Tag: mobile

  • اپنے موبائل فون کی خود مرمت کریں، نہایت آسان طریقہ

    اپنے موبائل فون کی خود مرمت کریں، نہایت آسان طریقہ

    موبائل فون کے استعمال کے دوران اس میں چھوٹی موٹی خرابیاں پیدا ہوجانا کوئی انہونی بات نہیں کیونکہ جو چیز استعمال ہوگی تو وہ خراب بھی ہوگی۔

    ہم میں سے اکثر لوگ گھر کی اشیاء خراب ہونے پر خود ہی ٹھیک کرلیتے ہیں تاہم بہت بڑی خرابی ہو تو پھر کسی ماہر کاریگر کو معاوضہ دے کر اس چیز کو ٹھیک کرایا جاتا ہے۔

    ایسا ہی معاملہ موبائل فون کا بھی ہے جس میں چھوٹی چھوٹی خرابی ہوجاتی ہے تو کوشش کریں کہ اسے خود ہی ٹھیک کرلیں، اس میں پریشانی یا کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں۔

    موبائل فون کا اسپیکر خراب ہونا یا پھر اس سے آواز نہ آنا وہ عام مسائل ہیں جن کی وجہ سے موبائل ریپئیرنگ میں ہمارے ہزاروں روپے ضائع ہوجاتے ہیں، آج ہم آپ کو ایسا آسان طریقہ بتانے جارہے ہیں جس سے آپ کا موبائل انتہائی کم پیسوں میں ٹھیک ہوجائے گا۔

    عام طور پر اسپیکر یا موبائل کے ائیر اسپیکر میں کچرا پھنس جاتا ہے جس کی وجہ سے یا تو آواز آنا بند ہوجاتی ہے یا کم ہوجاتی ہے۔

    اس کو ٹھیک کرنے کے یوں تو کافی طریقے ہیں لیکن ان سے موبائل اندر سے ڈیمیج ہوسکتا ہے جبکہ کچھ طریقہ کار ایسے ہیں جن سے کچرا مزید اندر چلا جاتا ہے اور کبھی نہیں نکلتا۔

    موبائل فون کے ائیر اسپیکر کی صفائی کرنے کے لئے سلائم جیل کی ٹیوب لے لیں. اس جیل کو نکال کو موبائل کے تمام اسپیکرز پر اچھی طرح لگا دیں. جیل اندر بھی چلا جائے تو پریشانی کی بات نہیں۔

    15 منٹ تک موبائل کو ایسے ہی چھوڑ دیں اور پھر احتیاط سے جیل ایسے نکالیں کے تمام سوراخوں سے بھی نکل آئے. اس سلائم سے فون اچھی طرح دبا دبا کر صاف کریں. سلائم ساری گندگی اپنے اندر کھینچ کر صاف کر دے گا اور فون کی اواز صاف ہو کر تیز ہوجائے گی۔

  • موبائل فون سے یہ سنگین غلطی بالکل نہ کریں

    موبائل فون سے یہ سنگین غلطی بالکل نہ کریں

    ملک میں مختلف مقامات پر گرمی کی شدت کی اطلاعات ہیں اور کچھ ہی دنوں میں برسات کا موسم بھی اپنی آب و تاب کے ساتھ جلوہ افروز ہوگا۔

    ایسے میں شہریوں کو اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ بارش کے دنوں میں اپنے اسمارٹ فون کو کیسے استعمال کرنا ہے؟

    موسم برسات میں جہاں موسم خوشگوار ہوجاتا ہے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوتی ہے تو ساتھ ہی بجلی گرنے کی بھی اطلاعات گردش کرتی ہیں یہ کوئی انہونی بات نہیں کیونکہ یہ ایک روٹین کی بات ہے۔

    لیکن ہمیں اس بات کا خیال رکھنا ہے کہ ان حالات میں اپنے موبائل فون سے جتنا دور رہیں اتنا اچھا ہے اور صرف بوقت ضرورت ہی اسے استعمال کریں،

    اگر آپ آندھی طوفان میں بجلی چمکنے اور گرجنے کے دوران اسمارٹ فون پر بات کرتے ہیں تو یہ بہت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، آپ کے فون کو نقصان پہنچانے کے علاوہ یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

    جی ہاں! آج کے دور میں اسمارٹ فون ہر فرد کے لیے بہت ضروری ہو گیا ہے، لیکن آپ کو بتاتے چلیں کہ جب بھی آسمانی بجلی گرتی ہے تو کھُلے میدانوں میں زیادہ گرتی ہے۔

    اس سے میدانوں اور کھیتوں میں کام کرنے والے کسان خطرے میں پڑجاتے ہیں، اس کے علاوہ اگر آپ آسمانی بجلی گرنے کے دوران اسمارٹ فون استعمال کررہے ہیں تو یہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

    یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کرلیں کہ کھلے آسمان تلے اسمارٹ فون استعمال کرنا خطرے سے خالی نہیں کیونکہ اس کی ایک سائنسی وجہ بھی ہے۔

    ماہرین کے مطابق جب ہم اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں تو الٹرا وائڈ شعاعیں تیزی سے باہر آتی ہیں یہ موبائل فون سے نکل کر آسمانی بجلی کو اپنی طرف کھینچ لیتی ہیں۔

    ایسے میں ماہرین کا خیال ہے کہ جب بھی آسمانی بجلی گرے تو موبائل فون کو فوراً بند کر دینا چاہیے، موبائل فون کے ساتھ ساتھ گھر میں استعمال ہونے والی دیگر الیکٹرونکس اشیاء جن میں ٹی وی، فریج، کولر، پریس، ریڈیو اور دیگر شامل ہیں ان کا استعمال بھی ترک کردینا ضروری ہے۔

  • میڈیکل اسٹور پر دوا لینے آئیں خاتون دکان دار کا موبائل اٹھا کر چلتی بنیں

    میڈیکل اسٹور پر دوا لینے آئیں خاتون دکان دار کا موبائل اٹھا کر چلتی بنیں

    نئی دہلی: بھارت میں ایک میڈیکل اسٹور پر دوا لینے آئیں خاتون دکان دار کا موبائل فون اٹھا کر چلتی بنیں، دکان دار ان کی ہوشیاری سے لاعلم رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر سیتا پور میں پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میڈیکل اسٹور پر کھڑی خاتون دوا لے رہی ہیں۔

    لیکن اس دوران نہایت مہارت سے وہاں رکھا موبائل فون اٹھا لیتی ہیں اور اس کے بعد چلی جاتی ہیں۔

    دکان دار کو خاتون کی ہوشیاری کا علم نہیں ہوسکا، دکان پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے نے سارا واقعہ ریکارڈ کرلیا جس کے بعد ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کردیا گیا۔

  • سپریم کورٹ نے موبائل فون کارڈز پر تمام ٹیکس بحال کردیے

    سپریم کورٹ نے موبائل فون کارڈز پر تمام ٹیکس بحال کردیے

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے موبائل فون کارڈ پرتمام ٹیکسزبحال کر دیے.

    تفصیلات کے مطابق اب 100 روپے کے کارڈ پر100 روپے کا بیلنس نہیں ملے گا، موبائل فون کارڈ پرتمام ٹیکسز بحال ہوگئے، عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے 12جون کوجاری حکم امتناع واپس لے لیا.

     سماعت کےدوران ریمارکس میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نےکہا کہ قانون میں لکھاہے کہ ٹیکس وہی دے گا، جس پر لاگو ہو، قانون کےمطابق ٹیکس دینے یا نہ دینےکافیصلہ عوام پر چھوڑا گیا ہے، ایسا لگتا ہےکہ قانون کےذریعےہم جھوٹ بولنےکی ترغیب دے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ 3 مئی کو سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے موبائل کارڈ کے ریچارج پر رقم کی کٹوتی کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے تمام موبائل کمپنیوں کو نوٹس جاری کئے تھے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ 100روپے کے کارڈ یا بیلنس پر 40 روپے کاٹ لیے جاتے ہیں، اتنا زیادہ ٹیکس کس قانون کے تحت اورکس مد میں لیا جاتا ہے؟

    خیال رہے کہ پاکستان میں موجود موبائل فون کمپنیاں 100 روپے کے ری چارج پر 40 روپے کی کٹوتی کرتی تھیں جس میں سروس چارجز اور ٹیکس کی رقم شامل تھے، صارفین کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ کمپنیوں کی جانب سے کٹوتی پر جواب طلب کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: موبائل فون صارفین کو سو روپے کے کارڈ پر سو روپے کا بیلنس ملتا رہے گا

    یاد رہے چیف جسٹس آف پاکستان نے 11 جون کو موبائل فون کارڈز پر وصول کئے جانے والے ٹیکسز معطل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کمپنیوں کو دو روز کی مہلت دی تھی۔ اس سے قبل سماعت میں سپریم کورٹ نے موبائل کارڈ ز پر کئی قسم کے ٹیکس پیسہ ہتھیانے کا غیر قانونی طریقہ قرار دیا تھا۔

    چیف جسٹس کے حکم کے بعدموبائل کمپنیوں نے 100 روپے کے کارڈ پر 100 روپے کا بیلنس دینے کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ محکمے کو کمپنیوں کے ساتھ مل کر فریم ورک تشکیل دینے کا حکم جاری کیا تھا۔

  • سال 19-2018: پہلے 7 ماہ میں موبائل کی درآمد میں اضافہ

    سال 19-2018: پہلے 7 ماہ میں موبائل کی درآمد میں اضافہ

    اسلام آباد: رواں مالی سال 19-2018 کے پہلے 7 ماہ میں موبائل کی درآمد میں اضافہ دیکھا گیا، رواں سال 7 ماہ میں 60 ارب سے زائد مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بیورو شماریات کا کہنا ہے کہ رواں سال کے پہلے 7 ماہ 55 ارب مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے، گزشتہ7 ماہ میں موبائل فون کی درآمد میں 13.13 فیصد اضافہ ہوا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ سال 7 ماہ میں 48.71 ارب کے موبائل فون درآمد کیے گئے تھے جبکہ رواں سال 7 ماہ میں 42 کروڑ 38 لاکھ ڈالر (60 ارب 22 کروڑ سے زائد) مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے موبائل کی درآمدی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان بیورو شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے بھی اعداد و شمار جاری کیے ہیں جن کے مطابق نئے مالی سال 19-2018 کے آٹھویں ماہ فروری کے دوسرے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    بیورو شماریات کا کہنا ہے کہ 15 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زندہ مرغی، ٹماٹر، کیلے، گندم، آٹا، مسٹرڈ آئل، مٹن، بیف، ویجی ٹیبل گھی، چینی، گڑ اور دال مسور سمیت 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق انڈے، لہسن ،خوردنی تیل، آلو، پیاز، دال ماش، چنے کی دال، دال مونگ، سرخ مرچ اور ایل پی جی سمیت 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

  • ایک روپے میں 35 جی بی موبائل انٹرنیٹ روزانہ

    ایک روپے میں 35 جی بی موبائل انٹرنیٹ روزانہ

    نئی دہلی: اسمارٹ فون والے صارفین انٹرنیٹ ضرور استعمال کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ مختلف ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے اپنے کسٹمرس کے لیے سستے ترین پیکج متعارف کرائے جاتے ہیں۔

    ٹیلی کمیونیکشن ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کے لیے اپنے صارفین کو نت نئی اور سستی کال، میسج اور انٹرنیٹ سروس کے پیکج فراہم کرتی ہیں اسی طرح بھارت کی ایک سرکاری ٹیلی کام کمپنی نے زبردست اعلان کردیا۔

    بھارت کی سرکاری ٹیلی کام کمپنی بھارت سان چار نگم لمیٹیڈ بی ایس این ایل نے نیا انٹرنیٹ پیکج متعارف کرایا جس کے تحت اب نیٹ ورک استعمال کرنے والے صارفین 1 روپے میں 35 گیگا بائٹس (جی بی) انٹرنیٹ روزانہ استعمال کرسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: دنیا بھر میں مفت وائی فائی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا اعلان

    یہ بھی پڑھیں:دنیا کی نصف آبادی انٹرنیٹ سے استفادہ کررہی ہے، اقوام متحدہ

    صارف کو ویب سائٹ کے آن لائن پورٹل پر جاکر بھارت فائبر پیکج پیکج ایکٹیو کرانا ہوگا، کمپنی کی جانب سے صارفین کو 256 کے بی اور 100 ایم بی اسپیڈ فراہم کی جارہی ہے۔

    بی ایس این ایل کے ڈائریکٹر وویک بنسل کا کہنا تھا کہ ’ہم نے یہ محسوس کیا اب صارفین کو تیز ترین اور سستے انٹرنیٹ کی ضرورت ہے، اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے پیکج متعارف کرایا‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم نے فائبر 2 ہوم ٹیکنالوجی کو اپ ڈیٹ کر کے بھارت فائبر سروس لانچ کی، عوام کی جانب سے اس کی بھرپور پذیرائی کی جارہی ہے جو ہمارے لیے خوشی کی بات ہے‘۔

  • سمندر میں مچھلیوں کا شکار اب بے خوف ہوگا، ماہی گیروں کے لیے خصوصی موبائل ایپ متعارف

    سمندر میں مچھلیوں کا شکار اب بے خوف ہوگا، ماہی گیروں کے لیے خصوصی موبائل ایپ متعارف

    اسلام آباد: کھلے سمندر میں مچھلیوں کا شکار اب بے خوف ہوگا، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے ماہی گیروں کے لیے خصوصی موبائل ایپلیکیشن متعارف کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ہیڈ کوارٹر میں تعارفی تقریب منعقد ہوئی، جہاں ماہی گیروں کے لیے خصوصی موبائل ایپ متعارف کرائی گئی۔

    میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی آس نامی موبائل ایپ کی افتتاحی تقریب سے وائس چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل کلیم شوکت نے خطاب بھی کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماہی گیرون کی سہولت کے لیے موبائل ایپ ملائیشیا سے حاصل کیا گیا، موبایل ایپ کے استعمال کے لیے ماہی گیروں کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ فشنگ بوٹس کورجسٹر کرنے کے لیے میری ٹائم سکیورٹی کو ہدایات جاری کی گئی ہے، آن لائن اپلی کیشن سے سمندر میں ہنگامی صورت حال سے آگاہی ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں سگنلز آرہے ہوں گے اور کوئی مسئلہ ہوگا تو ماہی گیر فوری آگاہ کرسکیں گے۔

    ایڈمرل کلیم شوکت کا مزید کہنا تھا کہ ماہی گیروں اور کشتیوں کی حفاظت پاکستان میری ٹائم سیکورٹی کی ذمہ داری ہے۔

  • نوکیا 106، جدید فیچرز اور طاقتور بیٹری کے ساتھ متعارف

    نوکیا 106، جدید فیچرز اور طاقتور بیٹری کے ساتھ متعارف

    لاس ویگاس: موبائل فون بنانے والی مشہور کمپنی نوکیا نے اپنے ایک اور سیٹ کو جدید انداز سے متعارف کرادیا جو ایک بار چارج کرنے کے بعد 21 دن تک چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موبائل فون کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو متوجہ کرنے کے لیے نت نئے فیچرز والے موبائلز متعارف کرائے جاتے ہیں تاکہ مارکیٹ میں ساکھ کو بحال رکھا جاسکے۔

    نوکیا کمپنی کے ساتھ کام کرنے والے ادارے ایچ ایم ڈی گلوبل نے 2013 میں متعارف کرائے گئے فون ’نوکیا 106‘ کو جدید فیچرز کے ساتھ ایک بار پھر پیش کردیا۔

    نوکیا کے نئے ماڈل کو ’2018-106‘ کا نام دیا گیا ہے جسے رواں ماہ کے آخر تک سب سے پہلے روس میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    کمپنی کی جانب سے 106 میں 1.8 انچ کا ایل سی ڈی سپلے دیا گیا جبکہ اس میں 6261 ایم ٹی کا پراسیسر ، 4 گیگا بائٹ ریم اور اتنی ہی اسٹوریج کی جگہ فراہم گئی ہے۔

    ایم ایچ ڈی گلوبل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’نوکیا 106 کے نئے ماڈل میں 500 سے زائد ایس ایم ایس اور 2 ہزار نمبرز محفوظ کیے جاسکتے ہیں جبکہ اس میں اسنیک گیم پہلے سے موجود ہے‘۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’فون میں 800 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی جو ایک بار چارج ہونے کے بعد 21 دن تک موبائل کو چلا سکتی ہے جبکہ فون پر مسلسل 15 گھنٹے تک بات چیت کرنا بھی ممکن ہے‘۔

    نوکیا 106 ڈوئل سم ہے یعنی صارف بیک وقت دو نمبرز ایک ساتھ چلا سکتا ہے جبکہ اس میں میموری کارڈ لگانے کے لیے علیحدہ سے سلاڈ بھی موجود ہے۔

    کمپنی کی جانب سے اس کی قیمت 1590 روبل مقرر کی گئی جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے تقریباً 3 ہزار 200 روپے بنتی ہے۔

  • اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں موبائل فون سروس آج بند رہے گی

    اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں موبائل فون سروس آج بند رہے گی

    اسلام آباد : مذہبی جماعتوں کے احتجاج اور ہڑتال کی کال دیے جانے کے بعد امن وامان کی صورت حال کے سبب چار شہروں میں موبائل سروس بند رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو بری کیے جانے کے خلاف مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کے سبب اسلام آباد، راولپنڈی، لاہوراور گوجرانوالہ میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔

    وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد ، لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں موبائل سروس صبح 8 بجے سے مغرب تک معطل رہے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن وامان کی صورت حال کنٹرول میں ہے، ریاست کے صبر کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے، آئین اور قانون کی مکمل عملداری ہی عوام کا مفاد ہے اور ہم یہ فرض پورا کریں گے۔

    آسیہ بی بی کی رہائی ، مکمل عدالتی فیصلہ

    واضح رہے کہ 31 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سزائے موت کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کردیا تھا، 57 صفحات پر مشتمل فیصلے میں عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے اس مقدمے کے تمام فیصلوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی تھی۔

  • ’ڈیلیٹ فارایوری ون‘ : واٹس ایپ نے فیچر میں بڑی تبدیلی کردی

    ’ڈیلیٹ فارایوری ون‘ : واٹس ایپ نے فیچر میں بڑی تبدیلی کردی

    کیلی فورنیا: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکشن واٹس ایپ نے بھیجے گئے میسج حذف کرنے سے متعلق متعارف کرائے جانے والے فیچر میں بڑی تبدیلی کردی۔

    موبائل فون کی معروف مسیج ایپلیکشن واٹس ایپ کے دنیا بھر میں کروڑوں صارفین موجود ہیں جن کو سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنے کے لیے کمپنی مختلف اوقات میں نت نئے فیچرز  اور سروسز متعارف کرواتی رہتی ہے۔

    واٹس ایپ پر نظر رکھنے والے ادارے ’ڈبلیو اے بیٹا انفو‘ نے گزشتہ دنوں انکشاف کیا تھا کہ انتظامیہ نے ’ڈیلیٹ فار ایوری ون‘ فیچر میں بڑی تبدیلی پر کام شروع کردیا۔

    ڈبلیو بیٹا انفو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر واٹس ایپ کی جانب سے کی جانے والی حالیہ تبدیلی کے حوالے سے آگاہ کیا کہ انتظامیہ نے میسج حذف کرنے کے دورانیے کو بڑھتے ہوئے اسے 13 گھنٹے 8 منٹ اور 16 سیکنڈ تک کردیا۔

    اطلاعات کے مطابق ’اگر صارف گروپ یا کسی نمبر پر میسج بھیج کر اسے ’ڈیلیٹ فار ایوری ون‘ کے ذریعے حذف کرے اور پیغام وصول کرنے والے کو اس دوران منسوخی کی درخواست وصول نہ ہوسکی تو یہ میسج ڈیلیٹ نہیں ہوسکے گا‘۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ کا ایک اور نیا فیچر متعارف

    آسان الفاظ میں اگر پیغام وصول کرنے والے صارف کا موبائل انٹرنیٹ سے منسلک نہ ہو یاپھر موبائل بند ہو اور مقررہ وقت گزر جائے تو اس پیغام کو ڈیلیٹ نہیں کیا جاسکتا۔

    واٹس ایپ کی جانب سے یہ اقدام ان صارفین کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے ’ڈیلیٹ فار ایوری ون‘ فیچر سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے ہفتوں یا مہینوں کے بعد پیغامات کو حذف کردیتے تھے۔

    یاد رہے کہ پیغام رسانی کی سب سے بڑی ایپلیکشن کی جانب سے 2 برس قبل ایک فیچر متعارف کرایا گیا تھا جس کے تحت صارفین اپنے بھیجے گئے پیغام کو 7 منٹ کے اندر حذف کرسکتا تھا بعد ازاں عوامی خواہش کے پیش نظر انتظامیہ نے اس کا دورانیہ ایک گھنٹہ، 8 منٹ اور 16 سیکنڈز تک بڑھا دیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کا مخصوص صارفین سے پیسے لینے کا فیصلہ

    بعد ازاں مارچ 2018 کمپنی نے پیغامات کو حذف کرنے کے لیے نیا فیچر Block Revoke Request کے نام سے متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت صارفین کسی بھی پیغام کو آسانی سے ڈیلیٹ نہیں کرسکتے بلکہ اس کے لیے انہیں انتظامیہ کو باقاعدہ درخواست بھیجنا پڑتی تھی۔

    واٹس ایپ کی جانب سے میسج ڈیلیٹ کرنے کا دورانہ بڑھا دیا گیا مگر یہ کچھ صارفین کے لیے بری خبر بھی ہوسکتی ہے کیونکہ بعض لوگ بند نمبروں پر میسج بھیج کر اُسے مقررہ وقت کے بعد بھی ڈیلیٹ کردیتے تھے۔