Tag: mig 21

  • بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک

    بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک

    جے پور: بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ مِگ 21 تربیتی پرواز کے دوران راجستھان میں گر کر تباہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئر فورس کا ایک جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، طیارے میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ایئر فورس کا لڑاکا طیارہ مگ ٹوئنٹی ون راجستھان کے ضلع برمیر میں جمعرات کی شب حادثے کا شکار ہوا۔

    طیارے نے راجستھان کی اترلئی ایئر بیس سے رات 9 بج کر 10 منٹ پر تربیتی پرواز کا آغاز کیا اور کچھ ہی دیر بعد ضلع برمیر کے بیمدا گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔

    مگ ٹوئنٹی ون کے زمین سے ٹکراتے ہی زور دار دھماکا ہوا اور طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔

    ویڈیو: بھارتی خاتون پائلٹ کا طیارہ گر کر تباہ

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہل کاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا، دوسری جانب بھارتی فضائیہ نے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 3 سال مکمل، "پاکستان زندہ باد”

    آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 3 سال مکمل، "پاکستان زندہ باد”

    راولپنڈی: قوم آج 27 فروری کو آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے تین سال مکمل ہونے کا جشن منارہی ہے، وہ تاریخی دن جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے آزاد فضاؤں پر اپنی برتری ثابت کی اور بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان کے بھارت کے خلاف آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے تین سال مکمل ہونے پر ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو تین سال مکمل ہوگئے ہیں، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں پاکستان نے بھارت کی ناکام جارحیت کا بھرپور جواب دیا تھا۔

    میجرجنرل بابر افتخار نے لکھا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کے دو جنگی طیارے مار گرانا بڑی کامیابی تھی اور  پاک بحریہ نے سمندر میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا پیشہ ورانہ انداز میں موثر جواب دیا، مسلح افواج مادر وطنکے دفاع کے لئے پر عزم ہیں، قوم کا عزم اورمسلح افواج کی پیشہ ورانہ تیاری مشکل میں کامیابی کی کلید ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ  جارحیت کے جواب میں صرف ہتھیار اور تعداد نہیں بلکہ قوم کا عزم اورمسلح افواج کی آپریشنل تیاریاں کامیاب رہتی ہیں، پاکستان زندہ باد۔

    پاک فضائیہ کا نغمہ جاری

    آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی مناسبت سے پاک فضائیہ نے نغمہ جاری کیا ہے، نغمے میں آپریشن میں حصہ لینے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق نغمہ ملک کے مایہ ناز گلوکار ‘ساحر علی بگا ‘نے گایا جبکہ عکسبندی پاکستان کے معروف ہدایت کار زوہیب قاضی نے کی۔

    یاد رہے کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کا آغاز لائن آف کنٹرول کے پار 6 بھارتی فوجی ٹارگٹس کا نشانہ بنانے سے شروع ہوا ، جس پر بھارت کی طرف سے مگ 21، ایس یو 30اور میراج 2000 بھجوائے گئے ، جن میں سے 2طیارے پاک فضائیہ کے شاہینوں کا شکار بنے ۔

    بھارتی مگ 21طیارے کا ملبہ پاکستانی علاقے میں گرا اور اس کا پائلٹ ابھی نندن گرفتار ہوا، جبکہ بھارتی ایس یو 30طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا ، جس میں اس کا پائلٹ بھی مارا گیا۔

  • بھارتی جھوٹ پھر بے نقاب، پاک فوج نے ناقابل تردید ثبوت پیش کردیئے

    بھارتی جھوٹ پھر بے نقاب، پاک فوج نے ناقابل تردید ثبوت پیش کردیئے

    راولپنڈی : پاک فوج نے بھارت کا جھوٹ ایک بار پھر دنیا کے سامنے بری طرح بےنقاب کردیا، بھارتی مگ21کے چاروں میزائل سیکرز ہیڈز درست حالت میں دکھا دئیے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے ادارے آئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی جھوٹ کو ایک بار پھر دنیا بھر کے سامنے بری طرح بےنقاب کردیا، گرائے گئےمگ21طیارے کا ملبہ ہی بھارتی جھوٹ کا ثبوت ہے۔

    پاکستان نے بھارتی طیارے کے چاروں میزائل سیکر ہیڈز دنیا کے سامنے پیش کردیے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی مگ21کے چاروں میزائل سیکرز ہیڈز درست حالت میں دکھا دئیے۔

    مذکورہ میزائل کی تصویر جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ پاکستان شروع سے ہی ثبوت کے ساتھ بات کررہا ہے، بھارتی مگ 21کےچاروں میزائل سیکر ہیڈز ٹھیک حالت میں ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس بھارتی جھوٹ کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں، پاکستان اور مسلح افواج تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: امریکی جریدے نے پاکستانی ایف 16طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا قرار دے دیا

    یاد رہے امریکی میگزین فارن پالیسی نے پاکستان کے تمام ایف سولہ طیارے گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا قرار دیتے ہوئے ایف سولہ طیارہ موجود ہونے کی تصدیق کردی تھی۔

    امریکی میگزین فارن پالیسی کے مطابق پاکستان کی دعوت پر امریکی حکام نے پاکستانی ایف سولہ طیاروں کی گنتی کی تو  وہاں تمام  طیارے موجود تھے، کوئی بھی پاکستانی ایف سولہ طیارہ غائب نہیں تھا، بھارتی حکومت نے عالمی برادری کےسامنے غلط بیانی کی۔

  • بھارتی فضائیہ کا ایک اورطیارہ راجھستان میں گرکرتباہ

    بھارتی فضائیہ کا ایک اورطیارہ راجھستان میں گرکرتباہ

     

    نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کا ایک اور طیارہ راجھستان میں گر کر تباہ ہوگیا، طیارے کے گرنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

    تفصیلات کے مطابق آج گرنے والا یہ طیارہ مگ 21 ہے ، حادثے میں طیارے کا پائلٹ با حفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ بھارت کے علاقے راجھستان کے نل نامی ایئر بیس سے اڑا تھا۔ طیارہ راجھستان ہی کے علاقے بکنیر شوبا سر کی دھانی میں جا گرا ہے ۔

    بھارتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ طیارے کا پائلٹ محفوظ ہے ، ابتدائی تفصیلات کے نتیجے میں معلوم ہوا کہ جہاز پرندہ ٹکرانے کے سبب کریش ہوا ہے تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    یاد رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ نے  بھارت کے دو طیارے لائن آف کنٹرول  کی خلاف ورزی پر مار گرائے تھے۔

    ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا تھا۔ بھارتی علاقے میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ پاکستانی علاقے میں  گرنے والے جہاز کے  پائلٹ ابھی نندن کو حراست میں لے لیا  گیا  گیا تھا، جسے بعد میں جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کردیا گیا۔

    اس سے قبل 19 فروری کو بھارتی میڈیا کے مطابق فضائیہ کے ’سوریا کرن طیارے‘ ایرو انڈیا شو 2019 کی بنگلور میں ریہرسل کررہے تھے کہ اس دوران آپس میں ہوا میں ہی ٹکرا گئے اور ہوائی اڈے پر گر کر تباہ ہوگئے۔

    رواں سال اب تک بھارتی فضائیہ کے کل چھ جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر مجموعی طور پر تباہ ہوچکے ہیں، جبکہ پائلٹس کا جانی نقصان اس کے علاوہ ہے۔

  • بھارتی وزارتِ خارجہ نے اپنے طیارے کے نقصان کا اعتراف کرلیا

    بھارتی وزارتِ خارجہ نے اپنے طیارے کے نقصان کا اعتراف کرلیا

    نئی دہلی: بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستانی ایئر فورس کے ہاتھوں اپنا طیارہ تباہ ہونے اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا اعتراف کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے انتہائی مختصر پریس کانفرنس کی ، پاکستان کی فاتحانہ کارروائیوں کا اعتراف کیا اور بغیر سوال و جواب کے روانہ ہوگئے۔

    رویش کمار نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے ایئر فورس نے ان کی تین ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ان کا ایک مگ 21 طیارہ تباہ ہوچکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارتی فضائیہ کا ٹکراؤ  ہوا جس میں  ان کا مگ 21 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ پائلٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ لاپتہ ہے، اور اس کے پاکستانی تحویل میں ہونے کی اطلاعات کی تصدیق کی جارہی ہے۔

    یاد ر ہے کہ آج صبح  پاکستانی ایئر فور س نے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے تھے ۔ ان میں سے ایک مقبوضہ کشمیر میں گرا جبکہ ایک پاکستان کی جانب آزاد کشمیر میں گرا۔ پاکستانی جانب گرنےو الے جہاز کے دونوں پائلٹ حراست میں لے لیے گئے ہیں۔

    بھارت جان لے، جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتےہیں

    پاک فوج  نے بھارتی پائلٹ کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا

    ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل آصف غفور نے اپنی پریس کانفرنس میں  بھارت کے ایک پائلٹ کی ویڈیو پیش کی جس میں وہ اپنا نام ابھینندن بتا رہا ہےاور ساتھ ہی ساتھ اپنا عہدہ اور سروس نمبر بھی بتارہا ہے۔

    دوسرے پائلٹ کے بارے میں پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ وہ زخمی ہے اور اس کا سی ایم ایچ میں علاج کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی پائلٹس کے ساتھ بالکل ویسا ہی سلوک کیا جارہا ہے جیسا کہ کوئی مہذب قوم کرسکتی ہے۔

    آج صبح کے واقعے کے تناظر میں بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ ان کی ایئر فورس نے   پاکستانی ایف 16 کو نشانہ بنایا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے اس بات کی نفی کی تھی اور بھارتی ترجمان نے بھی اپنی پریس بریفنگ میں اس نوعیت کا کوئی دعویٰ نہیں کیا۔

    یاد رہے گذشتہ روز بھارتی دراندازی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہوا تھا، جس میں وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔

    گزشتہ روزبھارتی طیارے مظفرآباد سیکٹر میں جبہ کے مقام پر دراندازی کی کوشش کی تھی اورمظفرآباد سیکٹر میں تین سے چارمیل اندر آئے تھے ، پاک فضائیہ نے انہیں وارننگ دی تھی جس کے بعد  بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔