطرے میں، مائیکروسافٹ کے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم میں سیکورٹی نقص کا انکشاف

    صارفین کا ڈیٹا خطرے میں، مائیکروسافٹ کے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم میں سیکورٹی نقص کا انکشاف

    اسلام آباد: صارفین کا ڈیٹا خطرے میں پڑ گیا ہے، مائیکروسافٹ کے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم میں سیکورٹی نقص کا انکشاف ہوا ہے۔

    نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کی ہے کہ مائیکروسافٹ کے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم میں سیکیورٹی نقص آیا ہے، جس سے صارفین اور اداروں کے سسٹم ہیک ہونے اور ذاتی معلومات چوری ہونے کا خدشہ ہے۔

    ایڈوائزری کے مطابق آپریٹنگ سسٹم کے سیکیورٹی نقص سے یوزر نیم، ڈومین نیم اور پاسورڈ چرائے جا سکتے ہیں، سیکیورٹی نقص سے فائل کھولے بغیر ہی اہم معلومات تک رسائی ہو سکتی ہے۔

    سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے مطابق سیکیورٹی نقص سے مائیکروسافٹ کے ونڈو 7 سے 11 تک کے ورژن متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے سائبر ایمرجنسی نے سیکیورٹی اسٹریٹجی کے قیام کی سفارش کی ہے۔

    ایکس پر ’ہیش ٹیگ‘ استعمال کریں یا نہیں؟ ایلون مسک نے بتا دیا

    شیئرڈ ڈرائیوز اور شیئر فولڈرز اور ای میلز اٹیچمنٹ سے محتاط رہنے کی سفارش کی گئی ہے، اور ہدایت کی گئی ہے کہ صارفین پاسورڈز پیچیدہ رکھیں اور مختصر عرصے بعد اسے تبدیل کرتے رہیں، صارفین کو مختلف ایپلی کیشنز کا ایک ہی پاسپورڈ نہ رکھنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

    ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے سے ڈیٹا چوری اور سسٹم ہیک ہو سکتا ہے۔

  • مائیکرو سافٹ نے ساکت تصاویر کو نئی زندگی دے دی، حیرت انگیز ایجاد

    مائیکرو سافٹ نے ساکت تصاویر کو نئی زندگی دے دی، حیرت انگیز ایجاد

    مائیکرو سافٹ نے تصاویر کو نئی زندگی دے دی، آئی اے ٹیکنالوجی کے تحت تصاویر اب چہرے کے تاثرات کے ساتھ گفتگو بھی کرسکیں گی۔

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ کے محققین کی ایک ٹیم نے مصنوعی ذہانت کی ایک ایپلی کیشن تیار کی ہے، نیا اے آئی سسٹم چہرے کے تاثرات والے لوگوں کی ساکن تصاویر سے ہائی ریزولوشن ویڈیوز بنا سکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ ٹیکنالوجی کسی بھی انسان اور آڈیو ٹریکس کی ساکت تصاویر کو حرکت پذیری میں تبدیل کرسکتی ہے۔

    VASA-1

    مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی اس ایپلی کیشن کا استعمال کرتے ہوئے مائیکرو سافٹ کے محققین نے باقاعدہ تصاویر کو لوگوں کے چہرے کے اصل تاثرات کے ساتھ آڈیو ٹریکس کے ساتھ بولتے یا گاتے ہوئے دکھایا ہے۔

    مذکورہ ایپلی کیشن جسے واسا -ون کا نام دیا گیا ہے کے ذریعے ایک ساکت تصویر اور آڈیو تقریر کے کلپ سے پُرکشش بصری اور جذباتی مہارتوں (وی اے ایس) کے ساتھ ورچوئل معیار کی تصویر کو حرکت کرتے ہوئے، بولتے ہوئے اور گاتے ہوئے دکھا سکتی ہے۔

    تحقیقی مقالے کی بنیاد پر محققین نے بہت سے ویڈیو کلپس کے ذریعے واسا ون سسٹم کی صلاحیتوں کو ظاہر کیا ہے، ایک ویڈیو میں مونا لیزا کی مشہور زمانہ تصویر میں اسے ایک گانا گاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    مائیکرو سافٹ ٹیم کے مطابق بنیادی ڈیزائن میں چہرے کی مجموعی حرکات اور سر کی جنبش کا ماڈل شامل ہے جو چہرے اور ویڈیوز کا استعمال کرتے ہوئے واضح طور پر کام کرتا ہے۔

  • مائیکرو سافٹ نے سائبر حملہ ناکام بنا دیا

    مائیکرو سافٹ نے سائبر حملہ ناکام بنا دیا

    لاس ویگاس : امریکہ میں مائیکرو سافٹ سائبر سیکورٹی اہلکاروں نے سائبر حملے کا سراغ لگا کر اسے ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکرو سافٹ سیکورٹی ریسپانس سینٹر نے گزشتہ روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ مبینہ طور پر ایک گروپ نے رواں ماہ 12 جنوری کو کارپوریٹ سسٹم کو ہیک کیا اور اکاؤنٹس سے کچھ ای میلز اور دستاویزات چُرا لیں۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سائبر حملے کے ملزم کی شناخت مڈ نائٹ بلیزارڈ کے نام سے ہوئی ہے جسے نوبیلیم کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور مبینہ طور پر یہ روسی حمایت یافتہ شخص ہے۔

    ہیکنگ گروپ نے مائیکرو سافٹ پلیٹ فارم کی خلاف ورزی کرنے کے لیے نومبر 2023 میں شروع ہونے والے "پاس ورڈ اسپرے اٹیک” کا استعمال کیا۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مائیکرو سافٹ اس واقعے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے اور حتمی کے نتائج کی بنیاد پر اضافی کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔

    کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ حملہ اس کی مصنوعات یا خدمات میں کسی خاص خطرے کا نتیجہ نہیں تھا۔

    خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ کی مصنوعات امریکی حکومت میں بھی بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی ہیں اور کمپنی کو ماضی میں اپنے حفاظتی طریقوں پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

     

  • مائیکرو سافٹ نے 24کروڑ کمپیوٹر ناکارہ کرنے کی تیاری کرلی

    مائیکرو سافٹ نے 24کروڑ کمپیوٹر ناکارہ کرنے کی تیاری کرلی

    مائیکرو سافٹ کارپوریشن کے ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم کی سپورٹ کو ختم کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں تقریباً 24 کروڑ کمپیوٹرز کو ضائع کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے بھارتی میڈیا رپورٹس میں ’کینلیس ریسرچ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ان 24 کروڑ کمپیوٹر سے نکلنے والے الیکٹرانک کچرے کا وزن ایک اندازے کے مطابق 480 ملین کلوگرام ہو سکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اگرچہ او ایس سپورٹ کے خاتمے کے بعد بہت سے کمپیوٹر سالوں تک فعال رہ سکتے ہیں تاہم سکیورٹی اپ ڈیٹس کے بغیر ڈیوائسز کی مانگ کم ہوسکتی ہے۔

    مائیکروسافٹ نے اکتوبر 2028 تک ونڈوز 10 ڈیوائسز کے لیے سکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کی سالانہ قیمت نامعلوم ہے۔

    اگر توسیع شدہ ونڈوز 10 کی قیمتوں کا ڈھانچہ ماضی کے رجحانات کی عکاسی کرتا ہے، تو نئے پی سی کی طرف منتقلی زیادہ سرمایہ کاری مؤثر ثابت ہو سکتی ہے، جس سے پرانے پی سیز کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے جو سکریپ بننے جا رہے ہیں۔

    مائیکرو سافٹ کا مقصد اکتوبر 2025 تک ونڈوز 10 کے لیے سپورٹ بند کرنا ہے۔ OSاو ایس کی اگلی نسل، جو پی سی میں جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی لانے کی توقع رکھتی ہے، ممکنہ طور پر سست پی سی مارکیٹ کو فروغ دے سکتی ہے۔

  • لنکڈ ان کا سیکڑوں ملازمین برطرف کرنے کا فیصلہ

    لنکڈ ان کا سیکڑوں ملازمین برطرف کرنے کا فیصلہ

    مائیکرو سافٹ کے ملکیتی ادارے لنکڈ ان نے چھ سو سے زائد ملازمین کو برطرف کرنے کا اعلان کردیا، روینیو میں کمی کے باعث سوشل میڈیا نیٹ ورک نے اس سال دوسری بار بڑی تعداد میں ملازمین کو فارغ کیا ہے۔

    دنیا بھر میں معاشی بحران کے سبب مختلف اداروں میں ملازمین کی چھانٹیوں کا عمل معمول بنتا جارہا ہے اور ملازمتوں کے رجحان میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاب سرچ کے معروف ویب سائٹ لنکڈ ان نے انجنیئرنگ، ٹیلنٹ اور فنانس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی مسقبل بنیادوں پر چھٹی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ملازمت کی تلاش کے لیے مددگار سوشل میڈیا نیٹ ورک ’’لنکڈ ان‘‘ان دنوں خود اپنے ملازمین کو برطرف کررہا ہے جس کی وجہ خدمات کی مانگ اور ریونیو میں کمی بتائی جارہی ہے۔

    گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں لنکڈ ان انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ادارہ اس سال ملازمتوں میں کمی کے دوسرے مرحلے میں اپنی انجینئرنگ، ٹیلنٹ اور فنانس ٹیموں کے 668 ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کر دے گا۔

    ایمپلائمنٹ فرم چیلنجر ’’گرے اینڈ کرسمس‘‘ کے مطابق اس شعبے نے سال کی پہلی ششماہی میں ایک لاکھ 41 ہزار516 ملازمین کو فارغ کیا ہے جبکہ ایک سال پہلے یہ تعداد تقریباً 6ہزار تھی۔

    لنکڈ ان اشتہارات کی فروخت اور لوگوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کی خدمات اور سیلز کے پیشہ ور افراد کے لیے سبسکرپشن کے لیے چارج کرکے پیسہ کماتا ہے۔

    بہت سے ادارے مناسب فیس کے عوض ملازمت کے امیدواروں کو تلاش کرنے کے لیے اس نیٹ ورک کو استعمال کرتے ہیں۔

    سوشل میڈیا نیٹ ورک نے مئی میں سیلز، آپریشنز اور سپورٹ ٹیموں میں 716 ملازمتوں کو کم کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ اپنے کام کو ہموار کیا جاسکے اور جلد فیصلے کرنے میں مدد کے لیے رکاوٹوں کو ہٹایا جاسکے۔

     

  • مائیکروسافٹ نے دو نئے لیپ ٹاپ متعارف کرا دیے

    مائیکروسافٹ نے دو نئے لیپ ٹاپ متعارف کرا دیے

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے دو نئے لیپ ٹاپ متعارف کرا دیے۔

    مائیکروسافٹ نے اپنے صارفین کے لیے منگل کو دو نئے سرفیس پروڈکٹس یعنی سرفیس لیپ ٹاپ 5 اور سرفیس پرو 9 متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

    سرفیس لیپ ٹاپ 5 کی قیمت 1 لاکھ 7 ہزار 999 روپے، جب کہ سرفیس پرو 9 کی قیمت 1 لاکھ 5 ہزار 999 روپے ہے۔

    مائیکروسافٹ کمپنی کے مطابق یہ ڈیوائس 12 ویں جنریشن کے انٹیل کور پروسیسرز کے ساتھ بنائے گئے ہیں، جو ناقابل یقین طاقت اور کارکردگی فراہم کرتے ہیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ نیا لیپ ٹاپ سرفیس پرو 8 کے مقابلے میں 50 فی صد زیادہ کارکردگی کے ساتھ مکمل ڈیسک ٹاپ پروڈکٹیوٹی فراہم کرتا ہے۔ دوسری طرف سرفیس لیپ ٹاپ 5 جدید ترین Intel Evo پلیٹ فارم سے آراستہ ہے، جو اسے 50 فی صد زیادہ طاقت ور بناتا ہے۔

    واضح رہے کہ مائیکروسافٹ نے اکتوبر میں اپنا نیا سرفیس پرو 9 ٹیبلیٹ اور سرفیس لیپ ٹاپ 5 عالمی سطح پر متعارف کرایا تھا، اب انھیں بھارت میں صارفین کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔

  • ونڈوز کمپیوٹر استعمال کرنے والے بڑے خطرے کی زد پر آ گئے

    ونڈوز کمپیوٹر استعمال کرنے والے بڑے خطرے کی زد پر آ گئے

    ونڈوز کمپیوٹر استعمال کرنے والے بڑے خطرے کی زد پر آ گئے ہیں، مائیکرو سافٹ نے سسٹم کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ ڈیفنڈر میں ایک سیکیورٹی مسئلہ سامنے آیا ہے، جس کی وجہ سے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز پر چلنے والے کمپیوٹرز کو فوری اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    مائیکروسافٹ ڈیفنڈر وہ سافٹ ویئر ہے، جو کمپیوٹر کو وائرس، میلویئر اور دیگر خطرات سے محفوظ رکھتا ہے، لیکن حفاظتی اقدامات کو آگاہ کیے بغیر یہ ہیکرز کو آپ کے سسٹم تک رسائی کی اجازت دے دیتا ہے۔

    یہ زیادہ تر ونڈوز پی سی پر پہلے سے انسٹال ہوتا ہے، اب صارفین کو ونڈوز ڈیفنڈر کے کریڈینشل گارڈ ٹول میں سیکیورٹی خدشات کا سامنا ہو رہا ہے، یعنی ہیکر آپ کے سسٹم میں موجود تمام ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

    اس خطرے سے بچنے اور اپنے سسٹم کو محفوظ بنانے کے لیے چند اقدامات ضروری ہیں:

    مائیکروسافٹ نے پہلے ہی اس مسئلے کے لیے ایک سافٹ ویئر فکس جاری کر دیا ہے، ونڈوز پی سی صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ ان نئے ورژن کے ساتھ اپنے پلیٹ فارم پر مسئلے کو حل کریں اور اپنے سسٹم کو ابھی اپ ڈیٹ کر دیں۔

    ونڈوز ڈیفنڈر کے ساتھ یہ مسئلہ بڑے پیمانے پر نظر آتا رہا ہے کیوں کہ اس خامی سے متاثر ہونے والے ونڈوز ورژن کی ایک لمبی فہرست ہے۔ ونڈوز 10 کے زیادہ تر ورژن اس فہرست میں ہیں جب کہ ونڈوز 11 کے ورژن بھی اس میں شامل ہیں۔

    آپ کے ونڈوز سرور 2022، 2019 اور 2016 ورژن ہوں، تو احتیاط برتی جائے کیوں کہ یہ ورژن بھی خطرات کی زد پر آ سکتے ہیں۔