Tag: Minister

  • تمام نجی اسکولوں کا معائنہ کیا جائے تو 90فیصد رجسٹریشن سے محروم ہوجائیں گے: وزیرتعلیم سندھ

    تمام نجی اسکولوں کا معائنہ کیا جائے تو 90فیصد رجسٹریشن سے محروم ہوجائیں گے: وزیرتعلیم سندھ

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ کا کہنا ہے کہ فیسوں میں اضافے کا معاملہ صاحب اختیار کی وجہ سے اٹھایا گیا، تمام نجی اسکولوں کا معائنہ کیا جائے تو 90فیصد رجسٹریشن سے محروم ہوجائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیرتعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم سندھ نے ایکشن پلان تیار کرلیا، تعلیمی ایکشن پلان کابینہ میں پیش کیا جائے گا، ایکشن پلان کی منظوری سندھ اسمبلی سے بھی لی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ نجی اسکول 10فیصد فری شپ کے قانون پر عمل نہیں کرتے، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ نے اس معاملے پر توجہ نہیں دی، فری شپ کا قانون موجود ہے اس پر عمل درآمد کرائیں گے۔

    سردار شاہ کا کہنا تھا کہ غریب بچوں کے لیے کوئی آواز نہیں اٹھاتا، صاحب حیثیت لوگوں نے فیسوں میں اضافے کی بات کی تو توجہ دی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ نجی اسکولوں کو تعلیمی ایکٹ پر عمل درآمد کرنا ہوگا، جو نجی اسکول تعلیمی ایکٹ پر عمل نہیں کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی، میں اپنے بچوں کو سرکاری اسکول میں داخل کراچکا ہوں۔

    نجی اسکولوں نے فیسوں میں کمی کے لیٹرجاری کرنا شروع کردیے

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ایف آئی اے کی جانب سے فرانزک آڈٹ شروع ہونے پر اسکول مالکان نے فیس میں بیس فیصد کمی پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

    واضح رہے کہ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے فیس 20 فیصد کم کرنے اور موسم گرما کی پچاس فیصد فیس واپس کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ دورے پر قطر روانہ

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ دورے پر قطر روانہ

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر روانہ ہوگئے، اعلیٰ قطری عہدیداروں سے ملاقاتیں ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر روانہ ہوچکے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    وزیر خارجہ قطر روانہ ہونے کے لیے بغیر پروٹوکول کے ائیر پورٹ پہنچے، شاہ محمود قریشی ائیر پورٹ پر عام شہریوں کے ساتھ قطار میں کھڑے رہے۔

    وزیرخارجہ بورڈنگ پاس لینے کے لیے عام مسافروں کی طرح مراحل سے گزرے، مسافروں نے وزیرخارجہ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 4 ملکی دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چار ملکی دورہ کیا تھا، دورے کے چوتھے اور آخری مرحلے میں انہوں نے روس کا دورہ کیا تھا۔

    اس دوران شاہ محمود کے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور امن و سلامتی پر گفتگو کی گئی تھی۔

    قبل ازیں وزیر خارجہ چین کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس سے قبل انہوں نے افغانستان اور ایران کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلیٰ حکومتی عہدیداران سے ملاقات کی تھی۔ وزیر خارجہ نے افغانستان میں صدراتی محل میں افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کی تھی۔

  • برطانوی وزیر خارجہ ایران پہنچ گئے، امریکی پابندیوں پر گفتگو ہوگی

    برطانوی وزیر خارجہ ایران پہنچ گئے، امریکی پابندیوں پر گفتگو ہوگی

    تہران: برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، اس دوران امریکی اقتصادی پابندیوں پر خصوصی گفتگو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق دورہ ایران کے موقع پر برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے اور امریکی پابندیوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حالیہ امریکی پابندیوں کے نفاذ کے بعد جیریمی ہنٹ کسی مغربی ملک کے پہلے وزیر خارجہ ایران کا دورہ کررہے ہیں۔

    برطانوی وزیر خارجہ اس دورے کے دوران اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکومتی اہلکاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    ایران پر نئی امریکی پابندیاں، ترکی کی شدید مذمت

    برطانوی حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران جیریمی ہنٹ ایرانی حکومت پر واضح کریں گے کہ برطانیہ جوہری ڈیل کے ساتھ اپنی کمٹ منٹ کو پورا کرنے کا عزم رکھتا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ میں چاہوں تو ایرانی تیل کی فروخت صفر کردوں لیکن ایسا کرنے سے عالمی منڈی پربرے اثرات مرتب ہوں گے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ایرانی تیل کی فروخت پرپابندیاں آہستہ آہستہ لگائیں گے تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک دم بہت ذیادہ اضافہ نہ ہوجائے، باوجود اس کہ ایران کی تیل کی فروخت آدھی ہوگئی ہے تیل کی قیمتوں میں آہستہ آہستہ کمی واقع ہورہی ہے۔

    بعد ازاں ترک وزیر خارجہ چاوش اولو نے کہا تھا کہ امریکا کی پابندیاں غیر دانشمندانہ ہیں جو خطرے کا باعث بن سکتی ہیں۔

  • ملک میں امن و امان کی صورت حال کنٹرول میں ہے: فواد چوہدری

    ملک میں امن و امان کی صورت حال کنٹرول میں ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال کنٹرول میں ہے، ریاست کے صبر کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کی مکمل عملداری ہی عوام کا مفاد ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم فرض پورا کریں گے، وزیر اعظم کو صورت حال سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جارہا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ چین کے اہم دورے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام ہوگی۔

    کوئی خوش گمانی میں نہ رہے کہ ریاست کمزورہے، اپوزیشن اور ادارے حکومت کے ساتھ ہیں، فواد چوہدری

    گذشتہ روز وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ اپوزیشن سے مذاکرات کررہے ہیں، حکومت کی اب تک کی حکمت عملی سے اپوزیشن کو آگاہ کیا ہے، اہم ایشو پر پورا پاکستان متحد ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، حکومت کی جانب سے آئندہ کے لیے لائحہ عممل تیار کیا جارہا ہے۔

  • فواد چوہدری کی وفاقی وزرا کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی تردید

    فواد چوہدری کی وفاقی وزرا کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی تردید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تین وفاقی وزرا کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی تردید کر دی.

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں‌ واضح کیا کہ اس نوع کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں.

    [bs-quote quote=” وزیراعظم نے بھی ایسی کسی تحقیقات کا حکم نہیں دیا” style=”style-7″ align=”left” author_name=”فواد چوہدری”][/bs-quote]

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی وفاقی وزیرکے خلاف کرپشن کی تحقیقات نہیں ہو رہیں، وزیراعظم نے بھی ایسی کسی تحقیقات کا حکم نہیں دیا.

    وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے کرپشن نہ کرنے پر زور دیا ہے، کرپشن کسی صورت قبول نہیں، البتہ تحقیقات کی زیرگردش خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں.

    فوادچوہدری نے مزید کہا کہ بغیر تحقیق کے ایسی ہیڈلائنز لگانا غیراخلاقی فعل اور قابل مذمت ہے.

    واضح رہے کہ گذشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس سے تمام سرکاری افسروں کو  نکالنے کے بعد کابینہ کے سامنے تین وزرا کے کرپشن میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا تھا۔

    البتہ وفاقی وزیر اطلاعات نے ان خبروں‌ کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ وزیراعظم نے درحقیقت کرپشن کے خلاف بات کی تھی.

  • پاکستانی این جی اوز کی بھی رجسٹریشن ضروری ہے: شیریں مزاری

    پاکستانی این جی اوز کی بھی رجسٹریشن ضروری ہے: شیریں مزاری

    اسلام آباد: وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستانی این جی اوز کو بھی غیر ملکی فنڈنگ ملتی ہے، ان کی بھی رجسٹریشن ضروری ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ مقامی لوگ پیسے کی خاطر غیرملکی این جی اوز کے دفاع میں آجاتے ہیں، ایسی عالمی آرگنائزیشن آئیں جس میں پاکستان اسٹیک ہولڈر ہو۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سنا ہے بلیک واٹر کی کوشش ہے امریکا افغان جنگ کو پرائیوٹائز کرے، بلیک واٹر جیسی ایجنسیز کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    این جی اوز کی رجسٹریشن کے لیے کمیٹی بنا دی گئی: سیکریٹری جسٹس کمیشن

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بیرون ملک پاکستانی قیدیوں کی تفصیلات مانگی ہیں، حکومت بہت سے قانونی مفاد کے تحت قیدیوں کو واپس لاسکتی ہے، ماضی میں بیرون ملک پاکستانی قیدیوں کے لیے گائیڈلائن پر عمل نہیں ہوا۔

    خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں این جی اوز کی رجسٹریشن سے متعلق کیس میں سیکریٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن نے کہا کہ ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے، این جی اوز کی رجسٹریشن کے لیے ملنے والی درخواستیں کمیٹی کو بھجوا دی جاتی ہیں۔

    واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ میں این جی اوز کی رجسٹریشن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے این جی اوز کی رجسٹریشن اور ان کی مانیٹرنگ کا کیس نمٹا دیا۔

  • جرمن وزیر خارجہ کی اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات، شام کی صورت حال پر گفتگو

    جرمن وزیر خارجہ کی اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات، شام کی صورت حال پر گفتگو

    واشنگٹن: جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کی، اس دوران شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں اپنے ہم منصب مائیک پامپیو سے ملاقات کی، اس دوران شام میں جرمن فوج بھیجے سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے معاملے پر جرمن حکام کی ہمیشہ سے امریکا کی حمایت رہی ہے، البتہ جرمن حکام نے شام میں اپنی فوج بھیجنے پر آمادہ نہیں ہوئے۔

    دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس پر اتفاق کیا گیا کہ کیمیائی حملوں کو روکنا از حد ضروری ہے۔ اسی ملاقات میں شام میں روس اور ایران کی اثراندازی کو بھی زیر بحث لایا گیا۔

    ادلب میں غیر عسکری علاقے سے شدت پسندوں کو نکالا جائے گا: ترک صدر

    مذکورہ ملاقات میں امریکا کی ایران جوہری معاہدے سے دست برداری کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی، خیال رہے کہ ماضی میں جرمنی کا ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے کے خلاف موقف سامنے آچکا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ترکی اور روسی سربراہان کے درمیان ملاقات روسی شہر سوچی میں ہوئی تھی، ملاقات تین گھنٹے طویل جاری رہی تھی، رجب طیب اردوگان اور ولادی میر پیوٹن نے شامی شہر ادلب میں غیر فوجی علاقے کے قیام پر اتفاق کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ترک اور روس نے فیصلہ کیا ہے کہ اس دوران اس علاقے سے النصرہ فرنٹ سمیت تمام شدت پسند باغی گروپوں کو وہاں سے باہر نکالا جائے گا۔

  • یورپی رہنما برطانیہ کے ساتھ بریگزٹ ڈیل چاہتے ہیں: برطانوی وزیر خزانہ

    یورپی رہنما برطانیہ کے ساتھ بریگزٹ ڈیل چاہتے ہیں: برطانوی وزیر خزانہ

    لندن: برطانوی وزیر خزانہ فلپ ہمونڈ نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یورپی رہنما برطانیہ کے ساتھ بریگزٹ ڈیل چاہتے ہیں، اس حوالے سے اقدامات کرنے ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، فلپ ہمونڈ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین بریگزٹ معاملے پر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں اور وہ ڈیل کے لیے بھی آمادہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بریگزٹ معاملے پر یورپ اور برطانیہ کے تناؤ کے باعث برطانوی معیشت بھی متاثر ہورہی ہے، اس بابت اقدامات کی ضرورت ہے۔

    برطانوی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ متعدد سرمایہ کار بریگزٹ ڈیل کے نتائج کے منتظر ہیں، جوں ہی یہ ڈیل طے پا جائے گی، برطانوی اقتصادیات میں ترقی دیکھی جائے گی۔

    یورپی سربراہی اجلاس، بریگزٹ معاملے پر اختلافات بدستور برقرار

    دوسری جانب دو روز قبل برطانیہ کی لیبر پارٹی کے سربراہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اگر پارٹی کارکنان چاہتے ہیں تو بریگزٹ کے حوالے سے یورپی یونین کے سوال پر ایک مرتبہ پھر ریفرنڈم کی حمایت کریں۔

    لیبر پارٹی کے قائد جیریمی کوربن نے برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں دوبارہ ریفرنڈم کے حق میں نہیں ہوں تاہم اگر رواں ہفتے پارٹی میٹینگ میں اس حوالے سے کوئی فیصلہ ہوا تو میں اس کا احترام کروں گا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں آسٹریا میں یورپی سربراہی اجلاس ہوا تھا، جس میں یورپ اور برطانیہ کے درمیان بریگزٹ معاملے پر اختلافات اور تناؤ بدستور برقرار رہا۔

  • ماہرین کی تجاویز سے اتفاق ہے کہ ٹیکس پالیسی میں تسلسل ہونا چاہیے: فروغ نسیم

    ماہرین کی تجاویز سے اتفاق ہے کہ ٹیکس پالیسی میں تسلسل ہونا چاہیے: فروغ نسیم

    کراچی: وفاقی وزیر قانون وانصاف ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ماہرین کی تجاویز سے اتفاق ہے کہ ٹیکس پالیسی میں تسلسل ہونا چاہیے، پاکستان کو اپنے اکاؤنٹنٹسی پروفیشنلز پر فخر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیسرے فنانشل ریفارم فار اکنامک ڈیویلپمنٹ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں وفاقی وزیرقانون و انصاف ڈاکٹر فروغ نسیم نے خصوصی شرکت کی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ہے، ہمیں اپنے فروفیشنلز پر فخر ہے، ملک کی ترقی کے لیے ہرممکن اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک اور اس جیسے دیگر اداروں کا کام قابل تعریف ہے، ماہرین کی تجاویز ہے کہ ٹیکس پالیسی میں تسلسل ہونا چاہیے۔

    چالیس اب ڈالر کے غیرملکی قرضے کے بعد وفاقی حکومت کی مزید قرضے لینے کی پلاننگ

    خیال رہے کہ 2013 میں موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی آئی ایم ایف سے چھ ار ب چھ کروڑ ڈالر کا قرضہ لیا تھا۔

    خیال رہے کہ پروگرام کے تحت پاکستان کو آئی ایم ایف کے مقرر کردہ اہداف حاصل کرنےکے بعد قرضہ اقساط میں ملا تھا، پروگرام کی تکمیل پر بھی آئی ایم ایف پاکستان کی پوسٹ پروگرام مانیٹرنگ کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں معاشی ماہرین نے کہا تھا کہ پاکستان کوایک اورآئی ایم ایف پروگرام کی ضرورت پڑسکتی ہے، ملک کے بیرونی کھاتے شدید دباؤکا شکار غیر ملکی قرضوں کی ادائیگیاں کرنی ہیں ، ملک کو آئندہ مالی سال میں تیرہ ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضوں کی ضرورت پڑے گی۔

  • خیبر پختون خواہ: معذور اور خصوصی بچوں کے لیے لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظیفے کی منظوری

    خیبر پختون خواہ: معذور اور خصوصی بچوں کے لیے لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظیفے کی منظوری

    پشاور: وزیر تعلیم خیبر  پختون خواہ محمد عاطف خان کی زیر صدارت ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں ٹیلی تعلیم منصوبے کے تحت معذور اور خصوصی بچوں کے لیے لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظیفے کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبے میں 14 اضلاع کے 130 اسکولوں میں ٹیلی تعلیم کا آغاز کیا جارہا ہے جبکہ اجلاس کی صدارت پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے کی۔

    ترجمان محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے میں ایلمینٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیسن کے 17 سو اسکول موجود ہیں جبکہ اسکول جانے کی صلاحیت نہ رکھنے والے خصوصی طلباء کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔

    جون جولائی کی ایڈوانس فیس، پی ٹی آئی کا چیف جسٹس سے نوٹس کا مطالبہ

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیونٹی اسکول میں پہلے سے موجود اساتذہ زیادہ تربیت یافتہ نہیں ان کی تربیت کے لیے باقاعدہ اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ ابتدائی طور پر 40 اساتذہ اسلام آباد سے بچوں کو آن لائن پڑھائیں گے۔

    محکمہ تعلیم کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جسمانی طور پر معذور 37 ہزار طلباء کی تعلیم کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے اور معذور طلباء کو قریبی کم خرچ پرائیویٹ اسکولوں میں داخل کرایا جائے گا جبکہ خصوصی طلباء کو ماہانہ 700 روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔

    کے پی کے، تعلیم کے شعبے میں تین تاریخی فیصلے کیے ہیں، عمران خان

    خیال رہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نجی تعلیمی اداروں (اسکولوں) میں جون جولائی کی ایڈوانس فیس کے معاملے پر نوٹس لیں، ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ بے لگام ہے جو من مانی فیسیں وصول کر رہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔