Tag: missing parrot

  • پولیس نے ڈیڑھ لاکھ کا لا پتا طوطا کیسے ڈھونڈا؟

    پولیس نے ڈیڑھ لاکھ کا لا پتا طوطا کیسے ڈھونڈا؟

    حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد میں پولیس نے ایک لاکھ 30 ہزار کا لا پتا طوطا آخرکار ڈھونڈ نکالا اور اسے مالک کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے جوبلی ہل اسٹیشن کی حدود میں لاپتا ہونے والے ایک مہنگے طوطے کو پولیس نے ایک دن کے اندر اندر بازیاب کرایا اور اسے اس کے حقیقی مالک کے حوالے کر دیا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق جوبلی ہلز میں کافی شاپ چلانے والے رہائشی نریندر چاری نے آسٹریلوی نسل کا 4 ماہ کا طوطا 1 لاکھ تیس ہزار روپے میں خریدا تھا، تاہم 22 ستمبر کو خوراک کھلانے کے دوران وہ پنجرے سے اڑ کر چلا گیا۔

    نریندر چاری نے 24 ستمبر کو جوبلی ہلز پولیس میں شکایت درج کروائی، اور طوطے کی ایک تصویر بھی پولیس کے حوالے کی، پولیس نے یہ تصویر مقامی پرندوں اور جانوروں کے ڈیلرز کو بھیج دی۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک شخص نے ایراگڈہ میں اس طوطے کو 30 ہزار میں فروخت کیا ہے، پھر اُس شخص نے ایک اور شخص کو یہ طوطا 50 ہزار روپے میں فروخت کر دیا، اُس شخص نے بھی واٹس ایپ اسٹیٹس پر تصویر ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ اس طوطے کو 70 ہزار روپے میں فروخت کرنا چاہتا ہے۔

    تاہم جوبلی ہلز میں پالتو جانوروں کی دکان کے منیجر نے پولیس کو اطلاع دے دی، پولیس نے اس شخص کا پتا چلا کر طوطا قبضے میں لے کر نریندر چاری کے حوالے کر دیا۔

  • طوطا گم ہونے پر مالک نے شہر میں پوسٹرز لگوا دیے

    طوطا گم ہونے پر مالک نے شہر میں پوسٹرز لگوا دیے

    پرندے پالنے والے لوگ اچھی طرح واقف ہوں گے کہ اگر ان کا پرندہ کہیں گم ہوجائے تو وہ افسردہ ہوجاتے ہیں اور اگر اسے کوئی لاکر دے دے تو خوشی کی انتہا نہیں رہتی۔

    ایسا ہی ایک واقعہ بھارتی ریاست کرناٹک کے علاقے تماکورو میں پیش آیا جہاں ایک بھارتی شہری نے افریقی طوطا گم ہونے پر شہر میں پوسٹرز لگوا دیے اور اسے ڈھونڈ کر لانے والے شخص کے لیے انعام کا بھی اعلان کیا۔

    ارجن نامی شخص کا پالتو طوطا ’رستم‘ 16 جولائی کو اپنے گھر سے اڑ کر تقریباً 3 کلومیٹر دور چلا گیا تھا ان کو طوطے کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور انہوں نے اسے ڈھونڈنے پر 50 ہزارروپے کا نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔

    رپورٹ کے مطابق طوطا ارجن کے پاس پچھلے ڈھائی سال سے تھا اور وہ اس کی ہر سال سالگرہ بھی مناتے تھے۔

    طوطے کے گم ہونے پر وہ اس قدر غمگین تھے کہ انہوں نے اس کی گمشدگی اور اس کی تلاش پر نقد انعام کے پوسٹرز بھی شہر میں چھپوا دیے تھے۔

    تاہم ایک شخص نے اگلے ہی روز طوطے کو پکڑ کر مالک کے حوالے کر دیا جس کا کہنا تھا کہ طوطا بہت بدحال اور کمزور حالت میں تھا۔

    ارجن نے طوطے کے دوبارہ ملنے کی خوشی میں اس شخص کو 50 ہزار کے بجائے 85 ہزار روپے بطور انعام دیے اور اس کا شکریہ بھی ادا کیا۔