Tag: ministry-of-health

  • وزارتِ صحت کا ملک بھر میں ہنگامی صورتحال کا اعلان

    وزارتِ صحت کا ملک بھر میں ہنگامی صورتحال کا اعلان

    اسلام آباد: وزارت صحت کی طرف سے ہنگامی صورت حال کا اعلان کردیا گیا جبکہ تمام طبی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا۔

    وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ملک کی موجودہ جنگ اور اس سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر فوری اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور تمام طبی عملے کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    وفاقی وزارت صحت اور اس کے ماتحت اداروں کے تمام ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور انتظامی عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تمام ملازمین کو اپنے عہدوں پر فوری حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    موجودہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے جنیوا اور قطر کے طے شدہ سرکاری دورے فوری طور پر منسوخ کر دیے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اس وقت میری اولین ترجیح ملک کی اندرونی صورتحال پر توجہ مرکوز کرنا اور عوام کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وفاقی ادارہ صحت میں ایک 24/7 ایمرجنسی کویک ریسپانس سینٹر قائم کیا گیا ہے، جو جنگ اور اس سے متعلقہ طبی ہنگامی حالات کا فوری جائزہ لے گا اور ردعمل کو مربوط کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ سینٹر تمام صوبائی و ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز کے ساتھ براہ راست رابطے میں رہے گا، تمام صوبائی حکومتوں کے صحت کے سیکرٹریز کو مرکزی وزارت صحت کے ساتھ مستقل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    صوبائی حکام کو وقتاً فوقتاً جاری ہونے والی ہدایات کی روشنی میں اپنے ایمرجنسی پلانز کو اپ ڈیٹ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

  • کویت : شادی کے خواہشمند غیر ملکیوں کیلیے اہم ہدایات

    کویت : شادی کے خواہشمند غیر ملکیوں کیلیے اہم ہدایات

    کویت سٹی : کویتی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ شادی کے خواہشمند تمام افراد اپنا طبی معائنہ لازمی کرائیں۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق غیرملکی جوڑوں کے لیے بھی یہ ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد معاشرتی حوالے سے صحت کو برقرار رکھتے ہوئے موروثی امراض کا خاتمہ کرنا ہے۔

    کویتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مذکورہ پابندی کا نفاذ صحت سے متعلق قوانین کو جدید خطوط پر استوار کرنے، صحت مند ازدواجی زندگی کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی طبی معیارات کے مطابق طریقہ کار کو ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یہ طبی معائنہ کویت میں ہونے والے تمام دستاویزی نکاح ناموں کے لیے لازم ہوگا، چاہے دونوں فریق کویتی ہوں، ان میں سے کوئی ایک کویتی ہو، یا دونوں غیر ملکی ہوں۔

    مزید برآں، شادی سے قبل طبی معائنہ کے عمل کو مزید سہل بنانے کے لیے ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کا استعمال بھی متعارف کرایا جائے گا، اس سے قبل یہ معائنہ صرف کویتی شہریوں کے لیے لازمی تھا۔

    وزارت صحت نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان نئے ضوابط پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ یہ قوانین یکم اپریل 2025 سے نافذ العمل ہوں گے اور انہیں سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت متعدد عرب ممالک میں اپنے شہریوں کے لیے شادی سے قبل طبی معائنے کا قانون کافی عرصے سے نافذ ہے جس کا مقصد موروثی بیماریوں کی روک تھام ہے۔

    حکومتی سطح پر جب تک فریقین کی میڈیکل رپورٹ نکاح رجسٹرار کو پیش نہ کی جائے انہیں نکاح پڑھانے اور رجسٹر کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔

  • وزارت صحت کی رائٹ سائزنگ، کون کون سے ادارے ہدف بنیں گے؟

    وزارت صحت کی رائٹ سائزنگ، کون کون سے ادارے ہدف بنیں گے؟

    اسلام آباد: وزارت صحت میں رائٹ سائزنگ کی سفارشات کو حتمی شکل دے دی گئی، یہ سفارشات رائٹ سائزنگ کمیٹی کو بھجوا دی گئی ہیں۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق رائٹ سائزنگ کمیٹی ملنے والی سفارشات سے متعلق حتمی عمل درآمد پلان تیار کرے گی، اور پھر یہ پلان وزیر اعظم کو پیش کیا جائے گا۔

    سفارشات میں حکومت نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم پی ایم ڈی سی میں گریڈ ایک تا 16 کی 98 آسامیاں ختم کی جائیں گی، اور وزارت خزانہ پی ایم ڈی سی کے بینک اکاؤنٹس کی نگرانی کرے گی۔

    شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم یہ یونیورسٹی اب اسلام آباد انتظامیہ کو منتقل ہوگی۔ ہیلتھ سروسز اکیڈمی (ایچ ایس اے) اور فیڈرل میڈیکل کالج کو بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم یہ دونوں بھی اسلام آباد انتظامیہ کو منتقل ہوں گی۔

    پرائمری ہیلتھ کیئر کے تحت ورٹیکل پروگرامز جاری رہیں گے، جب کہ پی ایچ سی کے ورٹیکل پروگرامز بیرونی فنڈنگ تک جاری رہیں گے، پاکستان فارمیسی کونسل پر نظر ثانی کی جائے گی، ڈرگ ریگولیشنز، شعبہ انسداد وبائی امراض وزارت صحت کے ماتحت رہے گا، جب کہ ادویات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار ڈریپ سے الگ کیا جائے گا، اور وزیر اعظم کو ڈریپ کے حوالے سے خصوصی پریزینٹیشن بھی دی جائے گی۔

  • پمز اسپتال کو ٹھیکے پر دینے سے متعلق حکومت کی وضاحت

    پمز اسپتال کو ٹھیکے پر دینے سے متعلق حکومت کی وضاحت

    اسلام آباد : ملک کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال پمز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلانے کی خبروں پر وزارت صحت نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا فیصلہ مشاورت اور منظوری سے ہوگا۔

    اس حوالے ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کو پرائیویٹ کرنے کی خبریں بےبنیاد ہیں، پمز کے کسی بھی شعبے کو پرائیویٹائز نہیں کیا جارہا۔

    کوآرڈی نیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد نے بتایا کہ کسی رہائشی کالونی میں ٹاور نہیں بنائے جا رہے، پمز وزارت صحت کے زیرانتظام ہی کام کرتا رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پمز کے کسی بھی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا، وفاقی حکومت عوام کو صحت کے شعبے میں ریلیف دینے کیلئے پُرعزم ہے۔

    ڈاکٹر ملک مختار احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ سروسز کی بہتری کیلئے سی ٹی اسکین، ایم آر آئی کو پبلک پرائیویٹ کرنے کی تجویز زیرغور ہے۔

    تاہم اس ضمن میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، مذکورہ فیصلہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد ہی ہوگا۔

     

  • وفاقی بجٹ میں وزارت صحت کے 38 منصوبے شامل

    وفاقی بجٹ میں وزارت صحت کے 38 منصوبے شامل

    اسلام آباد : آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے وزارت صحت کے 38 منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت صحت کیلئے 23 ارب 94 کروڑ 75 لاکھ 9 ہزار کے فنڈز مختص کیے ہیں۔

    دستاویزات کے مطابق پمز اسپتال کیلئے 4 ارب 62 کروڑ 81 ہزار روپے، پمز اسپتال برن سینٹر کیلئے 25 کروڑ 8 لاکھ 23 ہزار روپے اور پمز اسپتال کالج آف نرسنگ کیلئے 11 کروڑ 30 لاکھ 76 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ پمز امراض قلب مرکز کیلئے 35 کروڑ 86 لاکھ 85 ہزار روپے، پولی کلینک کیلئے 3 ارب 10 کروڑ 31 لاکھ 7 ہزار روپے اور فیڈرل جنرل اسپتال چک شہزاد کیلئے 29 کروڑ 88 لاکھ 68 روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    قومی ادارہ برائے بحالی معذوراں کیلئے 40 کروڑ 80 لاکھ 86 ہزار روپے، پارلیمنٹ ہاؤس و لاجز اور سرکاری ڈسپنسریز کیلئے 16 کروڑ 50 لاکھ روپے اور فیڈرل میڈیکل و ڈینٹل کالج اسلام آباد کیلئے 19 کروڑ 50لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    دستاویزات کے مطابق اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کیلئے 10 کروڑ روپے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کیلئے 3 کروڑ 32 لاکھ روپے اور آئیسولیشن اسپتال و انفیکشیس ٹریٹمنٹ سینٹر کیلئے 18 کروڑ 87 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

  • پشاور میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف

    پشاور میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف

    اسلام آباد : وزارت صحت نے خیبرپختونخوا کے شہر پشاور کے دو مقامات پر پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان وزارت صحت نے پشاور کے دو مقامات لڑمہ اور نرے خوڑ سے لیے جانے والے دو ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کی ہے۔

    وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان پولیو کےخلاف جنگ میں متحد ہیں، پشاور کے 2مقامات لڑمہ اور نرےخوڑ میں پایا جانے والا وائرس جینیاتی طور پر افغان کے صوبے ننگرہار میں موجود وائرس سے مماثلت رکھتا ہے۔

    وفاقی وزیرصحت کا کہنا ہے کہ پاکستان پولیو پروگرام کا پولیو سرویلنس نظام مؤثر اندازمیں کام کررہا ہے، وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔

    عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پولیو کےخاتمے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں، والدین اپنے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں۔

  • پٹرول بم کے بعد ادویات بم کی تیاری، ہوشربا اضافہ

    پٹرول بم کے بعد ادویات بم کی تیاری، ہوشربا اضافہ

    اسلام آباد : حکومت نے پیٹرول کے بعد اب ادویات کو بھی عوام کی پہنچ سے دورکرنے کی تیاری کرلی، وفاقی کابینہ کو ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی سمری بھجوا دی گئی۔

    وزارت صحت اور ڈریپ کی ادویہ ساز اداروں (فارما انڈسٹریز) کے سامنے ایک نہ چلی اور گھٹنے ٹیک دئیے، 119ادویات کی قیمتوں میں 350 فیصد سے زائد اضافہ کی سمری ارسال کردی گئی۔

    ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی سمری ڈریپ اور وزارت صحت نے تیار کی ہے، جس کے مطابق ٹائی فیم انجکشن کی قیمت میں 367 فیصد اضافہ کی سفارش کی گئی ہے، جس کی پرانی قیمت 687 روپے ہے اور نئی قیمت 3216 روپے ہوجائے گی۔

    کلورو کوائن فاسفیٹ کی قیمت 206فیصد اضافہ کے بعد431روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 323روپے ہوجائے گی جبکہ نیلٹراکشن 213فیصد اضافے کے بعد 665سے بڑھ کر2ہزار 084 روپے ہو جائے گی۔

    آنکھوں کے ڈراپس کی قیمت میں 177فیصد بڑھانے کی سفارش کی گئی جس کے بعد آئی ڈراپ کی قیمت 26سے 73روپے ہو جائے گی۔ ہومن کورینک گونا ڈوٹروفین کی قیمت ایک ہزار 225روپے سے 2ہزار 941روپے تک ہوجائے گی

    اس کے علاوہ انسداد ٹی بی ادویات کی قیمت ایک ہزار242 روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 762روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ فینو فائبریٹ کی قیمت 212فیصد اضافہ کے بعد 422روپے ہوجائے گی۔

  • سیلاب متاثرین کس حال میں ہیں؟ اقوام متحدہ کا سروے

    سیلاب متاثرین کس حال میں ہیں؟ اقوام متحدہ کا سروے

    اسلام آباد : پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی بقاء کا بحران بدستور برقرار ہے کیونکہ سرد موسم کے بعد ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، سانس کی بیماریوں اور غذائی اجناس کی کمی کی شرح میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں سیٹلائٹ جیوگرافیکل سروے کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک کے سیلاب زدہ علاقوں میں تاحال مکمل آباد کاری نہیں ہوسکی ہے، 50لاکھ متاثرین تاحال سیلاب زدہ علاقوں میں موجود ہیں جنہیں صحت و صفائی کی مناسب سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کی اگر بات کی جائے تو وہاں کے 87ہزار537 سیلاب متاثرین تاحال بے گھر ہیں، سندھ کے72لاکھ43ہزار167 سیلاب زدگان اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق سندھ کے سات ٹینٹ ویلجز میں 7ہزار451 سیلاب متاثرین موجود ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں امراض سینہ، ملیریا اور ہیضہ کے مریض سامنے آرہے ہیں۔

    بلوچستان کے بیشتر سیلاب زدہ علاقوں سے نکاسی آب مکمل ہوچکا ہے، بلوچستان کے ضلع صحبت پور کے بعض جگہوں میں سیلابی پانی موجود ہے، پاکستان میں تقریباً 40 لاکھ بچے اب بھی سیلابی پانی کے قریب زندگی بسر کر رہے ہیں۔

  • سعودی عرب : صحت کے شعبے میں حکومت کا اہم اقدام

    سعودی عرب : صحت کے شعبے میں حکومت کا اہم اقدام

    ریاض : سعودی وزارت صحت نے پرائیویٹ سیکٹر میں سرکاری ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز کے ڈاکٹروں کو کام کرنے کی مشروط اجازت کا لائحہ عمل جاری کیا ہے۔

    العربیہ نیٹ کے مطابق کابینہ نے کام کرنے کی اجازت دی تھی، جس کے بعد وزارت صحت نے لائحہ عمل جاری کیا۔

    وزارت صحت نے کہا ہے کہ جو پرائیویٹ ہسپتال یا ہیلتھ سینٹرز سرکاری ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنا چاہتے ہوں انہیں اس حوالے سے درخواست دینا ہوگی۔

    سرکاری صحت عملے کے متعلقہ ادارے سے منظوری لینا ہوگی کہ وہ اپنے یہاں کام کرنے والے صحت اہلکار کو ہمارے یہاں جز وقتی کام کی اجازت دیں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز کے وہی صحت اہلکار پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرسکیں گے جو سعودی شہری ہوں اور کنسلٹنٹ ہوں۔

    ان کے پاس ہیلتھ پروفیشن پرمٹ ہو اور کنسلٹنٹ کی حیثیت سے دو سالہ کا پیشہ ورانہ تجربہ ہو۔ سعودی ہیلتھ اسپیشلائزیشن کے ادارے میں اندراج ہو اور آخری دو برسوں کے دوران ان کا ریکارڈ اچھی کارکردگی کا ہو۔

    پرائیویٹ سیکٹر میں سرکاری صحت عملے کو کام کی اجازت جز وقتی ہوگی، وہ ڈیوٹی کے دوران کام نہیں کرسکیں گے۔ سرکاری ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں ان کے جو ڈیوٹی اوقات ہوں گے ان اوقات میں وہ پرائیویٹ سیکٹر میں کام کے مجاز نہیں ہوں گے۔

  • کویتی حکومت نے تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کردیا

    کویتی حکومت نے تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کردیا

    کویت سٹی : سول سروس کمیشن نے کویت میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت نے کہا کہ کویتی اور غیر ملکی ڈاکٹر جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس، اینستھیزیا اور ایمرجنسی کے شعبہ جات میں کام کر رہے ہیں ان کی تنخواہوں میں رواں سال کی یکم جولائی 2021 سے 500 کویتی دینار کا اضافہ کر دیا گا ہے۔

    باخبر ذرائع نے مقامی روزنامہ کو بتایا کہ توقع کی جا رہی ہے کہ اس فیصلے سے ایک ہزار سے زائد ڈاکٹروں کو فائدہ پہنچے گا۔

    ذرائع نے اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ سول سروس کمیشن نے سرکاری ہسپتالوں کے تین اہم شعبوں میں کام کرنے والے کویتی اور غیرملکی ڈاکٹروں کے لیے ماہانہ 500 دینار کے”خصوصی” اضافے کی منظوری دی ہے۔

    مذکورہ منظوری کا اطلاق یکم جولائی 2021 سے کیا گیا ہے جبکہ گزر جانے والے تین مہینوں کی اضافی تنخواہ ایک ساتھ دی جائے گی۔