Tag: milion march

  • چودہ مئی کراچی کے لوگوں کے لئے بڑا دن ہے، مصطفیٰ کمال

    چودہ مئی کراچی کے لوگوں کے لئے بڑا دن ہے، مصطفیٰ کمال

    کراچی : چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ چودہ مئی کراچی کے لوگوں کے لئے بڑا دن ہے، علامہ طالب جوہری سے ملین مارچ کیلئے دعائیں لینے آئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ علامہ طالب جوہری سے کراچی کے بنیادی مسائل پر پیش کیے جانے والے 16 نکات پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ 14 مئی کو ہونے والے ملین مارچ کے حوالے سے علامہ طالب جوہری سے دعائیں لینے اور انہیں شرکت کی دعوت بھی دی ہے۔

    مصطفی کمال کا مزید کہنا تھا ہمارے پیش کے گئے مطالبات پر علامہ طالب جوہری نے ہمارے مؤقف کی تائید کی ہے اور چودہ مئی کو ایف ٹی سی برج سے ملین مارچ کا آغاز کریں گے۔

    اس موقع پرعلامہ طالب جوہری نے کہا کہ کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پہلی بار کسی سیاسی جماعت نے جدوجہد کا آغاز کیا ہے اور جو بھی کراچی کی بہتری کیلئے کوشش کرے گا ہم اس کا ساتھ دیں گے۔

  • ڈاکٹرمرسی کو سزائے موت کیخلاف جماعت اسلامی ملین مارچ کرے گی

    ڈاکٹرمرسی کو سزائے موت کیخلاف جماعت اسلامی ملین مارچ کرے گی

    لاہور : جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی کی سزا کے خلاف اسلام آباد میں ملین مارچ کیا جائے گا۔

    جماعت اسلامی کی جانب سے محمد مرسی کی سزائے موت کے خلاف لاہور میں احتجاج کرتےہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ نام نہاد عدالتوں نے اخوان المسلین کے قائد مرسی کو سزا ئے موت سنائی، ہم اس فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے۔

    انہوں نے کہا کہ محمد مرسی طویل مدت سے اسلام کے لئے قربانیاں دے رہے تھے عالم اسلام ان کی سزا پراب کیوں خاموش ہے۔

    لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ مصر کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں ہمارے حکمرانوں کو اس معاملے پر خاموشی ختم کرنی چاہیئے۔

    لیاقت بلوچ نے کہا کہ جیل اور سلاخیں اسلامی تحریک کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق احتجاج کی کال دیں گے اور محمد مرسی کی سزائے موت کے خلاف اسلام آباد میں ملین مارچ ہوگا۔

  • گستاخانہ خاکوں کیخلاف کراچی اور لاہور میں جماعت اسلامی کا ملین مارچ

    گستاخانہ خاکوں کیخلاف کراچی اور لاہور میں جماعت اسلامی کا ملین مارچ

    کراچی: فرانسیسی میگزین میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مذہبی جماعتوں کے تحت کراچی میں احتجاجی ریلیاں اور ملین مارچ نکالے گئے، مذہبی رہنمائوں نے فرانسیسی حکومت سے معافی اور فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر دیا،سراج الحق کا کہنا ہے کہ ناموس رسالت ﷺ پر خون کا آخری قطرہ بھی قربان کر دینگے ۔

    فرانسیسی جریدے میں شائع ہونے والے توہین آمیز خاکوں کے خلاف کراچی میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے سرور کائنات ﷺ سے محبت کے اظہار اور دین اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں سے نفرت کے اظہار کے لیے احتجاجی مظاہرے اور ملین مارچ کیے گئے ۔

    جماعت اسلامی کے تحت یونیورسٹی روڈ پر ملین مارچ سے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ ناموس رسالت ﷺ پر خون کا آخری قطرہ بھی قربان کر دیں گے،تمام سیاسی جماعتیں ناموس رسالت ﷺ پر متحدہ ہو جائیں ۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے مسلم ممالک کے رہنماؤں کوکہا ہے کہ ملکراحتجاج کرتے ہیں۔ وزیراعظم سے اپیل کی تھی کے او آئی سی کا اجلاس بلائیں۔ اوآئی سی کا اجلاس نہ بلانے پرمختلف ممالک کے سربراہوں سے رابطہ کیا۔

     امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ اور سفیر کو ملک بدر کیا جائے
    تحریک حرمت رسول کےتحت کراچی میں ملین مارچ کیا گیا جس کی قیادت پروفیسر حافظ محمد سعید نے کی، حافظ سعید نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اسلام آباد میں تمام مسلم حکمرانوں کا اجلاس بلا کر ناموس رسالت ﷺ پر عالمی سطح پر قانون سازی کرائیں ۔

    اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریلی فرانس کے سفارت خانے کی جانب جارہی تھی، نائن زیرو تو نہیں گئی تھی۔

     گستاخانہ خاکوں کے خلاف جمعیت علمائے پاکستان نے محمد انس نورانی کی قیادت میں ریلی نکالی، مذہبی رہنمائوں نے خاکوں کو عالمی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گستاخ رسول ﷺ کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔

    گستاخانہ خاکوں کے خلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام لاہور میں شان مصطفی ملین مارچ کیا گیا، دیگر مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کے ہمراہ لیاقت بلوچ نے اسلامی سربراہی کانفرنس کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ گستاخ رسول کی سزائے موت پر تمام آئمہ کا اتفاق ہے ۔

    فرانسیسی میگزین میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف جماعت اسلامی کا ملین مارچ ناصر باغ سے شروع ہوا، شرکاءرسول کریم ﷺسے اظہار محبت کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے سامنے پہنچے جہاں مارچ جلسے کی شکل اختیار کرگیا ۔

    ملین مارچ سے دیگر جماعتوں کے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں کو سخت پیغام دینے کا مطالبہ کیا ، قائدین رہنماوں کا کہنا تھا کہ حکمران گستاخ رسول پر مصلحت کا شکار ہونے کی بجائے عوام کے جذبات کی ترجمانی کریں۔

     ملین مارچ میں مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک نے حکمران جماعت کی نمائندگی کی،پرویز ملک ملین مارچ میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کرکے رسول اکرمﷺ سے محبت کا اظہار کیا، ہندو اور مسیحی رہنماوں نے بھی شرکت کی۔

    مظاہرین نے فرانس کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان فرانس سے تعلقات ختم کرکے اسکے سفیر کو واپس بھیجے۔

  • جماعت اسلامی کے تحت شان مصطفیٰ ملین مارچ کا آغاز

    جماعت اسلامی کے تحت شان مصطفیٰ ملین مارچ کا آغاز

    کراچی : فرانسیسی میگزین میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام شان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ملین مارچ نیپا چورنگی سے شروع ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف شان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ملیبن مارچ کا آغاز نیپا چورنگی سے کردیا گیا ہے۔

    ملین مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کررہے ہیں،پورے شہر سے کارکنان  کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس حوالےسے انتظامیہ نے نیپا چورنگی سے یونیورسٹی روڈ تک جانے والا راستہ عام ٹریفک کیلئے بند کردیا ہے، جبکہ حسن اسکوائر پر ایک مرکزی اسٹیج بنایا گیا ہے، جہاں مرکزی قائدین شرکاء سے خطاب کریں گے۔

    ملین مارچ کی سیکورٹی کے لئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو  تعینات کیا گیا ہے ۔ملین مارچ  میں خواتین کارکنان کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی۔