Tag: Mohammad Amir

  • محمد عامر سے ڈیل اسٹین نے کیا کہا؟

    محمد عامر سے ڈیل اسٹین نے کیا کہا؟

    راولپنڈی: پی ایس ایل فائیو کے 14 ویں میچ میں محمد عامر اور ڈیل اسٹین کے درمیان ہونے والی گفتگو منظرعام پر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 19ویں اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دی، میچ کے بعد فاسٹ بولر ڈیل اسٹین اور محمد عامر کے درمیان ہونے والی بات چیت منظر عام پر آگئی۔

    پنڈی میچ کے بعد محمد عامر نے کہا کہ رات میں میچ ہوتے ہیں تو بال بھی تھوڑا گیلا ہوجاتا ہے، بال اسکڈ کرتا ہے اور بالرز کے لیے مشکل ہوجاتی ہے۔

    محمد عامر نے بتایا کہ میچ کے بعد ڈیل اسٹین مجھ سے یہی کہہ رہا تھا کہ ’ان وکٹ پر آپ کو سو فیصد لائن اور لینتھ کے ساتھ بولنگ کرنی ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے جانے والے میچ میں ڈیل اسٹین نے اپنے 4 اوورز میں 37 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ محمد عامر نے بھی اپنے چار اوورز میں 40 رنز کے عوض صرف ایک ہی وکٹ حاصل کی تھی۔

    راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں دونوں بالرز کی دھلائی ہوئی تھی تاہم میچ میں کراچی کنگز نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی، اب سے کچھ دیر بعد کراچی کنگز کو پشاور زلمی کا چیلنج درپیش ہوگا۔

  • محمد عامر ڈیوڈ وارنر کے لیے خطرہ بن گئے

    محمد عامر ڈیوڈ وارنر کے لیے خطرہ بن گئے

    سڈنی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر جارح مزاج آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کے لیے خطرہ بن گئے، ناقابل شکست رہنے کا تسلسل توڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹر محمد عام نے ڈیوڈ وارنر کے لیے مشکلات کھڑی کردیں، مسلسل چار میچوں میں ناٹ آؤٹ رہنے والے وارنر کو بلآخر محمد عامر نے پویلین کی راہ دکھائی۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں محمد عامر نے ڈیوڈ وارنر کو 20 رنز کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا، اور اس طرح ان کا ناٹ آؤٹ رہنے کا تسلسل ٹوٹ گیا۔

    آسٹریلوی بلے باز نے سری لنکاکے خلاف تینوں مچوں میں عمدہ اور جارح بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بولر کو اپنے سامنے ٹکنے نہیں دیا تھا، تاہم پاکستان کے اسٹار بولر نے ان کا یہ غرور خاک میں ملا دیا۔

    ’’مصباح! پوری ٹیم نہیں بلکہ کپتان نمبر ون تھا‘‘

    البتہ پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انہوں نے صرف دو رنز ہی بنائے تھے کہ اچانک بارش ہوئی جس کے بعد میچ روک دیا گیا تھا۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کے ہاتھوں دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں شکست کے بعد شائقین کرکٹ نے سرفراز کو ٹیم میں واپس لانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹی ٹوینٹی میچ کھیلا گیا جس میں پاکستانی بیٹنگ لائن کینگروز گیند بازوں‌ کے آگے ریت کا ڈھیر ثابت ہوئی اور فخر زمان ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف دو رنز بناکر پویلین روانہ ہوئے تھے۔

  • فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لے لی

    فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لے لی

    لاہور: قومی کرکٹر اور فاسٹ باؤلر محمدعامر نے ٹیسٹ کرکٹ سےریٹائرمنٹ کااعلان کردیا، پی سی بی کے مطابق محمد عامر موجودہ دور کے بہترین ٹیسٹ باؤلر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فاسٹ باؤ لر محمد عامر نے کرکٹ کے روایتی فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے تاہم وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔

    اس موقع پر محمد عامر کا کہنا تھا کہ روایتی ٹیسٹ فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزازتھا،ٹیسٹ کرکٹ سےریٹائرمنٹ کافیصلہ آسان نہیں تھا۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ میچز اور آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020 میں شرکت کے لیے اپنی فارم اور فٹنس برقرارکھنے کی کوشش کروں گا، پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اپنے سینے پر گولڈن اسٹار لوگو لگانے کا موقع دیا۔

    محمدعامرنے36ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جن میں انہوں نے 119وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ایم ڈی پاکستان کرکٹ بور ڈ کا کہنا ہے کہ عامرکاشمارموجودہ دورکےبہترین ٹیسٹ بولرزمیں ہوتاہے۔

    واضح رہے کہ محمد عامر نے جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے 36 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں 119 وکٹیں حاصل کیں۔

    محمد عامر نے پانچ سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد 22 ٹیسٹ میچز کھیلے، پابندی سے قبل انہوں نے 14 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ۔

  • ورلڈ کپ اسکواڈ میں آصف علی اور محمد عامر کو شامل کرنے  کا فیصلہ

    ورلڈ کپ اسکواڈ میں آصف علی اور محمد عامر کو شامل کرنے کا فیصلہ

    لاہور : ورلڈ کپ اسکواڈ میں آصف علی اور محمد عامر کی شمولیت کا فیصلہ کرلیا گیا ، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے مشاورت مکمل کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کی ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے مشاورت مکمل ہوگئی ہے، سلیکٹرز نے جارح مزاج بلے باز آصف علی اور تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل فہیم اشرف اور اوپننگ بلے باز عابد علی کی جگہ محمد عامر اور آصف علی 15 رکنی ٹیم ورلڈکپ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

    فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 27سال کے آصف علی نے ساﺅتھیمپٹن کے دوسرے ون ڈے میں 36گیندوں پر 51اور برسٹل کے تیسرے ون ڈے میں 43گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر ورلڈ کپ اسکواڈ میں اپنی سیٹ کنفرم کروالی ہے۔

    دوسری جانب اس سال 13اپریل کو اپنی 27ویں سالگرہ منانے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عامر جو چیچک کے باعث ان دنوں قومی ٹیم سے علیحدہ کر دیے گئے ہیں لندن میں زیر علاج ہیں۔

    51ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 32.85 کی اوسط سے 60 وکٹیں لینے والے محمد عامر جو آخری 14بین الاقوامی میچوں میں محض پانچ وکٹیں ہی لے سکے تھے، انگلینڈ کے خلاف آخری دو ون ڈے میچز یا ورلڈ کپ ورام اپ میچز میں کھیلے بنا ہی براہ راست میگا ایونٹ میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ انگلینڈ میں 30مئی سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لئے شریک ٹیموں نے اپنے اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی ہے۔

    البتہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے ایک ہفتے قبل تک ٹیموں کے پاس اختیار ہے کہ وہ اپنی مرضی سے ٹیم میں رد و بدل کرسکتے ہیں جبکہ 23مئی کے بعد ٹورنامنٹ کمیٹی اسکواڈ میں میڈیکل یا کسی اور بنیاد پر اسکواڈ میں تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔

    خیال رہے ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30مئی سے ہوگا، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ
    پاکستانی ٹیم اپناپہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گی۔

    پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 16 جون کو ہوگا، ورلڈکپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

  • محمد عامر کی عدم شمولیت، سلیکشن کمیٹی پر سوال اٹھ گئے

    محمد عامر کی عدم شمولیت، سلیکشن کمیٹی پر سوال اٹھ گئے

    لاہور: اسٹار فاسٹ بولر محمد عامر کی عالمی کپ کی ابتدائی ٹیم کا حصہ نہیں بننے پر سوالات کھڑے ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق آج چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ‌ کپ کے لیے ابتدائی پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے، جس میں‌ محمد عامر شامل نہیں.

    بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی عامر کے مداح ہیں

    ٹیم کا اعلان ہوتے ہی سلیکشن کمیٹی پر تنقید شروع ہوگئی، تجزیہ کاروں کی جانب سے جہاں سوالات اٹھائے گئے، وہیں‌ سوشل میڈیا پر بھی تنقید جاری ہے.

    یاد رہے کہ پاکستان کو چیمپینز ٹرافی جتوانے میں اسٹار فاسٹ بولر نے کلیدی کردار ادا کیا تھا اور اوپر نیچے تین وکٹیں لے کر جیت کی راہ ہموار کی.

    البتہ یوں لگتا ہے کہ سلیکٹرزاور ٹیم منیجمنٹ عامر کی چیمپینز ٹرافی فائنل کی میچ وننگ بولنگ بھول گئے، خیال رہے کہ ورلڈ‌ کپ کا میگا ایونٹ‌ اسی سرزمین پر ہوگا، جہاں پاکستان نے چیمپینز ٹرافی اپنے نام کی تھی.

    عامر پر 19 سالہ حسنین کو فوقیت دی گئی ہے، جن کے لئے خود کوچ نے کہا تھا کہ وہ فٹ نہیں اور فیلڈنگ میں بھی کمزور ہیں.

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا

    خیال رہے کہ محمد عامر کے لئے عظیم بلے باز ویرات کوہلی نے کہا کہ وہ دنیا کے سب سے خطرناک بالر ہیں.

    محمد عامر کو انگلینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، ورلڈ‌ کپ کی ٹیم کا حصہ بننے کےلیے انھیں‌خود منوانا پڑے گا.

  • فاسٹ باؤلر محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ ادا

    فاسٹ باؤلر محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ ادا

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ گجرخان جنگہ بھنگیال میں ادا کردی گئی۔

    محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ اے آروائی نیٹ ورک محمدعامراور خاندان کے دکھ میں شریک ہے۔

    محمد عامر کی والدہ انتقال کرگئیں

    فاسٹ باؤلر محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پریہ خبر دی کہ ان کی والدہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں اور خالق حقیقی سے جا ملیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور دیگرشخصیات نے محمد عامر سے دکھ کا اظہار کیا اور ان کے لیے صبرکی دعا کی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صبرعطا فرمائے اور آپ کی امی کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز محمد عامر نے اپنے مداحوں سے والدہ کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی تھی۔

  • قومی کرکٹر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی محمد عامر کی والدہ انتقال کرگئیں

    قومی کرکٹر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی محمد عامر کی والدہ انتقال کرگئیں

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی محمد عامر کی والدہ رضائے الہٰی سے انتقال کرگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظہبی میں پی ایس ایل فور کے لیے شارجہ جانے والے محمد عامر نے کچھ دیر قبل اپنی والدہ کی تشویشناک حالت کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا اور مداحوں سے دعا کی اپیل بھی کی تھی۔

    کراچی کنگز کی انتظامیہ نے محمد عامر کو فوری طور پر وطن واپس جانے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد وہ ابوظہبی سے پاکستان آنے والی پہلی فلائٹ کے منتظر تھے۔

    محمد عامر نے کچھ دیر قبل افسوسناک خبر سنائی کہ اُن کی والدہ دنیائے فانی سے کوچ کرگئیں۔ فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ’پیاری امی اب ہم میں نہیں رہیں‘۔

    قومی کرکٹر کی والدہ کے انتقال پر اُن کے ساتھیوں اور مداحوں نے افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کی مغفرت کے ساتھ بلند درجات کی دعا بھی کی۔

    محمدعامر کی وطن واپسی کے بعد تدفین اور نماز جنازہ کا اعلان کیا جائے گا۔

  • محمد عامر کی زندگی کے چھپے راز سامنے آگئے

    محمد عامر کی زندگی کے چھپے راز سامنے آگئے

    کراچی: فاسٹ بولر محمد عامر کے بارے میں کچھ ایسے حقائق سامنے آگئے جن سے مداح اب تک لاعلم تھے۔

    تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر محمد عامر نے ای ایس پی این کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف سوالات کے جوابات دئیے، جن میں عامر کی پسند نہ پاسند سب چیزوں کا پوچھا گیا۔

    فاسٹ بولر محمد عامر سے جب سوال کیا گیا کہ کرکٹ کے علاوہ دیگر اسپورٹس میں ان کا پسندیدہ کھلاڑی کون ہے، عامر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ فٹبالر سرگیو اگائرو۔

    عامر سے جب یہ پوچھا گیا کہ کرکٹ کے علاوہ کون سی ٹرافی جیتنا چاہیں گے تو انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی جیتنا چاہتا ہوں۔

    محمد عامر سے پوچھا گیا کہ اگر ان کی زندگی پر فلم بنائی جائے تو وہ کس اداکار کو مرکزی کردار میں دیکھنا چاہیں گے تو عامر نے جواب دیا گیا شاہد کپور اچھا کردار ادا کرسکتے ہیں۔

    فاسٹ بولر سے پوچھا گیا کہ کون سا ریکارڈ ایسا ہے آپ کا جو آپ کو پسند ہے، محمد عامر کا کہنا تھا کہ ان کے پاس تینوں فارمیٹ کی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کا ریکارڈ موجود ہے۔

    عامر سے پوچھا گیا کہ ماضی اور حال میں کون سا ایسا بیٹسمین ہے جس کو آؤٹ کرنا مشکل لگتا ہے، عامر نے کہا کہ اسٹیون اسمتھ اور برائن لارا۔

    لیفٹ آرم فاسٹ بولر سے جب یہ پوچھا گیا کہ وہ فارغ وقت کس طرح گزارتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ فلمیں دیکھ کر جب وہ ہوٹل میں ہوتے ہیں۔

    محمد عامر کو کس کھلاڑی کا ہیئر اسٹائل پسند ہے اس پر محمد عامر نے کہا ہے ویسے تو انہیں اپنا ہیئر اسٹائل پسند ہے لیکن شاہد آفریدی کا ہیئر اسٹائل بہت اچھا ہے۔

    کرکٹ کی تاریخ میں کون سے کھلاڑی کو گیند کرانا پسند کرتے جس پر انہوں نے کہا کہ برائن لارا کیونکہ جب وہ برائن لارا کی ویڈیو دیکھتے ہیں تو انہیں لگتا ہے کہ وہ صحرا کے سب سے مشکل بلے باز ہیں۔

    محمد عامر کون سا کام سب سے زیادہ بورنگ لگتا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ ڈیڈلفٹس بورنگ ہے۔

    جب عامر سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں دوبارہ پیدا ہونے کا موقع ملے تو وہ کس شخص کا انتخاب کریں گے تو ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر۔
    محمد عامر نے حالیہ فلموں میں دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی مشہور فلم پدومات دیکھی ہے۔

    عامر کو پوری دنیا کے کھیل کے میدانوں میں ایڈیلیڈ اوول کا گراؤنڈ پسند ہے کیونکہ اس سے کافی یادیں وابستہ ہیں۔

    محمد عامر نے سوال کیا گیا کہ کون سا ایسا رول ہے جو کرکٹ سے ختم کرنا چاہیں گے تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ نوبال پر فری ہٹ ختم ہوجائے۔

    عامر کو والد بننا زیادہ مشکل لگتا ہے یا کوہلی کو بولنگ کرنا تو عامر نے جواب دیا کہ بچوں کے والد بننا کیونکہ بہت ساری ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔

    عامر کو کراچی کنگز میں موجود ونڈیز کے سیمنز پسند ہیں اور ان کا جی چاہتا ہے کہ ان کے ساتھ طرح طرح کے مذاق کریں۔

    مداحوں کے بارے میں بتائیں پاکستانی اور دنیا بھر سے مداح کیسے ہیں، عامر کا کہنا تھا کہ پاکستانی مداح کریزی ہیں کرکٹ کے بارے میں ان کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا۔

    پاکستانی جذبہ کے حوالے سے محمد عامر نے کہا کہ پاکستانی جذبہ ایسا ہے کہ اس کی خاطر آپ اپنی زندگی قربان کرسکتے ہیں کیونکہ جب تک یہ جذبہ ہے ہم پاکستانی کہلاتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ڈبلن ٹیسٹ چوتھا روز: آئرلینڈ نےدوسری اننگزمیں7وکٹ پر319رنزبنالیے

    ڈبلن ٹیسٹ چوتھا روز: آئرلینڈ نےدوسری اننگزمیں7وکٹ پر319رنزبنالیے

    ڈبلن ٹیسٹ: پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان جاری ڈبلن ٹیسٹ میں کیون اوبرائن کی شاندار سنچری کی بدولت آئرلینڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنالیے، محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ میں سو وکٹیں مکمل کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ میں کیون اوبرائن کی شاندار سنچری کی بدولت آئرلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 319 رنز بناکر 139 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔

    قبل ازیں چوتھے روز آئرلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 64 رنز پر اننگز کا آغاز کیا تو جوائس 43 رنز بنا کر رنز آؤٹ ہوگئے، آئرلینڈ کی دوسری وکٹ 69 رنز پر گری جب بلبرائن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، انہیں محمد عباس نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

    تیسرے آؤٹ ہونے والے نیل اوبرائن تھے انہوں نے 18 رنز بنائے انہیں محمد عامر نے کلین بولڈ کیا، اسٹرلنگ کو محمد عباس نے 11 رنز پر آؤٹ کرکے پویلین روانہ کیا۔

    ولسن کو 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ٹھامپسن نے نے 53 رنز کی اننگز کھیلی انہیں لیگ اسپنر شاداب خان نے بولڈ کیا، چوتھے روز کھیل کے اختتام پر کیون اوبرائن 118 رنز کے ساتھ پر کریز پر موجود ہیں جبکہ کین نے 8 رنز بنائے ہیں، پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین، محمد عباس نے دو اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی، راحت علی اور فہیم اشرف کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔

    محمد عامر 31 ٹیسٹ میچ میں 100 وکٹیں حاصل کرلی، وہ وسیم اکرم کے بعد بائیں ہاتھ سے گیند کرکے 100 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے پاکستانی بالر بن گئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی کنگز کی کپتانی آج محمد عامر کریں گے

    کراچی کنگز کی کپتانی آج محمد عامر کریں گے

    لاہور: پاکستان سپر لیگ 2018 کے دوسرے ایلی منیٹر میچ میں کراچی کنگز کی قیادت آج فاسٹ باؤلر محمد عامر کریں گے۔ شاہد آفریدی اور کپتان عماد وسیم انجری کے سبب ٹیم کا حصہ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کی ٹیم کے مالک سلمان اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ آج کے میچ میں شاہد آفریدی اور عماد وسیم انجری کے سبب ٹیم کا حصہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آج میچ میں محمد عامر کراچی کنگز کے کپتان ہوں گے۔

    سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی اور عماد وسیم کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

    یاد رہے کہ لیگ کے دوسرے ایلی منیٹر میچ میں آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی مدمقابل ہیں۔ میچ شام 7 بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    جیتنے والی ٹیم 25 مارچ کو کراچی میں لیگ کے فائنل میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم سے ٹکرائے گی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پہلے ہی فائنل تک رسائی حاصل کرچکی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔