Tag: Mika Singh

  • بھارتی گلوکار گینگسٹرز کے نشانے پر

    بھارتی گلوکار گینگسٹرز کے نشانے پر

    معروف بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ ریاست پنجاب میں پنجابی فنکار گینگسٹرز کے نشانے پر ہیں، جرائم پیشہ افراد کو پیسہ نہ دینے پر فنکاروں کو دھمکیاں ملتی رہتی ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد معروف گلوکار میکا سنگھ نے پنجابی سنگرز کو لاحق خطرات کا ذکر چھیڑ دیا ہے۔

    سدھو موسے والا کی فائرنگ کے واقعے میں ہلاکت پر میکا سنگھ بہت افسردہ ہیں اور انہوں نے ملک میں سلیبریٹیز کو گینگسٹرز سے لاحق خطرات پر اپنی پریشانی کا اظہار کیا۔

    وہ کہتے ہیں کہ انڈسٹری میں ہر کوئی اس المناک حادثے کے بعد صدمے کا شکار ہے، تاہم میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ یہ صرف سدھو نہیں تھے جنہیں دھمکیاں مل رہی تھیں، بلکہ گپی گریوال اور منکریت اولکھ سمیت بے شمار پنجابی گلوکاروں کو دھکمیاں ملی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ سدھو موسے والا کے قتل کا واقعہ ہر ایک کے لیے ویک اپ کال ہونی چاہیئے۔

    واضح رہے کہ سدھو کے قتل کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر میکا سنگھ کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

    میکا سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ گینگسٹرز پیسے طلب کرتے ہیں، اور جو پیسے دے دیتا ہے وہ ٹھیک، نہیں تو دوسروں کو اسی طرح کے انجام سے ڈراتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گلوکاروں کو اس قسم کی دھمکیاں اکثر ملتی رہتی ہیں، لوگ بہت پریشان ہیں، جیسے ہی آپ ہٹ ہوتے ہیں، یا شوز چلنا شروع ہوتے ہیں، ساتھ ہی دھکمیاں آنا شروع ہوجاتی ہیں۔

    میکا سنگھ کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ہم ممبئی کے انڈر ورلڈ کا نام سنتے تھے، اور اب وہ انڈر ورلڈ پنجاب میں بھی شروع ہوگیا ہے، جو کہ بہت غلط پیغام ہے۔

    میکا سنگھ جو اس وقت ایک ریالٹی شو کی شوٹنگ کے سلسلے میں جودھ پور میں ہیں کا کہنا ہے کہ کل کو سلیبریٹیز شوٹنگ اور شوز کے لیے پنجاب میں آنا چھوڑ دیں گی۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے اس بات کا افسوس رہے گا کہ میں مئی میں سدھو موسے والا سے ہونے والی آخری ملاقات میں انہیں ممبئی منتقل ہونے کا نہیں کہہ سکا، جب وہ مجھے ممبئی میں ملنے آئے تو وہ بہت خوش تھے کہ وہ ایئرپورٹ سے تنہا سفر کر کے میرے گھر پہنچے تھے۔

    میکا سنگھ نے انکشاف کیا کہ پنجاب میں گینگسٹرز گزشتہ 6 برس کے دوران متحرک ہوئے ہیں، اس سے پہلے سب اچھا تھا۔

  • آریان خان کی گرفتاری: میکا سنگھ چپ سادھے فنکاروں پر برس پڑے

    آریان خان کی گرفتاری: میکا سنگھ چپ سادھے فنکاروں پر برس پڑے

    بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان تاحال جیل میں ہیں اور انڈسٹری کے زیادہ تر لوگ اس معاملے پر خاموش ہیں، گلوکار میکا سنگھ نے ایسے تمام افراد پر برس پڑے۔

    بھارتی گلوکار میکا سنگھ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری پر خاموش رہنے والے بالی ووڈ اسٹارز پر برس پڑے، انہوں نے شاہ رخ خان کا ساتھ نہ دینے پر فلم انڈسٹری کو آڑے ہاتھوں لینے والے سنجے گپتا کے پیغام پر اپنا رد عمل دیا۔

    ٹویٹر پر سنجے گپتا نے اپنے ٹویٹ میں آریان خان کی گرفتاری کو شرمناک قرار دیا، اس پیغام پر میکا سنگھ نے جواب میں ان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بھائی آپ بالکل درست کہہ رہے ہیں۔

    میکا نے لکھا کہ یہ تمام لوگ ڈراما دیکھ رہے ہیں اور اس تمام تر معاملات پر ایک لفظ تک نہیں کہہ سکتے، انہوں نے شاہ رخ خان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میں ایس آر کے کے ساتھ ہوں، اور ان کے بیٹے کو ضمانت ملنی چاہیئے۔

    گلوکار نے لکھا کہ فلم انڈسٹری میں سب کے بچے ایک بار جیل جائیں گے، تب جا کر یہ اتحاد دکھائیں گے۔

    واضح رہے کہ سنجے گپتا نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ شاہ رخ خان نے ماضی میں فلم انڈسٹری میں ہزاروں لوگوں کو روزگار دیا اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ اب ان کے مشکل وقت میں فلم انڈسٹری کی خاموشی شرمندگی سے کم نہیں ہے۔

  • پاکستان میں پرفارمنس، بھارتی گلوکار پربالی وڈ میں کام کرنے پر پابندی

    پاکستان میں پرفارمنس، بھارتی گلوکار پربالی وڈ میں کام کرنے پر پابندی

    ممبئی : پاکستان میں پرفارمنس پر بھارتی گلوکار میکا سنگھ پر بالی وڈ میں کام کرنے پر پابندی لگا دی گئی ، میکا سنگھ نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے شہر کراچی میں شادی کی ایک تقریب کے دوران لائیوپرفارمنس کی تھی ۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فلم اندسٹری بھی نفرت کی آگ میں اپنے ہی لوگوں کو جلانے لگی، پاکستان میں پرفارم کرنا میکا سنگھ کو مہنگا پڑگیا اور بالی وڈ میں کام کرنے پر بین لگا دیا گیا۔

    ہندوستان ٹائمز کے مطابق ’’آل انڈیا سائنے ورکرز ایسوسی ایشن‘‘ نے میکا سنگھ پر پاکستان میں پروگرام میں پرفارم کرنے پر کسی بھی قسم کے اشتہار، فلم یا ٹی وی پروگرام میں کام کرنے پر پابندی لگا دی۔

    نامور بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے شہر کراچی میں شادی کی ایک تقریب کے دوران لائیوپرفارمنس کی تھی اور اسی وقت بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے باعث دونوں ممالک میں کشیدگی عروج پر پہنچ چکی تھی۔

    میکا سنگھ کی پرفارمنس کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد انڈین سینے ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے میکاسنگھ پر پابندی عائد کرتے ہوئے ان کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کردیا۔

    ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کے گئے بیان کے مطابق انہوں نے میکاسنگھ کے ساتھ فلم پروڈکشن ہاؤسز، میوزک کمپنیز اور آن لائن میوزک وغیرہ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سینے ایسوسی ایشن کے صدر سریش گپتا کا کہنا ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بھارت میں کوئی بھی میکا سنگھ کے ساتھ کام نہ کرے اور اگر کسی نے ایسا کیا تو اسے قانونی مسائل کا سامنا ہوسکتاہے۔

    جاری بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے معاملے پرٹینشن چل رہی تھی اس وقت میکا سنگھ نے قوم کے بجائے پیسوں کو اہمیت دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق میکا سنگھ کو پاکستان میں شادی میں پرفارمنس کے لیے تقریباً ایک کروڑ روپے دئیے گئے تھے۔

  • بھارتی گلوکار میکا سنگھ کو رہا کردیا گیا

    بھارتی گلوکار میکا سنگھ کو رہا کردیا گیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں برازیلین ماڈل کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے جرم میں گرفتار بالی ووڈ گلوکار میکا سنگھ کو رہا کردیا گیا۔

    متحدہ عرب امارات میں بھارتی سفیر نودیپ سنگھ سوری نے بھارتی میڈیا کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گلوکار کو گزشتہ شب ساڑھے 11 بجے رہا کردیا گیا تھا۔ انہیں آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز 17 سالہ برازیلین ماڈل نے میکا سنگھ کے خلاف جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا جس کے بعد انہیں دبئی کے ہوٹل سے حراست میں لیا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق میکا سنگھ نے برازیلین ماڈل کو نازیبا تصاویر بھیجی تھیں۔

    مختلف فلموں کے لیے گانے والے گلوکار میکا سنگھ اس سے قبل بھی مختلف واقعات میں حوالات کی سیر کرچکے ہیں۔ سنہ 2015 میں ایک ڈاکٹر کو کنسرٹ کے دوران تھپڑ مارنے پر میکا سنگھ کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

    چند سال قبل بھی میکا سنگھ کو ممبئی ایئرپورٹ پر گرفتار کیا تھا جب ان کے پاس سے مقررہ حد سے زیادہ بھارتی اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی تھی۔