Tag: minnesota

  • ویڈیو: امریکی شہر میں‌ شہاب ثاقب گرنے سے زبردست روشنی اور دھماکا

    ویڈیو: امریکی شہر میں‌ شہاب ثاقب گرنے سے زبردست روشنی اور دھماکا

    امریکی ریاست منیسوٹا کے ایک علاقے میں‌ رات کے وقت زبردست روشنی اور دھماکا سنا گیا، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ شہاب ثاقب گرنے کا نتیجہ تھا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز بیلٹرامی کاؤنٹی میں روشنی کا ایک زبردست جھماکا دیکھا اور ایک زوردار دھماکا سنا گیا، جس نے علاقے کے گھروں کی کھڑکیوں اور دیواروں کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ایک تیز روشنی کے بعد دھماکے کی آواز سنی گئی، اور ممکنہ طور پر یہ کسی شہابیہ کے گرنے کا نتیجہ تھا، کاؤنٹی کی ایمرجنسی منیجمنٹ نے کہا کہ روشنی اور دھماکے سے متعلق علاقے سے متعدد اطلاعات موصول ہوئیں۔

    اطلاعات ملنے کے بعد کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے مقامی پاور اسٹیشنز اور ٹرانسفارمرز کو چیک کیا، تاکہ کسی دھماکے کا پتا چلایا جا سکے لیکن وہاں سب کچھ معمول کے مطابق کام کر رہا تھا اور کسی دھماکے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

    اس سلسلے میں ایک رہائشی نے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی فراہم کی، جس میں دیکھا گیا کہ آسمان سے ایک شہابیہ کی طرح شے گر رہی ہے، زمین پر گرتے ہی تیز روشنی اور پھر دھماکے کی آواز آئی۔

    کاؤنٹی کے ترجمان کرسٹوفر مولر نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ یہ تو واضح ہے کہ یہ بیلٹرامی کاؤنٹی کے آسمانوں پر سے گزرنے والی کوئی چیز تھی، لیکن ہم صرف قیاس ہی کر سکتے ہیں کہ یہ کوئی شہابیہ تھا۔

  • نرسوں نے کام چھوڑ دیا، امریکی تاریخ کی سب سے بڑی ہڑتال

    نرسوں نے کام چھوڑ دیا، امریکی تاریخ کی سب سے بڑی ہڑتال

    سینٹ پال: امریکی ریاست مینیسوٹا میں نرسوں نے امریکی تاریخ کی سب سے بڑی ہڑتال کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست مینیسوٹا میں کم تنخواہ اور عملے کی کمی پر نجی شعبے کی تقریباً 15 ہزار نرسوں نے 3 روزہ ہڑتال شروع کر دی ہے، جو امریکی تاریخ میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی ہڑتال ہے۔

    مینیسوٹا نرسز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے دوران ہیلتھ کیئر سسٹم کے سکڑنے کی وجہ سے عملے کی کمی کے باعث دیگر پیرامیڈکس اسٹاف پر کام کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔

    پیر کے روز نرسوں نے منیاپولس اور ڈولُتھ کے 7 ہیلتھ کیئر سسٹمز میں کام چھوڑ کر سڑکوں پر طویل قطاریں بنا کر احتجاج شروع کیا، انھوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں اور نعرے لگا رہی ہیں۔

    یہ ہڑتال مینیسوٹا نرسز ایسوسی ایشن (ایم این اے) کے تحت کی جا رہی ہے، جس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہڑتال جمعرات کی صبح تک جاری رہے گی، اور اس سے 16 اسپتال متاثر ہوں گے۔

    یونین کی مذاکراتی ٹیم نے ایک بیان میں کہا کہ اسپتالوں کے ایگزیکٹوز نے عملے کے بحران کو حل کرنے سے انکار کر کے نرسوں کو ہڑتال پر مجبور کیا ہے، نرسوں کی تعداد کم ہے اور ان سے زیادہ کام لیا جا رہا ہے۔

    نرسوں کی تنظیم کے مطابق یہ ہڑتال امریکا کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی ہڑتال ہے، جس کا مقصد امریکی ہیلتھ کیئر کارکنوں کو درپیش دیرینہ مسائل کا حل ہے، جیسا کہ کم تنخواہ اور عملے کی کمی۔

    امریکی بیورو آف لیبر اسٹیٹسٹکس کے مطابق کرونا وبا نے نرسز کے مسائل کو اور بڑھا دیا ہے، فروری 2020 سے اس شعبے نے تقریباً 37 ہزار کارکنوں کو کھویا ہے۔

  • کس عام سبزی نے ہائی وے بند کرادی؟

    کس عام سبزی نے ہائی وے بند کرادی؟

    مینسوٹا میں ہائی وے پر آلوؤں سے لدا ٹرک الٹ گیا، جس کے نتیجے میں کئی ٹن آلو سڑک پر بکھر گئے اور ٹریفک 4 گھنٹے تک معطل رہی۔

    حادثات اور احتجاج کی وجہ سے سڑکیں بند ہونا کوئی انہونی بات نہیں مگر کیا آپ نے کبھی سوچا بھی ہے کہ کسی سبزی نے ٹریفک جام کرایا ہو، اگر آپ کا جواب ناں میں ہے تو جان لیں کہ ایسا واقعہ رونما ہوچکا ہے۔

     غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق مغربی ملک مینسوٹا کی ایک مصروف شاہراہ پر سیکڑوں گاڑی ڈرائیوروں کو اپنی گاڑیوں کو اس وقت بریک لگانے پڑگئے جب انہیں آگے بڑھنے کا راستہ نہ ملا۔

    مذکورہ شاہراہ پر ہزاروں کی تعداد میں منجمد آلو پڑے تھے جو ایک ٹرک سے گرے تھے اور وہاں منفی 13 درجہ حرارت کی وجہ سے گرنے کے بعد جم کر سڑک سے چپک گئے تھے۔

    مینیسوٹا ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن کے مطابق حادثہ البرٹ ول میں سڑک کے مشرقی حصے پر پیش آیا، حکام کے مطابق آلو تازہ تھے اور اس وقت کے منفی 13 درجہ حرارت کے باعث گرنے کے بعد جم کر سڑک سے چپک گئے تھے جس کے باعث انہیں وہاں سے ہٹانے میں کئی گھنٹے لگے۔

    رپورٹر کے مطابق ٹریفک حکام کو سڑک سے چپکے  ہوئے جمے آلو ہٹانے کے لیے مخصوص آلات منگوانے پڑے۔

    بالآخر 4 گھنٹوں کی محنت کے بعد سڑک سے آلوؤں کو ہٹا کر ٹریفک کو بحال کیا گیا، حکام کے مطابق اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

  • امریکا میں دو سروں والا عجیب و غریب ہرن کا بچہ برآمد

    امریکا میں دو سروں والا عجیب و غریب ہرن کا بچہ برآمد

    مینیسوٹا : امریکا کی ریاست مینیسوٹا کے جنگل سے دو سروں والا ہرن کا بچہ برآمد ہوا ہے، جسے نمائش کے لیے ریاست کے شعبہ قدرتی وسائل کے دفاتر میں رکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست مینیسوٹا کے جنگل میں مشروم تلاش کرنے والے ایک شخص کو عجیب و غریب قسم کا ہرن کا نایاب بچہ ملا تھا، جسے دفتر قدرتی وسائل کے حوالے کردیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یونیورسٹی آف جارجیا کے پروفیسر گینو ڈی انگیلو کاکہنا تھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ یہ ہرن کا دو سروں والا پہلا بچہ ہے جس نے دوران حمل اپنی مدت مکمل کی اور پھر پیدا ہوا‘۔

    یونیورسٹی آف جارجیا کے پروفیسر ڈاکٹر گینو ڈی انگیلو کا کہنا تھا کہ ’امریکا میں ہر سال 1 کروڑ ہرن پیدا ہوتے ہیں لیکن دو سروں والے ہرن کے اس بچے کا برآمد ہونا ایک انوکھا حیرت انگیز واقعہ ہے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دو سروں والے ہرن کے بچے کا ایم آر آئی اور سٹی اسکین کیا گیا تو پتہ چلا کہ اس کے صرف سر اور گردن دو ہیں باقی جسم ایک نارمل ہرن کی طرح ہی ہے۔

    گینو ڈی کا کہنا تھا کہ ہرن کے بچے لے پھیپھڑوں کا پانی میں رکھا گیا تو وہ نیچے کی جانب چلے گئے جس سے پتہ چلتا ہے کہ ہرن کے بچے نے پیدائش کے بعد سے ایک دفعہ بھی سانس نہیں لی ہے۔

    گینو ڈی کا کہنا تھا کہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ’دو سروں والے ہرن کے دھانچے کے مطابق ان کا زندہ رہنا ممکن ہی نہیں تھا، مذکورہ ہرن پیدائش کے وقت ہی مردہ حالت میں تھا‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ ہرن کے بچے کو مینیسوٹا کے شعبہ قدرتی وسائل کے دفاتر میں رکھا جائے گا، جبکہ اس کا ڈھانچہ یونیورسٹی آف مینیسوٹا میں دیکھایا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔