Tag: Minister

  • اسرائیلی وزیر دفاع کی ایرانی سپریم لیڈر کو براہ راست نشانہ بنانے کی دھمکی

    اسرائیلی وزیر دفاع کی ایرانی سپریم لیڈر کو براہ راست نشانہ بنانے کی دھمکی

    تل ابیب(28 جولائی 2025): اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو براہ راست شہید کرنے کی دھمکی دے دی۔

    اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے اتوار کو رامون ایئر فورس بیس کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے اسرائیل کو دھمکیاں دیں تو اسرائیل کی فضائیہ ایک بار پھر تہران تک پہنچے گی، اور اس بار یہ حملہ شخصی طور پر خامنہ ای تک پہنچے گا۔

    اسرائیلی اخبار کو انٹرویو میں کاٹز کا کہنا تھا کہ خامنہ ای کو ایک واضح پیغام دینا چاہتا ہوں اگر ایران نے اسرائیل کو دوبارہ دھمکانے کی کوشش کی تو تہران پر دوبارہ اسرائیلی حملے ہوں گے اور اس بار نشانہ خامنہ ای خود ہوں گے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دھمکی پر ایرانی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان 12 روزہ تنازعہ 13 جون کو اس وقت شروع ہوا جب اسرائیل نے ایرانی فوجی اور جوہری مقامات پر فضائی حملے کیے جس کے بعد تہران نے بھی بھر پور جوابی کارروائی کی، یہ تنازعہ 24 جون کو نافذ ہونے والی امریکی سرپرستی میں جنگ بندی کے تحت رک گیا تھا۔

  • شوکت ترین نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھالیا

    شوکت ترین نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھالیا

    اسلام آباد: سینیٹر شوکت ترین نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھالیا، شوکت ترین اس سے قبل 6 ماہ بطور مشیر خزانہ بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں تقریب حلف برداری ہوئی جس میں سینیٹر شوکت ترین نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھالیا، صدر مملکت عارف علوی نے سینیٹر شوکت ترین سے حلف لیا۔

    ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

    یاد رہے کہ شوکت ترین حال ہی میں پختونخواہ سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے، سینیٹر بننے کے بعد وہ مشیر خزانہ کے بجائے وزیر خزانہ بن گئے۔

    شوکت ترین اس سے قبل 6 ماہ بطور مشیر خزانہ بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس کا خوف: وزیر نے جرمن چانسلر سے ہاتھ ملانے سے انکار کردیا

    کرونا وائرس کا خوف: وزیر نے جرمن چانسلر سے ہاتھ ملانے سے انکار کردیا

    جرمنی کے وزیر نے جان لیوا کرونا وائرس کے خوف سے جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ہاتھ ملانے سے انکار کردیا، جرمنی میں اب تک کرونا وائرس کے 150 مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    مذکورہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب جرمن چانسلر انجیلا مرکل کابینہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچیں تو وزیر داخلہ کی جانب مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا تاہم جرمن وزیر نے ہاتھ ملانے سے انکار کردیا۔

    وزیر کے اس عمل پر کانفرنس ہال قہقہوں سے گونج اٹھا، انجیلا مرکل بھی برا منائے بغیر ہنس کر اپنی نشست پر جا بیٹھیں۔

    جرمن وزیر نے یہ حرکت کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت کی، وائرس کی وجہ سے یورپ کے کئی ممالک میں ہاتھ ملانے اور گلے ملنے پر  پابندی لگا دی گئی ہے۔

    جرمنی میں کرونا وائرس کے اب تک 150 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 92 ہزار 932 ہوگئی ہے جبکہ 3 ہزار 119 افراد مہلک وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

    دنیا بھر کے 76 ممالک تک یہ وائرس رسائی حاصل کر چکا ہے اور اس کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے، شمالی افریقی ملک تیونس میں بھی کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے جبکہ سعودی عرب نے بھی پہلے کیس کی تصدیق کردی ہے۔

  • ڈیل آف سینچری قبول نہیں، حماس سے تعلقات مزید استوار کریں گے، روس

    ڈیل آف سینچری قبول نہیں، حماس سے تعلقات مزید استوار کریں گے، روس

    ماسکو : روسی دارالحکومت ماسکو میں حماس کے وفد کی روسی قیادت سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران مقبوضہ فلسطین میں جاری اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے خصوصی مندوب برائے مشرق وسطیٰ وشمالی افریقا اور نائب وزیرخارجہ میخائل بوگڈانوف نے کہا ہے کہ ان کا ملک فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔ مشرق وسطیٰ کے لیے امریکا کی طرف سے پیش کردہ صدی کی ڈیل کا منصوبہ قابل قبول نہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بحرین کی میزبانی میں ہونے والی اقتصادی کانفرنس میں تمام فریقین نے شرکت نہیں کی اس لیے اس کی کوئی حیثیت نہیں۔

    مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق روسی نائب وزیرخارجہ کی طرف سے یہ بیان حماس کی قیادت کے دورہ ماسکو کے دوران ان کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد جاری کیا گیا،انہوں نے کہا کہ روس فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق کی حمایت جاری رکھےگا۔

    فلسطینی دھڑوں میں مصالحت کےحوالے سے بات کرتے ہوئے روسی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ماسکو فلسطینیوں کی صفوں میں اتحاد کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

    ان کا کہنا تھاکہ فلسطینی قوم اپنے اصولی مطالبات منوانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیداکرے،قبل ازیں حماس کے وفد نے روسی وزارت خارجہ کے اعلیٰ سطحی حکام کے ساتھ ماسکو میں ملاقات کی۔

    اس ملاقات میں حماس کی طرف سے فلسطین کی تازہ ترین صورت حال ،امریکا کے صدی کی ڈیل کے منصوبے، حماس اور دیگر فلسطینی دھڑوں کی طرف سےاس کی مخالفت کے اصولی موقف، منامہ کانفرنس کے بائیکاٹ ، فلسطینی جماعتوں میں مصالحت کی راہ میں حائل رکاوٹوں، فلسطین میں صدارتی، پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات، قومی حکومت کےقیام کی مساعی اور آزادی کے لیے مشترکہ اور جامع جد جہد پر بریفنگ دی۔

    حماس کے وفد نے روسی حکام کو غزہ ، غرب اردن اور القدس میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی، غزہ پر مسلط کردہ ناکہ بندی اور صہیونی ریاست کے دیگر انتقامی حربوں پر بریفنگ دی۔

    حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے کہا کہ وہ روسی نائب وزیرخارجہ میخائل بوگدانوف کی دعوت پر ماسکو پہنچے ۔

  • ایرانی وزیر تعلیم عہدے سے مستعفی ہوگئے

    ایرانی وزیر تعلیم عہدے سے مستعفی ہوگئے

    تہران : ایرانی صدر حسن روحانی وفاقی وزیر تعلیم کی کارکردگی پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے انہیں عہدے سے برطرف کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی حکومت نے وزیر تعلیم وتربیت محمد بطحائی کو ان کے عہدے سے سبکدوش کر دیا ہے۔ منصب سے ہٹائے جانے کی وجہ وزیر موصوف کی پیش آئند انتخاب لڑنے کی نیت بتائی جاتی ہے۔

    ایران ذرائع استعفیٰ لئے جانے کی ایک دوسری وجہ بیان کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ حسن روحانی وزیر تعلیم کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے، جس کی وجہ سے ان سے عہدہ واپس لیا گیا ہے۔

    ایرانی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیر تعلیم نے حکومت کی طرف سے اساتذہ کے معاملات سے متعلق پہلو تہی، ترقیوں اور مالی مشکلات کی وجہ سے استعفیٰ دیا۔

    حکومت کے باخبر ذرائع کا بیان نقل کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر تعلیم محمد بطحائی کے استعفیٰ کی وجوہات ذاتی نوعیت کی ہیں۔

    ادھر سرکاری خبر رساں ایجنسی نے صدر روحانی کے ترجمان کے دفتر کے حوالے سے بتایا کہ صدر مملکت نے بطحائی کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے، استعفیٰ کی منظوری پیش آئند پارلیمانی انتخاب لڑنے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے ناموں کی رجسٹریشن سے قبل سامنے آئی ہے۔

  • فنی خرابی کے باعث بجلی کی معطلی، سعودی وزیر کی عوام سے معذرت

    فنی خرابی کے باعث بجلی کی معطلی، سعودی وزیر کی عوام سے معذرت

    ریاض : انجینئر خالد الفالح کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں زیادہ تر کو بجلی کی سپلائی بحال کردی گئی ہے،بریک ڈاﺅن کی تحقیقات جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر توانائی، صنعت و قدرتی وسائل انجینئر خالد الفالح نے ملک کے جنوبی علاقوں میں فنی خرابی کے باعث بجلی کے عارضی تعطل پر ذاتی طور پر عوام سے معذرت کرلی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں انجینئر الفالح نے کہا کہ فنی خرابی کے باعث ملک کے جنوبی علاقوں میں کچھ دیر بجلی کا بریک ڈاﺅن ہوا جس پر وہ متاثرہ علاقے کی عوام سے معذرت خواہ ہیں۔

    انہوں نے مزید لکھا کہ میں اور میری پوری ٹیم نے ہنگامی بنیادوں پرمتاثرہ علاقوں میںبجلی کی بحالی کے لیے کوششیں کیں، متاثرہ علاقوں میں زیادہ تر کو بجلی کی سپلائی بحال کردی گئی ہے جب باقی کچھ علاقوں کو بھی جلد ازجلد بجلی بحال کردی جائے گی۔

    سعودی وزیر نے کہا کہ بجلی بریک ڈاﺅن کے اور اس کی بحالی میں تاخیرکے اسباب کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ غفلت برتنے والے حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • وزیرمذہبی امور کی سعودی وزیرحج سے ملاقات، حج انتظامات پر تفصیلی گفتگو

    وزیرمذہبی امور کی سعودی وزیرحج سے ملاقات، حج انتظامات پر تفصیلی گفتگو

    جدہ: وزیرمذہبی امور نورالحق قادری کی سعودی وزیر حج ڈاکٹر صالح بن طاہر سے ملاقات ہوئی اس دوران حج تیاریوں سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرمذہبی امور نورالحق اور سعودی وزیرحج کے درمیان ملاقات سعودی شہر جدہ میں ہوئی، ملاقات میں حج کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

    اس موقع پر نورالحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کا حج کوٹہ بڑھانے پر خادم حرمین شریفین اور وزیر حج کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرنے پر بھی مشکور ہیں۔

    وزیرمذہبی امور نے سعودی وزیرحج سے اسلام آباد کے ساتھ کراچی اور لاہور کو بھی روڈ ٹو مکہ پروگرام میں شامل کرنے کی استدعا کی۔

    سعودی وزیرحج ڈاکٹر صالح بن طاہر کا کہنا تھا کہ حجاج کرام کے آرام اور سہولت کا خیال رکھنا ہمارے فرائض میں شامل ہے، پاکستان کے دیگر شہروں کا روڈٹومکہ میں شمولیت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہوگی،ذرائع

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان کو روڈ ٹو مکہ منصوبہ میں شامل کرنے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی منصوبہ کے تحت رواں سال 90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہوگی، اس سلسلے میں 14 رکنی اعلیٰ سطحی سعودی وفد یکم اپریل کو پاکستان بھی پہنچا تھا۔

    یاد رہے روڈ ٹو مکہ منصوبہ میں پاکستان کو شامل کرنے کا پہلے اعلان ہوچکا ہے۔ حکومت نے سرکاری اسکیم کے تحت حج قرعہ اندازی کر کے حج پر جانے والے ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔

  • حج اخراجات معاشی حالات کے مطابق قوم کے سامنے رکھے گئے: وزیر مذہبی امور

    حج اخراجات معاشی حالات کے مطابق قوم کے سامنے رکھے گئے: وزیر مذہبی امور

    اسلام آباد: وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری کا کہنا ہے کہ حج اخراجات معاشی حالات کے مطابق قوم کے سامنے رکھے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرمذہبی امورپیرنورالحق قادری کا میڈیا آگاہی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حج کو سیاست کی نظر کردیا گیا ہے، حج مہنگا یا سستا معاشی حالات کے مطابق قوم کے سامنے رکھ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش ہے، عازمین حج کی تربیت زیادہ سے زیادہ ہو، بہتر حج تب ہوگا جب حاجی کی بہتر تربیت ہوگی۔

    پیرنورالحق قادری کا کہنا تھا کہ عازمین حج کی تربیت میڈیا، سوشل میڈیا اور اخبارات کے ذریعے کریں گے، سرکاری کے علاوہ پرائیویٹ میڈیا کو بھی حج تربیت آگاہی میں حصہ ڈالنا چاہیے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ وزیرِ اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے اراکین سے ملاقات میں حج اخراجات میں اضافے کو حکومتی مجبوری قرار دیا تھا۔

    سعودی عرب میں بھی حج اخراجات میں 35 فی صد اضافہ ہوا: وزیرِ اعظم

    وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں بھی حج اخراجات میں 35 فی صد اضافہ ہوا، جانتا ہوں حج کے لیے لوگ سارا سال پیسے جمع کرتے ہیں، لیکن حکومت کو ہر روز قرضوں پر 6 ارب روپے سود ادا کرنا پڑتا ہے۔

    یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے رواں سال حج پر سبسڈی نہ دینے کے فیصلے کے بعد حاجیوں کے لیے حج اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔

  • سابق حکمران پنجاب کو چودہ سو ارب روپے کا مقروض چھوڑ کر گئے: میاں اسلم اقبال

    سابق حکمران پنجاب کو چودہ سو ارب روپے کا مقروض چھوڑ کر گئے: میاں اسلم اقبال

    لاہور: صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سابق حکمران پنجاب کو چودہ سو ارب روپے کا مقروض چھوڑ کر گئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں انجمن تاجران کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ مسائل سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کم کریں گے، حکومت پڑھے لکھے ہنر مند طلبہ و طالبات کو تیس لاکھ روپے تک قرضہ دے گی، اس قرضے پر شرح سود انتہائی کم ہوگی۔

    میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ کسی بھی محکمے کا افسر اب فیکٹریوں پر چھاپے نہیں مار سکے گا، کاروباری طبقہ میں پھیلائی جانے والی خوف و ہراس کی فضا کم کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تاجر بھی دیانتداری سے ٹیکس ادا کریں، کوئی بھی بزنس مین کسی بھی وقت اپنے مسائل کے حل کے لیے مجھ سے مل سکتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کاروباری طبقہ کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے، تاجروں کو ہر ممکن سہولت دیں گے، ملکی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔

  • عمران خان چوروں لٹیروں اور نوسر بازوں کے خلاف کھڑے ہیں: فیاض الحسن

    عمران خان چوروں لٹیروں اور نوسر بازوں کے خلاف کھڑے ہیں: فیاض الحسن

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ عمران خان چوروں لٹیروں اور نوسر بازوں کے خلاف کھڑے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا قائد اور اس کی ٹیم پاکستان کو بچانے کی جدوجہد کررہی ہے، نیب کی پیشیوں پر وکٹری بنانے والے چوروں کو نشان عبرت بنائیں گے۔

    وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں ہے، چوروں لٹیروں کا احتساب جاری رہے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    عمران خان کو اناڑی کہنے والے خود عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں: فیاض الحسن چوہان

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں فیاض‌ الحسن چوہان نے کہا تھا کہ عمران خان کو اناڑی کہنے والوں کے اپنے باپ اور تایا عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور خود حمزہ جیل، حوالات اور عدالت کےچکرلگا رہے ہیں، اس پرکہتےہیں عمران خان صاحب اناڑی ہیں۔