Tag: Mobile Game

  • موبائل گیم کا شاخسانہ، دلہن سسرال پہنچ کر سکتے میں آگئی

    موبائل گیم کا شاخسانہ، دلہن سسرال پہنچ کر سکتے میں آگئی

    نئی دہلی : بھارت میں لڑکے اور لڑکی نے آن لائن موبائل گیم کھیلنے کے دوران دوستی کے بعد شادی کرلی لیکن لڑکی کے سسرال پہنچتے ہی میاں بیوی میں علیحدگی ہوگئی۔

    بھارتی ریاست اترپردیش میں محبت کی شادی میں انوکھے انجام کا واقعہ پیش آیا کہ جس میں دلہن اپنے سسرال پہنچتے ہی سکتے میں آگئی اور اپنے گھر واپس جانے کا فیصلہ کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق موبائل گیم فری فائر کھیلتے ہوئے یوپی کی رہائشی لڑکی کی جموئی کے رہنے والے گیارہویں کے طالب علم سے دوستی ہوگئی جو بعد ازاں محبت میں بدل گئی۔

    دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا جس کے بعد لڑکی کئی سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے اکیلی لڑکے کے شہر جموئی پہنچ گئی اور دونوں نے مندر جاکر باقاعدہ شادی کرلی۔

    یہ واقعہ جموئی ضلع کے صدر سیکشن کے سگگی گاؤں میں پیش آیا، لڑکی کی آنکھیں اس وقت حیرت اور سکتے کے عالم میں کھلی رہ گئیں جب اس نے گاؤں پہنچ کر اپنی جھونپڑی نما سسرال دیکھی۔

    شوہر کے لاکھ منع کرنے، وعدوں اور دلاسوں کے باوجود عشق کا بھوت اس کے سر سے اتر گیا۔ لڑکی نے پریشان ہوکر فوری طور پر اپنے میکے واپس جانے کا فیصلہ کیا اور بھائیوں کو فون کردیا۔

    بعد ازاں لڑکی کے بھائی اسے واپس گھر لے گئے، بھارتی میڈیا کے مطابق موبائل پر گیم کھیلنے کے دوران لڑکے نے لڑکی کو جھوٹ بولتے ہوئے عالیشان گھر اور خود کو امیر ظاہر کیا تھا۔

  • ٹرین کی پٹری پر بیٹھے موبائل میں مدہوش دو نوجوانوں کے ساتھ اندوہناک سانحہ

    ٹرین کی پٹری پر بیٹھے موبائل میں مدہوش دو نوجوانوں کے ساتھ اندوہناک سانحہ

    نئی دہلی : بھارت میں دو نوجوان موبائل گیم کی بھینٹ چڑھ گئے، ریلوے لائن پر بیٹھ کر کانوں میں ہیڈ فون لگا کر گیم کھیلنا ان کی زندگی لے گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے ٹھاکر نگر میں ریلوے پٹری پر بیٹھ کر موبائل فون پر گیم کھیلنے والے دو نوجوان لوکل ٹرین کی زد میں آنے سے ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

    اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جمعرات کی صبح اس وقت پیش آیا جب تین نوجوان ریلوے پٹری پر بیٹھ کر موبائل فون میں گیم کھیل رہے تھے کہ اسی دوران لوکل ٹرین نے آکر انہیں کچل ڈالا۔

    کانوں میں ہیڈ فون لگے ہونے کے باعث وہ اپنی موت کی صورت میں آنے والی ٹرین کی آواز نہ سن سکے، مذکورہ واقعے میں تین میں سے دو نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ تیسرے نوجوان کو انتہائی تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔

    علاقہ مکینوں نے صحافیوں کو بتایا کہ یہاں اکثر صبح شام اور رات کے وقت نوجوان ریلوے پٹری پر بیٹھ کر گیم کھیلتے رہتے ہیں اور کھیلنے کے دوران دنیا سے بےخبر ہوکر لاپرواہ ہو جاتے ہیں اور اسی کے سبب یہ واقعہ پیش آیا۔