اگر آپ اب بھی اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر ونڈوز8.1 آپریٹنگ سسٹم استعمال کررہے ہیں تو اب وقت آگیا ہے کہ ونڈوز10 یا 11 پر سوئچ کرجائیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ مائیکرو سافٹ نے جنوری 2023 میں ونڈوز 8.1 کے لیے سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی ٹیک کمپنی مائیکرو سافٹ نے17 اکتوبر2013 میں ایک خوبصورت اورمتعدد اچھوتے فیچرز کے ساتھ اپنے آپریٹنگ سسٹم کا ورژن8.1 کے نام سے متعارف کرایا ہے، جواس کےمقبول ونڈوز8 کا اپ ڈیٹڈ ورژن تھا۔
اس بابت مائیکرو سافٹ کا کہنا تھا کہ ونڈوز8.1 استعمال کنندگان کودفتری کاموں اور روز مرہ کے امور زندگی کو مزید سہل بنادے گا۔
مائیکروسافٹ نے اس ونڈوزکے ساتھ اپنے ویب براؤزر انٹرنیٹ ایکسپلورر کا پہلے سے زیادہ تیز رفتار ورژن 11بھی متعارف کیا تھا تاہم کمپنی کی جانب سے انٹرنیٹ ایکسپلورر کو رواں سال ختم کردیا گیا تھا۔
گزشتہ روز مائیکرو سافٹ نے اپنے ایسے تمام صارفین کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جوتاحال ونڈوز 8.1استعمال کررہے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ونڈوز کو استعمال کرنے والے صارفین کو اپنے کمپیوٹر اور لیپ ٹاپس کو ونڈوز10 یا 11 پراپ ڈیٹ کرنا پڑے گا۔
کیوں کہ کمپنی آئندہ سال جنوری سے ونڈوز8.1 کے لیے سپورٹ ختم کردے گی اور دس جنوری 2023 کے بعد سے اس آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے کمپیوٹرز نئی سیکیورٹی اور آپریٹنگ اپ ڈیٹس حاصل نہیں کرسکیں گے۔
اس ضمن میں استعمال کنندگان کو آگاہ کرنے کے لیے جولائی سے نوٹیفیکیشن بھیجنے کا آغازکیا جائے گا۔
یاد رہے کہ مائیکرو سافٹ نے ونڈوز8 اورونڈوز8.1 میں متعدد فیچرز شامل کیے تھے جن میں سب سے منفرد فیچر ونڈوز کی روایتی اسکرین سے ہٹ کر تھا اور انہیں دنیا بھر میں اسمارٹ فون کی تیزی سے بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹچ اسکرین طرز پر ڈیزائن کیا تھا۔
تاہم ونڈوز کے اس نئے انداز کو صارفین کی جانب سے پسند نہیں کیا گیا اوراسی بات کومد نظر رکھتے ہوئے سال2015میں پیش کی گئی ونڈوز10 میں مذکورہ ونڈوز کے بہت سارے فیچرز شامل نہیں کیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اپ ڈیٹس نہ ملنے پر استعمال کننگان کی ڈیوائسز کی سائبر سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہوجائیں گے۔
لہذا ایسے صارفین جن کے کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس گزشتہ سال متعارف کی گئی ونڈوز11 کوسپورٹ نہیں کرتے وہ ونڈوز10 پر اپنے سسٹم کو اپ گریڈ کرسکتے ہیں جس کی اپ ڈیٹ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
واشنگٹن: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ کے صدر بریڈ اسمتھ نے روس یوکرین تنازع کو دنیا کی پہلی ’ ہائبرڈ جنگ ‘ قرار دے دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن میں مائیکرو سافٹ انویژن ایونٹ سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پہلے جنگوں کی ابتدا زمینی، فضائی اور بحری حملوں سے ہوا کرتی تھی، تاہم اب ہم اس کی نئی اور چوتھی قسم ’ سائبر‘ میں داخل ہوچکے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یوکرین پر حملے سے قبل ہی سائبر حملے شروع کردیئے گئے تھے، یہ سائبرحملے جنگوں کی نئی قسم کے شروعات کی علامت ہیں۔
مائیکروسافٹ کے صدر کا کہنا تھا کہ جنگ کی شروعات سے ایک ہفتے قبل تک یوکرینی حکومت مکمل طور پر آن پریمس ( ایسے سافٹ ویئرکسی کلاؤڈ یا سرور کے بجائے جو کسی فرد یا ادارے کے کمپیوٹر یا اسی جگہ پرچلتےہیں) چل رہی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جارحیت بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر مائیکروسافٹ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے کچھ ہی دنوں میں سترہ میں سے سولہ سرکاری اداروں اور اہم یوکرینی کمپنیوں کو کلاؤڈ پر منتقل کیا یوکرین کے باہر پورے یورپ میں موجود ان ڈیٹا سینٹر کی تعمیر کے لیے مائیکرو سافٹ نے بارہ ارب ڈالر سے زائد رقم خرچ کی۔
اسمتھ کا کہنا تھا کہ اس ہائبرڈ جنگ سے تحفظ کے لیے ہماری تین ذمے داریاں ہیں، مستحکم حکومت، قوم کادفاع اورلوگوں کا تحفظ۔
بریڈ اسمتھ کا مزید کہنا تھا کہ ’ جنگ کے موقع ہر اپنے ملک کا تحفظ کرنے کا سب سے بہتر طریقہ یہی ہے کہ اس کے ڈیجیٹل اثاثوں کو محفوظ بنایا جائے، کیوں کہ آپ اس وقت سب سے زیادہ محفوظ ہوتے ہیں جب لوگوں کو نہیں پتا ہوتا کہ آپ کا ڈیٹا کہاں ہے؟
ریاض : معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سوفٹ کارپوریشن دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش کمپنی سمجھی جاتی ہے لیکن اب سعودی کمپنی بھی کسی سے پیچھے نہیں رہی۔
سعودی آرامکو دوہزار 240 ارب ڈالر کی مارکیٹ ویلیو کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی مالیتی کمپنی اپیل کے قریب پہنچنے والی ہے جس کی مالیت دو ہزار600 ارب ڈالر ہے۔
عرب نیوز کے مطابق تیل کی بڑی کمپنی آرامکو کے شیئرز بہت تیزی سے بڑھے ہیں اور اس نے مائیکرو سافٹ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی دوسری بڑی کمپنی کی حیثیت حاصل کی ہے۔
جمعرات کو سعودی وقت دن گیارہ بجے آرامکو کا ایک شیئر 42 ریال (11.2 ڈالر) تک پہنچ گیا۔ دنیا کی بڑی تیل کمپنی نے ساڑھے 15 ارب ڈالر تیل پائپ لائن کا معاہدہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کے بعد تیل کی فی بیرل قیمت 100 ڈالر کی حد عبور کر گئی ہے۔ سنہ 2014 کے بعد تیل کی قیمتوں میں پہلی بار اتنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
بدھ کو آرامکو اور بین الاقوامی سرمایہ کار کنسورشیم نے گیس پائپ لائن کے کامیاب معاہدے کا اعلان کیا تھا، اس کنسورشیم میں بلیک راک اور حسنا کمپنیاں شامل ہیں، اس معاہدے کے باعث آرامکو کی مارکیٹ ویلیو دو ہزار 200 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی۔
اسلام آباد: مائیکرو سافٹ کےبانی بل گیٹس سرپرائز دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس مختصر دورے پر اسلام آباد پہنچے، ان کا خصوصی طیارہ نور خان ایئربیس پہنچا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بل گیٹس اسلام آباد میں مصروف ترین دن گزاریں گے، اب سے تھوڑی دیر بعد وہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کرینگے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بِل گیٹس این سی او سی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے جہاں مائیکرو سافٹ کے بانی کو کرونا، پولیوکی روک تھام سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔
مصروف ترین دن گزارنے کے بعد بل گیٹس آج شام کو ہی واپس چلے جائیں گے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور بل اینڈ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چئیرمین بل گیٹس کے درمیان گاہے بگاہے ٹیلی فونک گفتگو کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
دونوں عالمی رہنماؤں کے درمیان رابطہ گذشتہ ماہ ہوا تھا جس میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے اور حالیہ کوڈ 19 وبا سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
وزیر اعظم نےبل و ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کی جانب سے غربت کے خاتمے، امراض اور دنیا میں عدم مساوات کے خاتمے کے لئے کام کو سراہا، انہوں نے فائونڈیشن کے پاکستان میں کام کی بھی تعریف کی تھی۔
گیٹس فائونڈیشن کی جانب سے کووڈ ویکسین تک رسائی کی مضبوط وکالت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نےزور دیا کہ کوویڈ- 19 ویکسین کی مساوی،بروقت اور متناسب ترسیل اہم ہے کیونکہ اس سے کم آمدن ملکوں کو اس وبا کے سماجی اور معاشی اثرات سے نمٹنے میں مدد ملی۔
ٹیلی فونک گفتگو میں وزیر اعظم عمران خان نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کوویڈ- 19 کے چیلنجوں کے باوجود پولیو کے خاتمے کے لئے مہم شدت سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پولیو کے کیسز میں 2021 میں تیزی سے کمی کے ساتھ مثبت پیشرفت جاری ہے اور پورے سال میں صرف ایک پولیو کیس ریکارڈ ہوا ہے۔
کچھ عرصہ قبل تک مقبول ترین ویڈیو گیم کینڈی کرش کو مائیکرو سافٹ نے خریدنے کا اعلان کیا ہے، کینڈی کرش کی ملکیتی گیمنگ کمپنی کو ملازمین کے ساتھ بدسلوکی اور غیر مساوی تنخواہ کے الزامات کا سامنا ہے۔
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے گیمنگ کمپنی ایکٹیویژن بلیزرڈ کو 68.7 ارب ڈالر میں خریدنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد کال آف ڈیوٹی اور کینڈی کرش جیسی بلاک بسٹر گیمز تک رسائی ممکن ہوگی۔
نقد ادائیگی میں ہونے والی اس ڈیل کے ذریعے مائیکرو سافٹ کو موبائل گیمنگ میں تیزی سے پیش رفت اور میٹا ورس یعنی ورچوئل ماحول کی تیاری کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
ایکس باکس گیمنگ سسٹم بنانے والی کمپنی مائیکرو سافٹ نے ایکٹیویژن کو خریدنے کا اعلان منگل کو کیا تھا۔
دوسری جانب گیمنگ کمپنی کو ملازمین کے ساتھ بدسلوکی اور غیر مساوی تنخواہ کے الزامات کا سامنا ہے۔
مائیکرو سافٹ کے سربراہ ستیا نڈیلا نے سرمایہ کاروں کے ساتھ کانفرنس کال میں کہا کہ آرگنائزیشن کا کلچر ان کی اولین ترجیح ہے اور ایکٹیویژن بلیزرڈ کے لیے بھی اہم ہے کہ وہ اپنے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے کمپنی کے کلچر کو بہتر کریں۔
گیمنگ کمپنی ایکٹیویژن نے گزشتہ سال انکشاف کیا تھا کہ امتیازی سلوک کی شکایات پر سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن، کمپنی کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے۔
ایکٹیویژن بلیزرڈ کے سربراہ بوبی کوٹک اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے اور اپنی ٹیم کے ہمراہ کمپنی کے کلچر کو مضبوط کرنے اور کاروباری ترقی میں تیزی لانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
بل گیٹس کی بنائی ہوئی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے چوری کے سافٹ ویئر (پائریٹڈ) استعمال کرنے والوں کو انوکھی پیش کش کر دی ہے۔
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے مختلف ایپلی کیشنز اور سافٹ ویئرز کی پائریٹڈ کاپیز بڑے پیمانے پر دنیا بھر میں استعمال ہوتی ہیں، اس صورت حال میں بہتری لانے کے لیے کمپنی نے صارفین کو بڑی رعایت کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے رعایت کا مقصد دنیا بھر کے ان لاکھوں صارفین کو آفیشل پلیٹ فارم پر لانا ہے جو بلا جھجک بغیر لائسنس کے ونڈوز اور مائیکرو سافٹ آفس استعمال کرتے ہیں۔
ویب سائٹ پی سی ورلڈ کے مطابق مائیکرو سافٹ نے پائریسی کے سدباب کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس سلسلے میں پہلے مرحلے پر مائیکرو سافٹ کی جانب سے جعلی، بغیر لائسنس اور پائریٹڈ کاپی استعمال کرنے والے صارفین کو ایم ایس آفس 365 کے آفیشل اور قانونی ورژن کی قیمت میں 50 فی صد کی رعایت دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ مائیکروسافٹ اب اس طرح کی ایپلی کیشن فراہم کرنے والی واحد کمپنی نہیں رہی، اس کی روایتی حریف کمپنی گوگل نے ایم ایس ورڈ کی جگہ گوگل ڈوکس، ایکسیل کی جگہ شیٹس، پاور پوائنٹس کی جگہ سلائیڈز اور دیگر ایم ایس آفس ایپلی کیشنز کے متبادل پیش کر دیے ہیں۔
مفت ہونے کی وجہ سے بہت سے ادارے اور افراد مائیکروسافٹ کو چھوڑ کر بتدریج گوگل کی ان ایپلی کیشنز کو اپنا رہے ہیں۔
فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے سالانہ کنیکٹ کانفرنس میں فیس بک کا نام تبدیل کیا اور بتایا کہ اب فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی کا نام "میٹا” رکھ دیا گیا ہے۔
فیس بک کا نام بدلنے کا مقصد مارک زکربرگ کی جانب سے میٹا ورس نامی ورچوئل دنیا کو تشکیل دینے کی جانب پیشرفت کرنا ہے۔
مگر اب اس شعبے میں فیس بک کو سخت ترین حریف کا سامنا مائیکرو سافٹ کی شکل میں ہوگا جو میٹا ورس کی تعمیر کی ریس کا حصہ بن گئی ہے۔
مائیکرو سافٹ ٹیمز کی جانب سے میش نامی ایک پلیٹ فارم کو اگلے سال شامل کیا جارہا ہے جس کا مقصد کمپنی کے مکسڈ رئیلٹی اور ہولو لینس ورک کو میٹنگز اور ویڈیو کالز میں اکٹھا کرنا ہے۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے 2 نومبر کو یہ اعلان کیا گیا جس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ مائیکرو سافٹ اور میٹا میٹا ورس کے معاملے میں ایک دوسرے کے مدمقابل آرہے ہیں بالخصوص ورک اسپیس کے حوالے سے۔ کمپنی کے مطابق مائیکرو سافٹ میش 2022 کی اولین ششماہی میں مائیکرو سافٹ میٹنگز کا حصہ بنے گا۔
اس سے قبل کمپنی کی جانب سے ٹیمز میں مختلف فیچرز جیسے ٹوگیدر موڈ اور دیگر تجربات بھی کیے گئے تاکہ میٹنگز کو زیادہ انٹرا ایکٹیو بنایا جاسکے۔
مائیکرو سافٹ ٹیمز کی جنرل منیجر نکول ہرسکوٹز نے بتایا کہ ورچوئل میٹنگز میں 30 سے 40 منٹ کے بعد وہاں رہ کر اپنی توجہ مرکوز کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ کمپنی نے پہلے ٹوگیدر موڈ کو متعارف کرایا گیا اور اب میش سے پورے دن ویڈیو کالز پر رہنے والے افراد کے ذہنی دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
مائیکرو سافٹ ٹیمز میں اب 3 ڈی اواتارز کا اضافہ ہوگا جو میٹا ورس انوائرمنٹ کی جانب پیشرفت ہوگی اور ہاں ان کو استعمال کرنے کے لیے ورچوئل رئیلٹی ہیڈ سیٹ کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ان اواتارز کو 2 ڈی اور 3 ڈی دونوں میٹنگز میں استعمال کیا جاسکے گا اور صارف اپنا ایک انیمیٹڈ ورژن اس وقت منتخب کرسکیں گے جب وہ ویب کیم آن کرنا نہیں چاہتے ہوں گے۔
مائیکرو سافٹ میش کی پراڈکٹ منیجر کیٹی کیلی نے بتایا کہ اس سے ہم یہ فیصلہ کرسکیں گے کہ ویڈیو یا اواتار کس شکل میں ویڈیو کال کا حصہ بنیں اور اس حوالے سے متعدد کسٹمائز آپشنز ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صارف کی آواز سے اواتار کو انیمیٹ کیا جائے گا تاکہ وہ وہاں حقیقت میں موجود محسوس ہو ۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کو صارف کی آواز سن کر اواتار کو متحرک کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
تھری ڈی میٹنگ کے لیے ان انیمیشنز کا ہاتھ اوپر اٹھا سکیں گے یا انیمیٹ ایموجی اپنے اواتار کے گرد رکھ سکیں گے۔
کمپنی کو توقع ہے کہ میش پلیٹ فارم صارف کے لیے اس طرح کے تجربے کے لیے زیادہ کارآمد ہوگا بالخصوص کاروباری اداروں کے لیے میٹاورس تعمیر کرنے کے لیے۔
مائیکرو سافٹ ایسی ورچوئل دنیا کو تیار کرنا چاہتی ہے جہاں لوگ گیمز یا کمپنی کے ایپس کے ذریعے اپنا نیٹ ورک اور سوشلائز ہوسکیں۔
کمپنی کی جانب سے ٹرانسلیشن اور ٹرانسکرپشن سپورٹ کو بھی اس کا حصہ بنانے پر کام کیا جارہا ہے تاکہ ورچوئل ٹیم اسپیس میں دنیا بھر میں کام کرنے والے ساتھی ورکرز سے بات چیت میں زبان رکاوٹ نہ بنے۔
کیٹی کیلی نے بتایا کہ مائیکرو سافٹ ٹیمز میں یہ ورچوئل اسپیسز اور اواتارز 2022 کی پہلی ششماہی میں دستیاب ہوں گے۔
کاروباری ادارے اس کی مدد سے ٹیمز کے اندر اپنے ورچوئل مقامات یا میٹا ورسز تعمیر کرسکیں گے۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے برسوں سے میٹا ورس جیسے خیال کو حقیقی شکل دینے کے لیے سرمایہ کاری کی جارہی ہے، اس کے ہولو لینس ہیڈ سیٹ اور اگیومینٹڈ رئیلٹی کمپنی آلٹ اسپیس کی خریداری وغیرہ اس کا عندیہ دیتے ہیں۔
کیلیفورنیا : امریکا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے اپنے صارفین کیلئے طویل عرصے بعد سرفیس سیریز کا نیا سرفیس ڈو ٹو متعارف کرادیا ہے۔
مائیکرو سافٹ نے کئی برس بعد اپنا پہلا اسمارٹ فون سرفیس ڈو کی شکل میں 2019 متعارف کرایا تھا جو کہ ایک ڈبل اسکرین فون تھا۔ یہ مائیکرو سافٹ کا وہ فون تھا جس میں ونڈوز ٹین کی بجائے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم دیا گیا تھا اور اسے2020 میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔ اب کمپنی کی جانب سے اس کا اپ ڈیٹ ماڈل سرفیس ڈو 2 متعارف کرا دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے سرفیس ایونٹ کے دوران نیا اینڈرائیڈ اسمارٹ فون سرفیس ڈو 2 پیش کیا گیا جو 2 اسکرینوں کے ساتھ ہے اور اس میں سابقہ ماڈل کے مقابلے میں کافی اپ ڈیٹس کی گئی ہیں۔
کیمروں، بڑی اسکرینز، سافٹ ویئر اور ان تمام خامیوں کو دور کیا گیا ہے جو سابقہ ماڈل کا حصہ تھیں۔ فون کی ڈوئل اسکرین پر 2 ایپس کو بیک وقت استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ ڈیوائس کو بھی پتلا کیا گیا ہے۔
سرفیس ڈو 2 میں کواکوم کا اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 5 جی سپورٹ موجود ہے۔ فون میں 8 جی بی ریم دی گئی ہے جبکہ 4449 ایم اے ایچ بیٹری ڈیوائس کا حصہ ہے۔
سرفیس ڈو کیمرے سیٹ اپ کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اسی لیے کمپنی نے کیمروں کا اضافہ کیا ہے۔ اب بیک پر وائیڈ، الٹرا وائیڈ اور 2 ایکس ٹیلی فوٹو کیمروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
وائیڈ اینگل کیمرا 12 میگا پکسل ڈوئل پکسل پی ڈی اے ایف سنسر سے لیس ہے جبکہ 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو اور 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرے بھی اس سیٹ اپ کا حصہ ہیں۔
اس نئے فون میں ایک اسکرین 5.8 انچ اور دوسری 8.3 انچ کے او ایل ای ڈی ڈسپلے پر مشتمل ہے جبکہ دونوں اسکرینز میں ریفریش ریٹ 90 ہرٹز رکھا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق فون میں ایک نیا ساؤنڈ سسٹم موجود ہے جو اسٹیریو ساؤنڈ فراہم کرتا ہے جبکہ سرفیس پین کو مقناطیسی انداز سے منسلک کیا جاسکتا ہے۔ سرفیس ڈو 2 پری آرڈر میں دستیاب ہے اور صارفین کو 21 اکتوبر تک مل سکے گا۔
اس کا 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 15 سو (2 لاکھ 53 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا جبکہ 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 16 سو ڈالرز (2 لاکھ 69 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 512 جی بی اسٹوریج والا فون 18 سو ڈالرز (3 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔
کیلیفورنیا : امریکا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اپنے صآرفین کیلئے طویل عرصے بعدسرفیس سیریز کے نئے ٹیبلیٹس اور لیپ ٹاپ متعارف کرادیا ہے۔
اس حوالے سے منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر کمپنی کی جانب سے 3 ٹیبلیٹس اور ایک لیپ ٹاپ کو پیش کیا گیا۔ یہ تمام ڈیوائسز سب سے پہلے امریکا میں فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی۔
یہ اس کمپنی کے سرفیس بک سیریز کا نیا لیپ ٹاپ ہے جس کو مکمل طور پر ری ڈیزائن کیا گیا ہے اور ریموو ایبل ڈسپلے کی جگہ لیپ ٹاپ کو ٹیبلیٹ میں تبدیل کرنے کے آپشن کو اپنایا گیا جسے کمپنی نے اسٹوڈیو موڈ کا نام دیا ہے۔
14.4 انچ کے پکسل سنس ڈسپلے والے اس لیپ ٹاپ میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور ڈولبی ویژن کے فیچرز موجود ہیں۔ اس میں موجود لچکدار hinge سے لیپ ٹاپ کو ٹیبلیٹ میں تبدیل کرنے میں مدد ملتی ہے اور اس میں لیپ ٹاپ، اسٹیج اور اسٹوڈیو 3 موڈز ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لیپ ٹاپ موڈ میں ڈسپلے ایک عام لیپ ٹاپ کی طرح کام کرتا ہے جس پر کام کرنے کے لیے کی بورڈ اور ایک نیا ٹچ پیڈ ہیپٹک سپورٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔
اسٹیج موڈ میں ڈسپلے ایک ایسے اینگل میں تبدیل ہوتا ہے جو گیمنگ، اسٹریمنگ یا سلائیڈز پریزینٹ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس موڈ میں کی بورڈ کور ہو جاتا ہے اور نئے سرفیس سلیم پین 2 کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس ڈیوائس میں 2 یو ایس بی 4 پورٹس تھنڈر بولٹ 4 کے ساتھ ہیں جبکہ سرفیس کنکٹ چارجنگ پورٹ اور ہیڈ فون جیک بھی موجود ہے۔
تھنڈر بولٹ سپورٹ کا مطلب یہ ہے کہ اس لیپ ٹاپ کو ملٹی پل 4K ڈسپلے سے کنکٹ کیا جاسکتا ہے، ہائی اسپیڈ ایکسٹرنل اسٹوریج کو استعمال اور ایکسٹرنل جی پی یو انکلوژر کے ذریعے ڈیوائس کو فل گیمنگ پی سی میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
یہ لیپ ٹاپ ونڈوز 11 آپریٹنگ سسٹم سے لیس ہوگا جس میں انٹیل کا 11 جنریشن کواڈ کور پراسیسر اور نویڈیا کا آر ٹی ایکس 3050 ٹی آئی جی پی یو موجود ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ لیپ ٹاپ 5 اکتوبر کو دستیاب ہوگا مگر ابھی پری آرڈر میں بک کرایا جاسکتا ہے اور اس کی قیمت 1600 ڈالرز (2 لاکھ 69 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔
سرفیس پرو ایکس
اس بار مائیکرو سافٹ کی جانب سے کوئی زیادہ اپ گریڈ نہیں کی گئی مگر ایک نیا وائی فائی اونلی ورژن ضرور متعارف کرایا گیا ہے جبکہ ایک سیلولر کنکٹویٹی والے اے آر ایم پر مبنی ورژن بھی پیش کیا گیا ہے۔
سیلولر کنکٹویٹی والے ورژن میں کاسٹیوم ایس کیو 2 پراسیسر موجود ہے جو کوالکوم کے اسنیپ ڈراگون 8 سی ایکس جنریشن پراسیسر پر مبنی ہے۔ یہ پراسیسر 5 جی سپورٹ فراہم کرسکتا ہے مگر کمپنی نے اسے 4 جی ایل ٹی ای سیلولر کنکٹویٹی تک محدود رکھا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ اب تک کا سب سے سستا سرفیس پرو ایکس ٹیبلیٹ ہے جبکہ اس کے ساتھ اے آر ایم کے لیے ونڈوز 11 سپورٹ کو بہتر کیا گیا ہے۔ اس کا وائی فائی ماڈل پری آرڈر میں 22 ستمبر سے دستیاب ہے جس کی قیمت 899 ڈالرز (ایک لاکھ 51 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے اور یہ 5 اکتوبر سے دستیاب ہوگا۔
سرفیس گو 3
مائیکرو سافٹ کی جانب سے سب سے چھوٹے سرفیس ٹیبلیٹ کو بھی ریفریش کیا گیا ہے۔ 10.5 انچ کے اس ٹیبلیٹ کی کارکردگی کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس کے بیس ماڈل انٹیل کے 10 جنریشن کور آئی تھری پراسیسر کو دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق اس کی رفتار سابقہ ماڈل سے 60 فیصد بہتر ہوگی۔
یہ 4 سے 8 جی بی ریم اور 64، 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشنز کے ساتھ دستیاب ہوگا جبکہ ایس ڈی سلاٹ بھی موجود ہے۔ کمپنی کے مطابق ٹیبلیٹ کی بیٹری 11 گھنٹے تک کام کرسکے گی جبکہ ایل ٹی ای ڈیٹا آپشن بھی موجود ہے۔
یہ بھی پری آرڈر میں ابھی بک کرایا جاسکتا ہے اور 5 اکتوبر کو دستیاب ہوگا جس کا 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 400 ڈالرز (67 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔
سرفیس پرو 8
مائیکرو سافٹ کا ایک اور ٹیبلیٹ جس میں 13 انچ کا پکسل سنس ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ کے ساتھ موجود ہے۔ اور ہاں اس ٹیبلیٹ کو بھی ونڈوز 11 کو ذہن میں رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔
اس میں انٹیل کا نیا 11 جنریشن پراسیسر موجود ہے جبکہ تھنڈر بولٹ 4 سپورٹ بھی پہلی بار اس سیریز کا حصہ بنی ہے جو یو ایس بی سی پورٹس کے ذریعے فراہم کی گئی۔
تھنڈر بولٹ "فور کے” کے فوائد تو اوپر درج کیے جاچکے ہیں جبکہ بیک کیمرا بھی 8 میگا پکسل کی بجائے 10 میگا پکسل کا ہوگا اور4 سپورٹ بھی دی گئی ہے۔
فرنٹ کیمرا 5 میگا پکسل کا ہوگا اور کمپنی کے مطابق یہ کیمرا کم روشنی میں بہترین کارکردگی دکھائے گا۔ اس کا کواڈ کور انٹیل کور آئی 7 والا ماڈؒ 32 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج سے لیس ہوگا جبکہ ایل ٹی ای ماڈل میں 512 جی بی اسٹوریج ہوگی، مگر 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن بھی ہوں گے۔
کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ سرفیس پرو 8 گزشتہ ماڈل یعنی پرو 7 کے مقابلے میں دگنا سے زیادہ تیز ہے جبکہ 74 فیصد زیادہ تیز گرافکس پرفارمنس، 40 فیصد سی پی یو بہتر پرفارمنس بھی صارفین کو مل سکے گی۔
کمپنی نے بیٹری پاور تو نہیں بتائی مگر یہ ضرور بتایا کہ وہ 16 گھنٹے تک کام کرسکے گی جو گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں لگ بھگ 6 گھنٹے زیادہ ہے، جبکہ اسے ایک گھنٹے میں 80 فیصد تک چارج کیا جاسکے گا۔
یہ بھی 22 ستمبر سے پری آرڈر میں جبکہ 5 اکتوبر کو صارفین دستیاب ہوگا جس کی قیمت 11 سو ڈالرز (ایک لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔
ماسکو : مائیکرو سافٹ کا نیا سسٹم "ونڈوز الیون” متعارف ہونے سے پہلے ہی ہیکرز کی گرفت میں آگیا، ہیک کرنے کے بعد سسٹم میں بے شمار وائرسز ڈال دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ہیکروں نے مائیکرو سافٹ کے اگلے آپریٹنگ سسٹم "ونڈوز 11” کو ریلیز سے پہلے ہی اپنا شکار بنا کر طرح طرح کے وائرسوں میں مبتلا کردیا ہے۔
انٹرنیٹ سکیورٹی فرم "کیسپرسکی” نے اس حوالے سے ایک وارننگ بھی جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ چوری شدہ سافٹ ویئر مفت میں فراہم کرنے والی مختلف ویب سائٹس پر ونڈوز 11 کی انسٹالیشن فائلز موجود ہیں جنہیں نئی ونڈوز انسٹال کرنے کے علاوہ موجودہ ونڈوز کو اپ گریڈ کرنے میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
کیسپرسکی کے مطابق، یہ تمام انسٹالیشن فائلز مشکوک ہیں مگر ان میں سے ایک خاص فائل، جو
86307_windows 11 build 21996.1 x64 + activator.exe
کے نام سے ہے اور جس کا سائز 1.75 گیگا بائٹس ہے، کئی طرح کے وائرسوں (میل ویئر اور ایڈویئر) سے آلودہ ہے۔
بظاہر ونڈوز 11 محسوس ہونے والی اس فائل کے انسٹال ہوتے ہی صارف کا کمپیوٹر سست پڑ جاتا ہے اور اسکرین پر درجنوں اشتہارات کی بھرمار ہوجاتی ہے۔
یہی نہیں بلکہ جعلی ونڈوز 11 کے بعض ورژنز میں صارف کے کمپیوٹر کی جاسوسی کرنے والے سافٹ ویئر (اسپائی ویئر) اور "کی لاگرز” تک موجود ہیں جن کے ذریعے نامعلوم ہیکرز یہاں تک جان سکتے ہیں کہ آپ نے اپنے کمپیوٹر کون کون سے بٹن کب اور کس ترتیب سے دبائے۔
ان ہی معلومات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئی ہیکر آپ کے ای میل پاس ورڈ سے لے کر یہاں تک کہ بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات تک تقریباً ہر چیز سے واقف ہوکر آپ کو ناقابلِ تلافی نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔
"کیسپرسکی” نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر ایک حالیہ بلاگ میں خبردار کیا ہے کہ صارفین کسی بھی نامعلوم ذریعے سے ونڈوز 11 ڈاؤن لوڈ ہر گز نہ کریں کیونکہ صرف مائیکروسافٹ "ونڈوز انسائیڈر” پروگرام میں شرکت کرنے والے ہی ونڈوز 11 کو آزمائشی طور پر ڈاؤن لوڈ کرکے استعمال کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے اب تک ونڈوز 11 کے اجراء کی کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ البتہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا پر گہری نظر رکھنے والے معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ونڈوز 11 اس سال اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں عوامی استعمال کےلیے جاری کردی جائے گی۔