Tag: Miftah Ismail

  • ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

    ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

    واشنگٹن: پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے فیول سبسڈی ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے ساتھ ملاقات کی، ملاقات میں وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، سیکریٹری خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر بھی شامل تھے۔

    میٹنگ کے بعد وفاقی وزیر خزانہ نے فیول سبسڈی ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے، مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی میٹنگ میں سبسڈی ختم کرنے پر رضا مندی ظاہر کی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام ڈی ریل ہوچکا تھا جسے ٹریک پر واپس لائیں گے۔

    بعد ازاں وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کیا، انہوں نے پاکستان میں نئی حکومت کے اقتصادی ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کا مقصد معاشی اور مالیاتی استحکام لانا اور کاروبار دوست ماحول پیدا کرنا ہے، حکومت برآمدات میں اضافے کے لیے مرحلہ وار اقدامات کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ فن ٹیک اور ڈیجیٹل معیشت کو مزید سہولت فراہم کی جائے گی، پاکستان اور امریکا کے درمیان مشترکہ اقدار پر مبنی شراکت داری ہے۔

  • آئی ایم ایف سے قرضہ : وزیر خزانہ واشنگٹن پہنچ گئے

    آئی ایم ایف سے قرضہ : وزیر خزانہ واشنگٹن پہنچ گئے

    آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلیے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل واشنگٹن پہنچ گئے، مذاکرات میں آئندہ بجٹ سے متعلق تجاویز زیر غور آئیں گی۔

    اس حوالے سے ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں شامل ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلئے پہلے ہی واشنگٹن میں موجود ہیں پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات24اپریل تک جاری رہیں گے۔

    پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان کامیاب مذاکرات کی صورت میں ایک ارب ڈالر کی قسط جاری ہوگی، مذاکرات میں آئندہ بجٹ سے متعلق تجاویز زیر غور آئیں گی۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے بڑا ٹیکس ہدف مقرر کرنے کا مطالبہ سامنے آچکا ہے، آئی ایم ایف7ہزار ارب ٹیکس ہدف کا مطالبہ کررہا ہے، مفتاح اسماعیل بجلی نرخ اور پیٹرولیم سبسڈی جاری رکھنے پر زور دیں گے۔

  • ملک میں اس وقت تاریخ کا سب سے بلند بجٹ خسارہ ہے: مفتاح اسماعیل

    ملک میں اس وقت تاریخ کا سب سے بلند بجٹ خسارہ ہے: مفتاح اسماعیل

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت تاریخ کا سب سے زیادہ بجٹ خسارہ اور سب سے زیادہ تجارتی خسارہ اور بلند ترین مہنگائی ہے اور اسد عمر صاحب کہہ رہے ہیں کہ معیشت اچھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ کا سب سے زیادہ بجٹ خسارہ اور سب سے زیادہ تجارتی خسارہ، بلند ترین مہنگائی، گندم اور چینی جو ہم برآمد کرتے تھے درآمد کرنے پر مجبور ہیں۔

    مفتاح اسماعیل نے کہا کہ روپے کی قیمت میں تاریخی کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ کمی اور اسد عمر صاحب کہہ رہے ہیں کہ معیشت اچھی ہے؟

    انہوں نے مزید کہا کہ غلط بیانی کی بھی حد ہوتی ہے۔

    دوسری جانب سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کے بعد 4 ہفتے میں زرمبادلہ ذخائر 5 ارب ڈالر سے کم ہوگئے، زرمبادلہ ذخائر کا تقریباً ایک چوتھائی صرف 4 ہفتے میں چلا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ مصنوعی حکومت جتنی دیر رہے گی اتنا ہی معاشی بحران شدید ہوگا۔

  • عمران حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے وعدوں کی خلاف ورزی کی: مفتاح اسماعیل

    عمران حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے وعدوں کی خلاف ورزی کی: مفتاح اسماعیل

    اسلام آباد: ن لیگی رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے وعدوں کی خلاف ورزی کی، پی ٹی آئی حکومت گھمبیر مسائل چھوڑ کر گئی ہے۔

    مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت نے آئی ایم ایف سے جو وعدے کیے، وہ اور جو لکھ کر دیا، اس کی بھی خلاف ورزی کی، عمران خان کی حکومت کو ایمنسٹی نہیں دینی چاہیے تھی، انھوں نے 2 سال آگے کا پیسہ بھی سفید کرنے کی ایمنسٹی اسکیم دی۔

    مفتاح اسماعیل نے کہا کہ امید ہے شہباز شریف کی حکومت میں معاشی مستقبل بہتر ہوگا، مایوسی پھیلانا نہیں چاہتے مگر ریکارڈ کے لیے بتانا ضروری ہے کہ اس وقت حکومت پاکستان کا خسارہ 5600 ارب روپے ہے جو تاریخی ہے، اس کے علاوہ 800 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی بات کی جا رہی ہے، اس طرح مجموعی طور پر حکومت پاکستان کا خسارہ 6400 ارب روپے ہے۔

    انھوں نے کہا شہباز شریف پوری کوشش کریں گے کہ یہ خسارہ کنٹرول کریں، یہ بات کرتے تھے کہ پچھلی حکومت نے بہت قرض چھوڑ دیا، آج تک پرائمری سرپلس نہیں ہوا، جب کہ اس سال صرف پرائمری ڈیفسٹ 1600 ارب روپے سے زیادہ ہے، افسوس کہ وزرا اور مشیرو ں نے عمران کو یہ کرنے دیا کہ معیشت کو داؤ پر لگا دیا۔

    مفتاح نے کہا پاکستان کے خلاف سازش تو پی ٹی آئی کر کے گئی ہے، پاکستان کا تجارتی خسارہ 45 ارب ڈالر ہونے کو ہے جو ریکارڈ ہے، 24 فیصد ایکسپورٹ بڑھی ہے مگر امپورٹ تو 50 فیصد بڑھی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ زیادہ ہے اس لیے کرنسی ذخائر کم ہو رہے ہیں، یکم مارچ سے یکم اپریل کے دوران ایک ماہ میں 500 کروڑ ڈالر کرنسی کے ذخائر میں کمی آئی۔

    انھوں نے کہا پچھلے دو ماہ پاکستان کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا گیا، اب زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانا سب سے زیادہ ضروری ہے۔ مفتاح نے کہا کہ کل اسٹاک مارکیٹ میں 1700 پوائنٹس کا تاریخی اضافہ ہوا، آج ڈالر 182 روپے 3 پیسے پر بند ہوا جو کل سے بھی کم ہے۔

  • نیب کا مفتاح اسماعیل کے خلاف گھیرا تنگ، انکوائری کی منظوری

    نیب کا مفتاح اسماعیل کے خلاف گھیرا تنگ، انکوائری کی منظوری

    اسلام آباد: نیب نے لیگی رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے خلاف انکوائری کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹیوبورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چار انکوائریوں کی منظوری دے دی گئی۔

    نیب اعلامیے کے مطابق سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کیخلاف نیب انکوائری منظور کرلی گئی جبکہ چیئرمین نیب نے مالم جبہ کیس پشاورہائیکورٹ کی روشنی میں آگےلیکر چلنے کی ہدایت کی ہے، مالم جبہ کیس میں لیگی رہنما امیر مقام کا نام بھی شامل ہے۔

    نیب اعلامیے کے مطابق این ایچ اے کے خلاف دو انکوائریز کی منظوری دی گئی جبکہ محکمہ آبپاشی اور ریونیو پشاور کے افسران کیخلاف انکوائری کو منظور کرلیا گیا ہے۔

    اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے ادارے کی کارکردگی واضح کرتے ہوئے بتایا کہ نیب نے 814ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے، ملک کی مختلف احتساب عدالتوں میں بارہ سو تہتر ریفرنس دائر ہیں، جن کی مالیت تیرہ سو ارب ہے۔

    چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب نے غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے پیسے برآمد کرکے واپس کروائے، نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو ایل این جی کیس میں ضمانت پر رہا ہیں، مفتاح اسماعیل نے مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں اس وقت کے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔

    سابق وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی کی درآمد اور تقسیم کا 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا جس میں وہ خود حصہ دار ہیں۔

  • انتخابی مہم: ٹافی ریپر پر یہ تصویر کس سیاست دان کی ہے؟

    انتخابی مہم: ٹافی ریپر پر یہ تصویر کس سیاست دان کی ہے؟

    کراچی: الیکشن مہم میں عوام کو لولی پاپ دینا ہوا پرانا، اب الیکشن مہم میں عوام کو ٹافی دی جائے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے این اے 249 کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے الیکشن مہم کے لیے انوکھا انداز اختیار کیا۔

    مفتاح اسماعیل نے کراچی کے انتخابی حلقے این اے 249 کی انتخابی مہم کے دوران عوام میں اپنی تصویر والی ٹافیاں تقسیم کیں۔

    اس حوالے سے سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حلقے کے بچوں اور عوام میں مفتاح اسماعیل نے خود ٹافیاں تقسیم کیں۔

    ن لیگ کے امیدوار نے اپنی مشہوری کے لیے ٹافی ریپر پر اپنی تصویر بھی چھپوائی ہے۔ریپر کے ایک طرف انھوں نے اپنی تصویر کے ساتھ ساتھ اوپر اردو میں مفتاح کا لفظ بھی چھپوایا ہے۔

    این اے 249: امیدوار امجد آفریدی سے متعلق پی ٹی آئی کا حتمی فیصلہ آ گیا

    ٹافی کے ریپر کی دوسری طرف انتخابی حلقے این اے 249 کے الفاظ کے ساتھ پارٹی کا نام پاکستان مسلم لیگ ن بھی چھاپا گیا ہے۔خیال رہے کہ مفتاح اسماعیل ٹافی اور بسکٹ بنانے والی فیکٹری کے مالک ہیں۔

    یاد رہے کہ کراچی میں این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 29 اپریل کو ہوگی، جب کہ اس حلقے میں امیدواروں کو انتخابی نشان 8 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے۔

  • مفتاح اسماعیل نے 33 گاڑیوں سے متعلق بات پر معذرت کر لی

    مفتاح اسماعیل نے 33 گاڑیوں سے متعلق بات پر معذرت کر لی

    کراچی: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں 33 گاڑیاں خریدنے سے متعلق اپنی بات پر معذرت کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے حکومت پر الزام لگایا کہ سرکاری گاڑیاں بولی کے ذریعے فروخت کی گئیں تو اس کے بعد 33 نئی بلٹ پروف گاڑیاں خرید لی گئیں۔

    پروگرام میں وفاقی وزیر سائنس فواد چوہدری بھی مدعو تھے، انھوں نے مفتاح اسماعیل سے سوال کیا کہ گاڑیاں کب خریدی گئیں اور کس نے خریدیں، مفتاح اسماعیل اس کاجواب دیں۔

    مفتاح اسماعیل کا اعتراض تھا کہ موجودہ حکومت نے کیا گورننس کی جس کی مثال دی جائے، سرکاری گاڑیاں بولی کے ذریعے فروخت کی گئیں تو نئی بلٹ پروف گاڑیاں خرید لی گئیں۔

    سرکلر قرضہ: پاور ڈویژن نے مفتاح اسماعیل کے دعوؤں کی قلعی کھول دی

    تاہم فواد چوہدری نے استفسار کیا تو مفتاح نے کہا تفصیل ابھی میرے پاس نہیں، میں نے نجی ٹی وی پر پٹی دیکھی ہے، پروگرام کے بریک میں تلاش کر کے جواب دے دوں گا۔تاہم بریک کے بعد اینکر عادل عباسی نے پوچھا تو مفتاح اسماعیل نے کہا مجھ سے غلطی ہوگئی ہے معذرت خواہ ہوں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے سنی سنائی بات آگے بڑھا دی، گاڑیوں سے متعلق جس چینل نے خبر چلائی وہ بھی معذرت کر چکا ہے۔

    مفتاح اسماعیل نے کہا ہم تو ٹی وی کے ذریعے ہی خبریں سنتے ہیں، مجھ سے غلطی ہوئی ہے تو معذرت کرتا ہوں۔

  • مفتاح اسماعیل کی درخواستِ ضمانت منظور

    مفتاح اسماعیل کی درخواستِ ضمانت منظور

    اسلام آباد: ایل این جی اسکینڈل کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے مفتاح اسماعیل کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک کروڑ روپے کے مچلکے پر مفتاح اسماعیل کی ضمانت منظور کی، نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکوٹر جہانزیب بھروانہ پیش ہوئے۔

    ایل این جی اسکینڈل کیس سے متعلق سماعت کے دوران عدالت میں وکیل صفائی نے استدعا کی کہ کیس کا فیصلہ آنے تک مفتاح اسماعیل کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کا کہنا تھا کہ وائٹ کالر کرائم میں گرفتاری کی ضرورت نہیں، ملزم کے ریکارڈ کے تحت کارروائی کریں۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کس گواہ کو دھمکی دی گئی؟

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین سوئی سدرن کمپنی زہیر صدیقی گواہ ہیں انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں، سیکریٹری پیٹرولیم ایل این جی کیس میں وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔

    نیب نے شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی ریفرنس دوبارہ دائر کردیا

    دریں اثنا جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ زہیر صدیقی خود نیب کیسز کے ملزم ہیں۔

    خیال رہے کہ 12 دسمبر کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف ریفرنس دوبارہ دائر کیا تھا، جسے احتساب عدالت نےباقاعدہ سماعت کے لیے منظور کیا، ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت 10 ملزمان نامزد ہیں۔

    واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم کو جولائی 2019 اور مفتاح اسماعیل کو 7 اگست کو گرفتار کیا تھا۔

    مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں اس وقت کے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کرنے کا معاہدہ کیا تھا سابق وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی کی درآمد اور تقسیم کا 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا جس میں وہ خود حصہ دار ہیں۔

  • ایل این جی اسکینڈل کیس : شاہدخاقان عباسی اورمفتاح اسماعیل کےجوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

    ایل این جی اسکینڈل کیس : شاہدخاقان عباسی اورمفتاح اسماعیل کےجوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

    اسلام آباد : ایل این جی اسکینڈل کیس میں احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی اور سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں انیس نومبر توسیع کردی  جبکہ شاہد خاقان عباسی نے مرضی سے علاج کے لئے درخواست دائر کی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں ایل این جی کیس کی سماعت ہوئی ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    اہلیہ سعدیہ عباسی نے کہا شاہدخاقان کے اہلخانہ کو کمرہ عدالت میں داخلے سے روک دیا گیا ہے ، فیملی ممبرز کو عدالت نے کورٹ روم آنے کی اجازت دے رکھی  ہے،جس پر جج محمد بشیر نے کہا جن فیملی ممبرز کے لسٹ میں نام ہیں انہیں آنے دیں۔

    جج محمد بشیر نے شاہد خاقان عباسی سے سوال کیا صحت کی سہولتیں کیسی ہیں جیل میں ؟ جس پر شاہد خاقان عباسی نے جواب میں کہا صحت کی سہولتوں  کی مجھے ضروت ہی نہیں، 100 دن ہوگئے اب تک کیس نہیں بن پایا ، ڈیڑھ سال سے تفتیش کر رہےہیں اب تک کیس نہیں بن پایا۔

    شاہد خاقان عباسی کی مرضی سےعلاج کے لئے درخواست دائر


    سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نےاپنی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی اور عدالت سے علاج کرانے کی اجازت مانگی ، درخواست میں کہا سرجری کرانی  ہے، اپنے خرچے پر شفا اسپتال سے علاج کرانا چاہتا ہوں۔

    درخواست میں کہا گیا نوازشریف کیس میں بھی تاخیرکی گئی جس سےوہ یہاں تک پہنچے، جیل میں اپرکلاس دی گئی تھی میں اسے چھوڑنا چاہتا ہوں ، جیل میں اپر کلاس سے بزدار صاحب بھی پریشان ہوتے ہیں، فاضل جج نے جیل حکام سے شاہد خاقان عباسی کی میڈیکل رپورٹ طلب کرلی۔

    شاہد خاقان کی ایل این جی کیس کا ٹرائل ٹی وی پر دکھانے کی درخواست


    شاہد خاقان نے ایل این جی کیس کا ٹرائل ٹی وی پر دکھانے کی درخواست بھی دائر کی ، جس میں کہا عمران خان کہتے ہیں میں احتساب کر رہاہوں، چیئرمین نیب  کہتے ہیں احتساب میں کر رہاہوں، ٹرائل براہ راست دکھایا جائے تاکہ عوام کوپتہ چلےکیاہورہاہے۔

    عدالت نے شاہد خاقان اورمفتاح اسماعیل کووکیل عمران الحق سےملاقات کی اجازت دے دی ، وکیل نے کہا عدالتی حکم کےباوجودہفتےکوجیل میں ملاقات  نہیں کرنےدی، عدالت جیل سپرنٹنڈنٹ کوشوکاز نوٹس جاری کرے۔

    ایل این جی کیس میں فاضل جج نے دلائل کے بعد گرفتارشاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں انیس نومبر توسیع کردی۔

    واضح رہے جولائی میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا تھا۔ نیب نے شاہد خاقان عباسی  کو ایل این جی کیس میں طلب کر رکھا تھا لیکن انہوں نے نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

    مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں جب شاہد خاقان عباسی وزیر پیٹرولیم تھے تب انہوں نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ معاہدے  کے تحت پاکستان کو ہر سال قطر سے 3.75 ملین ٹن ایل این جی خریدنی تھی جو پاکستان کی قومی ضرورت کا کل 20 فیصد ہے۔

    سابق وزیر اعظم پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی کی درآمد اور تقسیم کا 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا جس میں وہ خود حصہ دار ہیں۔

  • ایل این جی کیس : شاہدخاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے جسمانی ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع

    ایل این جی کیس : شاہدخاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے جسمانی ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے جسمانی ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں ایل این جی کیس کی سماعت ہوئی ، نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کو جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    دوران سماعت نیب کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کےمزید14روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی ، شاہد خاقان عباسی خود روسٹرم پر آئے اور کہا کل جو چیف جسٹس نےکہابات ساری وہی ہے، یہ سارےسیاسی کیس ہیں، مجھے خدشہ ہے یہ مجھ پرجعلی کیس بنادیں گے، ان کو بےشک ایک ہی بار 90دن کا ریمانڈ دےدیں، بات وہی ہے جومیں نے پہلے دن کردی تھی۔

    عدالت نے شاہد خاقان عباسی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    ایل این جی کیس میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کو بھی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے رو برو پیش کیا گیا اور دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا مزید تفتیش کرنی ہے جسمانی ریمانڈ می توسیع کی جائے ، جس پر وکیل صفائی کا کہنا تھا ہمارا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے، مفتاح اسماعیل کو23 گھنٹے اکیلے رکھا جاتاہے، کم از کم انہیں کھانا تو خاقان عباسی کے ساتھ کھانے دیا جائے۔

    وکیل صفائی کی جانب سے نیب کے جسمانی ریمانڈ میں استدعا کی مخالفت کی گئی۔

    عدالت نے مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران الحق کےمزیدجسمانی ریمانڈکی استدعا پربھی فیصلہ محفوظ کرلیا، ایل این جی کیس کے تفتیشی افسر ملک زبیر نے عدالت میں بیان میں کہا میں کراچی گیاتھا،سارا ریکاڑد خود لیکر آیا ہوں، ریکارڈ، شواہد کی روشنی میں مزید تفتیش کرنا چاہتا ہوں۔

    بعد ازاں عدالت نے تینوں ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے مزید 14دن کے لئے نیب کے حوالے کردیا، ملزمان میں شاہدخاقان عباسی ،مفتاح اسماعیل ،شیخ عمران الحق شامل ہیں۔