Tag: missing children

  • ایئرپورٹس پر نئے انٹرپول سسٹم کے نفاذ کے بعد پہلی تاریخی کارروائی، لاپتا بچے بازیاب

    ایئرپورٹس پر نئے انٹرپول سسٹم کے نفاذ کے بعد پہلی تاریخی کارروائی، لاپتا بچے بازیاب

    کراچی: ایئرپورٹس پر نئے انٹرپول سسٹم کے نفاذ کے بعد پہلی تاریخی کارروائی میں 2 لاپتا بچے بازیاب ہو گئے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق پاکستانی ایئرپورٹس پر انٹرپول سسٹم کی آئی بی ایم ایس کے ساتھ نفاذ کے بعد ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے لاپتا ہونے والے 2 بچوں کو پاکستان پہنچنے پر تحویل میں لے لیا۔

    ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایت پر آئی بی ایم ایس سسٹم کے ساتھ ہوائی اڈوں پر نئے انٹرپول سسٹم کا نفاذ کیا گیا تھا۔

    بچوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر بشکیک سے پہنچنے پر تحویل میں لیا گیا، بچوں کی گمشدگی کی اطلاع پنجاب پولیس کی جانب سے دی گئی تھی، اور گمشدگی کا مقدمہ سال 2022 میں تھانہ برکی لاہور میں درج کیا گیا تھا، ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے بچوں کو متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا۔

    بچوں کی شناخت محمد حذیفہ اور احمد عمیس عابد کے نام سے ہوئی ہے، انٹرپول پاکستان نے بچوں کی گمشدگی کے حوالے سے ییلو نوٹسسز جاری کیے تھے، نئے نفاذ ہونے والے سسٹم کی بدولت گمشدہ بچوں کی بازیابی ممکن ہوئی۔

    نئے سسٹم کی بدولت امیگریش ڈیٹا بیس کو انٹرپول کے ڈیٹا بیس سے منسلک کیا گیا ہے، اس سسٹم کی بدولت گمشدہ بچوں، چوری شدہ پاسپورٹس اور پوری دنیا کو سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کو پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا جا سکے گا۔

    رواں سال اپریل میں انٹرپول فائنڈ سسٹم کا نفاذ عمل میں لایا گیا تھا، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، ایف آئی اے ترجمان کے مطابق کامیاب کارروائی انٹرپول اسلام آباد اور ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد کے درمیان قریبی ورکنگ ریلیشن شپ کی وجہ سے ممکن ہوئی۔

  • گمشدہ بچوں کی تلاش: 15 مددگار کو صارم برنی ٹرسٹ سے منسلک کرنے کا فیصلہ

    گمشدہ بچوں کی تلاش: 15 مددگار کو صارم برنی ٹرسٹ سے منسلک کرنے کا فیصلہ

    کراچی: لاپتا اور گمشدہ بچوں کی تلاش میں مدد کے لیے 15 مددگار کو صارم برنی ٹرسٹ سے منسلک کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گمشدہ بچوں کی تلاش کے سلسلے میں ایک اہم قدم سامنے آیا ہے، ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے صارم برنی ٹرسٹ کا دورہ کر کے فلاحی خدمات میں سیکیورٹی ڈویژن کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

    ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کا کہنا تھا کہ مددگار ون فائیو صارم برنی ٹرسٹ کے ساتھ مل کر عوامی خدمات کا دائرہ کار وسیع کرے گی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے لاپتا اور گمشدہ بچوں کا سراغ لگائے گی۔

    ڈاکٹر مقصود احمد کے مطابق صارم برنی ٹرسٹ عنقریب ایک موبائل ایپلیکیشن کا بھی افتتاح کر رہا ہے، جسے مددگار ون فائیو کے ساتھ لنک کیا جائے گا۔

    ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے شیلٹر ہوم کا بھی دورہ کیا، اس دوران بزرگوں اور بچوں سے ملے اور ان کی داد رسی کی، ان کا کہنا تھا کہ جب ہم غم زدہ لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں تو روحانی سکون اور اطمینان محسوس کرتے ہیں۔

    ڈی آئی جی سیکیورٹی کے مطابق سندھ پولیس خاص طور پر سیکیورٹی ڈویژن نے اپنی خدمات میں مصروف ہے، اس کے ساتھ معاشرے میں ہونے والی سماجی نا انصافیوں پر بھی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔

    صارم برنی کا کہنا تھا کہ ٹرسٹ لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق دلوانے کے لیے ہے، ہم ان کے حالات زندگی کو بہتر بنانے، اور انھیں انصاف دلوانے کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔