کرک: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع کرک میں پولنگ کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پی ٹی آئی ایم این اے شاہد خٹک کے قریبی رشتے دار اور ذاتی محافظ جاں بحق ہوگیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پولنگ کے دوران حدہ بانڈہ میں پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہوئے، جاں بحق افراد کی شناخت عابد علی اور نجات کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد پی ٹی آئی کر رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک کے کزن تھے جبکہ نجات پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کا ذاتی محافظ بھی تھا، فائرنگ سے چھ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہائی اسکول تخت نصرتی کے قریب پیش آیا، افسوسناک واقعے کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیکر آپریشن شروع کردیا ہے۔
واضح رہے کہ کے پی میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں آج ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ووٹنگ کے آغاز سے ہی مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان سخت نعرے بازی، دھکم پیل کے واقعات رونما ہورہے تھے۔
تاہم جوں جوں پولنگ ختم ہونے کا وقت قریب آیا، سیاسی کارکنان کے درمیان نوک جھونک کا سلسلہ تیز ہوتا چلا گیا ہے، کئی پولیس اسٹیشنز پر پولیس نے کارکنان کو منشتر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی ہے۔