Tag: mobile phone

  • دماغی صحت : سوکر اٹھتے ہی موبائل فون دیکھنا کس بات کی علامت ہے؟

    دماغی صحت : سوکر اٹھتے ہی موبائل فون دیکھنا کس بات کی علامت ہے؟

    موجودہ دور میں غائب دماغی کی بڑی وجہ موبائل فون ہے، کیونکہ اٹھتے بیٹھتے سوتے جاگتے کھاتے پیتے صرف  موبائل فون کی ہی فکر رہتی ہے کہ پتہ نہیں کون سا نوٹیفکیشن آیا ہوگا؟ یہ بات دماغی صحت کیلیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ 

    نوجوان نسل میں موبائل فون کا استعمال اس قدر بڑھ گیا ہے کہ انسان ہر چند لمحوں بعد موبائل فون کی اسکرین دیکھتا رہتا ہے۔

    بھارت میں ہونے والے ایک سروے کے مطابق 84 فیصد موبائل فون صارفین جاگنے کے فوراً بعد یا پھر 15 منٹ کے اندر موبائل فون کا استعمال کرتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورت حال صارفین کی دماغی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

    یہ بات بھی درست ہے کہ ٹیکنالوجی انسان کی زندگی کو آسان بناتی ہے لیکن دوسری طرف اس کے استعمال کی وجہ سے انسانی زندگیوں پر کئی مہلک اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق جب انسان صبح جاگتا ہے تو اس کا دماغ ڈیلٹا اسٹیٹ (گہرے سکون کی حالت) میں ہوتا ہے۔

    اس کے بعد دماغ الفا اسٹیٹ میں چلا جاتا ہے یعنی یہ ایک ایسا اسٹیج ہوتا ہے جس میں میں آپ جاگے تو ہوتے ہیں لیکن پوری طرح سے آپ کا دماغ ابھی چل نہیں رہا ہوتا۔

    اس کے بعد دماغ بیٹا حالت میں داخل ہوتا ہے جو کہ باقاعدہ پوری طرح سے فعال حالت ہوتی ہے۔ جب آپ جاگتے ساتھ ہی موبائل فون کا استعمال شروع کر دیتے ہیں تو دماغ ڈیلٹا سے بیٹا حالت میں داخل ہو رہا ہوتا ہے تو اس کی وجہ سے ذہن پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔

    محققین کے مطابق تیزی سے رونما ہونے والی منتقلی کی وجہ سے دماغی صحت بری طرح متاثر ہوتی ہے جس کے سبب بے چینی، چڑچڑا پن بڑھ جاتا ہے اور اس کی وجہ سے آپ دن بھر کام سے اُکتائے رہتے ہیں۔

    ان مسائل سے نمٹنے کے لیے ماہرین کا خیال ہے کہ جاگنے سے 30 منٹ سے ایک گھنٹہ بعد موبائل فون استعمال کیا جانا چاہیے۔

    رپورٹ کے مطابق گذشتہ چند برسوں کے دوران سونے سے قبل موبائل فون کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    اس عادت کی وجہ سے بھی آپ کے سونے کا معمول خراب ہو سکتا ہے جو بعد میں صحت کے متعدد مسائل کا باعث بھی بنتا ہے۔

  • جاپان : سائیکل چلاتے ہوئے موبائل استعمال کرنے والوں کیلیے سخت قانون نافذ

    جاپان : سائیکل چلاتے ہوئے موبائل استعمال کرنے والوں کیلیے سخت قانون نافذ

    ٹوکیو : جاپانی حکومت نے ان سائیکل چلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے جو اس دوران موبائل فون کا استعمال کرتے ہیں۔

    جاپانی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں کیے گئے ترمیم شدہ نئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے سائیکلسٹ اگر موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پائے گئے تو ان کو ایک ہزار ین جرمانے کے ساتھ ساتھ کم از کم 6 ماہ کے لیے جیل بھی جانا پڑے گا۔

    Japan cyclists

    مذکورہ قوانین کا اطلاق آج سے ہوگیا ہے، نیشنل پولیس ایجنسی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سائیکل چلاتے ہوئے ہاتھ میں اسمارٹ فون رکھ کر کال کرنا یا اسکرین دیکھنا اب ممنوع قرار دیا گیا ہے اور اس پر قرار واقعی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔

    ٹریفک حکام کے مطابق سائیکل سواروں کے موبائل اسکرین دیکھنے کی وجہ سے کچھ حادثات پیش آئے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔

    phones face jail

    اگرچہ جاپان میں مجموعی طور پر ٹریفک حادثات کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے، لیکن ان حادثات میں سائیکلوں کا تناسب بڑھ رہا ہے۔ جاپان میں دیگر کئی ممالک کے برعکس، فٹ پاتھ پر سائیکل چلانا نہ صرف قانونی ہے بلکہ ایک عام سی بات ہے۔

    اس کے علاوہ نئے قوانین کے تحت نشے کی حالت میں سائیکل چلانے پر تین سال تک قید یا 5 لاکھ ین تک بھی جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ جاپان میں سائیکل کا استعمال بہت عام ہے تاہم 2021 میں کورونا پابندیوں کے بعد سے اس کے استعمال میں کافی اضافہ ہوا اور اب شہریوں کی اکثریت پبلک ٹرانسپورٹ کے بجائے سائیکل استعمال کرتی ہے۔

  • موبائل فون دینے سے ماں کے انکار پر 12 سالہ بچے نے خود کشی کر لی

    موبائل فون دینے سے ماں کے انکار پر 12 سالہ بچے نے خود کشی کر لی

    لاہور: رائیونڈ سٹی میں موبائل فون نہ دینے پر 12 سالہ بچے کی خود کشی کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔

    لاہور کے علاقے رائیونڈ سٹی میں ایک بچے نے ماں سے موبائل فون مانگ لیا، ماں نے انکار کیا تو بچے نے خود کو پھانسی لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہل خانہ نے بتایا کہ 12 سالہ محمد ایان نے والدہ سے موبائل فون مانگا تھا، ایان کی والدہ نے موبائل فون نہ دیا اور پڑوسیوں کے گھر چلی گئی، جب خاتون واپس گھر پہنچی تو ایان کی پھندا لگی لاش ملی۔

    پولیس نے بتایا کہ ایان نے دیوار پر پڑے بانس میں رسی ڈال کر پھندا لگایا تھا، اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، اور اس سلسلے می مزید تحقیقات جاری ہے۔

    دوسری طرف لاہور میں ساندہ کے علاقے حکیماں والا بازار میں چچا کے ہاتھوں بھتیجے کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے، 25 سالہ عمر کو چچا ادریس نے چھری کے وار سے زخمی کیا تھا، پولیس کے مطابق مضروب میو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا، واقعہ گھریلو لڑائی جھگڑے کا نتیجہ بتایا گیا۔

  • اولاد کی نافرمانی میں موبائل فون کا کیا کردار ہے؟

    اولاد کی نافرمانی میں موبائل فون کا کیا کردار ہے؟

    بچے درخت کی اس نرم لکڑی کی مانند ہوتے ہیں جسے ابتدا میں جیسے موڑ دیا جائے بعد میں اسی انداز میں ڈھل کر تناور درخت بن جاتی ہے، یہی مثال والدین کی تربیت کی بھی ہے وہ بچوں جس طرح ڈھالتے ہیں وہ ڈھل جاتے ہیں۔

    بچوں کی تربیت بہت بڑی ذمہ داری ہوتی ہے جو اتنی آسان نہیں، اس لئے والدین کو بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے خاص طور پر موبائل فون استعمال کرنے کے بارے میں۔

    اس حوالے سے بھارت کے ایک مقامی مذہبی رہنما مولانا سبیل مظہری نے اولاد کی تربیت سے متعلق اہم معاملات پر روشنی ڈالی اور موبائل فون کی وجہ سے بچوں کے ذہنوں پر پڑنے والے اثرات سے آگاہ کیا۔

    بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں کو ان کی خواہشات کے مطابق مت چلائیں، والدین کا ذہن پختہ اور تجربہ کار ہوتا ہے، ان کی سوچ بڑی ہوتی ہے ان کی سوچ کامیابی کی طرف لے جاتی ہیں بچوں کی ضد اور بچوں کی سوچ اور خواہشات نقصان کی طرف دھکیلتی ہے۔

    مولانا سبیل مظہری کا اولاد کی تربیت کے حوالے سے کہنا تھا کہ آج کل کے بچے موبائل فون کے عادی ہو چکے ہیں جس کے ذمہ دار ان کے والدین ہیں۔ آج کے والدین اپنے بچوں سے زیادہ پریشان ہیں۔ اس کی سب سے اہم وجہ یہ ہے کہ پہلے ماں باپ اپنی خواہشات پر اولاد کو چلاتے تھے تو اولاد کامیاب ہوتی تھی آج بچے والدین کو چلانے کی کوشش کرتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کی خواہشات پر موبائل فون دے دیتے ہیں یاد رکھیے بچوں کی خواہشات کو پورا کرنے کا یہ عمل بہت خطرناک ہے۔

    اسی وجہ سے آج کل والدین اس مسئلے سے کافی پریشان ہیں کہ ان کی اولاد نافرمان بن گئی میرے بیٹے نے میرا گلا پکڑ لیا ہے میری بیٹی نے اپنے ماں کو گالی دی ہے وجہ کیا ہے اس کی وجہ بس یہی والدین ان کی خواہشات پر چلاتے ہیں۔

    مولانا سبیل مظہری نے مزید کہا کہ ان مسائل کا حل یہ ہے کہ بچوں کو موبائل فون سے دور رکھیں ان کی رات کے اوقات میں کڑی نگرانی کریں۔

  • ٹرین کی کھڑکی سے ہاتھ ڈالنے والا چور وہیں لٹک گیا، ویڈیو وائرل

    ٹرین کی کھڑکی سے ہاتھ ڈالنے والا چور وہیں لٹک گیا، ویڈیو وائرل

    بیگو سرائے : ریاست بہار کے ریلوے اسٹیشن پر ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیاہے جس میں ایک چور کو مسافروں نے اس وقت پکڑ لیا جب وہ چلتی ٹرین سے چوری کرنے کے بعد کھڑکی سے لٹک رہا تھا۔

    مسافروں نے اس چور کی ویڈیو بنانا شروع کردی جو چلتی ٹرین کے باہر لٹک کر فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔ مسافروں نے چور کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور اسی دوران ٹرین چل پڑی جس کے بعد اس کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔

    ویڈیو میں کھڑکی سے لٹکے ہوئے چور کو روتے ہوئے اور مدد مانگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

    یہ ٹرین بیگوسرائے سے کھگڑیا جارہی تھی جب چور نے ایک مسافر کا موبائل فون چرانے کی کوشش کی لیکن ایک ہوشیار مسافر نے اس کا بازو پکڑ لیا جیسے ہی ٹرین چلنے لگی چور نے التجا کی کہ اسے چھوڑ دیا جائے اور آخر کار اس نے اپنا دوسرا بازو کھڑکی سے اند ڈال کر پکڑ لیا تاکہ وہ گرنے سے محفوظ رہ سکے۔

  • فوڈ ڈلیوری رائیڈر کی موبائل فون چرانے کی ویڈیو وائرل

    فوڈ ڈلیوری رائیڈر کی موبائل فون چرانے کی ویڈیو وائرل

    بھارت میں ایک آن لائن فوڈ ڈلیوری کمپنی کے ملازم کی موبائل فون چرانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس پر لوگوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    مذکورہ ویڈیو بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ایک ریستوران کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈلیوری کمپنی کا ملازم کھانے کی ڈیلیوری لینے کا انتظار کر رہا ہے۔

    اس دوران وہ ایک خالی میز پر آتا ہے جہاں ایک موبائل فون اور اخبارات رکھے ہیں، وہ فون کو چھپانے کے لیے اخبار سے اسے ڈھک دیتا ہے۔

    اس کے تھوڑی دیر بعد فون اٹھا کر اپنی جیب میں ڈال لیتا ہے، اور بعد ازاں وہاں سے چلا جاتا ہے۔

    دن گزرنے کے بعد جب ریستوران کے مالک نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی تو اسے اس چوری کا علم ہوا۔

    ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں اب آن لائن فوڈ ڈلیوری رائیڈرز سے اپنی ذاتی اشیا کے حوالے سے محتاط رہنا ہوگا۔

  • موبائل فون جیب میں رکھنا کن لوگوں کیلئے خطرناک ہے؟

    موبائل فون جیب میں رکھنا کن لوگوں کیلئے خطرناک ہے؟

    آپ کو اگر موبائل فون کو سامنے والی جیب میں رکھ کر چلنے کی عادت ہے تو اس سے فوری طور پر چھٹکارا پالیں بصورت دیگر یہ آپکو کسی بڑے خطرے سے دوچار کردے گی۔

    آج کل تقریباً ہر فرد کی جیب میں موبائل فون موجود ہوتا ہے لیکن اسے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ ایسا کرنا کتنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ پاکستان میں تو کم ہی ایسا ہوتا ہے کہ کسی کے پاس موبائل ہو اور وہ جیب میں نہ رکھتا ہو۔

    اس حوالے سے ماہرین نے تحقیق کے بعد بتایا ہے کہ موبائل سامنے کی جیب میں رکھنا کتنا خطرناک ہو سکتا ہے کیونکہ موبائل فون سے نکلنے والی ریڈی ایشن انسان کیلئے کسی بھی بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔

    دوسری جانب امراض قلب کے پروفیسر اور کنسلٹنٹ ڈاکٹر خالد النمر نے اطمینان دلایا ہے کہ موبائل فون دل کے ان مریضوں کے لیے نقصان دہ نہیں جو پیس میکر لگوائے ہوئے ہوں، علاوہ ازیں جیب میں موبائل رکھنے سے دل کی دھڑکن پر بھی کوئی برا اثر نہیں پڑتا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹر النمر نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر بتایا کہ موبائل کے استعمال سے دل کے ان مریضوں کو کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہوتا جو پیس میکر لگوائے ہوئے ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے آلات کی ساخت میں اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ دیگر آلات کے ہوتے ہوئے برقی مقناطیسی لہروں کو روکا جائے۔

    امراض قلب کے کنسلٹنٹ نے اطمینان دلایا ہے کہ جیب میں موبائل رکھنے میں کوئی حرج نہیں۔
    اس سے دل کی دھڑکن متاثر نہیں ہوتی اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کی برقی مقناطیسی لہروں کا دائرہ تین واٹ سے کم ہوتا ہے، اس سے جو ویووز نکلتی ہیں وہ انسانی نسیجوں کے لیے مضر نہیں، یہ ریڈیو کی لہروں جیسی ہوتی ہیں۔

  • دل دہلا دینے والا واقعہ : بیٹی کے باپ کی دنیا اجڑ گئی

    دل دہلا دینے والا واقعہ : بیٹی کے باپ کی دنیا اجڑ گئی

    حیدرآباد : بھارت میں معمولی باتوں پر نوعمر لڑکے لڑکیوں کی خودکشیوں کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ والد کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ لڑکی پھندے پر جھول گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں گزشتہ رات افسوناک واقعہ پیش آیا جسے دیکھنے والے حیرت اور افسوس کرتے رہے۔

    حیدرآباد کے مئیر پیٹ پولیس اسٹیشن حدود میں سرو ودیانگر میں واقع ایک گھر میں رات دیر گئے ایک دسویں جماعت کی طالبہ فون پر گیم کھیلنے میں مصروف تھی جس پر لڑکی کے والد نے اعتراض کرتے ہوئے موبائل فون پر گیم کھیلنے سے منع کردیا۔

    اس معمولی سی بات پر مایوس ہوکر مذکورہ لڑکی نے پیر کی صبح گھر میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور مقدمہ درج کے کارروائی کا آغاز کردیا۔

  • نور مقدم  کے قاتل کا موبائل فون برآمد، مزید چونکا دینے والے انکشافات سامنے آگئے

    نور مقدم کے قاتل کا موبائل فون برآمد، مزید چونکا دینے والے انکشافات سامنے آگئے

    اسلام آباد: نور مقدم کے قاتل ظاہر جعفر کے موبائل فون سے خواتین پر تشدد کے متعدد ویڈیوز برآمد کرلی گئیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ماضی میں بھی خواتین پر تشدد میں ملوث رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نور مقدم قتل میں مزید چونکا دینے والے انکشاف سامنے آیا ، پولیس نے ملزم ظاہر جعفر کے موبائل فون سے خواتین پر تشدد کے متعدد ویڈیوز برآمد کرلیں۔

    پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ملزم کے موبائل فون کا ڈیٹا برآمد کرلیا ، جس سے اہم شواہد ہاتھ آئے ہیں ڈیٹا سے پتہ چلا ہے کہ ملزم ماضی میں بھی خواتین پر تشدد میں ملوث رہا ہے۔

    اسلام آباد کی پولیس نے موبائل فون فرانزک یونٹ کو بھیج دیا ہے۔

    گذشتہ روز سفارتکار کی بیٹی نورمقدم کو قتل کرنے کی محرکات بتاتے ہوئے ملزم نے کہا تھا نور میرےساتھ بےوفائی کررہی تھی جس کا مجھےپتہ چل گیاتھا اور ‏بےوفائی پر نورمقدم کوقتل کیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزم کی والدہ اور سیکیورٹی گارڈز نے3گھنٹےتک واقعہ چھپایا اگر ملزم کی والدہ یاگارڈز وقت پر ‏اطلاع دیتے تو نور کی جان بچائی جاسکتی تھی، نورمقدم ساڑھے 4بجے بالکنی سے بھاگ کر گارڈ کے پاس آئی اور خود کو سیکیورٹی ‏گارڈ کے کیبن میں بند کر لیا، ملزم ظاہرجعفرپیچھےآیا اور کیبن سے نور کو باہر نکالا۔

    گلی میں موجودگارڈیہ سب کچھ دیکھتےرہے لیکن کسی بھی گارڈ نے ظاہرجعفر کو تشدد کرنے ‏سے نہیں روکا، گلی میں اوربھی لوگ موجودتھےجنہوں نے نور کو گھسیٹتےدیکھا، ملزم نے نورمقدم پر ‏‏3گھنٹے تک تشدد کیا۔

  • کیا موبائل فون کا استعمال دماغ کے لیے خطرناک ہے؟

    کیا موبائل فون کا استعمال دماغ کے لیے خطرناک ہے؟

    آج کل کے دور میں موبائل فون کے بغیر زندگی ناممکن ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ موبائل فون کا زیادہ استعمال دماغ میں رسولی کا سبب بن سکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا کی یونیورسٹی آف کیلی فورنیا برکلے کے اسکول آف پبلک ہیلتھ کی ایک تحقیق کے مطابق موبائل فون کا زیادہ استعمال دماغ میں رسولی یا ٹیومر کا سبب بنتا ہے۔

    یہ تحقیق جنوبی کوریا کے نیشنل کینسر سینٹر اور سیئول نیشنل یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کی گئی ہے، جس کے مطابق 46 فیصد امریکی روزانہ 5 سے 6 گھنٹے فون استعمال کرتے ہیں اور 11 فیصد دن میں سات گھنٹے سے زیادہ اپنی ڈیوائس سے چپکے رہتے ہیں۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ 10 سال کے عرصے کے دوران سیل فون کا 1 ہزار گھنٹوں سے زیادہ استعمال یعنی محض 17 منٹ روزانہ بھی دماغ میں رسولی پیدا ہونے کے خطرے کو 60 فیصد بڑھا دیتا ہے۔ جو لوگ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے موبائل فونز استعمال کر رہے ہیں، ان میں رسولی کا خطرہ ان لوگوں سے نسبتاً زیادہ ہے جو پانچ سال یا اس سے کم عرصے سے فونز کا استعمال کر رہے ہیں۔

    برکلے پبلک ہیلتھ میں سینٹر فار فیملی اینڈ کمیونٹی ہیلتھ کے ڈائریکٹر جوئل ماسکووچ کہتے ہیں کہ موبائل فون کا استعمال صحت کے مختلف مسائل کو جنم دیتا ہے اور بدقسمتی سے ہماری سائنسی برادری نے اس پر بہت کم توجہ دی ہے۔

    ایک تحقیق میں 20 سال کے عرصے کے دوران 4 لاکھ 20 ہزار موبائل فون صارفین کا ریکارڈ جمع کیا گیا اور ماہرین نے دیکھا کہ موبائل فون اور دماغ کی رسولیوں میں کوئی تعلق نہیں۔ البتہ دوسری تحقیق میں کہا گیا کہ موبائل فون کا بہت زیادہ استعمال دماغی رسولی کی ایک خاص قسم کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔

    یہاں تک کہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے بھی اس کے صحت پر مضر اثرات سے انکار کیا۔ ان کے خیال میں اب تک کوئی ایسا مستقل یا قابل بھروسہ سائنسی ثبوت نہیں ملا جو موبائل فونز سے نکلنے والی ریڈیو فریکوئنسی سے صحت کے مسائل پیدا کرنے کے حق میں ہو۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت موبائل فون سے چھٹکارا پانا تو مشکل ہے لیکن کچھ اقدامات کی مدد سے آپ اپنے موبائل فون کا استعمال محدود کر سکتے ہیں اور اس کے تابکاری کے اثرات سے بچ سکتے ہیں۔

    جب استعمال نہ کر رہے ہوں تو فون کا وائی فائی اور بلیو ٹوتھ بند کر دیں۔

    فون کو جسم سے کم از کم 10 انچ کے فاصلے پر رکھیں۔ اگر جیب میں رکھنا مجبوری ہو تو اسے ایئر پلین موڈ پر رکھیں۔

    کالز کے لیے ہیڈ فونز یا اسپیکر فون کا استعمال کریں۔

    سوتے ہوئے اپنا فون دوسرے کمرے میں رکھیں۔

    سگنل کمزور آرہے ہوں تو فون استعمال نہ کریں۔