Tag: mobile phone

  • عدالت نے بھی موبائل فون کو برین ٹیومر کی وجہ قرار دیدیا

    عدالت نے بھی موبائل فون کو برین ٹیومر کی وجہ قرار دیدیا

    روم :  اٹلی کی عدالت نے بھی موبائل فون کو برین ٹیومر کی وجہ قرار دیدیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اطالوی عدالت نے ایک اہم مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے موبائل فون کے بکثرت استعمال کو دماغ کی رسولی کا سبب قرار دیا ہے، یہ فیصلہ دنیا میں  اپنی نوعیت کا پہلا فیصلہ ہے۔

    درخواست گزار رومیو نے ایک درخواست دائر کی، جس میں اپنے موقف میں کہا کہ فون کے مسلسل استعمال کی وجہ سے اس کی سماعت متاثر ہوئی اور بائیں کان سے سنائی دینا بند ہوگیا، ڈاکٹروں نے معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ اس کے دماغ میں رسولی بن چکی ہیں۔

    رومیو اٹلی کی نیشنل نیٹ ورک ٹیلی کام کمپنی کا ملازم تھا اور 1995ءمیں فون کا استعمال شروع کیا، وہ 15 سال تک بروزانہ تقریباً 4 گھنٹے کیلئے فون کا استعمال کرتا رہا۔


    مزید پڑھیں : اسمارٹ فون کا استعمال گردن میں درد کا سبب


    اٹلی کی نیشنل انشورنس کمپنی کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ہرجانے کے طور پر رومیو کو 500 یورو ہر ماہ ادا کرے گی۔

    برین ٹیومر کے ماہر ڈاکٹر ڈیوڈ جینکنسن کے مطابق ’’ہم جانتے ہیں لوگ اس بارے میں تشویش میں مبتلا ہیں لیکن اب تک ہزاروں لاکھوں افراد پر ہونے والی تحقیق کے باوجود اس بات کے شواہد ناکافی ہیں کہ موبائل فون کے استعمال سے برین ٹیومر پیدا ہوتا ہے۔

    سائنس دانوں میں موبائل فون کے مضر اثرات کے بارے میں مختلف آرا پائی جاتی ہیں جن میں سے تاحال کسی کو حتمی نہیں کہا جا سکتا۔

  • نوکیا 3310 موبائل فون سترہ سال بعد دوبارہ متعارف

    نوکیا 3310 موبائل فون سترہ سال بعد دوبارہ متعارف

    بارسلونا : مشہورِ زمانہ فون نوکیا 3310 کو سترہ سال کے بعد پھر متعارف کرا دیا گیا، ماضی کی طرح نوکیا 3310 میں چند تبدیلیوں کے ساتھ وہی خوبیاں رکھی گئی ہیں جو اس موبائل کی پہچان تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق فن لینڈ کی کمپنی ایچ ایم ڈی نے نوکیا 3310 کو سترہ سال بعد جدید تبدیلیوں کے ساتھ دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کیلیے پییش کردیا ہے۔

    بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس ٹیکنیکل شو کے دوران مشہور زمانہ فون نوکیا 3310 کی نقاب کشائی کردی گئی۔ سترہ سال قبل نوکیا 3310 پہلا عوامی فون تھا اور اسے بے حد پذیرائی بھی ملی تھی اور لوگوں کی بڑی تعداد کی خوشگوار یادیں اس فون سے وابستہ ہیں۔

    دنیا کا مشہورترین فون کہلائے جانے والے نوکیا 3310 کے تقریباً 12 کروڑ ساٹھ لاکھ یونٹس 2005 تک فروخت ہو چکے تھے جس کے بعد اس فون کو نوکیا کمپنی نے بنانا ختم کر دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : نوکیا کے مقبول ترین سیٹ 3310 کو دوبارہ پیش کرنے کا فیصلہ

    نیا نوکیا 3310 مکمل طور پر فیچر موبائل ہے جس میں ایس 30 آپریٹنگ سسٹم ہے جو اینڈرائڈ یا آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم کا تو مقابلہ نہیں کرسکتا تاہم اس میں 2.5 جی انٹرنیٹ استعمال کرسکتے ہیں جب کہ موبائل میں 2 میگا پگسلز کا کیمرا آپشن بھی دیا گیا ہے۔

    اس نئے فون کی بیٹری ٹائمنگ بھی 22 گھنٹے ٹاک ٹائم بتائی جاتی ہے۔ نوکیا 3310 تین مختلف رنگوں لال، پیلے اور نیلے رنگ میں دستیاب ہوگا، اس فون کی تعارفی قیمت 51 ڈالر متعین کی گئی ہے۔

  • موبائل فون کی چارجنگ کے لیے سولر کوٹ تیار

    موبائل فون کی چارجنگ کے لیے سولر کوٹ تیار

    ٹوکیو: جاپان کے سائنس دان نے ایسا کوٹ تیار کیا ہے جو شمسی توانائی سے بجلی بنا کر اسمارٹ فون، ٹیبلٹ سمیت دیگر آلات کو  بیٹری ختم ہونے کے باوجود کبھی بند نہیں ہونے دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سائنسی دنیا میں نت نئی تخلیق کا سلسلہ جاری ہے، جس تیزی کے ساتھ دنیا کی آبادی میں اضافہ ہورہا ہے اُسی تیزی کے ساتھ ٹیکنالوجی کی دنیا میں بھی نئی نئی ایجادات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    انسانی زندگی کو آسان کرنے اور ہروقت رابطہ رکھنے کے لیے پہلے پہل موبائل فون ایجاد کیا گیا تاہم ٹیکنالوجی کی دنیا نے ترقی کرتے ہوئے اسے جدید سے جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا یہی وجہ ہے کہ اب اسمارٹ فون صارف صرف ایک کلک پر دنیا بھر میں رہنے والے کسی بھی شخص سے انٹرنیٹ کے ذریعے باآسانی رابطہ کرسکتا ہے۔

    charging-1

    اسمارٹ فونز کی ایجادات کے ساتھ ہی صارفین کو اس کی چارجنگ جلد ہونے کی شکایات کا سامنا ہے، اس ضمن میں دنیا بھر کے سائنس دان مسئلے کا حل نکالنے کے لیے کوشاں ہیں جس کے لیے وہ نت نئے تجربات بھی کرتے رہتے ہیں۔

    charging-2

    جاپان کے ایک سائنس دان نے ایسا کوٹ ایجاد کیا ہے جو سورج کی روشنی کو جذب کر کے  موبائل فون و دیگر برقی آلات چارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس کوٹ میں 2 عدد سیل لگائے گئے ہیں جو سولر سسٹم کا کام سرانجام دیتے ہیں۔

    charging-3

    شمسی توانائی سے برقی آلات کو چارج کرنے والے اس کوٹ کو جونیا وٹنا نے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا ہے جو اچھوتے اور غیر معمولی لباس تیار کرنے کے حوالے سے کافی شہرت رکھتے ہیں، اس کوٹ کو ایف ڈبلیو 16 کا نام دیا گیا ہے۔

    کوٹ میں خصوصی طور پر ایک مائیکرو یو ایس بی پورٹ نصب کی گئی ہے جو موبائل فون کی چارجنگ کے لیے کارآمد ہے جب کے اس کی قیمت پاکستانی روپے کے حساب سے 25 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

  • پنجاب میں ڈاکوراج، لیگی رکن اسمبلی لٹ گئے

    پنجاب میں ڈاکوراج، لیگی رکن اسمبلی لٹ گئے

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں ڈاکو راج اپنے عروج پر ہے، مسلح ملزمان نے مال روڈ پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنےمسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی پنجاب اکرام اللہ نیازی کو بھی لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں دندناتے ڈاکوؤں نے جہاں شہریوں کی ناک میں دم کر رکھا ہے وہیں اب ان سے حکومتی شخصیات بھی محفوظ نہیں ہیں، مال روڈ پر ہونے والی ڈکیتی کی واردات میں رکن اسمبلی کو لوٹ لیا گیا۔

    مسلم لیگ ن کے ایم اپی اے کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر اُس وقت لوٹا گیا جب وہ اپنی گاڑی میں واپس جارہے تھے۔ اکرام اللہ نیازی کا کہنا ہے کہ ’’دورانِ سفر گاڑی ٹریفک سگنل پر رکی تو مسلح موٹر سائیکل سوار گاڑی کے پاس آئے اور موبائل فون نقدی چھین کر فرار ہوگئے‘‘۔


    پڑھیں: ’’ لاہور، سرِ عام لوگوں کو لوٹنے والے ملزمان گرفتار ‘‘


    ڈکیتی کی واردات کے بعد لیگی ایم پی اے ایسے خوف زدہ ہوئے کہ میڈیا کو جواب بھی نہ دے سکے، بھکر سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ مسلح افراد موبائل اور 15 ہزار روپے لے کر فرار ہوگئے۔

    دوسری جانب ڈی آئی جی لاہور نے ڈکیتی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سول لائن کو فوری ملزمان کی گرفتاری کے احکامات دیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔


    مزید پڑھیں: ’’ لاہور: ٹارگٹ کلنگ اوراسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ‘‘


    خیال رہے کہ لاہور میں گزشتہ کئی دنوں سے ڈاکو راج کے باعث کئی افراد نقدی، موبائل فونز اور قیمتی اشیاء سے محروم ہوگئے ہیں۔

    دریں اثنا ڈکیتی کے معاملے میں پولیس نے رکن پنجاب اسمبلی کو بھی نہیں بخشا اور چوری کی درخواست لکھ کر دستخط کرالیے۔

    انعام اللہ نیازی نے بتایا کہ میرے ساتھ گن پوائنٹ پر ڈکیتی کی واردات ہوئی، 2 موٹر سائیکل سواروں نے گن پوائنٹ پر نقدی اور موبائل چھینا اور فرار ہوگئے،میری ڈکیتی کی درخواست پولیس نے لکھی جس پر میں نے اعتبار کرتے ہوئے دستخط کر دئیے۔

    انہوں نے  ایس پی کو ٹیلی فونک کیا اور گلہ کیا کہ ایس ایچ او زیادہ ہوشیار بن رہا ہے،شوکاز نوٹس سے بچنے کے لیے پولیس ڈکیتی کے بجائے چھینا جھپٹی کی ایف آئی آر دے دیتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر میرے ساتھ انصاف نہ ہوا تو پنجاب اسمبلی میں  تحریک استحقاق جمع کراؤں گا۔

  • دنیا کا سب سے چھوٹا اور سستا اسمارٹ فون متعارف

    دنیا کا سب سے چھوٹا اور سستا اسمارٹ فون متعارف

    بیجنگ: چین کی موبائل کمپنی نے دنیا کا سب سے چھوٹا اسمارٹ فون متعارف کروادیا جس کی اسکرین کا سائز صرف 1.54 انچ اور قیمت صرف 30 ڈالرزمقرر کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیکنالوجی کی دنیا میں بڑھتی ہوئی ترقی کو دیکھتے ہوئے چینی ماہرین نت نئی ایجادات میں مصروف ہیں، اسمارٹ فون استعمال کرنے والے صارفین کی جانب سے ڈیوائس کے سائز اور حجم کی شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے وی فون نے دنیا کا سب سے چھوٹا اسمارٹ فون متعارف کروایا۔

    smallest-1

    جن لوگوں کو اسمارٹ فونز کی بڑی اسکرینوں سے مشکلات درپیش تھیں اُن کے لیے یہ نیا اسمارٹ فون انتہائی کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کی اسکرین کا سائز دیگر فونز کے مقابلے میں بہت کم صرف 1.54 انچ ہے۔

    smallets

    اسمارٹ ڈیوائس میں تین بٹن دئیے گئے ہیں جن میں سے ایک پاور اوردیگر دو بٹنز اور دو ورچوئیل بٹنز دئیے گئے ہیں جبکہ فون میں ایک اسپیکر اور مائیکروفون بھی ہے تاہم موسیقی سننے کے لیے بلیوٹوتھ استعمال کرنا ہوگی۔

    smallest-3

    دنیا کے سب سے چھوٹے اسمارٹ فون کو وی فون ایس 8 کا نام دیا گیا ہے جس میں بلٹ ان ایف ایم ریڈیو، دل کی دھڑکن بتانے والا سنسر، پیڈو میٹر جبکہ اس کی ریم 64 ایم بی اور اسٹوریج 380 ایم بی کے علاوہ اس میں دیگر نمایاں فیچرز شامل ہیں۔

    smallets-3

    دنیا کا سب سے چھوٹا اور سستا فون دو رنگوں میں فی الحال صرف چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہاہے جس کی قیمت صرف 30 ڈالر یعنی پاکستانی روپے سے حساب سے 3 ہزار ہوگی۔

  • کراچی : اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ

    کراچی : اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ

    کراچی : شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم میں کمی نہ آسکی، بے شمار لوگ روزانہ اپنے موبائل فون نقدی اور قیمتی اشیاء سے محروم ہوجاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہرِقائد میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ایک بارپھرتشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، کراچی میں جاری رینجرزآپریشن اور پولیس کے کومبنگ آپریشن کے باوجود اسٹریٹ کرائمز کا جن بے قابو ہوتا جارہا ہے۔

    کراچی کا کوئی علاقہ ایسانہیں ہے جہاں اسٹریٹ کرائمز نہ ہوتے ہوں۔ کراچی کے علاقے فیروز آباد تھانے کی حدود میں شہری اپنی قیمتی اشیاء سے محروم ہوگئے، طارق روڈ پر موٹرسائیکل سوار ملزمان اسٹریٹ کرائم کے لئے آزاد ہیں۔

    طارق روڈ موبائل مال کے باہر دو موٹرسائیکل سواروں کی شہری سے لوٹ مار کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹرسائیکل سواروں نے اسلحہ لہرا کر شہری کو موبائل فون پھینکنے کا کہا اور پھر موبائل اٹھا کر با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    شہر قائد میں ہرروزاس طرح کی کئی وارداتیں ہوتیں ہیں اور کئی لوگ اپنی قیمتی اشیاء سے محروم ہوجاتے ہیں۔ ایک سروے رپورٹ کے مطابق دس تھانوں کی حدود میں سے فیروز آباد تھانہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں سر فہرست ہے۔

    شاہراہ فیصل دوسرے، گلشن اقبال تیسرے اورکورنگی انڈسٹریل ایریا چوتھے نمبر پر ہے۔ عزیر بھٹی، تیموریہ، نیو ٹاؤن تھانوں کی حدود میں بھی سب سے زیادہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

    عزیز آباد،گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد اور سچل تھانوں کی حدود میں بھی اسٹریٹ کرائم ایک اہم مسئلہ ہے۔ شہر میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اچانک اضافے سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

    پولیس کی جانب سے تاحال اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے کوئی موثر اقدامات نہیں کیے جارہے۔ پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کی طرح بہت جلد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر بھی قابو پا لیا جائے گا۔

     

  • اویس شاہ اغوا کیس میں پیش رفت،موبائل فون کی لنڈی کوتل میں نشاندہی

    اویس شاہ اغوا کیس میں پیش رفت،موبائل فون کی لنڈی کوتل میں نشاندہی

    کراچی:چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس شاہ کے اغوا کیس میں پیش رفت ہوئی ہے، ان کے موبائل فون کی نشاندہی علاقہ غیر لنڈی کوتل میں ہوگئی، مزید تحقیقات جارہی ہیں.

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے کامل عارف کے مطابق کراچی سے اغوا ہونے والے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کا موبائل علاقہ غیر لنڈی کوتل پہنچ گیا۔ اویس شاہ کے اغوا کے 72 گھنٹے تک ان کا موبائل فون بند رہا تاہم موبائل فون جب کھلا تو اس کی موجودگی علاقہ غیر لنڈی کوتل میں ہوئی۔ موبائل فون 5 سے 7منٹ کے لیے کھولا گیا تھا۔

    تحقیقاتی اداروں کے مطابق اس بات پر تفتیش کی جارہی ہے کہ اویس شاہ کا صرف موبائل فون علاقہ غیر پہنچا ہے یا اویس شاہ کو بھی علاقہ غیر پہنچایا گیا ہے۔ اویس شاہ کی بازیابی کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کام کررہی ہے تاہم تفتیشی ٹیم کو خاطر خواہ کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

    مزید پڑھیں:گورنر و وزیرداخلہ کی جسٹس سجاد سے ملاقات، اویس شاہ کی بازیابی کی یقین دہانی

  • نو اور دس محرم کو موبائل فون اور انٹرنیٹ بند رہیں گے

    نو اور دس محرم کو موبائل فون اور انٹرنیٹ بند رہیں گے

    کراچی: نو اور دس محرم کو سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے ملک کے بیشتر شہروں میں موبائل اور انٹر نیٹ سروس بند اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    نو اور دس محرم کو سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کر لیے گئے،ملک کے مختلف شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ حساس علاقوں میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس بھی معطل رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    اسلام آبادکی ضلعی انتظامیہ نے بھی نواوردس محرم الحرام کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

  • یوم عاشور پر ملک کے 68 اضلاع میں موبائل فون سروس بند رہے گی

    یوم عاشور پر ملک کے 68 اضلاع میں موبائل فون سروس بند رہے گی

    اسلام آباد / کراچی : وفاقی حکومت نے دس محرم الحرام کو ملک کے 68 اضلاع میں موبائل فون سروس بند کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔

    ذرائع کے مطابق یوم عاشورہ کے موقع پر پنجاب کے 34 ، سندھ کے 8 ، خیبرپختونخواہ کے 15 ، بلوچستان کے تین ، گلگت بلتستان کا ایک اور آزاد جموں و کشمیر کے سات اضلاع میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔

    مختلف صوبائی حکومتوں نے وفاقی وزارت داخلہ کو موبائل فون سروس بند کرنے کی درخواست کی تھی جس کی وجہ سیکیورٹی خدشات تھے اس کو سامنے رکھتے ہوئے موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    علاوہ ازیں سندھ کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ کے مطابق دس محرم کو 8اضلاع میں موبائل فون سروس پر بھی پابندی عائد ہو گی۔

    جن میں خیر پور ،بدین حیدرآباد کراچی سمیت دیگر اضلاع بھی شامل ہیں، کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے رینجرزاور پولیس کے اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے۔

  • پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد میں نمایاں کمی

    پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد میں نمایاں کمی

     اسلام آباد : پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد کافی حد تک کم ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشبن اتھارٹی (پی ٹی اے ) کی جانب سے موبائل سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

    پی ٹی اے رپورٹ کے مطابق اب صارفین کی تعداد 114.7 ملین رہ گئی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ موبی لنک کے صارفین کی تعداد 33.4 ملین، زونگ صارفین 22.10 اورٹیلی نار صارفین 31.43،جبکہ یو فون 17.80اور وارید صارفین کی تعداد 9.91 رہ گئی ہے ۔