کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز رات سے ہی بند ہونا شروع ہو گئیں جبکہ نوٹی فکیشن صبح8 بجے بند کرنے کا جاری کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر بروز پیر کی صبح سے موبائل فون سروس بند کرنے کے احکامات کے باوجود کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس رات کو ہی بند ہونا شروع ہوگئیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں صدر، کلفٹن، ڈیفنس نارتھ کراچی، نیو کراچی، انچولی ،لیاقت آباد، گلبہار، گلشن اقبال، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، ملیر میں بھی موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی۔
واضح رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں چہلم امام حسینؓ کے موقع پر موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں موبائل فون سروس مکمل طور بند رہے گی، حیدرآباد میں بھی کل موبائل فون سروس کو معطل کردیا جائے گا، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد اور سکھر میں بھی موبائل فون سروس بند رہے گی۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ سندھ کے بڑے شہروں کے علاوہ دادو، ٹھٹھہ، سجاول، خیرپور اور لاڑکانہ میں بھی موبائل فون سروس بند رہے گی۔