Tag: Moderna

  • کورونا ویکسین کتنی کارآمد ہے؟ امریکہ نے آزمائشی نتائج کی تفصیل جاری کردی

    کورونا ویکسین کتنی کارآمد ہے؟ امریکہ نے آزمائشی نتائج کی تفصیل جاری کردی

    نیو ہمپشائر : امریکی ادارے ایف ڈی اے نے کورونا ویکسین کے آزمائشی نتائج کے بارے میں کہا ہے کہ مذکورہ ویکسین مریضوں کیلئے94فیصد سے زائد مؤثر ہے، ویکسین کی تیس ہزار سے زائد افراد پر تحقیق کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کے خوراک اور دواؤں کے انتظامی ادارے ایف ڈی اے نے امریکی دوا ساز کمپنی موڈرنا کی تیار کردہ کورونا ویکسین کے آزمائشی نتائج کا تفصیلی تجزیہ جاری کیا ہے۔

    ایف ڈی اے کے مطابق تجزیے میں تحفظ سے متعلق ایسے کوئی خاص خدشات نہیں پائے گئے جو ای یُو اے یعنی ہنگامی استعمال کی منظوری کے اجراء میں رکاوٹ ہوں۔

    گزشتہ روز ایف ڈی اے کی جاری کردہ دستاویز میں ویکسین کا جائزہ تقریباً 30 ہزار افراد پر آزمائش کے نتائج کے حوالے سے لیا گیا ہے، موڈرنا نے گزشتہ ماہ ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت کی درخواست دی تھی۔

    دستاویز کے مطابق ویکسین کی دوسری خوراک کے کم از کم دو ہفتے بعد ویکسین بحیثیت مجموعی 94.1 فیصد مؤثر پائی گئی۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یہ بھی معلوم ہوا کہ اس کی تاثیر عمر کے لحاظ سے مختلف ہے۔

    آزمائشی تحقیق کے مطابق18 سے64 سال تک کے مریضوں میں اس کی افادیت95.6 فیصد تھی جبکہ65 سال یا اس سے زائد عمر کے مریضوں کے لیے یہ84.4 فیصد مؤثر پائی گئی۔

    یاد رہے کہ ویکسین پر مزید بحث و مباحثے کے لیے ایف ڈی اے کے ایک مشاورتی پینل کا اجلاس جمعرات کے روز ہوگا،توقع ہے کہ ایف ڈی اے اس پینل کی سفارشات کی بنیاد پر ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دینے یا نہ دینے کا جلد فیصلہ کرے گی۔

  • موڈرینا کی کرونا وائرس ویکسین کتنی مؤثر ہوگی؟

    موڈرینا کی کرونا وائرس ویکسین کتنی مؤثر ہوگی؟

    واشنگٹن: امریکی کمپنی موڈرینا کی کووڈ 19 ویکسین کرونا وائرس سے کم از کم 3 ماہ تک تحفظ فراہم کرسکے گی، اس ویکسین کی منظوری کے لیے رواں ماہ 17 تاریخ کو متعلقہ حکام کا اجلاس منعقد ہوگا۔

    طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع تحقیق میں امریکا کے نیشنل انسٹیٹوٹ فار الرجیز اینڈ انفیکشیز ڈیزیز (این آئی اے آئی ڈی) کے محققین نے 34 بالغ افراد میں ویکسین کے مدافعتی ردعمل کی جانچ پڑتال کی۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ ان افراد کو ایم آر این اے 1273 کے پہلے ٹرائل کے دوران ویکسین کے 2 ڈوز دیے گئے تھے۔

    تحقیق کے مطابق ان افراد میں اینٹی باڈیز کی سطح کی جانچ پڑتال دوسری بار ویکسین کے ڈوز دینے کے 90 دن (پہلے ڈوز کے 119 دن بعد) کی گئی۔

    محققین نے دریافت کیا کہ 3 ماہ بعد بھی خون میں وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز موجود تھیں اور اس سے عندیہ ملا کہ اتنے مہینوں بعد بھی کووڈ 19 کے خلاف جسم کو کسی حد تک مدافعتی تحفظ حاصل تھا۔

    تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ویکسین سے ایک مخصوص قسم کے ٹی سیلز کا ردعمل متحرک ہوتا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ کسی حد تک طویل المعیاد مدافعت حاصل ہوسکتی ہے۔

    موڈرینا کے چیف میڈیکل آفیسر ٹال زاکس کا کہنا ہے کہ ویکسین کے ٹرائل کے پہلے مرحلے کے ڈیٹا سے عندیہ ملتا ہے کہ ہماری ویکسین ہر عمر کے افراد میں وائرس ناکارہ بنانے والی پائیدار اینٹی باڈیز بناتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیٹا سے مزید امید بڑھتی ہے کہ یہ کووڈ 19 سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے بہت زیادہ مؤثر ہوگی۔

    امریکا میں موڈرینا کی ویکسین کے استعمال کی منظوری کے لیے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کا اجلاس 17 دسمبر کو ہوگا۔

    کمپنی کے مطابق وہ سنہ 2020 کے آخر تک 2 کروڑ ڈوز امریکا میں ترسیل کرے گی اور توقع ہے کہ اگلے سال 50 کروڑ سے ایک ارب ڈوز دنیا بھر میں تیار کیے جائیں گے۔

  • امریکی کمپنی کو کرونا ویکسین کی تیاری کے لیے مزید رقم موصول

    امریکی کمپنی کو کرونا ویکسین کی تیاری کے لیے مزید رقم موصول

    امریکی بائیو ٹیک کمپنی ماڈرینا کا کہنا ہے کہ انہیں امریکی حکومت کی جانب سے اضافی فنڈنگ موصول ہوئی ہے جس کی بدولت وہ اپنی کرونا وائرس ویکسین کی تیاری کا آخری مرحلہ جلد مکمل کرسکیں گے۔

    ماڈرینا کو اپریل میں امریکی فیڈرل ایجنسی سے 483 ملین ڈالر کی فنڈنگ موصول ہوئی تھی، اس وقت ماڈرینا کی ویکسین اپنی تیاری اور آزمائش کے پہلے مرحلے میں تھی۔

    ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلوں سے حاصل شدہ ڈیٹا سے اندازہ ہورہا ہے کہ ویکسین نہ صرف کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کو کنٹرول کرنے میں مدد دے گی بلکہ مستقبل میں بھی کسی وبا کے خلاف مؤثر کردار ادا کرے گی۔

    اب تک ماڈرینا کو امریکی حکومت کی جانب سے955 ملین ڈالر کی فنڈنگ موصول ہوچکی ہے۔

    ماڈرینا کا کہنا ہے کہ وہ فی الوقت ویکسین کی سالانہ 500 ملین ڈوزز بناسکتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ سنہ 2021 کے آغاز سے 1 ارب ڈوزز سالانہ بناسکیں گے۔