Tag: Missing Girl

  • عید کی چھٹیوں میں کراچی میں پلے لینڈ سے لڑکی لا پتا

    عید کی چھٹیوں میں کراچی میں پلے لینڈ سے لڑکی لا پتا

    کراچی: شہر قائد سے ایک اور لڑکی پر اسرار طور پر لاپتا ہو گئی ہے، ریحانہ نامی لڑکی عید کے پانچویں دن ایک پلے لینڈ سے اچانک غائب ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ریحانہ نامی ایک لڑکی عید کے پانچویں روز اچانک غائب ہو گئی ہے، جس کا تاحال کوئی پتا نہیں لگ سکا ہے، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ عید کی چھٹیوں پر گھومنے کے لیے کلفٹن آئے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔

    اہل خانہ کے مطابق لڑکی کلفٹن پلے لینڈ ایریا میں فیملی کے ساتھ گھومنے آئی اور اچانک غائب ہو گئی، اہل خانہ نے کہا کہ انھوں نے ون فائیو پر فوری اطلاع دے دی تھی، اور 6 دن تک تھانوں کے چکر بھی کاٹتے رہے، لیکن پولیس مقامی تھانے بھیجتی تو وہاں کی پولیس کلفٹن تھانے بھیج دیتی۔

    لڑکی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ریحانہ کی گم شدگی پر ایک ہفتہ بعد بوٹ بیسن تھانے میں اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان کا لڑکی کے اہل خانہ سے رابطہ ہوا ہے، اور انھیں لڑکی کے اغوا کے معاملے میں ایک شخص پر شک بھی ہے، تاہم واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • فیصل آباد میں سفاکیت کی انتہا، لڑکی کو قتل کرنے کے بعد نہر میں پھینک دیا گیا

    فیصل آباد میں سفاکیت کی انتہا، لڑکی کو قتل کرنے کے بعد نہر میں پھینک دیا گیا

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد میں تالاب سے لاپتا لڑکی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

    پولیس کے مطابق نواحی علاقے اعظم آباد سے چند روز قبل لڑکی لاپتہ ہوئی تھی، جس کی لاش اچکیرہ میں تالاب سے مل گئی۔

    پولیس کی جانب سے جاری ابتدائی بیان کےمطابق لڑکی کو خورشید ، اسحاق اور ساتھیوں نے ملازمت دلانے کے بہانے بلایا اور مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر کے لاش تالاب میں پھینک دی۔

    واقعے کے بعد سے ملزمان فرار ہیں جن کی تلاش کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: گیم میں دوستی پھر شادی کا جھانسہ، لڑکی مبینہ زیادتی کا شکار

    دوسری جانب لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب سمیت اعلیٰ حکام سے فوری انصاف کی اپیل کی ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں بچوں سمیت لڑکیوں سے مبینہ زیادتی کے واقعات تیزی سے رپورٹ ہورہے ہیں، گذشتہ ماہ لاہور میں جنسی زیادتی کا واقعہ سامنے آیا تھا، جہاں پب جی گیم پر دوستی کرنے والی لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا تھا۔

    اکتوبر میں ڈی جی خان میں نجی تعلیمی اکیڈمی میں طالبات سے مبینہ زیادتی کی ویڈیوز نے سنسنی پھیلائی تھی، جہاں طالبات کو مختلف حیلے بہانوں سے اکیڈمی میں لا کر انہیں مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا تھا اور پھر بلیک میل کیا جاتا تھا۔

    ستمبر میں پنجاب کے ضلع بہاولنگر کی تحصیل منچن آباد میں 12 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

  • بھارتی والدین نے اپنے ساتھ پولیس کو بھی حواس باختہ کردیا

    بھارتی والدین نے اپنے ساتھ پولیس کو بھی حواس باختہ کردیا

    دبئی : والدین نے بیٹی کو گھر میں نہ پاکر پورا شہر سر پر اٹھا لیا لیکن کئی گھنٹوں بعد جب حقیقت آشکار ہوئی تو پولیس بھی سر پکڑ کر بیٹھ گئی۔

    اُردو کے مشہور محاورے "بچہ بغل میں اور ڈھنڈورا شہر میں” کے مصداق کچھ ایسا ہی معاملہ دُبئی میں بھی پیش آیا ہے جہاں بھارتی والدین نے اپنی کم سن لڑکی کے گھر میں نظر نہ آنے پر حواس باختہ ہو کر پولیس کو رپورٹ درج کرادی۔

    دُبئی پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صبح کی سیر کو جانے والی اُم سقیم کی رہائشی15سالہ بھارتی لڑکی ہیرینی کیرانی لاپتہ ہو گئی تھی۔ والدین سمجھتے رہے کہ ان کی بچی اغوا ہو گئی ہے یا ناراض ہو کر کہیں دُور چلی گئی ہے۔

    رپورٹ کے اندراج کے بعد پولیس اہلکار بچی کو17گھنٹے تک آس پاس کے علاقوں میں تلاش کرتے رہے، سوشل میڈیا پر لڑکی کی گمشدگی کے اشتہارات بھی لگائے گئے۔

    اس کے علاوہ شہر کے تمام بڑے اخبارات پر بھی لاپتہ ہونے کی خبریں شائع ہوگئیں اور آخرکار 17 گھنٹوں بعد یہ بات سامنے آئی کہ15 سالہ لڑکی گھرسے باہر ہی نہیں گئی تھی بلکہ والدین سے کسی بات پر ناراض ہو کر چھت پر جاکر چھُپ گئی تھی۔

    ذرائع کے مطابق صبح چھ بجے سے رات ساڑھے گیارہ تک یہ لڑکی گھر کی چھت پر ہی چھُپی رہی، اور اس کے والدین اور پولیس پورے شہر میں تلاش کرکے ہلکان ہوتی رہی۔

    ہیرینی نے پولیس کو بتایا کہ اس بار اس کے امتحانات میں نمبر کم آئے تھے، جس پر ناراض والدین نے اس کا موبائل فون چھین لیا تھا وہ اپنے والدین کی اس سختی پر ناراض تھی اور گھر کی چھت پر جا کر بیٹھی رہی۔

  • بہادر کتا گھر کا راستہ بھول جانے والی 4 سالہ بچی کی حفاظت کرتا رہا

    بہادر کتا گھر کا راستہ بھول جانے والی 4 سالہ بچی کی حفاظت کرتا رہا

    امریکا میں 4 سالہ بچی جنگل میں بھٹک گئی، اس کے ساتھ موجود وفادار کتا پولیس کے وہاں پہنچنے اس کی حفاظت کرتا رہا۔

    امریکی ریاست الباما کی رہائشی 4 سالہ ویڈی اپنے گھر کے لان سے 70 سالہ آیا کی نظر بچا کر باہر نکلی اور قریب موجود جنگل میں جا کر کھیلنے لگی تاہم اس کے بعد واپسی کا راستہ بھول گئی۔

    اگلے دو دن تک بچی کا کوئی سراغ نہ ملا، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے سینکڑوں اہلکار اور رضا کار ڈرونز اور گھوڑوں کی مدد سے اسے تلاش کرتے رہے اور بالآخر 48 گھنٹوں بعد اس تک پہنچ گئے۔

    ایک رضا کار کے مطابق وہ کتے کے بھونکنے کی آواز سے اس تک پہنچے تو دیکھا کہ کتا بچی کی حفاظت کے لیے چوکس کھڑا تھا، تاہم لوگوں کی بڑی تعداد اپنی طرف آتا دیکھ کر وہ بھاگ نکلا۔

    پولیس کے مطابق بچی کے جسم پر جھاڑیوں سے لگنے والی معمولی خراشیں ہیں، ان کے علاوہ وہ مکمل طور پر محفوظ ہے۔

    بچی کی بحفاظت تلاش کے بعد اس کے اہلخانہ نے پولیس اور تمام رضا کاروں کا شکریہ ادا کیا۔ بچی کی دادی کا کہنا ہے کہ ان کا بہادر اور وفادار کتا بھی چند گھنٹوں بعد گھر لوٹ آیا ہے۔