Tag: millions

  • ایتھوپیا میں لاکھوں افراد غذائی قلت کا شکار، نقل مکانی پر مجبور

    ایتھوپیا میں لاکھوں افراد غذائی قلت کا شکار، نقل مکانی پر مجبور

    افریقی ملک ایتھوپیا میں خانہ جنگی جاری ہے اور خوراک کی ترسیل رکنے کے باعث وہاں کے 20 لاکھ افراد کو شدید غذائی قلت کا سامنا ہے۔

    اقوام متحدہ کے عالمی خوراک پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے مطابق ایتھوپیا میں حکومتی فورسز اور نسلی اقلیتی فورسز کے درمیان جاری لڑائی کے دوران شمالی ایتھوپیا میں 20 لاکھ افراد کو شدید غذائی قلت کا سامنا ہے۔

    عالمی خوراک پروگرام نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ وہ سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے دسمبر کے وسط سے متاثرہ علاقوں میں غذائی سامان پہنچانے سے قاصر ہے۔

    یو این او کے ذیلی ادارے کی جاری کردہ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تِگرے خطے میں لگ بھگ 40 فیصد آبادی غذا کے سنگین نوعیت کے عدم تحفظ کا شکار ہورہی ہے، اندرونی لڑائی کے باعث یہاں کے بہت سے خاندان اپنے گھروں کو چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔

    رپورٹ کے  مطابق غذائی قلت کے باعث کئی لوگ اپنی یومیہ خوراک کی مقدار کو بھی کم کرنے پر مجبور ہیں، حاملہ خواتین اور بچوں کو اپنا دودھ پلانے والی خواتین بھی معقول غذا نہ ملنے کے باعث کمزوری سے دوچار ہیں جس کے نتیجے میں پیدائش کے وقت بچوں کا وزن کم ہوتا ہے اور ان کی نشوونما رک جاتی ہے۔

    رپورٹ کے مندرجات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تگرے اور تنازعات کا شکار دیگر علاقوں میں 90 لاکھ سے زائد افراد کو خوراک کی مدد درکار ہے۔

    واضح رہے کہ ایتھوپیا میں خانہ جنگی 2020 سے جاری ہے اور تنازعے کے ختم ہونے کے تاحال کوئی آثار نظر نہیں آرہے۔

  • چینی کروڑ پتی نے کروڑوں کی رقم بینک سے نکال کر عملے کو گننے کا حکم دے دیا

    چینی کروڑ پتی نے کروڑوں کی رقم بینک سے نکال کر عملے کو گننے کا حکم دے دیا

    چین میں ایک کروڑ پتی شخص نے بینک عملے کے رویے سے نالاں ہو کر انہیں انوکھی سزا دے ڈالی، اس نے بینک سے اپنی تمام رقم نکال لی جس کی مالیت کروڑوں میں تھی اور بینک عملے کو حکم دیا کہ وہ اسے گن کر دیں۔

    پریشان حال بینک عملے کی نوٹ گنتے ہوئے تصاویر چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بینک ملازمین کے سامنے نوٹوں کی بے شمار گڈیاں رکھی ہوئی ہیں جنہیں وہ گننے میں مصروف ہیں۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کروڑ پتی بزنس مین بینک کے عملے کے رویے سے نالاں تھا چنانچہ اس نے بینک میں موجود اپنی تمام رقم نکالنے کا فیصلہ کیا۔

    بینک نے اسے یومیہ نکالی جانے والی رقم کی مقرر کردہ حد یعنی 5 ملین یو آن کی رقم دی جو پاکستانی کرنسی میں 13 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔

    بزنس مین نے رقم ملنے کے بعد عملے سے مطالبہ کیا کہ وہ اسے رقم گن کر دیں جس کے بعد پورے بینک کا عملہ نوٹ گننے میں جت گیا۔

    جاتے ہوئے بزنس مین نے کہا کہ وہ روز آ کر اتنی ہی رقم نکالے گا اور عملے سے گنوائے گا، اور وہ اس عمل کو تب تک جاری رکھے گا جب تک وہ اپنی تمام جمع پونجی بینک سے نکال نہیں لیتا۔

    مذکورہ بزنس مین نے اپنے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اسے بینک کے عملے سے سخت شکایات تھیں جس کے بعد اس نے یہ قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

    دوسری جانب بینک انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ بزنس مین کو صرف ایک گارڈ کی جانب سے فیس ماسک پہننے کو کہا گیا جس پر سخت چراغ پا ہو کر اس نے قدم اٹھایا۔

  • جمعتہ الوداع پر لاکھوں فلسطینیوں کی قبلہ اول میں حاضری

    جمعتہ الوداع پر لاکھوں فلسطینیوں کی قبلہ اول میں حاضری

    بیت المقدس : جمعتہ الوداع کے روز جگہ جگہ چیک پوسٹیں اور ناکے لگا کر فلسطینیوں کو قبلہ اول تک رسائی سے روکا جاتا رہا، کئی شہری نہ پہنچ سکے۔

    تفصیلات کے مطابق قابض صہیونی فوج کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے لیے سخت رکاوٹوں اور شدید گرمی کے باوجود اڑھائی لاکھ سے زاید فلسطینیوں نے قبلہ اول میں جمعة الوداع کے موقع پر حاضری دی۔

    مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ماہ صیام کے چوتھے اورآخری جمعہ کے موقع پر اسرائیلی فوج کی بھاری نفری بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے آس پاس کے مقامات پر تعینات کی گئی تھی تاکہ فلسطینی شہریوں کو قبلہ اول تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صیہونی ظلم و تشدد کے باوجود صہیونی انتظامیہ کی رکاوٹیں توڑ کر اڑھائی لاکھ فلسطینی مسجد اقصیٰ پہنچنے میں کامیاب رہے، شدید گرمی سے بچاﺅ کے لیے اسلامی اوقاف کی طرف سے نمازیوں پر پانی بھی چھڑکا گیا۔

    فلسطینی میڈیا کا کہنا تھا کہ پرانے بیت المقدس اور اطراف کے مقامات پر جگہ جگہ چیک پوسٹیں اور ناکے لگا کر فلسطینیوں کو قبلہ اول تک رسائی سے روکا جاتا رہا، فلسطینی شہریوں اور قابض فوج کے درمیان کئی مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں۔

    قابض فوج نے مسجد اقصیٰ میں داخلے کے لیے عمر کی کم سے کم حد 40 سال مقرر کی تھی۔ اس پابندی کی وجہ سے لاکھوں فلسطینی روزہ دار قبلہ اول پہنچنے سے محروم رہے۔

  • ملک بھر میں آج سے معتکفین ربّ العالمین کی خوش نودی کے لیے اعتکاف میں بیٹھیں گے

    ملک بھر میں آج سے معتکفین ربّ العالمین کی خوش نودی کے لیے اعتکاف میں بیٹھیں گے

    کراچی : آج ملک بھر کی مساجد میں لوگ رضائے الہی حاصل کرنے کے لیے اعتکاف میں بیٹھیں گے، مساجد میں معتکفین کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، یہ عبادت جہاں روح کی پاکیزگی کا باعث ہے وہیں خوش نصیبوں کو لیلتہ القدر بھی مل جاتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالم اسلام کیساتھ پاکستان بھر کی مساجد میں آج بعد نماز عصر لاکھوں اہل ایمان اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے اور شوال کا چاند نظرآنے تک مساجد میں قیام کریں گے، یہ عبادت فرض کفایہ کا درجہ رکھتی ہے، جو کسی بھی آبادی میں ایک فرد کے کرنے سے پورے محلہ کا فرض ادا ہوجاتا ہے۔

    اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنیٰ خود کو روک لینے یا ٹھہر جانے کے ہیں جبکہ شریعت کی رو سے اعتکاف رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسجد میں قیام کرنے کو کہا جاتا ہے۔

    شہر قائد سمیت ملک بھر میں آج سے لاکھوں مسلمان اعتکاف بیٹھیں گے جبکہ ساتھ ساتھ انتظامیہ کی جانب سے اعتکاف بیٹھنے والوں کے کوائف بھی جمع کیے جائیں گے۔

    اعتکاف بیٹھنے والے خوش نصیبوں کےلیے عموماً مساجد کی انتظامیہ اور مخیّر حضرات سحری و افطاری کا انتظام کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ اہل خانہ بھی معتکفین کےلیے سحری و افطاری کا بندوبست کرتے ہیں۔

    معتکفین ماہ مبارک رمضان کے آخری عشرے کی طاق رات میں خالق کائنات کے حضور اپنی مناجات و حاجات پیش کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ اعتکاف میں شرکت کریں گے۔

    محکمہ اوقاف کے زہر اہتمام مساجد میں بھی معتکفین کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

    شہر قائد میں اعتکاف کے بڑے بڑے اجتماعات نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جناح مسجد برنس روڈ، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، گلزار حبیب سولجر بازار، جامع مسجد کنزالایمان گرومندر، بہار شریعت مسجد بہادرآباد، جامع مسجد آرام باغ اور جامع مسجد بنوری ٹاؤن سمیت دیگر شامل ہیں۔

  • صحرائے اعظم کا غیرفطری پھیلاؤ، خشک سالی اور گرمی میں اضافے کا خدشہ

    صحرائے اعظم کا غیرفطری پھیلاؤ، خشک سالی اور گرمی میں اضافے کا خدشہ

    بر اعظم افریقا کے شمال میں واقع صحرائے اعظم کے مسلسل پھیلاؤ کی وجہ سے خطے میں خشک سالی اور گرمی میں شدید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صحارا دنیا کا سب سے بڑا صحرا ہے۔ جِس کا کل رقبہ 92 لاکھ کلومیٹر ہے، جو امریکا کے رقبے سے زیادہ  ہے۔ البتہ اب یہ صحارا غیر فطری پھلاؤ کی وجہ سے انسانی سرگرمیوں کو مسلسل متاثر کررہا ہے۔

    صحارا کی کل آبادی تقریباً 25 لاکھ افراد پر مشتمل ہے، جن میں اکثریت مصر، ماریطانیہ، مراکش، اور الجزائر کے افراد کی ہے، صحارا میں آباد باشندوں کی زیادہ تر تعداد بَربَر نَسل سے تعلق رکھتی ہے۔

    صحارا میں آباد باشندوں کے رہنے کا انداز

    ایک تازہ ترین تحقیق کے مطابق صحارا کا رقبہ مزید پھیلتا ہی جارہا ہے اور گذشتہ ایک سو سال میں اس کے رقبے میں دس فیصد اضافہ ہوچکا ہے.

    تحقیقی رپورٹ کے مطابق صحرا جنوب کی جانب حرکت کرتے ہوئے سوڈان اور چاڈ کی حدود میں داخل ہورہا ہے، جس کے باعث دونوں ملکوں کے سرسبز علاقے خشک ہورہے ہیں اور فصل اُگانے والی زمینیں بھی بنجر ہوتی جارہی ہیں۔

    صحارا کے رقبے میں اضافے سے کاشت کاری زمینیں بنجر ہورہی ہیں

    دنیا کی آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ صِحراؤں کے کناروں پر رہنے والوں باشندوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، تو دوسری طرف صِحراؤں کے پھیلنے کی وجہ سے ان کی زرعی زمین بھی صِحرا میں بدلتی جارہی ہیں۔

    جنرل آف کلائمیٹ میں شائع ہونے والی تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ایک صدی کے دوران صَحارا کے رقبے میں ہونے والا اضافہ پاکستان کے رقبے سے بھی زیادہ ہے۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ صِحرائے اَعظم میں اِضافے کی بڑی وجہ ماحولیاتی تبدیلیاں ہیں۔

    ایک نئی تحقیق میں سائنس دانوں نے 1920 کے بعد سے براعظم افریقہ میں ہونے والی برسات کا جائزہ لیا تو اندازہ ہوتا ہے کہ انسانی سرگرمیوں کے باعث ماحول میں آنے والی تبدیلی بھی صحرا میں اضافے کی ایک اہم وجہ ہے۔

    سائنس دانوں نے تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ مستقبل میں صحارا کے رقبے میں اضافے کا عمل جاری رہے گا، یہ عمل صرف صِحرائے اَعظم تک محدود نہیں ہے، بلکہ دنیا کے دیگر کَئی صِحراؤں میں اضافہ ہورہا ہے۔

    صحارا

    تحقیق میں شامل پروفیسر سمنت نگم کا کہنا تھا کہ ’یہ نتائج صحارا سے مخصوص ہیں، البتہ ان کے اثرات دنیا کے دوسرے صحرائی علاقوں میں بھی نظر آئیں گے۔

    ایک اور تحقیق کار ڈاکٹر منگ کائی کا کہنا تھا کہ ’ماحول میں گرین ہاؤس گیسوں کی بڑھتی مقدار کے باعث برِ اَعظم اَفریقا میں موسمِ گرما گرم تَر ہوتا جا رہا ہے، جبکہ بارشُوں میں واضح کِمی آرہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عمران خان  نااہلی کیس کا فیصلہ آنے سے پہلے ہی کروڑوں روپے کا جوا لگ گیا

    عمران خان نااہلی کیس کا فیصلہ آنے سے پہلے ہی کروڑوں روپے کا جوا لگ گیا

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نااہلی کیس کا فیصلہ آنے سے پہلے ہی کروڑوں روپے کا جوالگ گیا، عمران خان کو ہارٹ فیورٹ قرار دیا جاریا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس پر بکیز بھی میدان میں آگئے ، نااہلی کیس کا فیصلہ آنے سے پہلے ہی کروڑوں روپے کا جوالگ گیا۔

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ہارٹ فیورٹ قرار دیا جارہا ہے ، عمران خان نااہل نہیں ہونگے، 40 پیسے ریٹ نکل آیا جبکہ نااہلی کی صورت میں ایک روپیہ 30 پیسے ملیں گے۔


    مزید پڑھیں : عمران خان اور جہانگیرترین نااہلی کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا


    خیال رہے سپریم کورٹ آج عمران خان اور جہانگیرترین نااہلی کیس کا فیصلہ آج دوپہر2بجےسنائے گی۔

    نااہلی سے متعلق درخواستیں رہنما ن لیگ حنیف عباسی نے دائرکی تھیں ، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نےآف شورکمپنی ظاہرنہیں کی، عمران خان نےبنی گالہ پراپرٹی بھی ظاہرنہیں کی

    عمران خان اور جہانگیرترین نااہلی کیس کی سماعت پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی اور سماعت58پیشیوں میں مکمل کی گئی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کو ہاٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور عمران خان کے کیسز میں بہت فرق ہے، سپریم کورٹ میں 60 دستاویزات جمع کروائیں، ایک بھی غلط ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔