Tag: minor child

  • ٹنڈو آدم: کمسن  ملازم پر مالک کا انسانیت سوز ظلم، ویڈیو وائرل

    ٹنڈو آدم: کمسن ملازم پر مالک کا انسانیت سوز ظلم، ویڈیو وائرل

    ٹنڈو آدم: صوبہ سندھ کی تحصیل ٹنڈوآدم میں کمسن بچے پر انسانیت سوز تشدد کا واقعہ رونما ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹنڈوآدم کے علاقے گوٹھ خیر محمد مری میں چوڑی کے کارخانے میں مزدوری کرنے والے کم عمر بچے عدیل پر مالک نے کسی غلطی پر مورد الزام ٹہرایا اور اس پر انسانیت سوز تشدد کیا، کمسن بچے پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کارخانے کا مالک بچے کو تشدد کے دوران اس کی پیٹھ پر سویاں چبھو چبھو کر شدید تشدد کا نشانہ رہا ہے، بچہ درد سے نڈھال رحم کی اپیل کرتا رہا مگر سفاک مالک نے اس کی ایک نہ سنی اور اس پر بہیمانہ تشدد جاری رکھا، بچے پر تشدد کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس کارخانے میں مزید کئی کمسن بچے بھی کام کررہے ہیں ان کے سامنے یہ تشدد کیا جاتا رہا۔

    کمسن بچے پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر اے ایس پی ٹنڈوآدم ایاز حسین جتوئی اور ایس ایس پی سانگھڑ فرخ علی لنجار نے نوٹس لیا اور ایس ایچ او ٹنڈوآدم کو فوری ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔

    ایس ایچ او نے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا
    جبکہ متاثرہ بچے کے اہل خانہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

  • خانیوال میں پانچ سال کا بچہ تیزاب گردی کانشانہ بن گیا

    خانیوال میں پانچ سال کا بچہ تیزاب گردی کانشانہ بن گیا

    خانیوال: نامعلوم افراد نے خانیوال میں ایک بچے اور اس کے والد پر تیزاب پھینک دیا جس کے نتیجے میں دونوں باپ بیٹے بری طرح جھلس گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نامعلوم افراد نے گھر میں داخل ہوکر پانچ سال کے بچے پرتیزاب پھینک دیا، حملے میں بچے کاباپ بھی جھلس گیا۔

    ذرائع کا مطابق بچے کا نام عرفان ہے جبکہ اس کے والد کا نام اقبال بنایا جارہا ہے دونوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال خانیوال منتقل کیا گیا جہاں بچے کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

    بچے اور اس کے والد کو بعد ازاں سنگین حالت کے پیش نظر نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا گیا۔

  • زمیندار نے کمسن بچے کے ہاتھ کاٹ دئے

    زمیندار نے کمسن بچے کے ہاتھ کاٹ دئے

    گجرات: معمولی تنازعے پر بے رحم اور سفاک زمیندار نے دس سالہ معصوم بچے کے دونوں بازو قطع کردئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ دلخراش واقعہ گجرات کے نواحی گاؤں چک بھولا میں پیش آیا جہاں ایک مقامی زمیندار جس کی شناخت غلام مرتضیٰ عرف نومی کے نام سے ہوئی ہے، اس نے انتہائی بے رحمی سے دس سالہ معصوم بچے کے بازو گھاس کترنے کی مشین میں ڈال کر قطع کردئے۔

    بچے کی ماں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی تو کسی سے کسی بھی قسم کی کوئی دشمنی بھی نہیں تھی نجانے کیوں اس ظالم شخص نے انکے بچے کی زندگی برباد کردی۔

    دوسری جانب فسوس ناک امر یہ ہے کہ پولیس کی جانب سے انتہائی نوعیت کے حامل اس اہم واقعے میں کسی خاص ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا ہے اور زمیندار کو گرفتار کرنے کے باوجود تاحال نہ تو ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور نہ ہی قانونی کاروائی کا آگاز کیا گیا ہے۔

    مزید برآں اس مظلوم بچے کی بدنصیبی کہ جب اس کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا تو اس کو طبی امداد دینے کے لئے کوئی بھی موجود نہیں اور وہ معصوم بچہ تکلیف سے تڑپتا رہا۔

    پاکستان تحریک ِ انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا ہے اس طرح کے واقعات میں ملوث ملزمان کو جلد اور عبرت ناک سزا دینی چاہئے۔