Tag: missile

  • شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل تجربہ کرلیا

    شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل تجربہ کرلیا

    شمالی کوریا کی جانب سے مشرقی سمندر کی جانب ایک بیلسٹک میزائل فائر کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ شمالی کوریا کا اس سال کا پہلا بیلسٹک میزائل تجربہ ہے۔ میزائل تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکی وزیرِ خارجہ جنوبی کوریا کے دورے آئے ہوئے ہیں۔

    امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کی جانب سے بھی شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی مذمت کی گئی ہے۔

    اس سے قبل شمالی کوریا نے روس کیساتھ دفاعی معاہدے کی توثیق کرتے ہوئے 11 ہزار فوجیوں کو یوکرین کیخلاف روس میں تعینات کر دیا۔ معاہدے کے مطابق شمالی کوریا یا روس پر حملہ ہوتا ہے تو دونوں ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔

    ماسکو اور پیانگ یانگ کے درمیان بڑھے فوجی تعاون پر واشنگٹن نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    روئٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے تربیت کے لیے 1500 خصوصی فوجی دستے روس بھیج دیے ہیں، اور ممکنہ طور پر ان کو یوکرین کی جنگ میں لڑنے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔

    اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت، 200 فلسطینی شہید

    جنوبی کوریا کی نیشنل انٹیلیجنس سروس نے کہا کہ وہ یوکرین کی انٹیلیجنس سروس کے ساتھ کام کر رہی ہے، اور انھوں نے مشرقی یوکرین کے علاقے ڈونیٹسک میں اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے شمالی کوریائی فوجیوں کے چہروں کی شناخت کی ہے، یہ فوجی روسی میزائل بردار افواج کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

  • حزب الله کا اسرائيل پر پہلی بار طاقت ور میزائل حملہ

    حزب الله کا اسرائيل پر پہلی بار طاقت ور میزائل حملہ

    بیروت: حزب الله نے اسرائيل پر پہلی بار طاقت ور میزائل حملہ کیا ہے، لبنان سے برکان میزائل سے اسرائیلی فوج کو نشانہ بنایا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان کی حزب اللہ نے کہا کہ اس نے ہفتے کے روز لبنان کی سرحد پر اسرائیلی پوزیشنوں پر برکان میزائل سے حملے کیے، یہ میزائل 500 سے 2000 میٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق میزائل سے دو اسرائیلی فوجی چوکیاں تباہ ہو گئیں، جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی طیاروں نے بھی لبنان کی سرحد پر بمباری کی۔

    روئٹرز کے مطابق حزب اللہ کے حملوں سے واقف ایک لبنانی ذریعہ نے بتایا کہ اس گروپ نے ایک طاقت ور میزائل داغا تھا، جسے ابھی تک لڑائی میں استعمال نہیں کیا گیا تھا، اسرائیلی پوزیشنوں کو ایتا الشعب اور رمیخ کے دیہات سے نشانہ بنایا گیا۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد سے حزب اللہ لبنان-اسرائیلی سرحد پر اسرائیلی افواج کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کر رہی ہے۔

    لبنانی قصبے خیام کے رہائشی سہیل سلامی کی جانب سے روئٹرز کے ساتھ شیئر کی گئی ویڈیو میں خیام کے قریب پہاڑیوں پر دھوئیں کی دو موٹی لکیریں اٹھتی ہوئی دیکھی گئیں، اور بتایا گیا کہ یہ علاقہ اسرائیلی فضائی حملے کی زد میں آیا ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے گزشتہ ماہ حزب اللہ کو دوسرا جنگی محاذ کھولنے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا کرنے پر اسرائیل کی جانب سے ’ناقابل تصور‘ شدت کے جوابی حملے ہوں گے جو لبنان پر بڑی تباہی لے آئیں گے۔

  • شمالی کوریا کی جانب سے میزائل فائر، جاپانی جہازوں کو خبردار رہنے کی ہدایت

    شمالی کوریا کی جانب سے میزائل فائر، جاپانی جہازوں کو خبردار رہنے کی ہدایت

    سیئول: جنوبی کوریا نے شمالی کوریا پر بیلسٹک میزائل فائر کرنے کا الزام لگایا ہے، جاپانی کوسٹ گارڈ نے میزائل لانچ کی تصدیق کرتے ہوئے جہازوں کو خبردار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جنوبی کوریائی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے اتوار کے روز مشرقی سمندر میں ایک مشتبہ بیلسٹک میزائل داغا ہے۔

    اس سے قبل یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ پیانگ یانگ آبدوز سے لانچ کیے جانے والے بیلسٹک میزائل فائر کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

    یہ میزائل ٹیسٹ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کے مشترکہ مشقوں میں حصہ لینے کے لیے جنوبی کوریا پہنچنے کے بعد اور نائب صدر کملا ہیریس کے طے شدہ دورے سے قبل سامنے آیا ہے۔

    جاپانی کوسٹ گارڈ نے ٹوکیو کی وزارت دفاع کی معلومات کے حوالے سے ممکنہ بیلسٹک میزائل لانچ کی تصدیق کی، اور ہدایت جاری کی کہ ’بحری جہاز نئی معلومات کے لیے چوکس رہیں، اگر کوئی چیز نظر آتی ہے تو قریب جانے کی بجائے کوسٹ گارڈ کو مطلع کریں۔‘

    جاپان کے پبلک براڈکاسٹر نے کہا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ یہ آبجیکٹ جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر گرا ہے۔‘

    یاد رہے کہ جنوبی کوریا اور امریکی حکام کئی مہینوں سے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن ایک اور جوہری تجربہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

  • میزائل پاکستان میں کیسے داخل ہوا؟ وضاحت کافی نہیں، بھارت کو سوالات کے جوابات دینا ہوں گے، وزارت خارجہ

    میزائل پاکستان میں کیسے داخل ہوا؟ وضاحت کافی نہیں، بھارت کو سوالات کے جوابات دینا ہوں گے، وزارت خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت وضاحت کریں میزائل پاکستان میں کیسے داخل ہوا، اندرونی عدالتی تحقیقات کا فیصلہ کافی نہیں، پاکستان مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے میزائل کے حادثاتی فائرنگ کے سرکاری اعتراف کے بعد ترجمان وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نےبھارتی وزارت دفاع کےبیان کانوٹس لیاہے، بیان میں میزائل کی حادثاتی طور پر گرنے پر افسوس کا اظہار کیا گیا، اندرونی عدالتی تحقیقات کے فیصلے پر افسوس ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام کی جانب سے پیش کردہ سادہ وضاحت کافی نہیں ہے، بھارت کو کچھ سوالات کے جوابات دینا ہوں گے۔

    وزارت خارجہ نے کہا کہ بھارت کو حادثاتی میزائل لانچ اور روکنے کی طریقہ کار کی وضاحت کرنی چاہیے، میزائل کی قسم اور خصوصیات کو واضح طور پر بیان کرنے کی ضرورت ہے، میزائل کی پرواز کے راستے، رفتار کی وضاحت کرنی ہوگی۔

    ترجمان نے بھارت سے سوالات کئے کہ میزائل آخرکارکیسے مڑ کر پاکستان میں داخل ہوا؟ کیا میزائل خود کو تباہ کرنے کے طریقہ کار سے لیس تھا؟ کیاہندوستانی میزائلوں کو معمول کی دیکھ بھال کے تحت بھی لانچ کیلئے رکھا گیا ہے۔

    وزارت خارجہ نے مزید کہا پاکستان کی جانب سے وضاحت طلب کیے جانے تک تسلیم کرنے کا انتظارکیوں کیا؟ کیا واقعی میزائل کو اس کی مسلح افواج نے ہینڈل کیا تھا یا کچھ بدمعاش عناصرنے؟

    ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعہ سنگین نوعیت کی کئی خامیوں اورتکنیکی خامیوں کی نشاندہی کرتاہے، بھارت کااندرونی عدالتی تحقیقات کا فیصلہ کافی نہیں، پاکستان حقائق کا درست تعین کرنے کیلئے مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔

  • نئے ایرانی میزائل کے نام کی اسرائیلی اخبارات میں گونج

    نئے ایرانی میزائل کے نام کی اسرائیلی اخبارات میں گونج

    تہران: ایران نے ایک نیا میزائل تیار کر لیا ہے، جس کی رینج 1450 کلو میٹر ہے۔

    ایرانی، عرب اور اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے ایک نیا میزائل تیار کر لیا ہے جو ہدف کا 1450 کلومیٹر فاصلے تک تعاقب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    ایران نے بدھ کو جس میزائل کی رونمائی کی ہے، وہ اسرائیل اور امریکا کے علاقائی عسکری اڈوں کو رینج میں لا سکتا ہے، اس نئے میزائل کی رونمائی ایرانی فوجی حکام کے پاسداران انقلاب کے میزائل بیس کے دورے کے موقع پر کی گئی۔

    اسرائیلی اخبارات میں نئے ایرانی میزائل کے نام کی خصوصی گونج سنائی دی ہے، دی ٹائمز آف اسرائیل نے لکھا کہ میزائل کا نام ‘خیبر شکن’ رکھا گیا ہے، یہ ایک یہودی قلعے کا حوالہ ہے جسے اسلام کے ابتدائی دنوں میں مسلمانوں نے فتح کیا تھا۔

    اخبار نے مزید لکھا کہ میزائل مکمل طور پر ایران میں تیار شدہ ہے، اور پوری درستگی کے ساتھ ایک ہزار چار سو پچاس کلو میٹر (900 میل) تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

    اخبار نے لکھا کہ اس میزائل سے ایران خطے میں امریکی اڈوں کے ساتھ ساتھ اپنے دشمن اسرائیل کے اندر اہداف تک رسائی کرنے کے قابل ہو گیا ہے، ایران کے سرکاری ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ میزائل ٹھوس ایندھن سے چلنے والا ہے، اور میزائل شیلڈ سسٹم کو بھی شکست دے سکتا ہے۔

    دی یروشلم پوسٹ نے لکھا کہ زمین سے زمین پر مار کرنے والا نیا "خیبر شکن” میزائل جزیرہ نما عرب کے حجاز کے علاقے میں خیبر نامی ایک قدیم یہودی نخلستان کا حوالہ دیتا ہے جسے 7 ویں صدی میں مسلمانوں نے زیر کیا تھا۔

    واضح رہے کہ اسرائیل کا ایران سے قریب ترین مقام تقریباً ایک ہزار کلومیٹر (620 میل) کی دوری پر ہے۔

    میزائل کی تیاری کی یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب محض ایک دن قبل 2015 کے جوہری معاہدے کو بچانے کے لیے تہران اور واشنگٹن کے درمیان بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع ہو گئے ہیں۔

  • روس کا خوفناک انٹر سیپٹر میزائل کا کامیاب تجربہ

    روس کا خوفناک انٹر سیپٹر میزائل کا کامیاب تجربہ

    ماسکو: روس نے خوفناک انٹر سیپٹر میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، روس نے رواں ماہ ہائپر سونک اینٹی شپ کروز میزائل کا بھی کامیاب تجربہ کیا تھا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ روس کی ایرو اسپیس فورس نے قازقستان کے سری شگن گراؤنڈ میں ملک کے اینٹی بیلسٹک میزائل (اے بی ایم) کے دفاعی نظام کے ایک نئے میزائل کا کامیابی کے ساتھ تجربہ کرلیا ہے۔

    وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اے بی ایم سسٹم کے نئے انٹر سیپٹر میزائل نے متعدد تجربات میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا اور پہلے سے طے شدہ تصوراتی ہدف کو نشانہ بنایا۔

    روس کی وزارت دفاع نے گزشتہ برس 2 جولائی کو ایک نئے انٹر سیپٹر میزائل کے تجربے کے بارے میں اطلاع دی تھی۔

    خیال رہے کہ روس نے رواں ماہ نئے ہائپر سونک اینٹی شپ کروز میزائل کا بھی کامیاب تجربہ کیا تھا۔

    ہائپر سونک میزائل نے برنٹس سمندر میں 450 کلومیٹر کے فاصلے پر اپنے ہدف کو نشانہ بنایا اور ماک 8 کی رفتار کو چھوا جو آواز کی رفتار سے 8 گنا زیادہ ہے۔

  • پاک بحریہ کا اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

    پاک بحریہ کا اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

    اسلام آباد: پاک بحریہ نے سطح سمندر اور ہوا سے اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا، اینٹی شپ میزائل سطح سمندر اور ہوا سے فائرنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کی جانب سے شمالی بحیرہ عرب میں سطح سمندر اور ہوا سے اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اینٹی شپ میزائلز سطح سمندر اور ہوا سے فائرنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز، ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹر نے کامیابی سے اپنے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔

    ترجمان کے مطابق میزائلز فائرنگ کا شاندار مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور حربی تیاریوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے میزائلز فائرنگ کا مشاہدہ کیا، نیول چیف امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، پاک بحریہ کے جوان اور آفیسرز ملک کی سمندری سرحدوں اور بحری اثاثوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

  • روس کا ہائپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ

    روس کا ہائپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ

    ماسکو: روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے نئے ہائپر سونک اینٹی شپ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، روسی صدر نے کہا ہے کہ ایسے ہتھیار سے ہماری ریاست کی دفاعی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق روسی فوج کا کہنا تھا کہ منگل کی صبح بحر اسود میں ایڈمرل گورشکوف فریگیٹ نے سرکون میزائل فائر کیا جس نے اپنے ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔

    روسی فوج کے جنرل اسٹاف کے سربراہ والری گراسیموف نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو بتایا کہ یہ پہلا موقع تھا جب میزائل نے سمندر پر کسی ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا تھا۔

    والری گراسیموف نے بتایا کہ اس میزائل برنٹس سمندر میں 450 کلومیٹر کے فاصلے پر اپنے ہدف کو مارا اور ماک 8 کی رفتار کو چھوا جو آواز کی رفتار سے 8 گنا زیادہ ہے۔

    روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا کہنا تھا کہ سرکون کی آزمائشی فائرنگ نہ صرف ہماری مسلح افواج کی زندگی میں بلکہ پورے روس کے لیے ایک عظیم واقعہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے ہتھیار سے ہماری ریاست کی دفاعی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔

  • ایران نے جدید ترین بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی

    ایران نے جدید ترین بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی

    تہران: ایران نے ذوالفقار بصیر نامی بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی، آپٹیکل سرچ وار ہیڈ سے لیس یہ میزائل 700 کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے سربراہ محمد باقر قالیباف اور کمانڈر ان چیف میجر جنرل حسین سلامی کی موجودگی میں ذوالفقار بصیر نامی بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی گئی۔

    آپٹیکل سرچ وار ہیڈ سے لیس یہ میزائل 700 کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی سائنسدانوں نے فضا سے فضا، زمین سے فضا، زمین سے زمین، سطح سمندر سے سمندر، ساحل سے سمندر اور سمندر کے اندر مار کرنے والے میزائلوں اور تار پیڈو کی طاقت اور توانائی میں زبردست اضافہ کیا ہے اور ایرانی مسلح افواج، ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لا رہی ہیں۔

    اس وقت ایران کے پاس مختلف قسم کے کروز میزائل ہیں جن میں قادر، ظفر، کوثر، نور، قدیر، نصرو، نصرِ بصیر اور سومار شامل ہیں، ان میزائلوں کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ تمام میزائل گاڑی یا آبدوز سے چلائے جا سکتے ہیں۔

    بعد ازاں ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے ایک ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8 سالہ دفاع مقدس کے بعد واضح ہوگیا کہ اگر دشمن ایران کے خلاف جنگ شروع کرے تو اسے ختم کرنا دشمن کا کام نہیں ہے۔

  • پاکستان نے شاہین ون میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا

    پاکستان نے شاہین ون میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاکستان نے شاہین ون میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، یہ میزائل 650کلومیٹر تک وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے شاہین ون میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا، میزائل تجربے کے دوران مختلف اہداف حاصل کیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شاہین ون میزائل 650کلو میٹر تک وارہیڈلے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، تجربے کا مقصد کم ازکم دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ تھا، تجربے کے وقت ڈی جی اسٹریٹجک پلانز ڈویژن موجود تھے۔

    پاکستان اپنے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ہرممکن صلاحیت رکھتا ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان نے رواں سال اگست میں زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا تھا، غزنوی میزائل 290کلومیٹر تک مختلف نوعیت کے وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    پاکستان کا نصربیلسٹک میزائل کا ایک اور کامیاب تجربہ

    اس سے قبل جنوری میں پاکستان نے نصربیلسٹک میزائل کا ایک اور کامیاب تجربہ کیا تھا، تجربے کے دوسرے مرحلے میں دوران پرواز اور ہدف تک پہنچنے میں صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔