Tag: mismanagement

  • عباسی شہید اسپتال کے تمام شعبے بند، مشینیں خراب

    عباسی شہید اسپتال کے تمام شعبے بند، مشینیں خراب

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے دوسرے بڑے اسپتال عباسی شہید کے حالات بدترین ہوگئے، تمام شعبے بند اور غیر فعال ہیں، وہاں آنے والے مریض دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی کے دوسرے بڑے اسپتال عباسی شہید کا حال برا ہے، اسپتال کے تمام شعبے بند پڑے ہیں۔

    اسپتال میں لاکھوں روپے مالیت کی ایکسرے مشین اور سی ٹی اسکین سے لے کر تمام مشینری خراب پڑی ہے، ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو جناح اسپتال اور سول اسپتال بھیج دیا جاتا ہے۔

    اسپتال کے باہر پریشان حال کھڑے مریضوں کا کہنا تھا کہ وہ سرکاری اسپتال میں مفت علاج کروانے آئے ہیں لیکن یہاں ادویات ہی نہیں، ہزاروں روپے کی ادویات باہر سے خریدنے کے لیے کہا جاتا ہے۔

    علاوہ ازیں لیبارٹریز بھی غیر فعال ہیں جس کی وجہ سے مہنگے ٹیسٹ کہیں اور سے کروانے کے لیے کہا جاتا ہے۔

    گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اسپتال کا دورہ کیا اور اسپتال کی حالت کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا تاہم مریضوں کا کہنا ہے کہ اس قسم کے وعدے پہلے بھی صاحبان اقتدار کی جانب سے کیے جاتے رہے ہیں لیکن اسپتال کی حالت میں تاحال کوئی بہتری نہیں آئی۔

  • بدانتظامی : جدہ ائیرپورٹ کے سی ای او کو برطرف کردیا گیا

    بدانتظامی : جدہ ائیرپورٹ کے سی ای او کو برطرف کردیا گیا

    کراچی : جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر غیرمعمولی رش اور پروازوں کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر کا معاملے پر ایئر پورٹ انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرلیا۔

    جدہ ایئرپورٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بد انتظامی کے الزام کے تحت کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ریان ترابزونی کو برطرف کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریان ترابزونی کی جگہ ایمن ابو ابہ کو جدہ ایئرپورٹ کا نیا سی ای او تعینات کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سی ای او کو تبدیل کرنے کا فیصلہ ائیر پورٹ مناسب طریقے سے چلانے اور انتظامی امور میں ناکامی پر کیا گیا۔

    بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس گزشتہ روز طلب کیا گیا تھا جس میں گزشتہ چند دنوں کے دوران ہوائی اڈے پر ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور ضروری مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    سعودی وزیر ٹرانسپورٹ صالح الجاسر نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گزشتہ دنوں ہونے والے غیر معمولی رش، افراتفری اور پروازوں کی کئی گھنٹے تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

    مزید پڑھیںں : جدہ ایئر پورٹ پر غیر معمولی رش کیوں؟ وجہ سامنے آگئی

    واضح رہے کہ عمرہ ادائیگی کے بعد مختلف ممالک کے زائرین کی سعودی عرب سے وطن واپسی کے موقع پر بے پناہ رش کے باعث فلائٹ شیڈول شدید متاثر ہوا تھا۔

    ایئر پورٹ پر سیکیورٹی چیکنگ اور مسافروں کی لمبی قطاریں لگنے کی وجہ سے امیگریشن کا عمل بھی بری طرح متاثر ہوا۔ جہازوں کی پارکنگ اور مسافروں کو جہاز تک پہنچانے کے لیے پل کی عدم دستیابی بھی تاخیر کی وجوہات میں شامل ہیں۔

  • حکومت کی اعلان کردہ سبسڈی والی اشیا یوٹیلٹی اسٹورز سے غائب

    حکومت کی اعلان کردہ سبسڈی والی اشیا یوٹیلٹی اسٹورز سے غائب

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے 19 اشیا کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز کو 2 ارب کی سبسڈی دینے کے دعوﺅں کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر مذکورہ اشیا غائب ہی ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے یوٹیلٹی اسٹورز پر سے سبسڈی والی اشیا غائب ہو گئیں۔ تیل اور گھی دستیاب نہ ہونے پر شہریوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

    شہریوں کے مطابق رمضان بچت بازاروں میں حکومت کی جانب سے سرکاری اسٹال بھی قائم کیے گئے جن پر سبسڈی دینے کا دعویٰ کیا گیا اور مارکیٹ سے کم ریٹ پر نرخ نامے بھی اسٹالوں پر موجود ہیں تاہم اشیا غائب ہیں۔

    ایک شہری کے مطابق سرکاری اسٹال پر موجود دکاندار نے بتایا کہ سرکاری نرخ پر صرف ایک کلو آلو اور ایک کلو پیاز حاصل کی جاسکتی ہے تاہم اگر آلو اور پیاز زیادہ مقدار میں چاہئیں تو وہ مارکیٹ ریٹ پر ملیں گے۔ اس موقع پر ایک بزرگ شہری اور دکاندار کے درمیان بحث بھی ہوئی تاہم ساتھ کھڑے روزے داروں نے معاملہ رفع دفع کروایا۔

    اسی طرح سرکاری اسٹال کے دکاندار چینی بھی صرف ایک کلو سرکاری نرخ پر دینے پر مصر ہیں۔

    دوسری جانب راولپنڈی کے رمضان بازاروں کے یوٹیلٹی اسٹورز میں سرکاری نرخ پر پیاز، گھی اور کوکنگ آئل موجود ہی نہیں۔

    شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ مہنگائی کو کنٹرول کریں اور منافع خوروں اور مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

  • کراچی : گورنر ہاؤس میں اسپورٹس ایوارڈ تقریب میں بد نظمی: صحافیوں کا بائیکاٹ

    کراچی : گورنر ہاؤس میں اسپورٹس ایوارڈ تقریب میں بد نظمی: صحافیوں کا بائیکاٹ

    کراچی : گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والی پاکستان اسپورٹس ایوارڈ کی تقریب وی وی آئی پی سیکیورٹی کے باعث بد نظمی کا شکار ہوگئی، ایوارڈ میں نامزد افراد اور صحافیوں نے بائیکاٹ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پہلے سالانہ اسپورٹس ایوارڈز میں منتخب ہونے والے افراد اور کھیلوں سے وابستہ صحافیوں نے گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والی تقریب کا بائیکاٹ کردیا جس کی وجہ بد نظمی بتائی جارہی ہے۔

    گورنر ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر مہمانوں اور میڈیا نمائندوں کو اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب وی وی آئی پی پروٹوکول کے باعث انہیں گورنر ہاؤس جانے سے روک دیا گیا۔

    تقریب میں مختلف کھیلوں کی معروف شخصیات، صحافی اور ان کے ساتھ آنے والی فیملیز کو ایک گھنٹے تک باہر روکے رکھا گیا، سیکیورٹی اہلکاروں کو مہمانوں کی مکمل فہرست بھی فراہم نہیں کی گئی تھی۔

    پاکستان کے نامور اسپورٹس جرنلسٹ رشید شکور جن کا نام اس سال ایوارڈ جیتنے والوں کی فہرست میں ہے وہ بھی اس تقریب میں شرکت سے محروم رہے، سیکیورٹی اہلکاروں نے ان کو بھی اندر جانے سے روک دیا،۔

    اس حوالے سے نمائندہ اے آر وائی نیوز شاہد ہاشمی جو اس ایونٹ میں جیوری کے ممبر بھی ہیں انہیں بھی اسی مشکل کا سامنا کرنا پڑا، ان کا کہنا ہے کہ انتطامیہ کا یہ اقدام وزیر اعظم عمران خان اور ان کے نئے پاکستان کے ویژن کی توہین ہے۔