Tag: modern system

  • سعودی عرب میں بینکنگ کا جدید نظام

    سعودی عرب میں بینکنگ کا جدید نظام

    ریاض : سعودی عرب میں ڈیجیٹل بینکوں کے قیام کیلیے حکومت نے مختلف بینکوں کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت سرمایہ کاری کی جانب سے الراجی بینک، الینما بینک اور بینک سعودی فرانسی کے ساتھ مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کے بعد سعودی عرب اپنی ڈیجیٹل بینکنگ خدمات میں تبدیلی کی توقع کرسکتا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان ایم او یوز کا مقصد ڈیجیٹل بینکنگ سیکٹر کے کردار کو بڑھانا اور سرمایہ کاروں کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں مدد کرنا ہے۔

    ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق یہ معاہدے کمپنیوں کو سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں سہولتیں بھی فراہم کریں گے۔

    تازہ ترین مفاہمت نامے وزارت سرمایہ کاری کی جانب سے ریاض بینک کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے جانے کے بعد سامنے آئے ہیں تاکہ غیر ملکی کمپنیوں کے لیے اپنے ہیڈ کوارٹر کو مملکت منتقل کرنے کے لیے ڈیجیٹل بینکنگ تک رسائی کو آسان بنایا جا سکے۔

    بینک کے مطابق ان کمپنیوں کے ملازمین کو اکاؤنٹس کھولنے، بینکنگ کارڈ جاری کرنے، خصوصی ممبرشپ میں شامل ہونے اور ریلیشن شپ منیجرز کی شناخت کے لیے تیز رفتار اور موثر طریقہ کار کی پیشکش کی جائے گی۔

    اس کے علاوہ انہیں سعودی عرب پہنچنے اور ورک پرمٹ جاری کرنے سے پہلے تمام خدمات فراہم کر دی جائیں گی۔

    کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فِچ کے مطابق مملکت میں سازگار آپریٹنگ ماحول کی بدولت اور سخت لیکویڈیٹی کے باوجود سعودی عرب میں بینکوں سے اس سال اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی امید ہے۔

    جولائی میں امریکہ میں مقیم فرم کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب میں نان آئل کی اقتصادی ترقی مملکت میں بینکوں کے منافع کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

  • ابوظبی آنے والوں کے لیے داخلے کا نظام اپ ڈیٹ

    ابوظبی آنے والوں کے لیے داخلے کا نظام اپ ڈیٹ

    ابوظہبی : کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کیے گئے اقدامات کے تحت متحدہ عرب امارت کی ریاست ابوظبی میں داخلے کیلئے نیا نظام متعارف کرادیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کورونا وبا کے مسائل اور بحرانوں سے نمٹنے پر مامور کمیٹی نے ابوظبی آنے والوں کے لیے داخلے کا نظام اپ ڈیٹ کیا ہے۔ داخلے کے تمام پوائنٹس پر تیز رفتار چیکنگ کے لیے ای ڈی ای سسٹم ٓمتعارف کرایا گیا ہے۔

    الامارات کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ابوظبی میڈیا سینٹر نے ٹویٹر بیان میں کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرین کا پتہ لگانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

    ای ڈی ای سسٹم کے تحت ممکنہ متاثرین کے کیسز فیلڈ ٹیسٹ سینٹر کے حوالے کیے جاتے ہیں جہاں اینٹی باڈیز کا مفت ٹیسٹ ہوتا ہے، 20 منٹ کے اندر ٹیسٹ رزلٹ آجاتا ہے۔

    أبوظبی میں کورونا سے متاثرین کی شرح کم ہورہی ہے، حفاظتی تدابیر کی سختی اور مسلسل پابندی کے باعث وبا کنٹرول میں ہے۔

    ای ڈی ای ٹیسٹ آر این اے وائرس سے نکلنے والی مقناطیسی لہر چانچنے والی ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہے۔ یہ تین سیکنڈ کے اندر موبائل میں ایپ کے ذریعے وائرس کا پتہ لگا لیتی ہے، اس ٹیسٹ میں نجی کوائف جمع نہیں ہوتے،  پرائیویسی کا خیال رکھا جاتا ہے۔