Tag: MINISTERS

  • "اب کوئی وزیر کسی کمپنی کی سربراہ نہیں ہوگا”

    "اب کوئی وزیر کسی کمپنی کی سربراہ نہیں ہوگا”

    ریاض : سعودی حکومت نے اپنے تمام وزراء کو ہدایت جاری کی ہے کہ "کوئی بھی وزیر کسی بھی کمپنی کا سربراہ نہیں بن سکتا، بصورت دیگر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

    اس حوالے سے سعودی میڈیا کے مطابق سعودی کابینہ نے کہا ہے کہ "کوئی بھی وزیر کسی بھی کمپنی کا سربراہ نہیں بن سکتا اور نہ کسی کمپنی کی مجلس انتظامیہ کا رکن ہوسکتا ہے”۔ بیان میں کہا گیا کہ "اس سے اس کمپنی کی سربراہی اور رکنیت مستثنی ہوگی جس کا فیصلہ کابینہ کے سربراہ نے کیا ہوگا”۔

    الاقتصادیہ کے مطابق کابینہ نے ریئل سٹیٹ جنرل اتھارٹی کے بعض کام پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کیے ہیں۔ اس سلسلے میں کابینہ نے پانچ ترامیم کی ہیں۔

    ان ترامیم کے بموجب ریئل سٹیٹ جنرل اتھارٹی کی مجلس انتظامیہ کی تشکیل نو کی جائے گی۔ اتھارٹی کا دائرہ کار مملکت میں غیرمنقولہ جائیدادوں کی رجسٹریشن اور غیرسرکاری جائیدادوں کے امور کو منظم کرنے تک محدود ہوگا۔

    سعودی کابینہ نے انشورنس کمپنیوں کو کنٹرول کرنے والے قانون کی دفعات میں بھی ترامیم کی ہیں، ان میں سے ایک یہ ہے کہ مملکت میں کوئی بھی شخص سعودی سینٹرل بینک سے لائسنس حاصل کیے بغیر انشورنس اسکیم جاری نہیں کرسکتا۔

    خلاف ورزی پر بیس لاکھ ریال تک جرمانہ ہوگا، خلاف ورزی جاری رکھنے پر یومیہ دس ہزار ریال تک جرمانہ کیا جائے گا۔

  • بے روزگاری کا سامنا کرنے والوں کی پریشانی کا ادراک ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    بے روزگاری کا سامنا کرنے والوں کی پریشانی کا ادراک ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے وزرا و مشیران کے نام خط میں کہا ہے کہ یقین ہے کہ ہم جلد اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے، بے روزگاری کا سامنا کرنے والے لوگوں کی پریشانیوں کا ادراک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کے نام مراسلہ روانہ کیا ہے، مراسلے میں انہوں نے لکھا ہے کہ وطن کرونا وائرس کی وجہ سے غیر معمولی حالات سے گزر رہا ہے، پنجاب کے عوام بھی کرونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔

    عثمان بزدار نے وزرا اور مشیران سے کہا کہ امید ہے آپ اپنی تمام تر کوششیں صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروئے کار لائیں گے، حکومت پنجاب نے کرونا کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، یقین ہے ہم جلد اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    اپنے مراسلے میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان کی فراہمی میں پنجاب لیڈ لے رہا ہے، پنجاب جلد روزانہ 10 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل کرلے گا۔ قرنطینہ مراکز، آئسولیشن وارڈز، ہائی ڈپنڈنسی یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بے روزگاری کا سامنا کرنے والے لوگوں کی پریشانیوں کا ادراک ہے، احساس پروگرام سے مستحق افراد کو رقوم کی ادائیگی شروع ہوچکی ہے، ذخیرہ اندوزی مصد گرائ فروشی سے عام آدمی کو معاشی تکالیف کا سامنا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتظامیہ سے رابطہ رکھیں۔

  • خیبر پختونخواہ کے 3 وزرا کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا

    خیبر پختونخواہ کے 3 وزرا کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے 3 وزرا عاطف خان، شہرام ترکئی اور شکیل احمد کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں وزرا پریشر گروپ کے کرتا دھرتا تھے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے 3 وزرا کو عہدوں سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، ہٹائے جانے والے وزرا میں عاطف خان، شہرام خان ترکئی اور شکیل احمد شامل ہیں۔

    ہٹائے جانے والے وزرا میں سے عاطف خان وزیر کلچر، سیاحت اور کھیل کے وزیر تھے، شہرام خان ترکئی بطور صوبائی وزیر صحت کام کرر ہے تھے جبکہ شکیل احمد صوبائی وزیر برائے ریونیو کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں وزرا پریشر گروپ کے کرتا دھرتا تھے۔ محمد عاطف خان پی کے 50 مردان سے منتخب ہوئے تھے، شہرام ترکئی پی کے 47 جبکہ شکیل احمد پی کے 18 مالا کنڈ سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

    صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ پارٹی رہنما پالیسیوں کی مخالفت کرتے رہے، ایک عرصے سے تینوں وزرا گروپنگ کی طرف جا رہے تھے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ تینوں وزرا کو کئی بار سمجھایا گیا اور بات وزیر اعظم تک بھی گئی، تینوں کو سمجھانے کے بعد بھی معاملہ حل نہ ہوا تو مجبوراً انہیں ہٹانا پڑا۔

    صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ فی الحال تینوں پارٹی ارکان کو وزارتوں سے ہٹانے کا فیصلہ ہوا ہے، تینوں ارکان سے متعلق آئندہ کا فیصلہ پارٹی ہی کرے گی۔ لوگوں کو ڈیل کرنا، مشکلات حل کرنا اور اپنے حلقے میں موجود رہنا ہر رکن کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پارٹی رولز کی خلاف ورزی پر پہلے بھی 20 لوگوں کو فارغ کیا گیا، تینوں وزرا کے عمل سے پارٹی اور حکومت کو نقصان پہنچ رہا تھا۔ فارغ کیے گئے وزرا میں ایک وزیر وزارت اعلیٰ کے امیدوار بھی تھے۔

  • پلاسٹک سمندروں کو آلودہ کررہا ہے، جی20 ممالک سمندری کچرا اٹھانے کیلئے رضامند

    پلاسٹک سمندروں کو آلودہ کررہا ہے، جی20 ممالک سمندری کچرا اٹھانے کیلئے رضامند

    ٹوکیو : سمندروں سے پلاسٹک کا کچرا کم کرنے کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں جس کے لیے باقاعدہ اقدامات کیے جائیں، یہ اقدامات رضاکارانہ طور پر اٹھائے جائیں گے اور سالانہ بنیادوں پر ان اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے حامل ممالک کا گروپ ’جی 20‘اس بات پر رضامند ہوگیا ہے کہ سمندروں سے پلاسٹک کا کچرا کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں جو کہ سمندروں کو آلودہ کرنے کا سبب بن رہا ہے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جاپان میں ہونے والے جی ٹوئنٹی کے ایک اجلاس میں ارکان ممالک اس بات پر راضی ہوگئے کہ سمندروں سے پلاسٹک کا کچرا کم کرنے کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں جس کے لیے باقاعدہ اقدامات کیے جائیں اور اس ضمن میں ایک ڈیل سائن کی جائے۔

    معاہدے کے تحت جی ٹوئنٹی ممالک اس ضمن میں پابند ہوجائیں گے تاہم اس بات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں کہ سمندروں سے کچرا اٹھانے کے لیے کیا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات رضاکارانہ طور پر اٹھائے جائیں گے اور سالانہ بنیادوں پر ان اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

    جاپانی اخبار کے مطابق جاپانی حکومت پرامید ہے کہ اس ضمن میں نومبر میں پہلا اجلاس منعقد ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل اور موثر اقدامات پر بات کی جائے گی۔

    معاہدے کے تحت نہ صرف امیر اور بڑے ممالک کو اس دائرے میں لایا جائے گا بلکہ ترقی پذیرممالک کو بھی اس بعد کا پابند بنایا جائے گا کہ وہ سمندروں میں پلاسٹک نہ پھینکیں خواہ وہ ماہی گیری کے جال ہوں یا پھر پلاسٹک کی بوتلیں ہوں۔

    ٹھوس سائنسی شواہد سے یہ بات سامنے آگئی ہے کہ سمندروں میں گرایا جانے والا پلاسٹک وھیل سے لے کر کھچوﺅں تک کی غذا میں شامل ہوکر ان کی تیزرفتار ہلاکت کی وجہ بن رہے ۔

    دوسری جانب یہ پلاسٹک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوکر بہت تیزی سے خرد ذرات یا مائیکرو پلاسٹک میں ڈھل رہا ہے، اب یہ سمندری جانوروں اور سی فوڈ کے ذریعے دوبارہ ہمارے کھانے کی میز تک پہنچ رہا ہے۔

  • معزول صدر عمر البشیر کے ایک بہنوئی اور دو سابق نائبین کو گرفتار لیا گیا

    معزول صدر عمر البشیر کے ایک بہنوئی اور دو سابق نائبین کو گرفتار لیا گیا

    خرطوم : سوڈان میں حکام کی جانب سے سابق حکومت کی قیادت اور اہم شخصیات کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں معزول صدر عمر البشیر کے ایک بہنوئی اور دو سابق نائبین کوگرفتار لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افریقی ملک سوڈان میں ایک ہفتے کے قبل 30 سال پرانی حکومت کا عوامی احتجاج کے نیتجے میں خاتمہ ہوا تھا جس کے بعد فوج نے سابق صدر عمر البشیر کو گرفتار کرکے ان کے قریبی ساتھیوں و عزیزوں کی گرفتاری بھی شروع کردی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے نائبین حسبو محمد عبد الرحمن اور محمد عثمان ہیں۔

    سابق حکومت کی قیادت اس وقت کوبر جیل میں موجود ہے جہاں ان افراد کو انفرادی سیل میں نہیں بلکہ عام قیدیوں کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

    باوثوق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جیل میں سے زیادہ شخصیات موجود ہیں۔ ان میں عمر البشیر کی جماعت نیشنل کانگریس پارٹی کے رہنماؤں کے علاوہ سابق حکومت میں ایگزیکٹو پوسٹ پر رہنے والے افراد بھی شامل ہیں جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کا سیاسی اور اقتصادی کردار رہا۔

    یاد رہے کہ سوڈان کے سابق صدر عمر البشیر کو گزشتہ ہفتے خرطوم کے نواحی علاقے بحری میں واقع کوبر جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ایجنسی نے جیل کے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ البشیر شدید سیکورٹی کے تحت ایک انفرادی سیل میں زیر حراست ہیں۔ سوڈان میں جنرل پراسیکیوشن نے عمر البشیر کے خلاف منی لانڈرنگ اور بھاری رقوم قبضے میں رکھنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

    مزید پڑھیں : سوڈان : فوجی کونسل کے سربراہ نے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا

    خیال رہے کہ سوڈان کی فوجی کونسل کے سربراہ و وزیر دفاع عود بن عوف نے سابق آمر عمر البشیر کا تختہ الٹنے کے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا تھا، عود ابن عوف نے اپنے فیصلے کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کیا۔

    فوجی کونسل کے سربراہ عود بن عوف نے لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح عبدالرحمان برہان کو اپنا جانشین نامزد کردیا، فوج کا کہنا ہے کہ 2 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد انتخابات کرائے گی۔

    مزید پڑھیں : سوڈان میں مارشل لاء نافذ، ملک چلانے کے لیے عبوری کونسل تشکیل، صدرگرفتار

    یاد رہے کہ سوڈانی عوام گزشتہ تین مہینوں نے صدر عمر البشیر کے خلاف مظاہرے کررہے تھے جو آج رنگ لے آئے اور صدر عمر حسن البشیر صدارت سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوج نے گرفتار کرکے نظر بند کردیا تھا اور وہ تاحال نظر بند ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوج نے ملک کے انتظامی امور چلانے کے لیے جنرل عود بن عوف کی سربراہی میں ایک عبوری کونسل تشکیل دے دی ہے، جنرل عود سبک دوش ہونے والے صدر عمر البشیر کے نائب اول اور سوڈان کے وزیر دفاع ہیں۔

  • سہ ماہی کارکردگی، وزیراعظم عمران خان نے وزرا سے کارکردگی رپورٹ طلب کرلی

    سہ ماہی کارکردگی، وزیراعظم عمران خان نے وزرا سے کارکردگی رپورٹ طلب کرلی

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزارتوں کی کارکردگی کا سہ ماہی جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارتوں کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا، نومبر2018 سے اب تک کی کابینہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    وزیراعظم ہاؤس نے اس ضمن میں کابینہ میں شامل تمام وزیروں کو متعلقہ محکموں کی تیاری کے لیے دو ہفتے کا وقت دیتے ہوئے مراسلہ جاری کردیا۔

    ذرائع کے مطابق وزارتوں کو رپورٹ پر بریفنگ کے لیے 30 منٹ کا وقت دیا جائے گا، جس کے بعد وزیر اعظم وزرا سے سوال جواب بھی کریں گے۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا اہم مقصد حکومتی کارکردگی کو بہتر اور مؤثر بنانا ہے۔

    یاد رہے کہ نئے پاکستان میں حکومت نے سو دن پورے ہونے پر کابینہ اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لیا تھا جس کے تحت تمام وزیروں نے رپورٹس وزیراعظم کو ارسال کی تھیں۔

    رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ تمام وزرا کی کارکردگی مجموعی طور پر بہتر رہی جبکہ وفاقی وزیر مراد سعید اور شیخ رشید کے اقدامات قابل ذکر رہے تھے۔ دونوں وفاقی وزراء نے سو روزہ اہداف بر وقت مکمل کیے ، شیخ رشید نے وزارت میں 2 ارب ،مراد سعید نے 3 ارب سے زائد کی آمدن کا ریکارڈ بنایا تھا۔

    سفارت کاری اور غیر ملکی رابطوں کے حوالے سے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کارکردگی بھی شاندار رہی تھی جبکہ وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی تجاوزات کے خلاف آپریشن اور سرکاری اراضی واگزار کرانے میں سرفہرست تھے۔

    اسی طرح وفاقی وزیر آبی منصوبہ بندی فیصل واوڈا نے بھی مطلوبہ اہداف حاصل کر لئے تھے، 40 روزہ وزارت میں داسو ڈیم اور پانی چوری کی روک تھام کے لئے ہنگامی اقدامات کئے گئے اور ملک میں پہلی بار صوبوں کو ٹیلی میٹرز کی تنصیب پر راضی کیا گیا۔

  • بلاول بھٹو زرداری نے ناقص کارکردگی پر سندھ کے وزراء کی سخت باز پرس کی

    بلاول بھٹو زرداری نے ناقص کارکردگی پر سندھ کے وزراء کی سخت باز پرس کی

    کراچی : بلاول بھٹو زرداری نے محکموں کی کارکردگی پرعدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سات وزیروں سے سخت باز پرس کی، ان کا کہنا ہے کہ وزراء مجھے نتائج چاہئیں اس طرح کی بریفنگ پر یقین نہیں رکھتا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلاول بھٹو کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا، سندھ کابینہ کے خصوصی اجلاس کی اندرونی کہانی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران اجلاس بلاول بھٹو نے سندھ کابینہ کے سات وزراء کی سخت الفاظ میں سرزنش کی، بلاول بھٹو نے تعلیم، ثقافت، زراعت، ریونیو اور صحت کے محکموں کی کارکردگی پرعدم اعتماد کا اظہار کیا۔

    اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ، کچی آبادی اور محنت و افرادی قوت کے محکموں کے وزراء کی کارکردگی پر بھی عدم اعتماد کا کاظہار کیا، بلاول بھٹو نے اجلاس کے دوران کاغذات پر مشتمل بریفنگ دینے پر وزراء کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کاغذات پر مبنی بریفنگ فرضی ہے۔

    تعلیم کے شعبے میں کوئی اچھی معلومات نہیں مل رہی ہے، انہوں نے وزیرتعلیم سے سوال کیا کہ اب تک کتنے بند اسکولوں کو کھولا گیا اور کتنے بچے ان اسکولوں میں داخل ہوئے؟ تھر پارکر میں میڈیکل کالج کاقیام عمل میں لایاجائے، مجھے نتائج دیں اس طرح کی بریفنگ پر یقین نہیں رکھتا۔

    بلاول بھٹو نے وزیرصحت سے سوال کیا کہ صحت کے شعبے میں بہتری دکھائی نہیں دے رہی، تھر میں بچے مررہے ہیں علاج کی سہولیات تو نہیں دی جارہی ہے، اب تک صحت کا کوئی نیا منصوبہ شروع کیوں نہیں کیا جاسکا ہے؟ صحت سٹی منصوبہ کراچی میں شروع کیا جائے۔

    اس کے علاوہ بلاول بھٹو نے سوال کیا کہ سیاحت کا میگا منصوبہ گورکھ ہل ہے اس کی تحقیقات نیب کیوں کررہا ہے ؟ ادارے تو اپنا کام کرتے رہیں گے، گورکھ ہل منصوبہ پر کام کیوں نہیں ہورہا؟ اس منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ تحت شروع کیا جائے۔

    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ غریب لوگ تو کچی آبادیوں میں بستے ہیں ان کیلئے کیا کام کیا گیا؟ ہمیں ووٹ تو غریب لوگ دیتے ہیں ان غریبوں کیلئے کیا کام کیا گیا، مزدور پیپلز پارٹی کی پہچان ہیں،محکمہ محنت و افرادی قوت نے مزدوروں کیلئے کیا کام کیا؟

    ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو کی حالت ابتر ہے، زمینوں کے کھاتے تبدیل کئے جارہے ہیں، ہم ہاریوں کو ہاری کارڈ دینا چایتےہیں، محکمہ ریونیو کا کہیں کام نظر ہی نہیں آرہا ہے۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ نے سفری سہولیات کیلئے کیامنصوبہ بندی کی ہے؟ اور سفری سہولیات کی ہدایات پر کیا عملدرآمد کیا گیا، وزراء مجھے اپنا کام دکھائیں اس طرح عہدوں پررہنا عوام پر بوجھ ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ شکایات عام ہیں کہ وزراء اپنے دفاتر میں نہیں بیٹھتے اور نہ ہی عوام سے ملتے ہیں، وزراء عوام سے تو دور کی بات ارکان اسمبلی سے بھی نہیں ملتے اور تو اور ارکان اسمبلی کا فون تک اٹینڈ نہیں کرتے، مجھےارکان اسمبلی نے وزراء کے خلاف کئی شکایاتیں کی ہیں۔

  • 100روزہ کارکردگی ،  وفاقی وزرا کی  ٹاپ 10 کے لئے بھاگ دوڑ جاری

    100روزہ کارکردگی ، وفاقی وزرا کی ٹاپ 10 کے لئے بھاگ دوڑ جاری

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کو مختلف وزارتوں کی 100روزہ کارکردگی رپورٹس ملنا شروع ہوگئیں ہیں ، اسدعمر، شیخ رشید، مراد سعید  میں سخت مقابلہ ہے، مرادسعید نے کارکردگی میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور 50دن میں100روزہ منصوبہ بندی کےاہداف حاصل کرلئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کے 100 روز مکمل ہونے میں صرف 12 دن باقی رہ گئے ہیں ، وفاقی وزرا کی 100روزہ منصوبہ بندی میں ٹاپ 10 کی بھاگ دوڑ جاری ہے ، مختلف وزارتوں کی100 روزہ کارکردگی رپورٹس وزیراعظم کو ملنا شروع ہوگئیں ہیں۔

    کارکردگی میں اسد عمر، شیخ رشید، مراد سعید میں سخت مقابلہ ہیں جبکہ شاہ محمود قریشی ، شہریار آفریدی، فیصل واوڈا، زلفی بخاری اور طارق بشیر چیمہ بھی دوڑ میں شامل ہیں۔

    مرادسعید


    وزیرمملکت برائے مواصلات مرادسعید نے کارکردگی میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور 50دن میں100روزہ منصوبہ بندی کےاہداف حاصل کرلئے ، انھوں نے وزارت میں 3 ارب 55کروڑ روپے کی بچت جبکہ نئے منصوبے بھی شروع کئے ، وفاقی کابینہ کے اجلاس کےدوران وزیراعظم نے مراد سعید کو شاباشی بھی دی۔

    اسد عمر


    ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنے پر وزیرخزانہ اسد عمر بھی ٹاپ10میں شامل ہیں ، اسد عمر نے 100روز میں معیشت کو سنبھالا دینے کا ٹارگٹ حاصل کرلیا ، وزیرخزانہ نے سعودی عرب، یو اےای اور چین سےکامیاب اقتصادی معاہدے کئے۔

    شیخ رشید


    وزیرریلوےشیخ رشید بھی دوڑ جتنے کے دعویدار ہیں ، انھوں نے نئی ٹرینوں کا آغاز کیا اور آمدن میں 2ارب کا ریکارڈ اضافہ کیا۔

    شاہ محمودقریشی


    وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کے100 دن بھی انتہائی اہم رہے،بااثرممالک سےسفارتی تعلقات،ملک کامیاب خارجہ پالیسی پر گامزن ہے، شاہ محمود قریشی نے مضبوط خارجہ پالیسی سے متعلق دوٹوک موقف، اقوام متحدہ میں خطاب نمایاں، مسئلہ کشمیرمیں بھارتی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو کھل کر بیان اور عالمی برادری کےسامنے دہشت گردی کےخلاف پاکستان کی قربانیاں کو بیان کیا۔

    فیصل واوڈا


    وفاقی وزیربرائےآبی منصوبہ بندی فیصل واوڈا کو صرف 50 روز مل سکے، فیصل واوڈا نے صوبوں کو پانی چوری روکنے کے اقدامات پرآمادہ کیا، انھوں نے صوبوں میں پانی چوری روکنے کے لئے پہلی بار ٹیلی میٹرز کا منصوبہ شروع کیا، ورلڈ بینک کے ساتھ کامیاب مذاکرات سے رکا ہوا لون واپس حاصل کرلیا جبکہ وزارت میں واٹر پالیسی میں تبدیلی کے عمل درآمد کا آغاز ان کی بڑی کامیابی ہے۔

    زلفی بخاری


    زلفی بخاری کی وزارت اوورسیزمیں بھی اہم اقدامات اٹھائے گئے،زلفی بخاری نے ہزاروں غیرقانونی بھرتیاں اوربےقاعدگیاں پکڑی اور اوورسیز پاکستانیوں کے لئے سہولتیں اور نئے پروگرامز شروع کئے۔

    طارق بشیرچیمہ


    وزیرہاؤسنگ طارق بشیرچیمہ کی 50لاکھ گھروں کے منصوبے میں کارکردگی نمایاں رہی ، طارق بشیر کی منصوبے کا جلد آغاز اور کئی شہروں میں کارکردگی شامل ہے۔

    خیال رہے حکومت نے 100 دن پورے ہونے پر کارکردگی رپورٹ شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 100 دن مکمل ہونے پر خصوصی تقریب منعقد ہوگی، جس میں وزیراعظم عمران خان شرکت کریں گے۔

    مزید پڑھیں : حکومت کا 100دن پورے ہونے پر کارکردگی رپورٹ شائع کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے چند روز قبل 100روزہ پلان کے تحت وزیر اعظم عمران خان وزارتوں کی کارکردگی قوم کے سامنے لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارتوں کو پہلے مرحلے کی کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

    وزراء کو رپورٹ میں بتانا ہوگا کہ قومی خزانے کو کتنا فائدہ پہنچایا، کفایت شعاری،سادگی پرعمل ہوا؟ عوام کو ریلیف کے لیے کیا اقدامات کیے اور حکومتی منشورپرعملدرآمد ، نئی اسکیموں، کرپشن کے سد باب کے لیے کیا اقدامات کیے۔

    وزیر اعظم وزارتوں کی کارکردگی قوم کے سامنےلائیں گے اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل وزراکوحکومتی و عوامی سطح پر کریڈٹ دیں گے۔

    واضح رہے عام انتخابات 2018 سے قبل 20 مئی کو پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سو دن کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ 100 دن کا منشور دے دیا ہے، یہ منشور ہماری سمت کا تعین کررہا ہے۔

    سربراہ تحریک انصاف نے مزید کہا تھا کہ سو دن کے پلان کا مقصد حکومت کی تمام پالیسیاں بنانا ہے، سو دن کے پلان میں سوا3کروڑ سرکاری اسکولوں کے بچوں کی تعلیم پر توجہ دینی ہے، مدارس کے25لاکھ بچوں کو اعلیٰ تعلیم دینی ہے، مدارس کے بچوں کو بھی ڈاکٹر بنانا ہے، ہم نے نچلے طبقے کو اوپر لانا ہے، بیورو کریسی کو غیرسیاسی کیا جائے گا، سرکاری اسپتالوں کو ٹھیک کرنے گئے تو مافیا کا سامنا کرنا پڑا۔

  • کینیڈا میں 18 ممالک کی خواتین وزراء خارجہ کا اجلاس منعقد

    کینیڈا میں 18 ممالک کی خواتین وزراء خارجہ کا اجلاس منعقد

    اوٹاوا : کینیڈا میں منعقدہ 18 ممالک کی خواتین وزراء خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈین وزیر خارجہ نے کہا کہ ’ملکی فیصلہ سازی میں ہماری(خواتین) شراکت کے باعث ہماری معیشت مستحکم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم امریکا میں واقع ملک کینیڈا کی وزیر خارجہ کی سربراہی میں کینیڈا کے شہر منٹیریال میں 18 ممالک کی وزراء خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا جس کی اہم بات یہ تھی کہ اجلاس میں شریک تمام وزراء خواتین تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ کریسٹیا فری لینڈ نے جمعے کے روز شروع ہونے والے دو روزہ اجلاس سے افتتاحی خطاب کیا جس میں اقتصادی و سماجی مسائل، خواتین کی سیاسی محاذوں تک رسائی، معاشرے میں خواتین کی ترقی، لیڈنگ مراکز میں خواتین کا کردار اور جمہوریت کا فروغ و خواتین پر ظلم و تشدد کی روک تھام کے حوالے سے گفتگو کی۔

    کینیڈین وزیر خارجہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو مردوں کے برابر حقوق دلوانا ہماری جد وجہد کا حصّہ ہے، ہمارے ممالک مضبوط اور معاشرے مستحکم ہیں کیونکہ ہم فیصلہ سازی کے عمل میں شامل ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملکی فیصلہ سازی میں ہماری شراکت کی وجہ سے ہماری معیشت بہتر، معاشرہ خوشحال ہے، اس لیے ہمارے ممالک زیادہ پُر امن ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کینیڈین وزیر خارجہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں یورپی یونین کی وزیر برائے خارجہ امور فیڈریکا موگرینی سمیت 17 ممالک کی وزراء خارجہ شامل شریک تھی۔

  • بلوچستان حکومت نے وزرا کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی نئی گاڑیاں خرید لیں

    بلوچستان حکومت نے وزرا کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی نئی گاڑیاں خرید لیں

    کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے وزراء کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی نئی گاڑیاں خرید لیں، گاڑیوں کی مجموعی مالیت 13 کروڑ سے زائد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت کی جانب سے وزراء کے لیے بیس نئی گاڑیاں خریدی گئی ہیں، خریدی گئی گاڑیوں کی مجموعی مالیت تیرہ کروڑ سے زائد ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خریدی جانیوالی گاڑیوں کی فی عدد قیمت پچاس سے پینسٹھ لاکھ روپے ہے، سابقہ وزراء کو دی جانے والی گاڑیاں بلوچستان حکام نے پرانی قرار دی دیں۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ گاڑیوں کی خرید سابقہ حکومت نے کی ہے، سہولت دینے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔

    بلوچستان میں آج 95 ہزارپودے لگائے جائیں گے‘ وزیراعلیٰ بلوچستان

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کام ہونا چاہیے، سیاستدان اور افسران کام کریں تو انہیں سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا تھا کہ کام اچھا ہوتا ہے تو افسران کو اچھی سہولتیں ملنی چاہئیں، اگر کام بہتر نہیں ہوتا تو اخراجات کم ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جو کچھ ماضی میں ہوا اس کی وجہ سے صوبہ خسارے میں ہے، بہتری کے لیے کوشش کررہے ہیں جبکہ تعلیم، صحت اورپانی کے مسائل سے متعلق پالیسی بنا رہے ہیں۔