Tag: mina incident

  • سانحہ منیٰ میں 100پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق

    سانحہ منیٰ میں 100پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق

    اسلام آباد: سانحہ منی میں لاپتہ فیصل آباد کےرہائشی خالد رومانی کی شہادت کی تصدیق ہوگئی، اب تک سانحے کے سو شہداء کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    خالد رومانی کی زخمی اہلیہ تحسین نے شہادت کی تصدیق کی، ان کی نماز جنازہ آج سعودی عرب میں ادا کی جائے گی، جمعے کو فیصل آباد کے مدینہ ٹاؤن میں شہید خالد رومانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی.

    دوسری جانب سینیٹ میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا کہ ستر حاجیوں کی شہادت کی تصدیق کے بعد سعودی عرب میں انکی تدفین ہوچکی ہے۔ حادثےمیں سینتالیس پاکستانی حجاج زخمی ہوئے، دو پاکستانی زخمی حاجی اب تک زیرعلاج ہیں۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ سانحہ منیٰ کےاٹھارہ پاکستانی تاحال گمشدہ ہیں انکی تلاش کےلیے پاکستانی حکام سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

  • سانحہ منی، 99 پاکستانی حجاج کرام شہید ہوئے، حکومت کی تصدیق

    سانحہ منی، 99 پاکستانی حجاج کرام شہید ہوئے، حکومت کی تصدیق

    اسلام آباد: حکومت نے سانحہ منی میں ننانوے پاکستانی حجاج کرام کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔

    سینیٹ میں سانحہ منی سے متعلق پالیس بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا کہ ستر حاجیوں کی شہادت کی تصدیق کے بعد سعودی عرب میں انکی تدفین ہوچکی ہے، انتیس حجاج کے بارے میں انکے لواحقین نے تصدیق کی ہے کہ وہ شہید ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ حادثے میں سینتالیس پاکستانی حجاج زخمی ہوئے، پینتالیس زخمی حجاج کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔ دو پاکستانی زخمی حاجی اب تک زیرعلاج ہیں۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ سانحہ منیٰ کےاٹھارہ پاکستانی تاحال گمشدہ ہیں جنکی تلاش کےلیے پاکستانی حکام سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، اس پر اپوزیشن کے ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارہ پاکستانی حجاج کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں اور پاکستانی حکومت سعودی حکام کے آگے بے بس ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھارت اور ایران کو ان کے حجا ج کے بارے میں مکمل اطلاع دی گئی لیکن پاکستان کو مکمل معلومات فراہم نہیں کی گئیں، چیئرمین نے معاملہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے سپرد کردیا ہے.

    یاد رہے کہ منیٰ میں حادثہ 24 ستمبر کو رمی کے دوران بھگدڑ مچنے سے پیش آیا تھا، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تصدیق کا عمل تاحال جاری ہے جبکہ سعودی عرب کی جانب سے 769 حاجیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی.

    حکومت نے 1200 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی.

  • سانحہ مںیٰ ،شہید حجاج کی تعداد 93ہوگئی، 40لاپتہ حجاج کی تلاش جاری

    سانحہ مںیٰ ،شہید حجاج کی تعداد 93ہوگئی، 40لاپتہ حجاج کی تلاش جاری

    اسلام آباد: سانحہ منیٰ میں شہید پاکستانیوں کی تعداد ترانوے ہوگئی ہے، 40لاپتہ حجاج کی تلاش جاری ہے،سانحہ منی میں پشاور بخشی پل کے رہائشی حاجی ثلاوت خان کی شہادت کی تصدیق ہوگئی ہے.

    سعودی عرب میں حج کے دوران منیٰ کےمقام پربھگدڑ کے واقعے کو دوہفتے مکمل ہوچکے ہیں، اب تک درجنوں پاکستانی حاجی لاپتہ ہیں، جنکے لواحقین انتہائی کرب اورتکلیف کی کیفیت میں مبتلا ہیں، بیشتر پاکستانی خاندانوں کو معلوم نہیں کہ ان کے عزیزرشتہ دار زندہ بھی ہیں کہ نہیں.

    وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں بتایا کہ سانحہ منی میں کل نواسی پاکستانی حجاج شہید ہوئے۔ اکتالیس حجاج کے شہید ہونے کی تصدیق ان کے عزیزواقارب نے کی جبکہ اڑتالیس حجاج کے شہید ہونے کی باقاعدہ تصدیق کی گئی۔

    وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ کل تینتالیس افراد لاپتہ ہیں، سرکاری اسکیم کے تحت جانے والے عازمین حج میں سے پانچ جبکہ پرائیویٹ اسکیم کے تحت جانے والے عازمین حج میں سے بارہ لاپتہ ہیں، سعودی عرب میں اقامہ رکھنے والے دس حجاج بھی لاپتہ افراد میں شامل ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ سانحہ کے بعد پاکستانی مشن کی کوششوں سے تین سو انیس لاپتہ حجاج بازیاب کیے گئے، وفاقی وزیر کے مطابق اس وقت باسٹھ پاکستانی سعودی عرب کے اسپتالوں میں ہیں، دیگر زخمیوں کو اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔

    سردار محمد یوسف نے کہا کہ سعودی عرب سے یوسف رضا گیلانی کے عزیز سمیت تین حجاج کی لاشیں پاکستان لائی گئیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تسلیم کیا کہ سانحہ کے بعد سعودی سیکورٹی فورسز نے پاکستانی امدادی ٹیموں کو اپنے کام سے روک دیا تھا۔ لاپتہ پاکستانیوں کے حوالے سے بتایا کہ وہ سعودی حکام کے رحم و کرم پر ہیں۔ سعودی حکومت نے سانحہ پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کی ہے تاہم پاکستان کا اس کمیٹی میں کوئی کردار نہیں ۔ سردار یوسف نے بتایا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کی بھی درخواست کی ہے.

  • سانحہ منٰی میں پاکستانی شہداء کی تعداد 60 ہوگئی

    سانحہ منٰی میں پاکستانی شہداء کی تعداد 60 ہوگئی

    اسلام آباد: سانحہ منٰی میں ساٹھ پاکستانیوں کے شہید ہونے کی تصدیق ہوگئی، سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کے مطابق نوے تاحال لاپتہ ہیں۔

    سعودی عرب میں پاکستانی سفیرمنظورالحق کے مطابق سانحہ منٰی میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد ساٹھ ہوگئی جن میں سے چھبیس شہداء کی تدفین کردی گئی ہے جبکہ چونتیس شہیدوں کی معلومات اکھٹی کی جارہی ہیں۔

    پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ واقعے میں انچاس پاکستانی زخمی ہوئے جن میں سے چالیس کو طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ نو تاحال زیر علاج ہیں۔

    چوبیس ستمبرکو مناسک حج کے دوران منٰی میں بھگدڑ سے اب تک شہید ہونے والےحجاج کی تعداد بارہ سو سے تجاوز کرگئی ہے، حادثے میں سینکڑوں حاجی زخمی ہوئے جبکہ درجنوں لاپتا حجاج سے متعلق معلومات اکٹھی کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • سانحہ منی ، شہید پاکستانی حجاج کی تعداد58 ہوگئی، وزارت مذہبی امور

    سانحہ منی ، شہید پاکستانی حجاج کی تعداد58 ہوگئی، وزارت مذہبی امور

    اسلام آباد:‌ سانحہ منی میں شہید پاکستانی حجاج کی تعداد اٹھاون ہوگئی جبکہ ایک سودو لاپتہ ہیں اور انچاس زخمی پاکستانی بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں.

    سانحہ منیٰ ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستانی خاندان پر غم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، منٰی میں شہید پاکستانی حاجیوں کی تعداد اٹھاون ہوگئی جبکہ انچاس زخمی پاکستانی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

    وزارت مذہبی امور نے سانحہ منیٰ سے متعلق تازہ ترین تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کردیں، تفصیلات کے مطابق ایک سو دو پاکستانی حاجیوں سے متعلق تاحال کوئی معلومات حاصل نہیں ہوسکیں تاہم حاجیوں کی شناخت اور گمشدہ حاجیوں کی تلاش کا عمل جاری ہے، نئی فہرست کے مطابق دوسو بانوے پاکستانی حجاج سے رابطہ ہوگیا ہے.

    دوسری جانب سعودی سفیرعبداللہ مرزوق الزہرانی نے چیئرمین سینٹ رضاربانی سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور ان سے سانحہ منی میں شہید ہونیوالے پاکستانی حاجیوں کی وفات پرتعزیت کی.

    سعودی سفیر نے چیئرمین سنیٹ کوسعودی عرب میں ہونیوالے حالیہ افسوسناک واقعے پربریفنگ دی، اس موقع پر دوطرفہ ملکی برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، سعودی سفیر نے چیئرمین سینٹ کو بتایا کہ خادم حرمین الشرفین نے منی سانحے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے.

    سعودی سفیرعبداللہ مرزوق الزہرانی کا کہنا تھا کہ سچ کے متلاشی بدنیتی پرمبنی من گھڑت افواہوں پرکان نہ دھریں،ان افواہوں کا مقصد رائے عامہ کو گمراہ کرنا ہے.

    انھوں نے چیئرمین سنیٹ کو سعودی حکومت کی جانب سے مناسک حج کیلئے کئے اقدامات پربریفنگ بھی دی، سعودی سفیر نے رضاربانی کو بتایا کہ ان کی حکومت نے تمام ممالک کو اپنے شہداء کو شناخت کرنے کی سہولت اور زخمیوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کیں.

  • سانحہ منیٰ: شہید پاکستانیوں کی تعداد 52ہوگئی،39 تاحال لاپتہ

    سانحہ منیٰ: شہید پاکستانیوں کی تعداد 52ہوگئی،39 تاحال لاپتہ

    اسلام آباد: سانحہ منی میں باون پاکستانی حجاج کی شہادت کی تصدیق ہوگئی، انتالیس لاپتا حجاج کی تلاش کیلئے کوششیں جاری ہیں جبکہ سانحے میں شہداء کی تعداد 1200 سے تجاوز کرگئی.

    رواں سال حج پر ہونے والے دوسرے دل دہلادینے والے حادثے میں شہداء کی تعدادمیں مسلسل اضافہ ہورہا ہے تو لاپتہ افراد کے اہل خانہ اچھی یا بُری خبر کے انتظار کی سولی پر لٹکے ہوئے ہیں۔

    وزیرمذہبی امورسردار یوسف نے اب تک باون پاکستانیوں کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی ہے.

    لاپتہ حاجیوں کے اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں، انہوں نےحکومت سے لاپتہ حجاج کوجلدازجلد تلاش کرنے کی اپیل کی ہے۔

    شہداء اور اسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کی فہرست ویب سائٹ پر لگادی گئی ہے اور رابطہ نمبرز بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔

    چوبیس ستمبرکو مناسک حج کے دوران منٰی میں بھگدڑ سے اب تک شہید ہونے والےحجاج کی تعداد بارہ سو سے تجاوز کرگئی ہے۔۔۔ حادثے میں سینکڑوں حاجی زخمی ہوئے جبکہ درجنوں لاپتا حجاج سے متعلق معلومات اکٹھی کرنے کا سلسلہ جاری ہے.

    دوسری جانب پاکستان میں متعین سعودی سفیر کا اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہنا تھا کہ منٰی حادثہ میں سات سو ساٹھ کے لگ بھگ شہادتیں ہوئیں، سعودی عرب کو شہداء کی تعداد چھپانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، منیٰ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔ تحقیقات کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ حج ایک بڑا اجتماع ہے، جس میں دنیا بھر سے لوگ آتے ہیں یہ درست نہیں کہ زخمیوں کو اسپتال نہیں پہنچایا گیا، سعودی عرب میں علاج کی بہترین سہولیات موجود ہیں۔

  • سانحہ منیٰ ،1100 حاجی شہید ، 43 پاکستانی شہداء کی  تصدیق

    سانحہ منیٰ ،1100 حاجی شہید ، 43 پاکستانی شہداء کی تصدیق

    اسلام آباد: منی کے المناک سانحے میں شہید حاجیوں کی تعداد گیارہ سو سے تجاوز کرگئی، تینتالیس پاکستانیوں کی شہادت کی بھی تصدیق ہوگئی جبکہ باسٹھ پاکستانیوں کی تلاش جاری ہے.

    رواں سال حج پر ہونے والے دوسرے دل دہلادینے والے حادثے میں شہداء کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، وزیرمذہبی امور سرداریوسف نے اے آروائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اب تک شہداء کی تعداد گیارہ سو سے تجاوز کرگئی ہے.

    سعودی عرب میں پاکستانی سفیر منظورالحق نے سانحہ منی میں تینتالیس پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کی، حادثے میں بنوں کے رہائشی میاں بیوی نصر اقبال اور نوشین بخاری کی بھی شہادت کی تصدیق ہوگئی، لاپتا پاکستانیوں میں سے دو سو سترہ سے رابطہ ہو گیا۔

    شہدا‌ء اور اسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کی فہرست ویب سائٹ پر لگادی گئی ہے اور رابطہ نمبرز بھی جاری کردیئے گئے ہیں، شہریوں کے مطابق شہدا کی تعداد میں اضافے کے باوجود فہرست میں ناموں کا اندراج سست روی کا شکار ہے، جس کے باعث شدید پریشانی کاسامنا ہے۔

    سانحہ منی سے متعلق وزیراعظم ہاؤس کے فوکل پرسن فضل چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ منیٰ حادثے میں مجموعی طور پر گیارہ سو حجاج کرام شہید ہوئے ہیں، سانحہ منیٰ میں سعودی وزراتِ صحت نے تو سات سو انتہر شہادتوں کی تصدیق کی تھی لیکن وزیراعظم ہاؤس کے فوکل پرسن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اصل حقائق بتادیئے۔

    طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ دو سو اٹھائیس لاپتہ افراد کو ان کے پیاروں سے ملوادیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت پر سانحہ منی کے شہداء کے لواحقین کو سرکاری خرچے پر عمرے پر بھیجا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ شہید حجاج کے لئے حکومت کی جانب سے پانچ لاکھ اور زخمیوں کے لئے دولاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا گیا ہے، ترجمان وزیرِاعظم ہاوس کا کہنا ہے کہ منی کرین حادثے میں شہید ہونے والے حجاج کرام کے قریبی عزیزوں کو بھی سرکار سعودی عرب بھیجے گی۔

  • منٰی میں پاکستانی شہیدوں کی تعداد 36 ہو گئی

    منٰی میں پاکستانی شہیدوں کی تعداد 36 ہو گئی

    مکہ :منٰی میں پاکستانی شہیدوں کی تعداد چھتیس ہو گئی، زخمیوں کی تعداد سینتیس ہے، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نے تصدیق کر دی۔

    سانحہ منٰی کے پانچویں روز حکومت نے شہید پاکستانیوں کی تعداد دگنی کر دی، پاکستانی سفیر منظور الحق کا کہنا ہے کہ شہید حاجیوں کی تعداد بڑھکر چھتیس ہو چکی ہے، اس سے پہلے وزارت مذہبی امور، دفترخارجہ اور سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے نے اٹھارہ شہیدوں کی تصدیق کی تھی۔ جبکہ خاندانی زرائع کے مطابق یہ تعداد چوبیس بنتی تھی۔

    ملتان کی سبزہ زار کالونی کی رہائشی شاہین بی بی اور صوابی کے حسن امین شہید ہو گئے، دونوں کے اہلخانہ نے شہادت کی تصدیق کر دی۔ کراچی کی حفصہ شعیب اورزرین نسیم کی شہادت کی تصدیق کردی گئی۔ میرپورآزاد کشمیرکی سیدہ نرجس شہناز اوردالبندین بلوچستان کی بی بی زینب کا نام بھی شہیدوں کی فہرست میں شامل ہے.

    ایبٹ آباد کے زاہد گل اورلاڑکانہ کے ڈاکٹرامیرعلی لاشاری بھی سانحہ منٰی میں شہید ہوئے، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بھانجےمخدوم سید اسد مرتضٰی گیلانی بھی حادثےمیں شہید ہوگئے۔ کوٹ ادو کے عبدالرحمان اوران کی اہلیہ نے بھی شہادت پائی۔

    سرکاری فہرست میں اسلام احمد،بشرٰی بی بی،محمدحسرت،عظیم خان،محمد ادریس،امیرمحمود اور گل شہناز کےنام بھی شامل ہیں، شہید ہونے والوں میں سے چار پاکستانیوں شہنازقمر،خلیل احمد، محمدرحمان اور افتخار احمد کی مکہ کے الشرح قبرستان میں تدفین کردی گئی۔