Tag: mobile phones

  • موبائل فونز کی درآمد میں بڑی کمی آ گئی

    موبائل فونز کی درآمد میں بڑی کمی آ گئی

    اسلام آباد: موبائل فون کی درآمد میں اگست 2024 کے دوران سالانہ بنیاد پر 32.4 فی صد کمی ہوئی ہے۔

    ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق اگست کے دوران درآمدات کا حجم 22.1 ارب روپے رہا۔

    گزشتہ سال اسی ماہ (اگست 2023) 32.7 ارب روپے مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے تھے، اس طرح اگست 2023 کے مقابلے میں اگست 2024 کے دوران موبائل فونز کی درآمد میں 10.6 ارب روپے (یعنی 32 فی صد سے زیادہ) کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

    گزشتہ ہفتے جاری اعداد و شمار میں کہا گیا تھا کہ مالی سال 2024 کے ابتدائی دو ماہ میں موبائل فونز کی درآمدات پر 7.058 ملین ڈالرز کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 18 فی صد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ رقم 8.314 ملین ڈالرز تھی۔

    اگست میں 4.38 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے گئے تھے، جب کہ جولائی میں موبائل فونز کا درآمدی بل 2.67 ملین ڈالر رہا۔ مالی سال 2024 میں مجموعی طور پر 65.63 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے گئے تھے۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ٹیلی کام گروپ کی مجموعی درآمدات کا حجم 393.263 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 227.26 ملین ڈالر کے مقابلے میں 73 فی صد زیادہ ہے۔

  • موبائل فون کی ریڈیائی لہروں سے کینسر : اصل حقیقت کیا ہے؟

    موبائل فون کی ریڈیائی لہروں سے کینسر : اصل حقیقت کیا ہے؟

    بہت سے محققین کا ابتدا میں یہ کہنا تھا کہ موبائل فون کی ریڈیائی لہریں صحت کیلئے نہ صرف انتہائی خطرناک ہیں بلکہ کینسر کا باعث بھی بن سکتی ہیں، لیکن اب اس کا واضح جواب سامنے آگیا ہے۔

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) کے تحت ہونے والی ایک تحقیق میں اس سوال کا مفصل جواب دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ موبائل فونز کے استعمال سے دماغی کینسر کا خطرہ نہیں بڑھتا۔

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے قائم کیے گئے کمیشن نے طویل عرصے تک ریڈیو ویوز اور موبائل فونز کی ٹیکنالوجی کا انسانی صحت اور خصوصی طور پر کینسر کا باعث بننے پر تحقیق کی۔

    درجنوں تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کرنے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ وائرلیس ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ سے دماغی کینسر کے مریضوں میں اضافہ نہیں ہوا۔

    اس حوالے سے جرنل انوائرمنٹ انٹرنیشنل میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق برسوں تک موبائل فونز پر بہت زیادہ کالز کرنے والے افراد میں بھی کینسر کا خطرہ نہیں بڑھتا۔

    کمیشن نے 28 سال تک 500 تحقیقات کا جائزہ لیا، جس میں سے 65 تحقیقات ایسی تھیں جو 1994 سے 2022 تک مختلف طبی جریدوں میں شائع ہوچکی تھیں اور ان میں موبائل فونز اور ریڈیو ویوز ٹیکنالوجی کے انسانی صحت پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا تھا۔

    تحقیق کے دوران ریڈیو فریکوئنسی کے اثرات کا جائزہ لیا گیا جن کا استعمال موبائل فونز کے ساتھ ساتھ ٹیلی ویژن اور دیگر ڈیوائسز میں کیا جاتا ہے۔

    نتائج میں ماہرین نے دیکھا کہ نہ صرف موبائل ٹیکنالوجی بلکہ ریڈیو ویوز سے بھی انسانوں کو کسی طرح کا کوئی کینسر لاحق نہیں ہوتا۔

    ماہرین نے بتایا کہ اگر کوئی انسان 10 سال تک بھی موبائل فون مسلسل چلائے اور بار بار فون کالز کرنے کے لیے اسے دماغ کے قریب لائے تو بھی اس سے کینسر نہیں ہوتا۔

    محققین نے بتایا کہ نتائج سے یقین دہانی ہوتی ہے کہ موبائل فونز سے بہت کم سطح کی ریڈیو لہریں خارج ہوتی ہیں جو صحت کے لیے نقصان دہ نہیں۔ البتہ انہوں نے اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

  • موبائل فونز کی درآمدات میں کمی

    موبائل فونز کی درآمدات میں کمی

    اسلام آباد : موبائل فونز کی درآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک اور پی بی ایس کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں موبائل فونز کی درآمدات پر15.36 ملین ڈالرکا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 364 فیصد کم ہے۔

    گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں موبائل فونز کی درآمدات پر71.21 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا، ستمبر2023 میں موبائل فونز کی درآمدات کاحجم 7.048 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اگست میں 4.97ملین ڈالر اور گزشتہ سال ستمبر میں 85.81 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023 میں موبائل فونز کی درآمدات پر90.88 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ٹیلی کام گروپ کی مجموعی درآمدات کا حجم 366.31ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 209.52ملین ڈالر تھا۔

  • ملتان میں پولیس نے 2 کروڑ روپے مالیت کے 500 موبائل فونز برآمد کر لیے

    ملتان میں پولیس نے 2 کروڑ روپے مالیت کے 500 موبائل فونز برآمد کر لیے

    ملتان: پنجاب کے شہر ملتان میں پولیس نے 2 کروڑ روپے مالیت کے 500 موبائل فونز برآمد کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان پولیس نے پانچ سو کی تعداد میں چوری شدہ سیل فونز برآمد کر لیے ہیں، جن کی مالیت دو کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔

    ایس ایس پی آپریشنز محمد عمران نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے موبائل فونز برآمد کیے گئے، برآمد ہونے والے موبائل فونز مالکان کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے چوری شدہ موبائل فون ٹریس کیے، موبائل فون وصول کرنے والے شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا اور پولیس کے اس اقدام کو سراہا۔

  • کراچی میں چھینے گئے موبائل فونز کی فروخت روکنے کے لیے بڑا فیصلہ

    کراچی میں چھینے گئے موبائل فونز کی فروخت روکنے کے لیے بڑا فیصلہ

    کراچی : کراچی الیکٹرانک ڈیلر ایسوسی ایشن نے غیر مقامی افراد کے موبائل فون فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی ، اب کراچی کے شہری کے علاوہ کوئی موبائل فون فروخت نہیں کرسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی الیکٹرانک ڈیلر ایسوسی ایشن کا چھینے گئے موبائل فونز کی فروخت روکنے کے لیے بڑا فیصلہ سامنے آگیا ، جس کے بعد اب کراچی کے شہری کے علاوہ کوئی موبائل فون فروخت نہیں کرسکے گا۔

    اس حوالے سے الیکٹرانک مارکیٹ ایسویسی ایشن عہدیدار منہاج گلفام نے اے آر وائی نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سی پی ایل سی کے تعاون سے کیڈا نے ایس او پی بنائی ہے، موبائل فون فروخت کے لیے کراچی کا شناختی کارڈ ہوا لازمی ہے، بغیر تصدیق کراچی کا کوئی بھی دکاندار موبائل فون نہیں خریدے گا۔

    منہاج گلفام کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہر نئے آنے والے پولیس چیف سے میٹنگز ہوتی رہی ہیں،ہم نے ایس او پیز پر بہت زیادہ سختی کی ہے،اب تک تقریبا 18 کروڑ روپے کے موبائل فون پکڑ چکے ہیں۔

    الیکٹرانک مارکیٹ ایسویسی ایشن عہدیدار نے بتایا کہ پکڑے گئے فون کراچی کے شہریوں سے چھینے گئے تھے، پولیس کے ذریعے موبائل فونز شہریوں کو واپس دلوائے گئے کراچی کی تمام موبائل مارکیٹس کے دکاندار فیصلے کے پابند ہوں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شناختی کارڈ پر کراچی کا ایڈریس دیکھ کر موبائل فون خریدا جائے گا، فیصلوں میں مختلف وقتوں میں اپڈیٹس بھی کرتے رہے ہیں۔

    منہاج گلفام نے کہا دکانداروں کو سختی سے کہا گیا ہے کہ اس پر عمل کریں،موبائل فون فروخت کرنے والے سے مکمل تصدیق کی جائے گی،اندرون سندھ سے آنے والے سے کراچی کے رہائشی کی گارنٹی مانگی جائے۔

  • پاکستان کی مقامی سطح پر موبائل فون کی تیاری میں   بڑی کامیابی

    پاکستان کی مقامی سطح پر موبائل فون کی تیاری میں بڑی کامیابی

    اسلام آباد : میک ان پاکستان پالیسی کے حوصلہ افزانتائج برآمد ہونے لگی ، پاکستان میں مقامی سطح پر جنوری سے اکتوبر تک 18.87ملین موبائل فون تیار کرلئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنوری تااکتوبر 18.87ملین موبائل فون پاکستان میں بنائے گئے جبکہ اسی عرصےمیں 7.93ملین فور جی موبائل فون بنائے گئے۔

    مالی سال کےپہلے 10ماہ میں 9.45ملین موبائل فون درآمدکئےگئے، میک ان پاکستان پالیسی کےحوصلہ افزانتائج برآمدہورہےہیں، موبائل فون مینو فیکچررنگ میں پائیدار نمو دیکھنا چاہتے ہیں۔

    یاد رہے مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ موبائل فونزکی میک ان پاکستان پالیسی پھلنے پھولنے لگی ہے، صرف 7ماہ میں 10 ہزار نوکریاں پیدا کیں اور 12.48ملین مقامی موبائل آلات تیار کئے۔

    اس سے قبل پاکستان میں مقامی سطح پر جنوری سے جولائی تک ایک کروڑ 22 لاکھ 70 ہزار فونز بنائے گئے تھے، پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ مقامی طور پر تیار فونز میں 48 لاکھ 70 ہزار 4 جی اسمارٹ فونز شامل ہیں ، 26 کمپنیوں کو پاکستان میں موبائل فونز بنانے کی اجازت دی گئی، جنوری سے جولائی کے دوران درآمد موبائل فونز کی تعداد 82 لاکھ 90 ہزار رہی۔

  • پاکستانی موبائل صارفین کیلئے اہم خبر

    پاکستانی موبائل صارفین کیلئے اہم خبر

    لاہور : پاکستان میں مقامی سطح پر تیار موبائل فونزکی تعداد درآمد شدہ موبائل فون سے تجاوز کرگئی، جنوری سے جولائی تک12.27 ملین موبائل فون تیار ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے اس سال پہلی بار درآمدات سے زیادہ موبائل فون تیار کیے ہیں ، جنوری تاجولائی پاکستان میں تیار موبائل فون تعداد 12.27 ملین ہوگی جبکہ اس دوران بیرون ممالک سے 8.29ملین موبائل امپورٹ کئےگئے ، پاکستان مابائل فون کی درآمد کرنے والا ساتواں بڑا ملک تھا۔

    دوسری جانب مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا جنوری سے جولائی تک12.27ملین موبائل فون تیارہوئے، موبائل فونزکی تعداددرآمد شدہ موبائل فون سے تجاوز کرگئی، یہ بات ایک میٹنگ میں موبائل فون بنانے والے سے پتا چلی، ہماری موبائل فون مینوفیکچرنگ پالیسی ٹریک پر ہے، اب موبائل سیٹ کی برآمدت کم ہو گئی ہے۔

  • بچوں کی موبائل فون سرگرمیوں پر کیسے نظر رکھی جائے؟ والدین کیلئے اہم خبر

    بچوں کی موبائل فون سرگرمیوں پر کیسے نظر رکھی جائے؟ والدین کیلئے اہم خبر

    عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث جہاں معاشی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں تو دوسری جانب تعلیمی سرگرمیاں بھی نہ ہونے کے برابر ہیں جس کے سبب بچوں کا زیادہ تر وقت کھیل کود اور موبائل فون پر مختلف مصروفیات میں گزرتا ہے۔

    آج کے دور میں بہت سے والدین نہیں جانتے کہ ان کے بچے اپنے اسمارٹ فون اور ٹیبلیٹ وغیرہ پر کر کیا رہے ہیں؟ اگرچہ ایسے طریقے موجود ہیں جن سے وہ بچوں کی سوشل میڈیا آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھ سکتے ہیں۔ لیکن یہ طریقے کتنے مؤثر ہیں؟ یہ کہنا مشکل ہے۔

    اس حوالے سے اسمارٹ فون کی جانب سے ایک مخصوص ٹول متعارف کرایا گیا ہے جس کا نام نیورو میچ جس کی وجہ سے آرٹیفیشل انٹیلی جینس کا استعمال کرتے ہوئے والدین بچوں کی سرگرمیوں پر با آسانی نظر رکھ سکتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں انٹرنیٹ گورننس ایکسپرٹ فواد ریاض نے بتایا کہ یہ سسٹم والدین کو رہنمائی فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے وہ یہ دیکھ سکتے ہیں کہ بچے کس طرح کی ویڈیوز تصاویر اور دیگر مواد دیکھ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مواد کو چھانٹی کرنے والا یہ سافٹ ویئر بہت کارآمد ہے، اس نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے والدین کیلئے ڈیجیٹل کنٹرول بہت آسان ہوجائے گا۔

    ماہرین صحت کا کہنا کہ موبائل فون اور آئی پیڈ پر زیادہ وقت گزارنے والے بچے جسمانی مشقت سے دور ہوجاتے ہیں، جن بچوں کی عمر بھاگنے دوڑنے کی ہے وہ موبائل کی اسکرین سے جُڑ کر بیٹھ جاتے ہیں جو کہ ان کی صلاحیتوں کو محدود بلکہ کسی نہ کسی حد تک ختم کردیتا ہے۔

  • لاہور  ایئر پورٹ پر کسٹم حکام کی بڑی کارروائی،  لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون برآمد

    لاہور ایئر پورٹ پر کسٹم حکام کی بڑی کارروائی، لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون برآمد

    لاہور : علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر کسٹم  حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون برآمد کرلئے ، ڈی سی کسٹم نے کہا مسافر نے جسم کے ساتھ آئی فون لگا رکھے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹم حکام نے لاہور ایئر پورٹ پر بڑی کاروائی کرتے ہوئے مسافر سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون برآمد کرلئے ، ڈی سی کسٹم ثاقب وڑائچ نے بتایا کہ مسافر برطانیہ سے قطر سے وایا لاہور پرواز 620سے لاہور پہنچا ، کسٹم کے سپاہی وحید نے شک پڑنے مسافر کو روکا تو مسافر نے جسم کے ساتھ آئی فون لگا رکھے تھے۔

    ثاقب وڑائچ کا کہنا تھا کہ جہلم کے رہائشی مرزا عرفان بیگ کے پاس برطانیہ اور پاکستان کا پاسپورٹ تھا ، جو وہ اسمگلنگ میں استعمال کررہا تھا، مسافر نے بڑی چالاکی سے اپنی پنٹ اور کوٹ کے نیچے موبائل فون جسم کے ساتھ ٹیپ کے ساتھ لگا رکھے تھے ۔

    ڈی سی کسٹم کے مطابق 39 قیمتی آئی فون جن کی لاگت 70 لاکھ سے زائد بتائی جارہی ہے جبکہ برآمد ہونے والے موبائل فونز میں 20 قیمتی جدید آئی فون 18 سام۔ سنگ گلیکسی نوٹ 10/11 شامل ہیں۔

    ثاقب وڑائچ نے بتایا کہ ایک قیمتی موٹو رولا فون بیس ہینڈ فری پلس چارجر ، بیس خالی بوکس موبائل فون بھی برآمد ہوئے ، مسافر کے خلاف سمگلنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

  • بیرون ملک سے موبائل فونز لانے والوں کی مشکل آسان

    بیرون ملک سے موبائل فونز لانے والوں کی مشکل آسان

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کا کہنا ہے کہ 15ہزار یا اس سے کم مالیت کے اسمارٹ فونز کی درآمد پر سیلز اور انکم ٹیکس کی شرح پر کمی کردی گئی ، حکومت اسمارٹ فونز کی مقامی پیداوار کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فونزکی درآمد پر عائد ٹیکسز میں خاطرخواہ کمی ہوئی ، 15 ہزار یا اس سے کم مالیت کے اسمارٹ فونزکی درآمد پر سیلز ،انکم ٹیکس کی شرح پر کمی کی گئی۔

    ایف بی آر کا کہنا تھا کہ لوکل صنعتکارکیلئے بھی مارکیٹ میں حالات سازگار،موافق ہونے چاہئیں، حکومت اسمارٹ فونزکی مقامی پیداوارکی حوصلہ افزائی کرتی ہے، مشیرتجارت،ٹیکسٹائل،انڈسٹریز،سرمایہ کاروں کی کمیٹی کام کررہی ہے۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق تجاویزاسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ای سی سی میں لائی جائیں گی، تجاویز سےمتعلق حتمی فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کرے گی۔

    مزید پڑھیں : بیرون ملک سے موبائل فون لانے والوں کے لیے خوش خبری، آرڈیننس جاری

    یاد رہے چند روز قبل وفاقی حکومت نے صدارتی آرڈیننس جاری کر کے درآمد ہونے والے موبائل فونز کا ٹیکس کم کردیا، ایف بی آر کی جانب سے جاری انکم ٹیکس آرڈیننس کی خصوصیات کے حوالے سے فہرست جاری کی گئی ، جس میں بتایا گیا تھا کہ ٹیکس قوانین 2001 کے تحت انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کو کم کیا گیا۔

    ٹیکس قوانین کی (دوسری شق ) میں تبدیلی کے آرڈیننس میں بتایا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بیرون ملک سے امپورٹ کیے جانے والے مخصوص یعنی کم قیمت موبائل فونز پر عائد ہونے والے ٹیکسز پر چھوٹ دے دی، اب 30 ڈالر سے 100 ڈالر تک کی مالیت کے موبائلز پر 730 روپے کی جگہ 100 روپے ود ہولڈنگ ٹیکس نافذ ہوگا۔

    اسی طرح تیس ڈالر تک کی مالیت کے اسمارٹ فون پر 100 جبکہ 100 ڈالر کی قیمت والے موبائل فون پر 200 روپے ٹیکس کم وصول کیا جائے گا۔