Tag: milk rates increase

  • کراچی میں ایک بار پھر دودھ کی قیمت بڑھا دی گئی

    کراچی میں ایک بار پھر دودھ کی قیمت بڑھا دی گئی

    کراچی : شہر قائد میں مہنگائی کے ماروں کے لیے ایک اور پریشانی میں اضافہ ہوگیا، دودھ کی قیمت بیس روپے فی لٹر بڑھا دی گئی۔

    اس حوالے سے دودھ فروشوں کے دباؤ پر کمشنر کراچی نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، دودھ فروشوں نے ہڑتال کی دھمکی دی تھی۔

    بیس روپے لٹر اضافے کے بعد دودھ کی سرکاری قیمت دو سو روپے لٹرہوگئی جبکہ شہر بھر میں دودھ فروش من مانی قیمت پر دودھ فروخت کررہے ہیں۔

    کمشنر کراچی نے دودھ کی خوردہ قیمت میں 20 روپے کا اضافہ کرتے ہوئے نئی خوردہ قیمت 180 سے بڑھا کر 200 روپے لیٹر مقرر کردی ہے۔ یہ قیمت 6 فیصد چکنائی کے حامل بھینس کے دودھ کے لیے مقرر کی گئی ہے۔

    کمشنر کراچی نے ڈیری فارمرز، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کا اطلاق فوری طور پر کیا جائے گا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق دودھ کا فارم ریٹ 180 روپے ہے اور ہول سیل قیمت 188 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ شہر میں دودھ خوردہ سطح پر پہلے ہی 230 روپے لیٹر فروخت ہورہا ہے ، سرکاری قیمت میں 20 روپے اضافے سے خوردہ قیمت 250 روپے لیٹر تک پہنچ جانے کا خدشہ ہے۔

  • دودھ کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن حقائق کے مطابق نہیں، ڈیری فارمرز

    دودھ کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن حقائق کے مطابق نہیں، ڈیری فارمرز

    کراچی : کمشنر کراچی کی جانب سے دودھ کی نئی سرکاری قیمت کا نوٹیفکیشن ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے مسترد کردیا۔

    اس حوالے سے صدر ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن شاکر عمرگجر نے میڈیا کو بتایا کہ دودھ کی قیمتوں کانوٹیفکیشن حقائق کے مطابق نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دودھ کی پیداواری لاگت200روپیہ فی لیٹر بنتی ہے جبکہ ڈیری فارمرز کو اس کے برعکس 163روپیہ دیا گیا ہے۔

    صدرڈیری اینڈکیٹل فارمرز نے کہا کہ دودھ کی قیمت میں اس کی لاگت،مڈل مین کا منافع، ریٹیلرزکا نفع اور اخراجات کو شامل کیا جائے۔

    شاکرعمر گجر کے مطابق ان تمام اخراجات کو شامل کرکے دودھ کی موجودہ قیمت 230روپیہ فی لیٹر قیمت بنتی ہے، کمشنر کراچی سے اپیل ہے کہ نوٹیفکیشن پرنظرثانی کی جائے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں دودھ کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ

    واضح رہے کہ کمشنر کراچی اور ڈیری فارمرز کے درمیان اتفاق رائے پر مبنی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیری فارمرز کا نرخ 163 روپے ہول سیلر کا 170 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ ریٹیل سطح پر دودھ 180 روپے فی لیٹر دستیاب ہوگا۔

  • کراچی میں ایک بار پھر دودھ کی قیمت میں من مانا اضافہ

    کراچی میں ایک بار پھر دودھ کی قیمت میں من مانا اضافہ

    کراچی : شہر قائد میں دودھ فروش مافیا نے ایک بار پھر دودھ کی قیمت میں اضافہ کردیا، شہر میں دودھ 180 روپے لیٹر میں فروخت ہونے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق شہری انتظامیہ اپنے روایتی انداز میں چپ سادھے بیٹھی ہے اور دودھ کی قیمت کے حوالے سے اپنے مقرر کردہ نرخ پر عمل درآمد نہیں کرواسکی۔

    کراچی میں دودھ فروش مافیا بے لگام ہوگئی ہے، ڈیری فارمز نے دودھ ایک بار پھر مہنگا کردیا، دودھ فروشوں نے ایک بار پھر سرکاری نرخ نامے کو ہوا میں اڑاتے ہوئے فی لیٹر دودھ کی قیمت میں مزید دس روپے اضافہ کردیا۔

    اس اضافے کے بعد ایک لیٹردودھ کے نرخ 180 روپے ہوگئے، چند ماہ پہلے 26 روپے اضافے کے ساتھ دودھ کی سرکاری قیمت 120 روپے مقررکی گئی تھی جس پر کسی نے بھی کان نہیں دھرا۔

    ڈیری فارمرز دیدہ دلیری کے ساتھ دودھ سرکاری نرخ سے 60 روپے مہنگا فروخت کر رہے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ بے لگام دودھ مافیا نے دھڑلے سے دودھ پھر 10 روپے مہنگا کرکے 180 روپے ليٹر تک پہنچاديا ہے۔

    دوسری جانب ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمت بڑھانے کی وجہ پیداواری لاگت کو قرار دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلابی بحران کے بعد نئے بھاؤ کے تحت 320 روپے فی من دودھ کے نرخ بڑھائے گئے ہیں۔

  • سندھ حکومت نے دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا، اسماعیل راہو

    سندھ حکومت نے دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا، اسماعیل راہو

    کراچی : صوبائی وزیر رسد و قیمت محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا، متعلقہ افسران مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے دودھ کی قیمتوں میں دس روپے اضافہ مسترد کردیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر رسد و قیمت محمد اسماعیل راہو نے یوتھ پارلیمنٹ کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا، قیمت میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور پرائز مجسٹریٹس کو مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ڈیری فارمز کے ساتھ بات کی جائے گی، ان کے جو بھی مسائل ہیں بیٹھ کے حل کریں گے۔

    وزیر رسد و قیمت نے مزید کہا کہ ڈیری فارمزایسوسی ایشن نے سندھ حکومت کی منظوری کے بغیر دودھ کی قیمت میں اضافہ کیسے کیا۔

    مزید پڑھیں: ہول سیلرز اور ریٹیلرز نے بھی دودھ کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

    اسماعیل راہو نے ہدایت کی کہ کمشنر کراچی ڈیری فارمز کے عہدیداران کو طلب کریں اور دودھ کی قیمت میں اضافہ واپس کروائیں۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بجٹ کے بعد مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ کمر توڑ مہنگائی میں عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا،۔

  • دودھ کی قیمت 94روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    دودھ کی قیمت 94روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    کراچی : دودھ کی قیمت میں دس روپے کا من مانا اضافہ کر دیا گیا ہے، شہری انتظامیہ گرفتاریوں کے باوجود قیمت کم نہیں کروا سکی جبکہ دودھ فروش مافیا نے مارکیٹ سے دودھ اور دہی غائب کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دودھ فروشوں نے تازہ دودھ کی فی لیٹر قیمت میں دس روپے کا خودساختہ اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد ایک لیٹر دودھ کی قیمت چورانوے روپے کی بلند ترین سطح پر چاپہنچی ہے۔

    شہری انتظامیہ کی جانب سے گوالوں کی گرفتاری کے باوجود دودھ کی قیمتوں میں کمی نہ ہوسکی، الٹا شہر بھر کی دوکانوں سے دودھ اور دہی غائب کر دیا گیا۔

    گزشتہ زرو کراچی میں دودھ کی قیمت میں خود ساختہ طور پر اضافہ کرنے والے دودھ فروشوں کو گرفتار او ر جرمانے عائد کئے گئے۔ کمشنر کراچی کے مطابق دودھ قیمت ستر روپے لیٹر ہے، دودھ فروش فی لیٹر چوبیس روپے اضافی وصول کر رہے ہیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔

    فروشوں کے مطابق انہیں بھینس کالونی کے ہول سیلرز مہنگا دودھ فراہم کر رہے ہیں، جس کے باعث سابقہ قیمت میں دودھ فروخت کرنا ممکن نہیں۔