Tag: mina

  • مناسک حج کا آج سے آغاز، لاکھوں عازمینِ حج منیٰ کیلئے روانہ

    مناسک حج کا آج سے آغاز، لاکھوں عازمینِ حج منیٰ کیلئے روانہ

    مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا آغاز آج سے ہوگیا ہے، دنیا بھر کے لاکھوں عازمین حج اپنی رہائشگاہوں سے منیٰ روانہ ہورہے ہیں۔

    مناسک حج کا آج سے آغاز  ہو رہا ہے، دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمینِ حج ظہر سے پہلے منیٰ پہنچیں گے عازمین حج منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے۔

    عازمینِ حج جمعرات کی صبح تک منیٰ میں ہی قیام کریں گے اور عبادات میں مصروف رہیں گے، حجاج 9 ذوالحج کو نماز فجر کے بعد حج کے رکن اعظم وقوف کیلئے میدان عرفات پہنچیں گے۔

    حجاج کرام نو ذوالحج کو خطبہ حج سننے کے بعد ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کریں گے اور غروب آفتاب تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔

    اذان مغرب کے بعد حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے، مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشا کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے اور رمی کیلئے کنکریاں جمع کریں گے۔

    حجاج کرام 10 ذوالحج کو وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کیلئے جمرات روانہ ہوں گے، واضح رہے کہ اس سال 88 ہزار 301 پاکستانی عازمین سرکاری اسکیم اور 27 ہزار 12 پاکستانی نجی اسکیم کے تحت حج ادا کرینگے۔

  • میدان عرفات، منیٰ اور مزدلفہ میں عازمین کیلیے کیا سہولتیں ہیں؟

    میدان عرفات، منیٰ اور مزدلفہ میں عازمین کیلیے کیا سہولتیں ہیں؟

    سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں مناسک حج کی ادائیگی کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مشاعر مقدسہ میں عازمین حج کو گرمی سے محفوظ رکھنے کیلیے میدان عرفات کو جانے والے راستوں پر بڑی تعداد میں درخت لگائے گئے ہیں۔

    سعودی میڈیا کے مطابق میدان عرفات جانے والے تمام راستوں پر جگہ جگہ شیڈز لگائے گئے ہیں، علاوہ ازیں وادی مزدلفہ اور دیگر مقامات پر روشنی کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق میدان عرفات اور وادی منیٰ کے مختلف مقامات پر ہر 500 میٹر بعد سروس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں فرسٹ ایڈ اور دیگر سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

    ترقیاتی منصوبے کے تحت 15 ہزار مربع میٹر رقبے پر سبزہ لگایا گیا ہے جن میں پودے اور گھاس وغیرہ شامل ہے جس سے ماحول خوشگوار ہو سکے گا۔مختلف مقامات پر 240 پھوار والے ٹاور، 12 بڑی چھتریاں اور 14 تجارتی مراکز تعمیر کیے گئے ہیں۔

    میدان عرفات سے مزدلفہ جانے کے لیے لچکدار راستے بنائے گئے ہیں،جسے گزشتہ برس تجرباتی طورپر بنایا گیا تھا تاہم اس سال اس کے دوسرے مرحلے کو مکمل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کیلیے دنیا بھر سے عازمین حج کے قافلے روزانہ کی بنیاد پر مقدس سرزمین کا رخ کررہے ہیں۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات 24 ذو القعدہ تک بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کی تعداد 8 لاکھ 20 ہزار 665 تک پہنچ گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق زمینی راستے سے 35 ہزار 478 عازمین مملکت پہنچے جبکہ بحری ذرائع سے آنے والے عازمین کی تعداد دو ہزار 822 رہی۔ سب سے زیادہ عازمین فضائی راستے سے مملکت پہنچے جن کی تعداد 7 لاکھ 82 ہزار358 ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ نے فضائی، بری اور بحری پورٹس پر عازمین کے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    سعودی عرب میں غیر قانونی حج روکنے کیلئے ڈرونز کا استعمال

    یاد رہے کہ مملکت کے تمام بین الاقوامی پورٹس کے امیگریشن ہالز میں کوالیفائیڈ عملہ اور جدید تیکنیکی ڈیوائسز کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔

  • منیٰ کے کثیر المنزلہ خیموں میں حجام کرام کیلئے نئی سہولیات متعارف

    منیٰ کے کثیر المنزلہ خیموں میں حجام کرام کیلئے نئی سہولیات متعارف

    ریاض :سعودی عرب کی حکومت حج کا سیزن آتے ہی حجاج کرام کی سہولت کے لیے متحرک ہو جاتی ہے۔ اللہ کے مہمانوں کو زیادہ سے زیادہ آسانی اور سہولیات فراہمی کا مشن لیے سعودی حکومت امسال ایک نئے پروجیکٹ پرکام کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے یہ منصوبہ منیٰ کے مقام پر حجاج کرام کے لیے کثیرمنزلہ خیمہ بستی بسانے کا ہے، حج کے موسم میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔ کثیر منزلہ خیمے لگانے کا مقصد منیٰ میں حجاج کرام کے قیام کی زیادہ سے زیادہ گنجائش پیدا کرنا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ خیمے کئی جدید خصوصیات کے حامل ہیں انہیں ایک سے دوسرے مقام پر منتقل کیا جا سکتا ہے،حسبِ ضرورت کھولا اور جوڑا جا سکتا ہے اوراس کے ساتھ ساتھ یہ خیمے فائر پروف بھی ہیں۔

    حجاج کرام کے لیے تیار کردہ خیموں میں خوراک کی فراہمی میں تاخیر سے نمٹنے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں جبکہ خیموں میں خوراک کا سامان فراہم کرنے کے ساتھ ریفریجیریٹر اور خوراک کو ٹھنڈہ رکھنے کا خاطر خواہ انتظام کیا گیا ہے۔

    درایں اثناءسعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کے مشیر حاتم القاضی نے عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ منیٰ میں کثیر منزلہ رہائشی خیموں اور شیلٹرز کا پہلی بار تجربہ کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امسال محدود پیمانے پر حجاج کرام اس سہولت سے مستفید ہوں گے تاہم تجربے کی کامیابی کی صورت میں مستقبل میں اس کا دائرہ وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین حج اس سہولت کو استعمال کر سکیں۔

    دوسری جانب حج فاؤنڈیشن برائے جنوبی ایشیا کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر داکٹر رافت بدر کا کہنا تھا کہ کثیر منزلہ خیمے پہلی بار مشاعر 1 میں لگائے جائیں گے۔فاﺅنڈیشن مشاعر منٰی میں 20 کثیر منزلہ خیمے لگانے میں سعودی حکومت کی معاونت کر رہی ہے۔

    سعودی وزارت حج کے تعاون سے رواں سال ان خیموں سے 3000 حجاج کرام مستفید ہوں گے۔ان موبائل خیموں میں شمسی توانائی کے ذریعے روشنی فراہم کی جائے گی۔ ان میں 21 ٹوائلٹ، 14 باورچی خانے اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، آنے والے برسوں میں اس منصوبے کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

  • حج مناسک کا آغاز: عازمین حج منیٰ پہنچ گئے

    حج مناسک کا آغاز: عازمین حج منیٰ پہنچ گئے

    ریاض : سعودی عرب جانے والے لاکھوں عازمین حج مکۃ المکرمہ سے منیٰ پہنچ گئے، جہاں آج (8 ذوالحج) کا دن اور رات گزاریں گے، منیٰ میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی قائم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حج مناسک کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں سعودی عرب جانے والے فرزندان اسلام منیٰ پہنچ گئے جہاں عازمین حج آج (8 ذوالحج) کا دن اور رات منیٰ میں ہی گزاریں گیں جہاں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی قائم کی گئی ہے۔

    حجاج کرام 9 ذوالحج کی صبح منیٰ سے میدان عرفات کی جانب سے روانہ ہوں گےجہاں حج کا اہم فریضہ وقوف عرفہ کی ادائیگی کریں گے اور مسجد نمرہ میں خطبہ حج بھی سنیں گے جو مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل شیخ دیں گے جس کے بعد نماز ظہر و عصر ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔

    عازمین حج سورج غروب ہونے کے بعد میدان عرفات سے مزدلفہ کی جانب روانہ ہوں گے جہاں وہ نماز مغربین (مغرب و عشا) ایک ساتھ قصر ادا کریں اور رات کو مزدلفہ میں قیام کے دوران رمی جمرات کے لیے کنکریاں جمع کریں گے اور نماز فجر بھی مزدلفہ میں ہی ادا کریں گے۔

    حجاج کرام 10 ذوالحج کو طلوع آفتاب کے بعد دوبارہ منیٰ کی جانب روانہ ہوں گے جہاں وہ سب سے بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے اور رمی جمرات کے بعد حجاج کرام قربانی کریں۔

    حج مناسک کی ادائیگی کے لیے سعودی جانے والے عازمین کرام قربانی کے بعد مکۃالمکرمہ جاکر مسجد الحرام میں طواف زیارت کریں گے اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کی سعادت حاصل کریں گے جس کے بعد واپس منیٰ آجائیں گے۔

    واضح رہے کہ رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے 20 لاکھ مسلمان سعودی عرب پہنچے ہیں، عازمین کرام میں 1 لاکھ 84 ہزار افراد پاکستانی ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی حکام نے حجاج کرام کی سہولت اور کے لیے ایک ہیلپ لائن 8004304444 متعارف کروائی گئی ہے جس پر کال کرکے شکایت یا معلومات درج کروائی جاسکتی ہے۔

    سعودیہ جانے والے سافٹ ویئرز ماہرین میں دو پاکستانی شہری بھی شامل ہیں جنہوں نے دو ایشیائی طالب علموں کے ساتھ مل کر ایک ایسی ایپلی کیشن بنائی ہے جو دوران حج انسانوں کے سمندر میں لاپتہ ہونے والے عازمین حج کا پتہ لگائے گی۔

    پاکستانی ماہرین سافٹ ویئرز کے مطابق مذکورہ ایپلیکیشن بلوتوتھ رسٹ بینڈ کے ذریعے کام کرے گی جو عازمین حج اپنے ہاتھوں میں گھڑیوں کی طرح پہنیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی خواتین کے ایک گروپ نے ایسا آلہ تیار کیا ہے جس کی مدد نے عجم عازمین حج عربی زبان کو باآسانی سمجھ سکیں گے۔

    سعودی، یمنی اور ایریٹیریا کی 5 خواتین پر مشتمل ایک گروپ نے باہمی طور پر میڈیکل کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایپلی کیشن تیار کی ہے جو جیو ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے متاثرہ شخص کو فوری تلاش کرے گا۔

  • حجاج کرام کا جمرات میں شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ جاری

    حجاج کرام کا جمرات میں شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ جاری

    منیٰ : لاکھوں حجاج کرام کا مزدلفہ میں قیام کے بعد جمرات میں شیطان کو کنکریاں مارنے میں مصروف ہیں اور رمی کے بعد حجاج کرام قربانی کے بعد سرمنڈوا کر احرام کھول رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حجاز مقدس کی فضائیں لبیک اللھم لبیک کی صداؤں سے گونج رہی ہیں، حجاج رات مزدلفہ میں رات بھر عبادات کے بعد رمی کے لیے جمرات پہنچ رہے ہیں۔

    حجاج جمرات میں شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کریں گے اور سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔

    اس کے بعد حجاج مکہ مکرمہ جاکر طواف زیارت اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کریں گے اور واپس منیٰ آجائیں گے اور مزید 2 دن قیام کریں گے، جہاں تینوں شیاطین کو کنکریاں ماریں گے۔

    سعودی حکومت نے رمی کے دوران بھگدڑ یا کسی اور حادثے سے بچنے کے لئےخصوصی انتظامات کئے ہیں۔

    گذشتہ روز لاکھوں حجاج میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنا اور رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • سانحہ منیٰ : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کےبھانجےاسدگیلانی شہید

    سانحہ منیٰ : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کےبھانجےاسدگیلانی شہید

    منیٰ : سانحہ منیٰ میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کےبھانجےاسدگیلانی شہید ہوگئے، شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد آٹھ ہو گئی.

    جبکہ سانحہ منیٰ کے بعد76پاکستانیوں کو تلاش کرلیا گیا، جبکہ تین سوسولہ پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں،

    تفصیلات کے مطابق اسد مرتضٰی گیلانی کےوالد وجاہت نے ان کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں کچھ دیر قبل ہی اسد مرتضی گیلانی کے شہید ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔

    اسد مرتضی گیلانی رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں اس کے علاوہ وہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ سانحہ اسد مرتضی گیلانی منیٰ میں پیش آنے والے دلخراش واقعے میں لاپتہ ہو گئے تھے اور پاکستانی حکام کی جانب سے ان کی تلاش جاری تھی تاہم اب اسد مرتضیٰ گیلانی کے اہلخانہ کو ان کی شہادت سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    اسد مرتضی گیلانی کے بھائی ابوالحسن گیلانی نے بھی اسد مرتضی گیلانی کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    واضح رہے کہ سانحہ منیٰ میں اب تک 7 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 316 لاپتہ ہے جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں ہیں،پاکستانیوں کی تفصیلات معلوم کررہے ہیں.

    سانحہ منیٰ کے بعد سیکڑوں حجاج ایسے ہیں جن کا کچھ پتہ نہیں کہ وہ کہاں ہیں لاپتہ حجاج میں تین سو گیارہ پاکستانی بھی شامل ہیں.

    ڈی جی حج ابو احمد عاکف کے مطابق تین سو ستاسی پاکستانی لاپتہ تھے جن میں سے چھہتر پاکستانیوں نے رابطہ کرلیا ہے جبکہ دیگر کی معلومات حاصل کی جارہی ہے.

    سانحہ منیٰ میں اب تک سات پاکستانی شہداءکی تصدیق ہوئی ہے جو ان کےاپنےرشتےداروں نےکی ہے، سعودی حکام نےپاکستانیوں سے متعلق معلومات جلد فراہم کرنے کاوعدہ کیاہے،

    واضح رہے کہ منی میں مناسک حج کے دوران شیطان کو کنکریاں مارنے کے دوران بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانیوں سمیت سات سو سے زائد حجاج کرام شہید جبکہ آٹھ سو تریسٹھ حجاج زخمی ہوگئے تھے.