Tag: MirWaiz Umer Farooq

  • مقبوضہ کشمیر:‌ بھارتی ایجنسی نے میر واعظ عمر فاروق کو تفتیش کے لیے نئی دہلی طلب کرلیا

    مقبوضہ کشمیر:‌ بھارتی ایجنسی نے میر واعظ عمر فاروق کو تفتیش کے لیے نئی دہلی طلب کرلیا

    سری نگر: بھارت کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی نے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو جھوٹے مقدمے کی تفتیش کے لیے نئی دہلی طلب کرلیا جبکہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے امراض قلب میں مبتلا یاسین ملک کو بھی قید تنہائی میں ڈال دیا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی آواز حقِ خودارادیت دبانے کے  لیے مودی سرکار نے مختلف حربے استعمال کرنا شروع کردیے جس کے بعد آزادی کے متوالوں کا جینا مشکل ہوگیا۔

    عارضہ قلب میں مبتلا حریت رہنما یاسین ملک کو کٹھ پتلی انتظامیہ نے قید تنہائی میں ڈال دیا اور اب اُن کے اہل خانہ کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ اہل خانہ کے مطابق یاسین ملک کی طبیعت ناساز ہے اور انہیں علاج کی اشد ضرورت ہے مگر انتظامیہ اُن کو اسپتال لے جانے پر راضی نہیں ہے۔

    حریت رہنماوں نے یاسین ملک پر مظالم کی شدید مذمت کی۔ دوسری جانب بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے میر واعظ عمر فاروق کو جھوٹے مقدمے میں نامزد کر کے تفتیش کے لیے پیر کو نئی دہلی طلب کرلیا جبکہ بقیہ حریت رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اُن کے گھروں پر بھارتی فوج چھاپے مارر ہی ہے۔

    دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتیٰ نے میر واعظ عمر فاروق کو مقدمے میں نامزد کر کے تفتیش کے لیے نئی دہلی بلانے پر کٹھ پتلی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’نیشنل سیکیورٹی ایجنسی نے میر واعظ کو مسلمان ہونے کی وجہ سے طلب کیا اور اُن پر علیحدگی پسند تنظیم کی قیادت کا الزام بھی عائد کیا، یہ قابل مذمت اقدام ہے‘۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر انہوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’میر واعظ عمر فاروق کشمیری مسلمانوں کے مذہبی اور روحانی لیڈر ہیں، اس طرح کے اقدامات سے بھارتی حکومت حقیقی مسائل کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے‘۔

    دو روز قبل میر واعظ عمر فاروق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا تھا کہ ’حکمرانوں کی جانب سے مسلسل دوسرے ہفتے بھی جامع مسجد سری نگر  میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی کردی گئی، شہرِ خاص میں سخت ترین  بندشں، مقامی افراد اپنے ہی گھروں کے اندر قید ہیں جبکہ حریت قیادت کو نظر بند یا پی ایس اے کے تحت مختلف زندان خانوں میں پابند سلاسل کیا جارہا ہے‘۔

    یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر پر قبضے کے بعد تاریخ میں پہلی بار ہے کہ بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی نے تفتیش کے لیے کسی بھی حریت رہنما کو طلب کیا۔

  • جمعے کی نماز جامع مسجد میں ہوگی، میر واعظ عمر فاروق

    جمعے کی نماز جامع مسجد میں ہوگی، میر واعظ عمر فاروق

    سری نگر: حریت رہنماء میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لگائے گئے کرفیو کے سبب کشمیری مسلمان 15 ہفتوں سے نماز جمعہ ادا کرنے سے قاصر ہیں تاہم آئندہ جمعے کی نماز ہر صورت جامع مسجد سری نگر میں ادا کی جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی جنتا پارٹی کے رہنماء یشونت سنہا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حریت رہنماء میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کے کرفیو کی وجہ سے کشمیری مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کرسکتے تاہم آئندہ جمعے کرفیو اور پابندیوں کے باوجود جامع مسجد سری نگر میں باجماعت نماز ہوگی۔

    پڑھیں:  بھارت کشمیرمیں جاری ظلم وبربریت کوفوری بندکرے،اوآئی سی

     انہوں نے اعلان کیا کہ ’’پابندیوں کے باوجود آئندہ جمعے کی نماز ہر صورت جامع مسجد سری نگر میں ادا کروں گا‘‘۔

    یاد رہے حریت رہنماء برہان مضطفر وانی کی زیر حراست شہادت کے بعد کشمیر میں ہزاروں افراد نے بھارتی تسلط کے خلاف احتجاج شروع کیا تاہم مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے قابض فوج کی جانب سے پیلٹ گنز سمیت دیگر گولیوں کا استعمال کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: کشمیری رہنما یاسین ملک کی حالت بدستور تشویشناک

    بھارتی فوج نے کشمیریوں کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے وادی میں کرفیو لگانے کا اعلان کیا جو تاحال جاری ہے جبکہ مختلف علاقوں میں بھارتی مظالم سے اب تک سینکڑوں نہتے کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔