Tag: Modified

  • برطانوی بادشاہ چارلس کے تاج میں تبدیلی کی وجہ سامنے آگئی

    برطانوی بادشاہ چارلس کے تاج میں تبدیلی کی وجہ سامنے آگئی

    لندن : برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس سوم کو مرحومہ ملکہ برطانیہ کے زیر استعمال تاج پہنایا جائے گا، تاج پوشی کی یہ شایان شان تقریب 6مئی 2023کو منعقد ہوگی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کنگ چارلس سوم کے لیے 17ویں صدی کے تاریخی تاج میں تبدیلی کی جائے گی۔

    بکنگھم پیلس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سینٹ ایڈورڈ کراؤن کے سائز میں تبدیلی کے لیے اسے ٹاور آف لندن سے ہٹا دیا گیا ہے۔ یہ تاج 6 مئی 2023 کو شاہ چارلس کو پہنایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ اس تاج کا وزن 2.23 کلوگرام ہے اور یہ 22 قیراط سونے سے بنایا گیا ہے۔ اس کی گولائی 66 سینٹی میٹر اور اونچائی 30 سینٹی میٹرہے جب کہ اس میں 444 قیمتی نگینے جڑے ہوئے ہیں۔

    13ویں صدی سے انگریزوں اور بادشاہوں کی تاج پوشی کے لیے استعمال ہونے والے سینٹ ایڈورڈ کراؤن کے سائز کے لیے لندن ٹاور سے نامعلوم مقام پر منتقلی کو خفیہ رکھا گیا ہے۔

    موجودہ سینٹ ایڈورڈ کراؤن 1661 میں کنگ چارلس دوم کے لیے بنایا گیا تھا کیوں کہ 13 ویں صدی سے زیر استعمال 1649 میں پگھل گیا تھا۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب ان کے والد کی پھانسی دی گئی تھی۔

    برطانیہ کی سب سے طویل عرصے تک ملکہ رہنے والی الزبتھ دوم کی تاجپوشی 2 جون 1953 کو لندن میں ہوئی اور انھیں یہی تاج پہنایا گیا تھا تاہم موجودہ بادشاہ چارلس کے سر کا سائز قدرے مختلف ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ سینٹ ایڈورڈ کراؤن کے سائز میں تبدیلی کے لیے منتقل کیا گیا ہے تاکہ 6 مئی 2023 کو ویسٹ منسٹر ایبی لندن میں ہونے والی تاج پوشی کی تقریب میں اسے بادشاہ چارلس کے سر پر رکھا جا سکے۔

  • شارجہ پولیس کا کم عمر بائیکرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

    شارجہ پولیس کا کم عمر بائیکرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

    ابوظبی : اماراتی پولیس نے رہائیشوں کی شکایت پر لاپرواہی سے موٹرسائیکل چلانے والے کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کی پولیس نے بغیر لائسنس کے موٹر سائیکل پر کھانا اور دیگر اشیاء گھر گھر پہنچانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس کارروائی کے دوران ان موٹر سائیکلوں کو نشانہ بنارہی ہے جن کے انجن تبدیل کیے گئے اور انکی آواز سے رہائشیوں کو پریشانی ہوتی ہے۔

    ترجمان شارجہ پولیس بریگیڈیر احمد بن درویش کا کہنا ہے کہ پولیس موٹر سائیکل سواروں کی لاپرواہی کے باعث ہونے والے حادثات کی روک تھام اور کمی کےلیے مسلسل آگاہی مہم چلا رہی ہے۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نوجوان موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز رہائیشوں کی شکایت پر کیا گیا تھا جو گلیوں اور رہائشی علاقوں میں لاپرواہی سے بائیک چلاتے ہیں۔

    ترجمان شارجہ پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس کے ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو مزید محفوظ بنانا اور ٹریفک حادثات کے باعث ہونے والی اموات میں کمی کےلیے نظام ٹریفک کو بہتر بنانا ہے۔

    بریگیڈیر احمد بن درویش کا مزید کہنا تھا کہ پولیس موٹرسائیکل سواروں اور سائیکل سواروں کو ہیلمٹ اور رات میں حافظتی جیکٹ پہننے کے حوالے سے آگاہ کررہی ہے۔

    مزید پڑھیں : بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے کے جرم میں 342 بچے گرفتار

    یاد رہے کہ گذشتہ برس اماراتی پولیس حادثات کی روک تھام کے لیے بغیر لائسنس غیر قانونی طور پر اپنے والدین کی گاڑیاں چلانے والے 342 کم عمر بچوں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا تھا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق بریگیڈیر خلیفہ ال خائلی نے والدین پر الزام عائد کیا تھا کہ والدین اپنے بچوں کو غیر قانونی طور پر گاڑی چلانے کی تربیت دیتے ہیں، حراست میں لیے جانے والے بیشتر کم عمر ڈرائیورز بغیر کسی حفاظتی انتظامات کے گاڑی چلارہے تھے۔

  • آسٹریلیا: جنگل میں لگی آگ بجھانے کے لیے بوئنگ 737 کا استعمال شروع

    آسٹریلیا: جنگل میں لگی آگ بجھانے کے لیے بوئنگ 737 کا استعمال شروع

    سڈنی : آسٹریلوی حکام نے نیو ساؤتھ ویلز کے جنگلات میں لگی خوفناک آگ پر تبدیل شدہ مسافر بردار بوئنگ طیارے کی مدد سے قابو پالیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے دارالحکومت سڈنی سے 150 کلومیٹڑ شمال کی جانب سے پورٹ اسٹیفنس کے جنگلات میں ہونے والی ہولناک آتشزدگی کے باعث جنگل کی 15 سو ہیکٹر اراضی لپیٹ میں آچکی تھی جس کے بعد آگ رہائشی علاقے کی جانب بڑھ رہی تھی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ حکام نے آگ پر قابو پانے کےلیے ترمیم شدہ بوئنگ 737 مسافر بردار طیارے کے ذریعے آگ بجھائی، جس میں 15 ہزار لیٹر کیمیکل ملا پانی موجود تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ بوئنگ طیارے کو مسافر بردار سے ائیر ٹینکر میں ایک کینیڈین کمپنی نے تبدیل کیا ہے مذکورہ ایئر ٹینکر میں 15 ہزار لیٹر (4 ہزار گیلن) پانی لے جانے کی صلاحیت ہے جبکہ آگ بجھانے والے کیمیکل اور 63 فائر فائٹرز کو بھی سامان کے ہمراہ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    آسٹریلوی فائربریگیڈ عملے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ بوئنگ 737 بیک وقت کئی خصوصیات سے لیس ہے جس کی مدد سے بڑی تعداد میں پانی اور آگ بجھانے والا کیمیکل پھینکا جاسکتا ہے۔

    ہنگامی خدمات انجام دینے والے ادارے کے سربراہ کریس گارلک کا کہنا تھا کہ کیوں کہ 737 ایک مسافر بردار طیارہ ہے اس لیے اس میں بیک وقت 63 فائر فائٹر بھی سوار ہوسکتے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے پاس ایسے 9 طیارے موجود ہیں جو جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے استعمال کیے جاتےہیں جن میں ایک طیارے میں 45 ہزار لیٹر پانی لے جانے کی گنجائش موجود ہے۔

  • بلیک بیری موبائل فون کا منشیات اسمگلنگ میں استعمال ہونے کا انکشاف

    بلیک بیری موبائل فون کا منشیات اسمگلنگ میں استعمال ہونے کا انکشاف

    واشنگٹن:امریکی اٹارنی اور ایف بی آئی نے یہ انکشاف کیا ہے کہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے فینٹم سکیور نامی ادارہ معروف کمپنی بلیک بیری کے موبائل فون ڈیوائس میں تبدیلی کرکے عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ کے لیے فروخت کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی موبائل فون بنانے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو پریہ الزام ہے کہ ان کی کمپنی نے مبینہ طور پر منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے کے لیے انتہائی محفوظ موبائل فون تیار کیے ہیں جو دنیا کے بدنام ترین منشیات فروش گروپس مختلف کارروائیوں میں استعمال کررہے ہیں۔

    تفتیش کاروں کا کہنا تھا کہ کینیڈا سے کام کرنے والی فینٹم سکیور نے بلیک بیری کی ڈیوائس میں تبدیلیی کرنے کے بعد سینالوا کارٹل جیسے منشیات اسمگلنگ کرنے والے گروپس کو فروخت کرکے ہزاروں ارب ڈالر کماچکی ہے۔ امریکی حکام کی جانب پہلی بار اس کمپنی کو نشانہ بنایا گیا ہے جو جرائم پیشہ افراد کے لیے خفیہ ٹیکنالوجی تیار کرتی ہے۔

    امریکی ایجنسیوں نے جمعرات کو امریکی شہر سیئٹل سے ونسینٹ راموس نامی شخص کو گرفتار بھی کیا ہے جس پر چار منشیات اسمگلنگ کرنے والے گروپس سے تعلق کا الزام ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارہ نے فینٹم سکیور تک رسائی کی کوشش تاہم وہ ناکام رہے۔

    ایف بی آئی کے مطابق راموس گروپ کا صرف ایک فرد ہے جو ابھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حراست میں ہے۔ ونسینٹ راموس پر غیر قانونی طریقوں اور شازش سے منشیات کی تقسیم میں مدد فراہم کرنے کے الزامات ہیں، جس کے نتیجے میں ملزم کو کم از کم عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

    امریکی اٹارنی ایڈم بریو مین کا برطانوی خبر رساں ادارے سے اظہار خیال کرتے  ہوئے کہنا تھا کہ فینٹم سیکیور نامی ادارے نے یہ ٹیکنالوجی عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ میں سہولت فراہم کرنے کے لیے بنائی ہے۔

    فینٹم سیکیور کی تیار کی گئی ڈیوائس سینالوا کارٹل کے ممبران سمیت دیگر منشیات اسمگلنگ کرنے والی تنظیموں کو منشیات کی اسمگلنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کے لیے سہولت فراہم کرتی ہے۔

    بریومین کا کہنا تھا کہ بلیک بیری واحد ادارہ نہیں ہے جس کے تیار کردہ موبائل فون کو تبدیل کرکے غیر قانونی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کے روز اس خفیہ ڈیوائس بنانے والی کمپنی کے حوالے سے بلیک بیری کمپنی سے رابطہ کیا گیا تھا تاہم کمپنی کے حکام نے جواب دینے سے انکار کردیا، تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ بلیک بیری اس کیس پر سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کرے گی یا نہیں کچھ کہا نہیں جاسکتا۔

    امریکی اٹارنی ایڈم بریور مین کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی اور اٹارنی آفس اس معاملے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں